Tag: ایشیا

  • ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں منفی رجحان

    ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں منفی رجحان

    ٹوکیو: ایشیا کی اسٹاک مارکیٹ میں منفی رجحان دیکھا جارہا ہے جبکہ خام تیل کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں منفی رجحان دیکھا جارہا ہے، ٹوکیو کے نکئی انڈیکس میں 74 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔

    ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ انڈیکس میں بھی 347 پوائنٹس گر گئے جبکہ چین کے شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس میں بھی 15 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔

    دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت بھی 42 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی۔

    گزشتہ ماہ کے آغاز میں خام تیل کی قیمت میں 1.79 ڈالر فی بیرل اضافہ ہوا تھا جس کے بعد خام تیل کی قیمت 40.28 ڈالر فی بیرل ہوگئی تھی۔

    اس دوران خام تیل کی بلند ترین قدر 40.75 جبکہ کم ترین 37.52 ڈالر فی بیرل رہی تھی۔

    رواں برس کے آغاز پر کرونا وائرس کے لاک ڈاؤن کی وجہ سے تیل کی طلب، رسد سے کم ہوگئی جس کے بعد تیل کی قیمت منفی میں چلی گئی تھی تاہم اس کے بعد تیل کی قیمت میں اتار چڑھاؤ دیکھا جاتا رہا۔

  • زلفی بخاری ایشیا کے خوش لباس مردوں کی فہرست میں شامل

    زلفی بخاری ایشیا کے خوش لباس مردوں کی فہرست میں شامل

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری جنوبی ایشیا کے 5 بہترین خوش لباس مردوں کی فہرست میں شامل ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایشین اسٹائل میگزین نے 5 بہترین خوش لباس مردوں کی فہرست جاری کر دی، فہرست میں وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری بھی شامل ہیں۔

    فہرست میں معروف پاکستانی اداکار فواد خان بھی موجود ہیں جبکہ بھارت سے اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی اور بالی ووڈ اسٹار رنویر سنگھ شامل ہیں۔

    میگزین کے مطابق زلفی بخاری نے مشرقی و مغربی لباس کے پہناووں کو خوبصورتی سے استعمال کیا، انہوں نے اٹالین سوٹس اور روایتی لباس کے کمبی نیشن کو بھی استعمال کیا۔

    میگزین نے کہا کہ زلفی بخاری کی بدولت پاکستانی سیاستدانوں کا نیا رخ دیکھنے کو ملا کہ سب ایک جیسا لباس نہیں پہنتے، زلفی بخاری فیشن اسٹائل سے نوجوانوں کے لیے آئیکون بنتے جا رہے ہیں۔

  • کیا شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن انتقال کر گئے؟

    کیا شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن انتقال کر گئے؟

    پیانگ یانگ: کیا شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن انتقال کر گئے؟ یا وہ کوما میں چلے گئے ہیں؟ اس حوالے سے غیر ملکی میڈیا میں مختلف افواہیں زیر گردش ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چین اور جاپانی میڈیا کے رپورٹرز شمالی کوریا کے ڈکٹیٹر کم جونگ اُن کی زندگی سے متعلق مختلف دعوے کر رہے ہیں، چینی جرنلسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ کم جونگ مر چکے ہیں جب کہ ایک جاپانی رپورٹ کہتی ہے کہ وہ کوما میں ہیں۔

    دوسری طرف ان کی نجی ریل گاڑی کی سیٹلائٹ تصاویر بتاتی ہیں کہ کم جونگ اُن نے رواں ہفتے اپنے ہولیڈے ہوم کا دورہ کیا، ادھر ایشیا کے میڈیا اداروں میں یہ مضبوط افواہ پھیلی ہوئی ہے کہ وہ اب نہیں رہے۔

    شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی صحت سے متعلق امریکی میڈیا کا بڑا دعویٰ

