Tag: ایشین گیمز

  • اولمپکس کے بعد کرکٹ ایشین گیمز میں بھی شامل

    اولمپکس کے بعد کرکٹ ایشین گیمز میں بھی شامل

    دنیا کا مقبول کھیلوں میں سے ایک کرکٹ کی اولمپکس کے بعد ایشین گیمز میں بھی دوبارہ واپسی ہو گئی ہے آئندہ برس میدان سجے گا۔

    کرکٹ کا شمار دنیا کے مقبول ترین کھیلوں میں کیا جاتا ہے اور کروڑوں کی تعداد میں اس کے مداح دنیا بھر میں موجود ہیں۔

    کرکٹ کو حال ہی میں لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں شامل کیا گیا ہے جس کے بعد اب اس کھیل کی ایشین اولمپک میں بھی واپسی ہو گئی ہے ور آئندہ برس 2026 میں ہونے والے ایشیائی کھیلوں میں کرکٹ کو بھی شامل کر لیا گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایشین اولمپک کونسل (اے او سی) اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے درمیان طویل مذاکرات کے بعد کرکٹ کو ایشین گیمز میں باضابطہ طور پر شامل کیا گیا ہے۔

    اگلے برس 20 ویں ایشین گیمز 19 ستمبر سے 4 اکتوبر تک جاپان کے شہر ناگویا میں منعقد ہوں گے جس میں مینز اور ویمنز کرکٹ ٹیمیں بھی حصہ لیں گی۔

    ایشین گیمز میں کرکٹ کی ٹاپ ٹیموں جن میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے ساتھ بنگلہ دیش اور سری لنکا کی شرکت متوقع ہے۔

    ایشین گیمز میں کرکٹ کی چار سال بعد واپسی ہو رہی ہے۔ اس سے قبل ایشین گیمز میں کرکٹ سال 2010، 2014 اور 2022 میں کھیلی گئی تھی۔

    واضح رہے کہ حال ہی میں انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی (او آئی سی) نے 128 سال بعد کرکٹ کو باقاعدہ طور پر اولمپکس میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں کرکٹ ٹی20 فارمیٹ میں کھیلی جائے گی، جس میں مینز اور ویمنز کے ایونٹس میں 6، 6 ٹیمیں ہوں گی۔ اولمپکس میں آئی سی سی رینکنگ میں ٹاپ کی 6 ٹیمیں کوالیفائی کریں گی۔

    https://urdu.arynews.tv/los-angeles-olympics-2028-cricket-matches-venues-announced/

  • ایشین گیمز میں بھارت  نے تاریخ رقم کر دی

    ایشین گیمز میں بھارت نے تاریخ رقم کر دی

    چین کے ہانگزو میں بھارتی خواتین کی کبڈی ٹیم نے سنسنی خیز فائنل میں چائنیز تائپے کو 26-25 سے شکست دے کر طلائی تمغہ جیت لیا۔

    اسی کے ساتھ بھارت  نے ایشین گیمز میں 100 تمغہ جیتنے کا ہندسہ عبور کر لیا، بھارت اب تک 25 طلائی، 35 سلور اور 41 گولڈ کے تمغے جیتے ہیں۔

    ایشین گیمز 2023 کا آج 14واں اور آخری دن ہے اور بھارت نے تمغوں کی سنچری مکمل کر لی ہے، تیر اندازی میں ادیتی گوپی چند نے خواتین کے کمپاؤنڈ مقابلے میں کانسی کا تمغہ جیتا، جب کہ جیوتی سریکھا نے سونے کا تمغہ جیتا۔

    اس کے بعد مینز کے کمپاؤنڈ ایونٹ کے فائنل میں اوجس اور ابھیشیک نے بالترتیب طلائی اور چاندی کا تمغہ جیتا۔

    ایشین گیمز کرکٹ: بارش کے باعث بھارتی ٹیم فاتح قرار

    بھارت نے خواتین کی کبڈی میں چائنیز تائپے کو شکست دے کر طلائی تمغہ جیتا، اس کے ساتھ ہی بھارت نے ایشیائی کھیلوں میں 100 تمغے مکمل کر لیے ہیں۔

