Tag: ایشین گیمز 2018

  • ایشین گیمز ہاکی: سیمی فائنل میں پاکستان کو جاپان کے ہاتھوں شکست

    ایشین گیمز ہاکی: سیمی فائنل میں پاکستان کو جاپان کے ہاتھوں شکست

    جکارتہ: انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں منعقد ہونے والے ایشین گیمز ہاکی ایونٹ میں جاپان نے پاکستان کو ایک گول سے ہرا کر میڈل کی دوڑ سے باہر کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیم جاپان کا پہلے کوارٹر میں کیا گیا گول برابر نہ کر سکی، پاکستان کے خلاف جاپان کی 0-1 سے کام یابی پر بھارت کے بعد پاکستان بھی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گیا۔

    جاپان سے شکست کھا کر پاکستان نے اولمپکس میں براہِ راست کوالیفائی کرنے کا موقع ضائع کر دیا، ایشین گیمز میں گولڈ میڈل کی آخری امید بھی دم توڑ گئی۔

    خیال رہے کہ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت دو ایسی ٹیمیں تھیں جو اب تک اپنی زبردست کارکردگی کے باعث ناقابل شکست رہی تھیں، سیمی فائنل میں آ کر دونوں ٹیمیں مسلسل فتح کا ردھم کھو بیٹھیں۔

    ایشین گیمز ہاکی کا فائنل ملائیشیا اور جاپان کے درمیان ہوگا، دوسری طرف کانسی کے تمغے کے لیے مقابلہ سیمی فائنل تک ناقابل شکست رہنے والی ٹیموں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا۔


    یہ بھی پڑھیں:  ایشین گیمز: پاکستان ہاکی ٹیم کی لگاتار پانچویں فتح، بنگلادیش کو شکست


    مینجر ہاکی ٹیم کی بھارتی امپائر پر تنقید


    قومی ہاکی ٹیم کی شکست پر مینجر قومی ٹیم نے بھارتی امپائرز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سیمی فائنل میں بھارتی امپائرز نے جانب داری کا مظاہرہ کیا۔

    مینجر حسن سردار نے کہا ’ویڈیو دیکھ کر تھرڈ امپائر کی جانب سے غلطی کرنا سمجھ سے بالاتر ہے، فیلڈ امپائر کی جانب سے دیا گیا فیصلہ تھرڈ امپائر نے غلط طور پر تبدیل کیا۔‘

    منیجر قومی ہاکی ٹیم حسن سردار نے الزام لگایا کہ بھارتی امپائر کی جانب سے متعدد فیصلے ہمارے خلاف دیے گئے۔

  • ایشین گیمز 2018: ندیم ارشد نے ملک کے لیے کانسی کا تمغا جیت لیا

    ایشین گیمز 2018: ندیم ارشد نے ملک کے لیے کانسی کا تمغا جیت لیا

    جکارتہ: پاکستان نے ایشین گیمز 2018 میں ایک اور کانسی کا تمغا جیت لیا، اس بار خانیوال سے تعلق رکھنے والے ندیم ارشد نے نیزہ پھینکنے کے مقابلے میں تمغا اپنے نام کیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج نیزہ بازی کے مقابلوں میں پاکستان کے اکیس سالہ ایتھلیٹ ندیم ارشد نے نیزہ پھینک کر پاکستان کے لیے کانسی کا میڈل حاصل کر لیا۔

    ندیم ارشد نے نیزہ پھینکنے کے ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں کانسی کا تمغا جیتا، انھوں نے یہ اعزاز 80.75 میٹر دور نیزہ پھینک کر حاصل کیا، اس سے دوران انھوں نے چھ بار کوشش کی اور نیزہ بالترتیب 73.52، 76.73، 72.20، 80.75، 77.56، 72.20 میٹر دور پھینکا۔

    ایشین گیمز 2018 میں پاکستان کے لیے یہ ایک اور تمغا ہے، پاکستان کے تمغوں کی تعداد تین ہوگئی ہے، اس سے قبل پاکستان نے کراٹے اور کبڈی میں بھی ایک ایک کانسی کا تمغا جیتا ہے۔

    کراٹے کے مقابلوں میں 19 سالہ لڑکی نرگس نے پاکستان کے لیے پہلا میڈل جیتا، ایتھلیٹ نرگس کا تعلق کوئٹہ کی ہزارہ برادری سے ہے، انھوں نے نیپال کی ایتھلیٹ ریٹا کرکی کو 68 کلو گرام کے میچ میں تین ایک سے ہرا کر آؤٹ کلاس کر دیا تھا۔


    یہ بھی پڑھیں:  ایشین گیمز: پاکستان نے کراٹے کے مقابلوں‌ میں‌ کانسی کا تمغہ اپنے نام کر لیا


    خیال رہے کہ نرگس گزشتہ برس بھی کولمبو میں ہونے والے ساؤتھ ایشین کراٹے چیمپیئن شپ میں طلائی تمغا جیت چکی ہیں۔

  • حکومت کا خزانہ اور ہاکی فیڈریشن کے اکاؤنٹس خالی، ایشین گیمز کی تیاریاں متاثر

    حکومت کا خزانہ اور ہاکی فیڈریشن کے اکاؤنٹس خالی، ایشین گیمز کی تیاریاں متاثر

    اسلام آباد: حکومت کا خزانہ اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اکاؤنٹس خالی ہونے کی وجہ سے آئندہ ماہ انڈونیشیا میں ہونے والے اٹھارویں ایشین گیمز کی تیاریاں متاثر ہونے لگیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے پاس فنڈز ختم ہونے کے باعث ایشین گیمز کے لیے کھلاڑیوں کی تیاریاں ناقص رہ جانے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ایشین گیمز کی تیاریوں کے سلسلے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، فیڈریشن کے اکاؤنٹس خالی ہوچکے ہیں، کھلاڑیوں کے ڈیلی الاؤنس کے لیے بھی پیسے نہیں رہے۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ نگراں حکومت بھی خزانہ خالی ہونے کا رونا رونے لگی ہے، قومی کھیل کو سہارا دینے کے لیے حکومتی خزانہ بے بس ہو چکا ہے۔

    دوسری طرف موجودہ صورت حال نے قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ، منیجر اور کپتان کو بھی پریشانی سے دوچار کر دیا ہے، خیال رہے کہ ایشین گیمز کے لیے تربیتی کیمپ میں شامل کھلاڑیوں نے بائیکاٹ کی دھمکی دی ہے۔

    ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے گھروں کے چولھے ٹھنڈے پڑنے لگے، ایشین گیمز کے بائیکاٹ کی دھمکی


    ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام نے نگراں حکومت سے رابطہ کر کے قومی کھیل کو بچانے کی اپیل کی ہے، تاہم نگراں حکومت کا کہنا ہے کہ صرف قومی کھیل ہی نہیں، تمام فنڈز خزانہ خالی ہونے کی وجہ سے روکے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ اٹھارویں ایشین گیمز آئندہ ماہ انڈونیشیا میں 18 اگست سے منعقد ہوں گے جو جکارتہ اور پالمبنگ میں 2 ستمبر تک جاری رہیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