    ہانگ کانگ سیٹلائٹ ٹیلی وژن کے نائب ڈائریکٹر شیجیان شنگزو نے دعویٰ کیا ہے کہ انھیں ایک ‘نہایت مضبوط ذریعے’ نے بتایا ہے کہ 36 سالہ نارتھ کورین ڈکٹیٹر مر چکے ہیں۔ واضح رہے کہ شیجیان شنگزو ایک چینی وزیر خارجہ کی بھتیجی ہیں، اور چینی سوشل میڈیا پر ان کے فالوورز کی تعداد 15 ملین ہے۔

    اس کے برعکس جاپانی میڈیا ادارہ دعویٰ کر رہا ہے کہ کِم رواں مہینے کے آغاز میں دل کا آپریشن کرنے کے بعد کوما میں جا چکے ہیں، ایک اور نیوز ویب سائٹ کی سیٹلائٹ تصاویر کے مطابق جمعرات کو کم جونگ کے وانسن ہولیڈے کمپاؤنڈ کے قریب ایک ڈھائی سو میٹر لمبے ٹرین کو دیکھا گیا ہے، تاہم شمالی کوریا کے سربراہ اس وقت کہاں ہیں، اس کی کوئی مصدقہ اطلاع نہیں ہے۔

    شمالی کوریا کی سرکاری میڈیا کے مطابق کِم دو ہفتے قبل آخری مرتبہ دیکھنے میں آئے تھے، جب انھوں نے صاحب اقتدار ورکرز پارٹی کمیٹی کے پالیسی سازوں کی میٹنگ کی صدارت کی تھی، جاپانی میڈیا کے مطابق چین نے کم جونگ کی صحت سے متعلق مشاورت کے لیے ایک طبی ٹیم بھی بھیجی ہوئی ہے، چینی ڈاکٹروں اور عہدیداروں کا یہ سفر کم جونگ کی صحت سے متعلق متضاد اطلاعات کے درمیان آیا ہے۔

    جاپانی میڈیا نے ایک چینی ڈاکٹر کے حوالے سے دعویٰ ہے کہ کم جونگ اُن کے دل کی سرجری بہت معمولی تھی لیکن اس پروسیجر کے دوران ان کی حالت بگڑ گئی، اور وہ اس وقت کوما میں ہیں۔ میڈیا کا دعویٰ ہے کہ شمالی کوریا کے سربراہ اپنے ہالیڈے ہوم پہنچے تو انھیں اچانک سینے میں درد اٹھا، اور وہ سینہ پکڑ کر گر گئے، جس پر انھیں فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا۔

  • خام تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی

    خام تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی

    نیویارک: برینٹ خام تیل اور امریکی خام تیل کی قیمتوں میں شدید کمی دیکھی گئی ہے، امریکی خام تیل کی قیمت 30 ڈالر 34 سینٹس فی بیرل ہوگئی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ایشیائی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں زبردست کمی دیکھی گئی ہے، برینٹ خام تیل کی قیمت میں 2 ڈالر 80 سینٹس کی کمی واقع ہوئی جس کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت 31 ڈالر 4 سینٹس فی بیرل ہوگئی۔

    امریکی خام تیل کی قیمت میں 1 ڈالر 78 سینٹس کی کمی جس کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت 30 ڈالر 34 سینٹس فی بیرل ہوگئی۔

    گزشتہ ہفتے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں 29 سال کی ریکارڈ کمی ہوئی تھی، امریکی خام تیل کی قیمت 30 فیصد کمی کے بعد 29 ڈالر 88 سینٹ فی بیرل پر آگئی تھی۔

    عالمی منڈی میں خام تیل کی یہ قیمتیں 1991 کی خلیجی جنگ کے بعد 29 سال کی کم ترین سطح پر آئی تھیں۔

    امریکی خام تیل کی قیمت میں 11 ڈالر 374 سینٹس کی کمی ہوئی جس کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت 29 ڈالر 88 سینٹ فی بیرل ہوگئی تھی۔