    دریں اثنا بھارت نے مینز کرکٹ کے کرکٹ فائنل میں رینک کی وجہ سے گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔

    خیال رہے کہ بھارت نے ایشین گیمز میں 72 سالوں میں پہلی بار 100 تمغوں کا ہندسہ عبور کر کے تاریخ رقم کی ہے۔

    اس سے پہلے ایشیائی کھیلوں میں بھارت کی بہترین کارکردگی 2018 کے جکارتہ گیمز میں رہی تھی جب اس نے 20 طلائی اور مجموعی طور پر 70 تمغے حاصل کیے تھے۔

  • نیرج چوپڑا نے ایشین گیمز میں بھی طلائی تمغہ اپنے نام کرلیا

    نیرج چوپڑا نے ایشین گیمز میں بھی طلائی تمغہ اپنے نام کرلیا

    ایشین گیمز میں جیولن تھرو کے مقابلے میں نیرج چوپڑا نے گولڈ میڈل جیت لیا، ان کے ساتھی کھلاڑی کشور کمار جینا نے سلور میڈل پر قبضہ جمایا۔

    جیولن تھرو میں بھارتی اسٹار ایتھلیٹ نیرج کی سب سے بہترین کوشش 88.88 میٹر رہی جب کہ کشور 87.54 میٹر کی تھرو پھینکنے میں کامیاب رہے۔ ایک مرحلے پر ان ہی کے ملک سے تعلق رکھنے والے کشور کمار، نیرج سے آگے نکل گئے لیکن پھر گولڈ میڈلسٹ نے اپنی پوزیشن مستحکم کرلی۔

    جاپان کے ڈین راڈرک گینکی نے ایونٹ میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا جب کہ پاکستان کے یاسر محمد چوتھے نمبر پر رہے۔ نیرج چوپڑا نے اس سیزن کا اپنا بہترین تھرو بھی پھینکا، جب کہ کشور کمار جینا کا یہ اب تک کا سب سے بہترین تھرو تھا۔

    یہ پہلا موقع ہے جب بھارتی کھلاڑیوں نے جیولن تھرو ایونٹ میں اپنے ملک کے لیے گولڈ اور سلور دونوں تمغے حاصل کیے ہیں۔ خیال رہے کہ پاکستان کے معروف ایتھلیٹ ارشد ندیم ایونٹ سے دستبردار ہوگئے تھے۔

    1951 سے مینز جیولن تھرو ایشیائی کھیلوں کا حصہ رہا ہے۔ 72 سالوں میں پہلی بار ایسا ہوا ہے جب اس مقابلے میں بھارت کے ہی دو ایتھلیٹ نے گولڈ اور سلور میڈل جیتنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

    مجموع طور پر ایشین گیمز میں بھارت کے پاس جیولن تھرو مقابلے میں 5 میڈل ہو گئے ہیں۔اس سے قبل 1951 کے دہلی ایشین گیمز میں پرسا سنگھ نے سلور میڈل، 1982 کے دہلی ایشین گیمز میں گرتیج سنگھ نے برانز میڈل اور 2018 کے جکارتہ ایشین گیمز میں نیرج نے گولڈ میڈل جیتا تھا۔

  • ایشین گیمز اسکواش، پاکستان ٹیم نے فائنل میں جگہ بنالی

    ایشین گیمز اسکواش، پاکستان ٹیم نے فائنل میں جگہ بنالی

    ایشین گیمز میں قومی اسکواش ٹیم چھا گئی، پاکستان ٹیم نے ہانگ کانگ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔

    تفصیلات کے مطابق ایشین گیمز اسکواش کے مقابلوں میں ہانگ کانگ کو شکست دیکر پاکستان مینز ٹیم کے فائنل میں پہنچ گیا۔

    پاکستانی ٹیم نے اسکواش کے سیمی فائنل مقابلے میں ہانگ کانگ کو دو ایک سے ہرایا، پاکستان کی جانب سے ناصر اقبال اور نور زمان نے میچز جیتے جبکہ عاصم خان کو اپنے میچ میں ناکامی ہوئی۔

