Tag: ایف آئی آر

  • ون ویلنگ کرنے والے ہوشیار، ایف آئی آر کا اندراج کیا جائے گا

    ون ویلنگ کرنے والے ہوشیار، ایف آئی آر کا اندراج کیا جائے گا

    اسلام آباد: ون ویلنگ کرنے والے ہوشیار ہو جائیں، اب ان کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کیا جائے گا۔

    ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر محمد سرفراز ورک کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایس پی ٹریفک، تمام ڈی ایس پیز اور محرران اور بیٹ انسپکٹرز نے شرکت کی۔

    اجلاس میں چیف ٹریفک آفیسر نے ہدایت کی کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، اور ون ویلنگ، ریسنگ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کیا جائے۔

    انھوں نے یہ ہدایت بھی کی کہ سنگین ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرتے ہوئے آگاہی کلاسز کا اہتمام کیا جائے۔

    چیف ٹریفک آفیسر محمد سرفراز ورک نے ناقص کارکردگی کے حامل بیٹ افسران کی سرزنش کی، اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو شاباش دی، انھوں نے ٹریفک پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی کہ ٹریفک کی بلا تعطل روانی کو یقینی بنایا جائے۔

  • نکاح کے بعد رخصتی سے قبل لڑکی کے دل دہلا دینے والے قتل کی ایف آئی آر سامنے آ گئی

    نکاح کے بعد رخصتی سے قبل لڑکی کے دل دہلا دینے والے قتل کی ایف آئی آر سامنے آ گئی

    کراچی: نکاح کے بعد رخصتی سے قبل لڑکی کے دل دہلا دینے والے قتل کی ایف آئی آر سامنے آ گئی۔

    گزشتہ روز کراچی کے علاقے کیماڑی، گلشن سکندرآباد میں گھر سے نوبیاہتا لڑکی کی خون میں لت پت لاش ملی تھی، مقتولہ 18 سالہ خدیجہ کو نامعلوم افراد نے تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر قتل کیا تھا۔

    جیکسن پولیس نے لڑکی کے قتل کا مقدمہ اس کے والد امام بخش کی مدعیت میں درج کر لیا ہے، جس میں قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں، ایف آئی آر میں والد نے کہا کہ ’’مجھے اطلاع ملی کہ میری بیٹی خدیجہ کو کسی نے گھر کے اندرقتل کر دیا ہے، جب میں گھر میں پہنچا تو میری بیٹی کی لاش بیڈ روم میں خون میں لت پت حالت میں پڑی تھی۔‘‘

    ایف آئی آر کے مطابق والد کا کہنا تھا کہ نامعلوم افراد نے نامعلوم وجوہ پر میری بیٹی کو قتل کیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

    لٹیروں کی حجام کی دکان میں لوٹ مار کی واردات، فوٹیج وائرل

    ادھر پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی ہے، ورثا لاش لے کر آبائی علاقے ڈسٹرکٹ وہاڑی پنجاب روانہ ہو گئے ہیں۔

    کم عمری کی شادی کا نتیجہ، عدالت نے لڑکے کو جیل بھجوا دیا

    مقتولہ کے والد امام بخش نے بتایا کہ ان کی بیٹی خدیجہ کا کچھ عرصہ قبل نکاح ہوا تھا، اور رخصتی ہونا باقی تھی، جس وقت واقعہ پیش آیا گھر میں بیٹی کے علاوہ کوئی دوسرا گھر کا فرد موجود نہیں تھا۔

  • ایف آئی آر درج نہ کرنے پر سخت ایکشن لوں گا، آئی جی سندھ کی ایف آئی آر مفت درج کرنے کی ہدایت

    ایف آئی آر درج نہ کرنے پر سخت ایکشن لوں گا، آئی جی سندھ کی ایف آئی آر مفت درج کرنے کی ہدایت

    کراچی: آئی جی سندھ رفعت مختار نے پولیس افسران کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ سائل کی ایف آئی آر درج کی جائے، میں نہیں پوچھوں گا کہ کتنی ایف آئی آرز درج کی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ کی زیر صدارت صوبے میں امن و امان کی صورت حال پر اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا، جس میں رفعت مختار نے افسران کو ہدایت کی ہے کہ جرائم پر قابو پانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں اور کام کر کے دکھائیں۔

    اجلاس میں آئی جی سندھ نے افسران کو ہدایت کی کہ ایف آئی آرز مفت درج کریں، میں نہیں پوچھوں گا کہ کتنی ایف آئی آرز درج کیں، لیکن ایف آئی آر درج نہ کرنے پر سخت ایکشن لوں گا۔

