Tag: ایف آئی آر

  • محسن بیگ کی جانب سے ایف آئی آر کے اخراج کے لیے  ایک اور درخواست دائر

    محسن بیگ کی جانب سے ایف آئی آر کے اخراج کے لیے ایک اور درخواست دائر

    اسلام آباد : محسن بیگ نے ایف آئی آر کے اخراج کے لیے ہائی کورٹ میں ایک اور درخواست دائر کردی،جس کے ساتھ متفرق درخواست بھی موجود ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محسن بیگ کی جانب سے ایف آئی آر کی اخراج کے لیے ایک اور درخواست دائر کردی گئی ، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ آج سماعت کریں گے۔

    درخواست میں سیکرٹری داخلہ،آئی جی ، ڈی جی ایف آئی اے،ایس ایچ او تھانہ مارگلہ ، ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے ،ریاست سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ مقدمے اور تمام نتیجہ خیز کارروائیوں کو منسوخ کیا جائے، درخواست گزار کے خاندان کو بھی سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

    ایف آئی آر کا شکایت کنندہ ایک وفاقی وزیر ہے، سیاسی عزائم، رنجش کی بنیاد پر فوجداری مقدمات بنائے گئے، محسن بیگ سرکاری اہلکاروں کےطرز عمل سےشدیدزخمی ہوا ، تاہم محسن بیگ کےزخمی ہونےکاتذکرہ ایف آئی آر میں نہیں کیا گیا۔

    درخواست گزار کی جانب سے کہا گیا کہ کچھ نامعلوم افراد محسن بیگ کے گھر میں سول ڈریس میں گھس گئے تھے، پولیس کو ایمرجنسی کال 15 بھی کیا گیا، سول افراد سے وارنٹ اور سرچ وارنٹ دکھانےکاکہاگیاتھا۔

    دوسری جانب محسن بیگ کی جانب سے ایک اور متفرق درخواست دائر کی گئی ، جس میں کہا گیا کہ محسن بیگ کو سول لباس میں افراد نے حملے کا نشانہ بنایا اور محسن بیگ کوغیرقانونی طورپرحراست میں لےکرتھانےمیں پندرہ افراد اُن پر تشدد کیا، اتنا مارا کہ ناک سے خون بہنے لگا، ان کی جان کو خطرہ ہے۔

    متفرق درخواست کے مطابق محسن بیگ کا بیٹا تاحال لاپتا ہے، محسن بیگ کے بیٹے کو اگر کچھ ہوا تو ایف آئی اے حکام ذمےدار ہوں گے، سیشن جج نے بھی قانون کے غلط استعمال کا مشاہدہ کیا، استدعا ہے کہ محسن بیگ کو عدالت میں ذاتی طور پر پیش کرنےکاحکم دیاجائے۔

  • ایف آئی آر کا اندراج : ایڈیشنل آئی جی نے افسران کو نیا حکم جاری کردیا

    ایف آئی آر کا اندراج : ایڈیشنل آئی جی نے افسران کو نیا حکم جاری کردیا

    کراچی : ایف آئی آر کے اندراج کیلئے شہریوں کے مختلف تھانوں کے دھکے کھانے کا معاملے پر ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ایک مرتبہ پھر بڑا حکم نامہ جاری کردیا۔

    ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن کراچی نے تمام تھانیداروں کو ایف آئی آر فری رجسٹریشن پر فوری عمل درآمد کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقدمہ درج نہ کرنے پر تھانیدار کے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ شہری کسی بھی وقت تھانے جاکر مقدمہ درج کروا سکتے ہیں، جرائم کا شکار شہری ایف آئی آرکا اندراج لازمی کرائیں اور جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی میں شہری پولیس کا ساتھ دیں۔

    غلام نبی میمن نے کہا کہ منظم گینگز کے خلاف کریک ڈاؤن کے احکامات دیے ہیں، مشاہدہ کیا ہے کہ ایس ایچ اوز کوئی کام نہیں کر رہے، کام نہ کرنے والے ایس ایچ او کو گھر بھیجا جائے گا۔

    ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ ڈیفنس، کلفٹن میں تمام گینگز کو ختم کردیا گیا تھا، جرائم پیشہ گروہ ایک بار پھر فعال ہوگئے، کراچی سے زیادہ جرائم کی شرح لاہور میں ہے۔

    غلام نبی میمن نے مزید کہا کہ لاہور میں سالانہ 2 لاکھ سے زائد وارداتیں ہوتی ہیں، کراچی میں جرائم کی روک تھام کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ چند روز مانیٹرنگ کے بعد مزید اہم فیصلے کریں گے۔

  • حرا مانی کی سابق مینیجر کے اداکارہ پر سنگین الزامات

    حرا مانی کی سابق مینیجر کے اداکارہ پر سنگین الزامات

    پاکستانی اداکارہ حرا مانی کی سابق مینیجر نے اداکارہ پر بدترین تشدد کا نشانہ بنانے اور دھمکیاں دینے کا الزام عائد کردیا۔

    پاکستانی شوبز انڈسٹری کی خوبصورت اداکارہ حرا مانی کیساتھ تین سال تک کام کرنے والی مینیجر نزہت عابد جعفری نے اداکارہ پر سنگین الزامات عائد کردئیے۔