  • یورپی اسٹاک مارکیٹس میں تیزی، ایشیا میں مندی کا رجحان

    یورپی اسٹاک مارکیٹس میں تیزی، ایشیا میں مندی کا رجحان

    لندن / پیرس / بیجنگ: برطانوی و یورپی اسٹاک مارکیٹس میں معمولی تیزی دیکھی جارہی ہے جبکہ ایشیائی اسٹاک مارکیٹس بدستور گراوٹ کا شکار ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ کے مرکزی بینک کی جانب سے شرح سود میں نمایاں کمی دیکھی جارہی ہے۔ برطانوی اسٹاک مارکیٹ میں کمی کے بعد 85 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی۔

    دوسری جانب یورپی حصص بازاروں میں بھی کاروبار کے آغاز پر تیزی دیکھی گئی، جرمن اسٹاک مارکیٹ میں 203 پوائنٹس کی تیزی اور فرانسیسی اسٹاک مارکیٹ میں 92 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔

    ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں کاروبار بدستور زوال پذیر ہے اور کاروبار کا اختتام ریڈ زون میں ہورہا ہے۔ جاپانی اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر 451 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔

    چینی اسٹاک مارکیٹ بھی مندی کا شکار رہی جبکہ ہانگ کانگ اسٹاک مارکیٹ میں 217 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔

    گزشتہ روز سعودی شیئرز مارکیٹ میں بھی ریکارڈ کمی دیکھی گئی تھی جس کے بعد سعودی شیئرز کی قدر میں 8.3 فیصد کمی واقع ہوئی۔ شیئرز کا لین دین 7.15 ارب ریال کا رہا، یہ ستمبر 2019 کے بعد سے کیش میں شیئرز کے لین دین کی سب سے بڑی شرح ہے۔

    خلیجی شیئرز مارکیٹ بھی گراوٹ کا شکار ہے، کویت اسٹاک ایکسچینج میں 10 فیصد، دبئی میں 7.9 فیصد اور ابو ظہبی مارکیٹ میں 5.4 فیصد کی کمی ریکارڈ ہوئی۔

  • پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح میں رواں مالی سال استحکام نظر آئے گا: ایشیائی ترقیاتی بینک

    پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح میں رواں مالی سال استحکام نظر آئے گا: ایشیائی ترقیاتی بینک

    اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح میں رواں مالی سال استحکام نظر آئے گا تاہم مجموعی طور پر ایشیا میں مہنگائی میں اضافہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے ایشین ڈیولپمنٹ آؤٹ لک سپلیمنٹ جاری کردی۔ ایشیائی ڈیولپمنٹ بینک نے ایشیا کی معاشی ترقی میں کمی کی پیشگوئی کردی۔

    آؤٹ لک سپلیمنٹ کے مطابق ڈیولپنگ ایشیا میں ترقی کی شرح 5.2 فیصد رہے گی۔ رواں سال چین کی معاشی شرح نمو 6.1 فیصد رہے گی۔

    ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح میں رواں مالی سال استحکام نظر آئے گا۔ مجموعی طور پر ایشیا میں مہنگائی میں اضافہ ہوگا۔

    رپورٹ کے مطابق ڈیویلپنگ ایشیا میں افراط زر کی شرح رواں سال 2.8 فیصد رہے گی۔ پاکستان میں رواں سال کے پہلے 3 ماہ میں افراط زر کی شرح اوسطاً 10 فیصد رہی۔

    اس سے قبل عالمی ریٹنگز ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کرتے ہوئے آؤٹ لک کو منفی سے مستحکم کر دیا تھا، موڈیزنے پاکستان کی ریٹنگ بی تھری پر برقرار رکھی تھی تاہم پہلے مستقبل یعنی آؤٹ لک منفی تھا۔

    موڈیز کا کہنا تھا کہ اگرچہ زرمبادلہ کے ذخائر اب بھی کم ہیں اور انہیں بہتر ہونے میں وقت لگے گا مگر پالیسی ایڈجسٹمنٹ اور آزادانہ شرح مبادلہ سے ادائیگیوں کے توازن کی بہتری میں مدد ملے گی۔