    انھوں نے کہا سائل کی داد رسی نہ کرنا عذاب بن کر کسی نہ کسی پر گرتا ہے، ضلعی ایس ایس پیز کے پاس مکمل اختیار ہے، آزادانہ کام کریں، آپ کی بھرپور رہنمائی کے لیے میں موجود ہوں۔

    آئی جی سندھ رفعت مختار نے پولیس افسران کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ کراچی شہر میں‌ اسٹریٹ کرمنلز کو ہر گز نہ چھوڑا جائے، منشیات کے خلاف فہرستیں اسپیشل برانچ نے دے رکھی ہیں، منشیات، گٹکا، ماوا مافیاز کی فہرستیں ترتیب دے کر اسپیشل برانچ نے اچھا کام کیا، اب ان پر بڑا ایکشن لیا جائے، اور ڈاکوؤں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن جاری رکھیں۔

    انھوں نے کہا ایچ آر ایم ایس اور پی آر ایم ایس کا ریکارڈ اپ ٹو ڈیٹ رکھیں، پیر محمد شاہ نے بطور ڈی آئی جی حیدرآباد ریکارڈ کو عمدگی سے اپ ٹو ڈیٹ رکھا، پیر محمد شاہ کے لیے تعریفی سند کا اعلان کرتا ہوں۔

  • پی ٹی آئی کا اسلام آباد انتظامیہ کے خلاف ایف آئی آر کرانے کا اعلان

    پی ٹی آئی کا اسلام آباد انتظامیہ کے خلاف ایف آئی آر کرانے کا اعلان

    پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے اسلام آباد انتظامیہ  کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کا اعلان کیا ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ کے خلاف تحریک انصاف ایف آئی آر درج کرارہی ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد میں بے گناہ شہریوں پر تشدد کیا گیا، اسلام آباد ہائیکورٹ نوٹس لیں، پھوٹ ڈالنے والے وزیر داخلہ، آئی جی اور دیگرذمہ داروں کو جیل میں ڈالاجائے۔

  • ٹوئٹر صارف نے شاہ رخ خان کو ایف آئی آر کی دھمکی دے دی

    ٹوئٹر صارف نے شاہ رخ خان کو ایف آئی آر کی دھمکی دے دی

    نئی دہلی: سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک صارف نے بالی ووڈ بادشاہ شاہ رخ خان کو ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کی دھمکی دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان نے پیر کے روز ٹوئٹر پر اپنے مداحوں کے ساتھ سوالات پوچھنے پر مبنی ایک اور #AskSRK سیشن کیا، جس میں مداحوں نے ان پر سوالات کی بوچھاڑ کر دی۔

    ایک مداح نے لکھا ’’شاہ رخ خان صاحب، ایف آئی آر فائل کر رہا ہوں آپ کے خلاف، کہ یہ بندہ جھوٹ بولتا ہے کہ یہ 57 سال کا ہے۔‘‘ شاہ رخ نے اس پر جواب میں لکھا ’’پلیز مت کرو یار۔ ٹھیک ہے میں ہی مان جاتا ہوں کہ میں 30 سال کا ہوں۔ میں نے اب آپ کو سچ بتا دیا ہے، اور میری اگلی فلم کا نام بھی جوان ہے۔‘‘

    ایک مداح نے پوچھا: ’’لیجنڈری اداکار عرفان خان صاحب نے ایک بار کہا تھا کہ ’ہالی ووڈ میں کوئی شاہ رخ خان نہیں‘ آپ کا اس پر کیا کہنا ہے؟‘‘ سپر اسٹار نے جواب دیا: ’’میں اسے مِس کرتا ہوں، وہ ایک پیارا دوست تھا۔‘‘

    ایک اور مداح نے کہا ’’خان صاحب، کپل شرما کے لیے دو لفظ بول دو۔‘‘ شاہ رخ نے جواب میں کہا ’’لو یو، جلد ہی واپس آتا ہوں۔‘‘

    دنیا بھر میں ریکارڈ توڑنے والی فلم پٹھان کے حوالے سے ایک مداح نے پوچھا: ’’ایسا کیوں لگتا ہے جیسے آپ کی کامیابی ہماری کامیابی ہو؟ صبح اٹھ کر ٹوئٹر کھول کر پٹھان کا کلیکشن دیکھنا اب عادت سی ہوئی گئی ہے، اس کا کیا کیا جائے؟‘‘ شاہ رخ نے جواب دیا: ’’یہ آپ سب کی مہربانی ہے، پٹھان نے بہت سے لوگوں کو خوش کر دیا ہے، اور اس نے مجھے بے انتہا خوشی دی ہے۔‘‘

  • قاتلانہ حملہ : عمران خان اپنی تحریر کردہ درخواست کے مطابق ایف آئی آر کے خواہشمند