    نور زمان نے ہانگ کانگ کے چی ہن ہینری کو پہلے میچ میں تین ایک سے شکست دی، نور زمان کی جیت کا اسکور 10-12، 11-7، 6-11 اور 8-11 تھا۔

    دوسرے میچ میں عاصم خان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست ہوئی، عاصم خان دو ایک کی برتری کے بعد تین دو سے ناکام ہوئے۔

    فیصلہ کن میچ میں ناصر اقبال نے منگ ہونگ ٹینگ کو باآسانی زیر کیا، ناصر کی جیت کا اسکور 3 -11، 5-11اور 5-11 رہا۔

  • ایشین گیمز: پاکستان نے بالآخر بھارت کو شکست دے دی

    ایشین گیمز: پاکستان نے بالآخر بھارت کو شکست دے دی

    ایشین گیمز میں پاکستان نے بالآخر بھارت کو شکست دے دی۔ اسکواش میں بھارتی حریف کے خلاف قومی پلیئر نے فتح کا جھنڈا گاڑا۔

    تفصلات کے مطابق ایشین گیمز میں اسکواش کے ایونٹ میں پاکستان نے بھارت کوشکست دے دی۔ پاکستانی کھلاڑی زمان نور نے روایتی حریف کے خلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور 1-3 سے کامیابی حاصل کی۔

    موجودہ ایشین گیمز میں کسی بھی کھیل میں یہ پاکستان کی بھارت کے خلاف پہلی فتح ہے۔ ایشین گیمز میں پاکستان 24 کے قریب مقابلوں میں حصہ لے رہا ہے، گزشتہ دنوں قومی ہاکی ٹیم نے ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی۔

    چینی کے شہر ہانگزو میں جاری ایونٹ میں پاکستان نے اپنے دوسرے میچ میں بنگلادیش کو دو کے مقابلے میں پانچ گول سے پچھاڑا تھا۔

    واضح رہے کہ ایشین گیمز کے کرکٹ ایونٹ میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کارکردگی انتہائی ناقص رہی اور تیسری پوزیشن کے میچ میں بھی اسے بنگلہ دیش سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    بنگلہ دیشی ٹیم نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے ہراتے ہوئے کانسی کا تمغہ حاصل کر لیا۔ ایشین گیمز میں دو بار کی گولڈ میڈلسٹ ٹیم کی رواں ایونٹ میں کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی اور وہ کوئی بھی تمغہ حاصل نہ کر سکی۔

  • ایشین گیمز پاکستان 24 کھیلوں میں میڈلز کے لیے مقابلہ کرے گا

    ایشین گیمز پاکستان 24 کھیلوں میں میڈلز کے لیے مقابلہ کرے گا

    صدر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ایشین گیمز میں پاکستانی کھلاڑی 24 کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں، پاکستان کا262 رکنی وفد ایشین گیمز میں شرکت کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن عارف حسن کا ایشین گیمز سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے 262 رکنی وفد ایشین گیمز میں جائے گا۔ قومی پلیئرز 24 کھیلوں میں میڈلز کے لیے مقابلہ کریں گے۔

    عارف حسن نے کہا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ 164 کھلاڑیوں کو فنڈ کر رہا ہے۔ ایشین گیمز میں شرکت کے لیے کسی کو کوالیفائی نہیں کرنا پڑتا۔

    انھوں نے کہا کہ تمام ٹیمیں اپنے ایونٹس کے مطابق ایشین گیمزمیں شرکت کریں گی۔ ٹیم گیم پر اخراجات زیادہ ہوتے ہیں اس لیے کچھ ٹیمیں نہیں جارہیں۔

    صدرپاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے مزید بتایا کہ ایشین گیمز میں شرکت کے حوالے سے فیڈریشن کے عہدیداروں سے مشاورت کی ہے، انتظامات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

    عارف حسن نے کہا کہ ویٹ لفٹر کے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کا معاملہ انٹرنیشنل ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے پاس ہے۔ انٹرنیشنل ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کی انکوائری رپورٹ آنے پر ہم ایکشن لیں گے۔