  • ایشیا میں غربت میں کمی واقع ہورہی ہے: ایشیائی ترقیاتی بینک

    ایشیا میں غربت میں کمی واقع ہورہی ہے: ایشیائی ترقیاتی بینک

    ماندالویونگ، فلپائن: ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ ایشیا میں سنہ 2002 میں اب تک غربت میں کمی واقع ہوئی ہے، پائیدار ترقیاتی اہداف کے لیے ایشیا کی ترقی متاثر کن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے ایشیا پیسیفک پر رپورٹ جاری کردی، رپورٹ کے مطابق ایشیا میں سنہ 2002 میں 1 ارب 1 کروڑ افراد غربت سے نیچے زندگی گزار رہے تھے، تاہم اب ایشیا میں سنہ 2015 میں ان افراد کی تعداد کم ہو کر 26 کروڑ 40 لاکھ ہوگئی۔

    ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا تھا کہ دنیا کی مجموعی برآمدات سے حاصل آمدنی میں ایشیا کا حصہ 30 فیصد ہوگیا۔ برآمدات سے حاصل آمدنی میں اضافہ 2000 تا 2018 کی مدت کے دوران ہوا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ پائیدار ترقیاتی اہداف (سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ گولز) کے لیے ایشیا کی ترقی متاثر کن ہے۔

  • پاک افغان چین سہ فریقی اجلاس ہفتے کے روز اسلام آباد میں ہوگا

    پاک افغان چین سہ فریقی اجلاس ہفتے کے روز اسلام آباد میں ہوگا

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت عالمی سفارتی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا، پاک افغان چین سہ فریقی اجلاس ہفتے کے روز اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی اور افغان وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی پاک افغان چین سہ فریقی اجلاس کے سلسلے میں پاکستان آئیں گے، یہ اہم ترین اسلام آباد میں منعقد ہوگا، پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کریں گے۔

    ذرایع نے بتایا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہ داری کی افغانستان تک توسیع اس اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔

    یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں افغان امن اور مفاہمتی عمل پر سہ فریقی مشاورت کی جائے گی، افغان مفاہمتی عمل پر اب تک کی پیش رفت کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاک افغان تعلقات پر پروپیگنڈا یا منفی تاثرپھیلانےنہیں دیں گے، شاہ محمود قریشی

    اطلاعات ہیں کہ افغانستان میں ترقیاتی عمل میں پاکستان اور چین کے کردار پر بھی بات چیت ہوگی۔

    ادھر متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زاید بن سلطان النہیان کل پاکستان کے دورے پر پہنچیں گے، وہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

    یاد رہے کہ افغانستان میں امن کے قیام اور دونوں ممالک کے مابین عدم اعتماد کی فضا ختم کرنے کے لیے جون میں مری بھوربن میں پہلی افغان امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں پاک افغان تعلقات پر پروپیگنڈا یا منفی تاثر پھیلانے کے حوالے سے معاملات دیکھے گئے۔

    اپریل میں وزیر خارجہ شاہ محمود نے بیجنگ میں چین کے وزیر خارجہ مسٹر وانگ ژی سے ملاقات کی تھی، اس ملاقات میں پاک چین تعلقات، سی پیک، خطے کی سیکورٹی سمیت افغان امن عمل پر بھی بات چیت ہوئی تھی۔

  • پاکستان ایشیا میں انسانی حقوق کمیشن کا مستقل رکن منتخب

    پاکستان ایشیا میں انسانی حقوق کمیشن کا مستقل رکن منتخب

    اسلام آباد: بین الاقوامی اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس میں پاکستان کو ایشیا میں انسانی حقوق کمیشن کا مستقل رکن منتخب کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق او آئی سی پلیٹ فارم پر بھارتی ایجنڈا مکمل طور پر ناکام ہو گیا، پاکستان کو او آئی سی اجلاس میں جنوبی ایشیا میں انسانی حقوق کمیشن کا مستقل رکن منتخب کر لیا گیا۔