    قاتلانہ حملہ : عمران خان اپنی تحریر کردہ درخواست کے مطابق ایف آئی آر کے خواہشمند

    لاہور : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان قاتلانہ حملے کے خلاف اپنی تحریر کردہ درخواست کے مطابق ایف آئی آر کے خواہشمند ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر آباد میں عمران خان پر حملے کیخلاف ایف آئی آر کے اندراج کے معاملے پر چیئرمین پی ٹی آئی سے تحریک انصاف کے رہنماؤں کی ملاقات ہوئی۔

    جس میں وزیراباد واقعے کی ایف ائی آر کے اندراج میں تاخیر کا جائزہ لیا گیا اور مشاورت میں سپریم کورٹ کی طرف سے مقدمے کے اندراج کیلئے پنجاب پولیس کو جاری ہدایات پر بھی غور کیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان اپنی تحریر کردہ درخواست کے مطابق ایف آئی آر کے خواہشمند ہیں کہ نامزد افراد کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج ہونا چاہئے۔

    عمران خان نے کہا کہ ہم درخواست میں ملزم نامزد کر چکے ہیں ان کے خلاف ایف ائی آر درج ہونی چاہئیے۔

    مقدمہ کے مدعی زبیر خان نیازی نے بتایا کہ تھانہ وزیراباد میں وکلاء بیٹھے ہوئے ہیں لیکن سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود کوئی پیش رفت نہیں ہوئی مجبور ہو کر پولیس کمپلنٹ سنٹر میں آن لائن درخواست جمع کروائی۔

    اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہٰی کی ملاقات ہوئی ، جس میں وزیرآباد حملے کی ایف آئی آر کے اندراج پر مشاورت کی گئی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ ملاقات میں سپریم کورٹ کے حکم کے تحت ایف آئی آر درج کرنے والے معاملے پر مشاورت کی گئی جبکہ عمران خان سے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس بھی ملے۔

  • ایف آئی آر درج کرنے میں ناکامی صوبائی حکومت کی غیر سنجیدگی کا مظہر ہے، وفاقی حکومت

    ایف آئی آر درج کرنے میں ناکامی صوبائی حکومت کی غیر سنجیدگی کا مظہر ہے، وفاقی حکومت

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عمران خان پر فائرنگ کے ہائی پروفائل کیس کی ایف آئی آر 36 گھنٹے سے زائد گزر جانے کے بعد بھی درج نہ ہونے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس ناکامی کو صوبائی حکومت کی غیر سنجیدگی کا مظہر قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے پنجاب حکومت کو پانچ نومبر کو ایک خط لکھا گیا تھا، یہ خط چیف سیکریٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب کو بھیجا گیا۔

    خط میں وفاق نے لانگ مارچ پر فائرنگ اور ایف آئی آر نہ ہونے پر پنجاب حکومت کی کوتاہیوں، پنجاب کے اعلیٰ حکام کی بدانتظامی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا، اور نشان دہی کی کہ ہائی پروفائل کیس کی ایف آئی آر 36 گھنٹے سے زائد گزر جانے کے بعد بھی درج نہ ہوئی۔

    خط میں کہا گیا کہ ایف آئی آر درج کرنے میں ناکامی صوبائی حکومت کی غیر سنجیدگی کا مظہر ہے، ابھی تک سابق وزیر اعظم کا میڈیکو لیگل معائنہ بھی نہیں کیا گیا، یہ بات تشویش ناک ہے کہ صوبائی حکومت کوئی بھی اپ ڈیٹ دینے میں ناکام رہی، جائے وقوع کو بھی کئی گھنٹوں تک محفوظ نہیں رکھا گیا، جو طریقہ کار کی خلاف ورزی ہے۔

    خط میں کہا گیا کہ متاثرین یا ان کے زخمی ہونے کی نوعیت پر کوئی سرکاری معلومات جاری نہیں کی گئیں، مبینہ مجرم کی اعترافی ویڈیوز کا اجرا تفتیشی عمل میں خامیوں کی طرف اشارہ ہے، واقعے کے بعد صوبے میں امن و امان کی صورت حال بہتر نہیں رہی، شرپسندوں کے گروہوں کی جانب سے شاہراہوں اور سڑکوں کی بندش سے نظام زندگی متاثر ہے۔

    خط کے مطابق صوبائی پولیس اور انتظامیہ قانون کے نظم و نسق کی صورت حال کو سنبھالنے میں ناکام ہے۔

    خط میں کہا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 15 کے تحت آزادانہ نقل و حرکت کے بنیادی حق کی خلاف ورزی ہوئی، لاہور میں گورنر ہاؤس پر شرپسندوں کے ہجوم نے حملہ کیا، صوبائی حکومت اعلیٰ ترین منصب کے دفتر اور رہائش کو محفوظ بنانے میں ناکام رہی۔