  • فنڈز جاری نہ ہونے کے باعث پاکستان کو ایشین گیمز کی تیاریوں میں دشواری

    فنڈز جاری نہ ہونے کے باعث پاکستان کو ایشین گیمز کی تیاریوں میں دشواری

    پاکستان کو ایشین گیمز کی تیاریوں میں دشواری کا سامنا ہے، حکومت نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے فنڈز تاحال جاری نہ کیے۔

    تفصیلات کے مطابق آئندہ منعقد ہونے والے ایشین گیمز کے سلسلے میں پاکستان کو تیاریوں میں دشواری کا سامنا ہے، حکومت کی جانب سے اب تک پاکستان اسپورٹس بورڈ کو فنڈز جاری نہیں کیے گئے ہیں۔

    پی ایس بی نے ایشین گیمزکی تیاریوں کے لیے 200 ملین روپے طلب کیے ہیں، ایشین گیمز 23 ستمبر سے 8 اکتوبر تک چین میں منعقد ہوں گے۔

    پاکستان کا 222 رکنی دستہ ایشین گیمز کے 24 کھیلوں میں حصہ لے گا، ایشین گیمز میں شرکت کے لیے پاکستانی دستہ پہلے مرحلے میں 15 ستمبر کو روانہ ہوگا۔

    جونیئر اسکواش ورلڈ چیمپئن حمزہ خان کے ایک کروڑ روپے بھی فنڈز نہ ملنے پر جاری نہیں ہو سکے ہیں، حمزہ کے ٹائٹل کی ورلڈ اسکواش سے تصدیق بھی انعامی رقم ملنےمیں تاخیر کا باعث بنی۔

  • پاکستانی ایتھلیٹ نے ایشین گیمزکلاسک پاورلفٹنگ میں نیا ریکارڈ قائم کردیا

    پاکستانی ایتھلیٹ نے ایشین گیمزکلاسک پاورلفٹنگ میں نیا ریکارڈ قائم کردیا

    لاہور: پاکستانی ایتھلیٹ مصطفی فاران بیگ نے ایشین گیمز کلاسک پاور لفٹنگ میں مجموعی طور پر دو طلائی، ایک چاندی اورایک کانسی کا تمغہ جیت کر نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے ۔

    تفصیلات کے مطابق منگولیا میں منعقدہ ہونے والے ایشین گیمز میں ملک و قوم کا نام روشن کرنے والے نوجوان کھلاڑی مصطفی فاران بیگ نے ایشین گیمز کلاسک پاور لفٹنگ میں دو طلائی تمغے حاصل کیے اورڈیڈ لفٹ میں ایشین ریکارڈ قائم کر دیا۔

    منگولیا میں منعقد ہونے والی پاور لفٹنگ ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے مصطفی بیگ واحد پاکستانی کھلاڑی ہیں ۔ یہ جوان اپنے کوچ کے ساتھ تنہا اس مقابلے میں گیا اور ریکارڈ قائم کر آیا ۔

    یاد رہے کہ مقابلے میں بھارت کی جانب سے مختلف کیٹگریز میں 40 کھلاڑی ، چین کے 60 اورجاپان کے 30 کھلاڑیوں سمیت دیگر 37 ممالک کے کھلاڑیوں نے بھی حصہ لیا ہے لیکن پاور لفٹنگ ایشین گیمز میں شریک واحد پاکستانی کھلاڑی مصطفی بیگ نے ایشین ریکارڈ قائم کر دیا ۔

    مصطفی فاران بیگ نے ایشین گیمز کلاسک پاور لفٹنگ میں مجموعی طور پر دو طلائی ، ایک چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ جیت کر پہلا ایشین ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل ایشیین گیمز میں کراٹے کی کھلاڑی نرگس حمید کانسی کا تمغہ جیت کر وطن واپس آئیں تھیں۔ا س موقع پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا تھا ۔وہ پہلی خاتون کھلاڑی تھیں، جنھوں نے انفرادی کھیل میں‌ ایشیا کی سطح‌ پر پاکستان کے لیے میڈل حاصل کیا تھا۔

  • جاپان نے ایشین گیمز ہاکی ایونٹ میں گولڈ میڈل جیت لیا

    جاپان نے ایشین گیمز ہاکی ایونٹ میں گولڈ میڈل جیت لیا

    جکارتہ:‌ ایشین گیمز کے ہاکی ایونٹ میں‌ جاپان نے ملائیشیا  کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا.

    تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا میں‌ جاری 18 ویں ایشین گیمز کا فائنل ملائیشیا اور جاپان کے درمیان کھیلا گیا۔ اس سنسنی خیز مقابلے کا فیصلہ پینالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔

    دونوں ہی ٹیموں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ جاپان اورملائیشیا میں مقررہ وقت تک مقابلہ 6-6 گول سے برابر تھا۔

    البتہ جاپان نے پینالٹی شوٹ آؤٹ پر ملائیشیا کو 3-1 سے ہرا کر اولمپکس 2020 کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

    مزید پڑھیں: ایشین گیمز: بھارتی ہاکی ٹیم کانسی کا تمغہ لے اڑی، پاکستان خالی ہاتھ وطن لوٹنے پر مجبور

    واضح رہے کہ جاپان نے پاکستان کو شکست دے کر فائنل  میں کوالیفائی کیا تھا، جب ملائیشیا کی ٹیم بھارت کو شکست دے کر اس مرحلے میں پہنچی تھی۔

    یاد رہے کہ آج کانسی کے تمغے کے لیے روایتی حریف بھارت اور پاکستان مدمقابل آئے تھے۔ کانٹے دار مقابلے کے بعد بھارت دو ایک سے فاتح قرار پایا اور پاکستان کو ایک بار پھر خالی ہاتھ لوٹنا پڑا۔

  • ایشین گیمز: بھارتی ہاکی ٹیم کانسی کا تمغہ لے اڑی، پاکستان خالی ہاتھ وطن لوٹنے پر مجبور

    ایشین گیمز: بھارتی ہاکی ٹیم کانسی کا تمغہ لے اڑی، پاکستان خالی ہاتھ وطن لوٹنے پر مجبور

    جکارتہ: ایشین گیمز کے ہاکی ایونٹ میں‌ بھارت نے پاکستان کو شکست دے کر تمغے سے محروم کر دیا.

    تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا میں کھیلے جانے والے 18 ویں ایشین گیمز میں‌ شکست کے عفریت نے پاکستان کا پیچھا نہیں چھوڑا.

    تیسری پوزیشن کے میچ میں بھارت نے پاکستان کوہرا کر ایشین گیمز ہاکی ایونٹ میں کانسی کا میڈل اپنے نام کر لیا.

    بھارتی ٹیم نے پاکستان کے خلاف میچ 1-2 سے اپنے نام کیا، میچ کے آخری حصے میں پاکستان نے واپسی کی کوشش کی، جو نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئی.

    یاد رہے کہ ایشین گیمز ہاکی ایونٹ کے ابتدائی راؤنڈ میں پاکستان کی کارکردگی خاصی متاثر کن تھی، پاکستان لگاتار پانچ میچز جیتنے میں‌کامیاب رہا،  جس کے بعد امید کی جارہی تھی کہ پاکستانی ٹیم فائنل تک رسائی کر لے گی.

    مزید پڑھیں: ایشین گیمز ہاکی: سیمی فائنل میں پاکستان کو جاپان کے ہاتھوں شکست

    البتہ سیمی فائنل میں پاکستان کی خوش قسمتی کا سفر تمام ہوگیا، جہاں جاپان نے پاکستان کو ایک گول سے ہرا کر  گولڈ میڈل کی دوڑ سے باہر کر دیا، جاپان سے شکست کھا کر پاکستان نے اولمپکس میں براہِ راست کوالیفائی کرنے کا موقع بھی ضائع کر دیا.

    بھارت سے شکست کے بعد اب پاکستان کو خالی ہاتھ وطن لوٹنا پڑے گا.