    بین الاقوامی تنظیم نے بھارت کے خلاف قرارداد پاس کرتے ہوئے کہا کہ وہ خطے میں دھمکیوں اور طاقت کا استعمال بند کر دے۔

    او آئی سی نے جنوبی ایشیا میں امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ہونا ناگزیر قرار دیا، ایک قرارداد کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی کی حالیہ لہر کی شدید مذمت کی گئی۔

    اجلاس میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ مسئلہ کشمیر پر موجود اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعمل درآمد کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

    یہ بھی پڑھی:  او آئی سی محاذ پر بھارت کو بڑی شکست، مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، قرارداد پاس

    او آئی سی نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارتی فوج کے مظالم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مظلوم کشمیری عوام کی حمایت کا بھی اعادہ کیا، جس کے بعد او آئی سی کی سطح پر بھارت کی طرف سے چلنے والی چال بھی ناکام ہو گئی۔

    خیال رہے کہ او آئی سی اجلاس میں بھارت کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی تھی جس پر پاکستان نے تنظیم سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ بھارت کو نہ بلائے، بھارت کو دعوت کے سبب پاکستان نے او آئی سی اجلاس میں شرکت نہیں کی۔

  • بھارت نے سارک تنظیم کو یرغمال بنا رکھا ہے: سیکریٹری خارجہ

    بھارت نے سارک تنظیم کو یرغمال بنا رکھا ہے: سیکریٹری خارجہ

    اسلام آباد: سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کا کہنا ہے کہ بھارت نے سارک تنظیم کو یرغمال بنا رکھا ہے، بھارت سارک سربراہی اجلاس کے راستے میں رکاوٹ ہے۔ افغانستان کے مسئلے کا حل بھی لازمی ہے، افغانستان میں داعش کی موجودگی مستقل خطرہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ’جنوبی ایشیا میں تنازعات اور تعاون میں اہم طاقتوں کا کردار‘ پر عالمی کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے خطاب کیا۔

    اپنے خطاب میں سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے سارک تنظیم کو یرغمال بنا رکھا ہے، بھارت سارک سربراہی اجلاس کے راستے میں رکاوٹ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام اہم طاقتوں سے رابطے میں ہے، پاکستان اور چین کے تعلقات ایک مثال ہیں۔ وزیر اعظم کے دورے سے تعلقات کو نئی جہت ملی ہے۔

    تہمینہ جنجوعہ کا کہنا تھا کہ افغانستان کے مسئلے کا حل بھی لازمی ہے، افغانستان میں داعش کی موجودگی مستقل خطرہ ہے۔ افغان حکومت اور طالبان میں مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے بھارت کے ایک قدم کے جواب میں دو قدم کی بات کی، وزیر اعظم نے اپنے خط میں مذاکرات بحالی کی تجویز دی۔ پاک بھارت وزرائے خارجہ کی نیویارک میں ملاقات بھارت نے منسوخ کی۔

    سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔ بھارت غیر رسمی ہتھیاروں کو فروغ دے رہا ہے۔

    یاد رہے کہ پاکستان کی جانب سے سکھوں کے تاریخی و مذہبی مقام کرتار پور بارڈر کھولنے اور فراغ دلی کا مظاہرہ کرنے پر بھی بھارت اپنی نفرت انگیز روش سے باز نہ آیا تھا، بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے سارک کانفرنس میں شرکت سے انکار کردیا تھا۔

    سشما سوراج نے کہا تھا کہ کرتار پور راہداری کھولنے کا مطلب یہ نہیں کہ پاکستان سے مذاکرات کریں گے۔

    اس سے قبل پاکستان نے سارک کانفرنس میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو مدعو کرنے کا اعلان کیا تھا۔