    خط میں ہدایت کی گئی کہ صوبائی حکومت امن و امان کی بحالی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کوششیں تیز کرے، ایف آئی آر قیاس آرائیوں کی بجائے واقعے کے حقائق پر مبنی میرٹ پر درج کی جائے۔

  • "گھر کے کام کرنے ہیں یا نہیں، لڑکیاں شادی سے پہلے بتائیں”

    "گھر کے کام کرنے ہیں یا نہیں، لڑکیاں شادی سے پہلے بتائیں”

    نئی دہلی: بھارت کی ایک عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ شادی کے بعد لڑکی گھر کے کام نہیں کرنا چاہتی تو شادی سے پہلے بتائے تاکہ لڑکا فیصلہ کر سکے کہ اس سے شادی کرنی ہے یا نہیں کرنی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں ایک خاتون نے اپنے شوہر اور سسرال کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی تھی، اس کیس کی سماعت بمبئی (ممبئی) ہائی کورٹ کی اورنگ آباد بینچ نے کی۔

    خاتون نے اپنے شوہر اور سسرال والوں پر الزام لگایا تھا کہ شادی کے بعد اس کے ساتھ نوکروں جیسا سلوک کیا گیا، اس کے سسرال والوں نے گاڑی خریدنے کے لیے 4 لاکھ روپے کا مطالبہ بھی کیا۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ سسرال والوں نے اسے گھر سے نکال دینے کی دھمکی بھی دی جبکہ ان کے والدین کو بھی ذہنی اذیت کا نشانہ بنایا۔

    بینچ کے ججز نے ایف آئی آر کو منسوخ کرنے کا حکم دیا ہے، عدالت کا کہنا تھا کہ لڑکی شادی کے بعد گھر کے کام نہیں کرنا چاہتی تو شادی سے پہلے بتائے تاکہ لڑکا فیصلہ کر سکے کہ اس سے شادی کرنی ہے یا نہیں کرنی ہے۔

    عدالت کا یہ بھی کہنا تھا کہ شادی شدہ لڑکی سے گھر کے کام کروانے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ لڑکی کے ساتھ ملازموں جیسا سلوک کیا جائے۔

  • لاہور میں ایک روز میں خواتین سے زیادتی کے 3 مقدمات درج

    لاہور میں ایک روز میں خواتین سے زیادتی کے 3 مقدمات درج

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ایک روز میں خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے 3 مقدمات درج کیے گئے ہیں، پولیس ملزمان کو تلاش کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے 3 واقعات پر مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

    ابتدائی معلوماتی رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق گرین ٹاؤن میں شادی شدہ خاتون کو نوکری کاجھانسہ دے کر زیادتی کی گئی، ملزم وقاص نے نوکری دلانے کے بہانے 1 لاکھ روپے بھی ہتھیائے۔

    دوسرا واقعہ گجر پورہ کا ہے جہاں 20 سالہ معذور خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

    ایف آئی آر متاثرہ خاتون کے چچا نے درج کروائی جس کے مطابق ملزم صداقت گھر کے ساتھ حویلی میں خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنا کر فرار ہوا۔

    تیسرا واقعہ اقبال ٹاؤن کا ہے جہاں ملزم تنویر نے اپنی 17 سالہ کزن کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا، واقعے کا مقدمہ متاثرہ لڑکی کے والد محمد ریاض کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

    ایف آئی آر کے مطابق ملزم تنویر نے کزن کو شادی کا جھانسہ دے کر متعدد بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

  • مرغیوں کی موت پر ایف آئی آر درج

    مرغیوں کی موت پر ایف آئی آر درج

    کرشنا: بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے ایک علاقے میں شہری نے مرغیوں کی موت پر ایف آئی آر درج کرا دی۔

    تفصیلات کے مطابق ریاست آندھرا پردیش کے ضلع کرشنا کے علاقے موپی دیوی منڈل میں ایک شخص نے پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرایا کہ اس کی مرغیوں کو کسی نے زہر دے کر مار دیا ہے۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق لکشمی تیارو نامی شہری نے گھر میں تقریباً 10 مرغیاں پالی تھیں، جو سب کے سب چند دن قبل مردہ پائی گئیں۔

    لکشمی تیارو نے پولیس کو شکایت درج کرائی کہ جب میں تروپتی گیا تھا تو کسی نے چاول میں زہر ملا دیا، یہ چاول کھانے کے بعد تمام مرغیاں مر گئیں۔

    پولیس نے لکشمی تیارو کی شکایت پر مقدمہ درج کر کے مرغیوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا نے کہ وہ مرغیوں کے قتل کے الزام کی بنیاد پر اس کیس کی تحقیقات کریں گے۔