    نزہت جعفری نے ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا کہ اداکارہ حرا مانی شدید ڈپریشن کا شکار تھی جس کی وجہ کئی بڑے پروجیکٹس کا ہاتھ سے نکلنا تھا جن میں آئی ایس پی آر کے پروجیکٹس اور کچھ گانے شامل ہیں۔

    سابق مینیجر نے انٹرویو کے دوران کہا حرامانی نے ڈپریشن میں آکر مجھ پر اپنا غصہ نکلا اور مجھے شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔

    نزہت نے دعویٰ کیا کہ حرا مانی کو ایوارڈ ملنے کی توقع کی تھی لیکن ان کے ہاتھ سے ایوارڈ بھی چلا گیا، جس کے باعث وہ بلبلا اٹھی اور مجھے اپنا شکار بنایا۔

    رپورٹ کے مطابق نزہت جعفری نے مقامی تھانے میں شکایت بھی درج کرائی ہے جس کے بعد پولیس نے سابق مینیجر سے کوائف اور ثببوت کا مطالبہ کیا ہے۔

  • کنگنا پر ایف آئی آر درج

    کنگنا پر ایف آئی آر درج

    نئی دہلی: معروف بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت ایک بار پھر مشکل میں پھنس گئیں، کانگریس کی ذیلی شاخ یوتھ کانگریس نے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یوتھ کانگریس نے اداکارہ کنگنا رناوت کے خلاف ملک مخالف بیان دینے کے الزام میں دہلی کے سنسد مارگ تھانہ میں ایف آئی آر درج کروائی ہے۔

    ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ اداکارہ کے انسٹاگرام پر 7.8 ملین سے زیادہ فالوورز ہیں اس لیے انہوں نے قصداً غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے نفرت انگیز پوسٹ کی۔

    حال ہی میں انہیں پدم شری ایوارڈ سے نوازا گیا تھا، انہیں اپنی حدود کا خیال رکھتے ہوئے بیان دینا چاہیئے۔

    یوتھ کانگریس کا مزید کہنا ہے کہ عوامی زندگی سے جڑے شخص کو اس طرح کا تبصرہ سوچ سمجھ کر کرنا چاہیئے۔ ملک مخالف اور تشدد پیدا کرنے والا بیان عوامی پلیٹ فارم پر مناسب نہیں ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کانگریس نے بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کو ناسمجھ سرکاری اداکارہ قرار دیتے ہوئے ان پر ملک سے غداری کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا تھا۔ کانگریس نے کنگنا سے پدم شری سمیت سبھی ایوارڈ واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

  • غلط آپریشن سے مریض کی موت، ڈاکٹر کے خلاف مقدمہ درج

    غلط آپریشن سے مریض کی موت، ڈاکٹر کے خلاف مقدمہ درج

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر حافظ آباد میں غلط آپریشن سے شہری کی موت کے بعد ڈاکٹر اور اسپتال انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے مریض کے غلط آپریشن پر لواحقین کی درخواست کی سماعت کی اور درخواست گزار کے حق میں فیصلہ دیا۔

    کمیشن کی رپورٹ میں کہا گیا کہ شہری کی موت غلط آپریشن اور ڈاکٹر کی نااہلی کی وجہ سے ہوئی، کمیشن کی ہدایت پر ڈاکٹر اور اسپتال انتظامیہ کے خلاف مقدمہ بھی درج کروا دیا گیا۔

    نجی اسپتال انتظامیہ کے خلاف 3 سال بعد مقدمہ درج کر کے لاکھوں روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ ایف آئی آر میں کہا گیا کہ ڈاکٹر کامران نے سنہ 2018 میں شہری کا غلط آپریشن کیا تھا۔

    ایف آئی آر کے مطابق غلط آپریشن کی وجہ سے مریض کی موت ہوگئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج ہونے کے بعد مذکورہ ڈاکٹر فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔

  • کراچی پولیس نے شہریوں کے مقدمات درج کرنے روک دیے

    کراچی پولیس نے شہریوں کے مقدمات درج کرنے روک دیے

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے شہریوں کے لیے بری خبر، کراچی پولیس نے از خود مقدموں کا اندراج روک دیا جس کے بعد سائلین مقدمہ درج کروانے کے لیے دھکے کھانے پر مجبور ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس کے افسران اور تھانیداروں نے از خود مقدموں کا اندراج روک دیا، شہریوں کو ایک بار پھر مقدمہ درج کروانے کے لیے دھکے کھانا پڑیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ افسران نے سابقہ ایڈیشنل آئی جی کے احکامات پر عملدر آمد روک دیا، نئے ایڈیشنل آئی جی کی جانب سے مقدمہ اندراج پر ہدایت نہیں دی گئی۔ افسران کا کہنا ہے کہ ہدایت نہ ملنے کو مقدمات کے اندراج کو روکنا سمجھا گیا۔

    سابقہ ایڈیشنل آئی جی نے کرائم رجسٹریشن فری پالیسی نافذ کی ہوئی تھی، سابق ایڈیشنل آئی جی کی جانب سے مقدمہ فوری درج کرنے کے احکامات تھے۔ سابق ایڈیشنل آئی جی غلام نبی کے دور میں سب سے زیادہ مقدمات درج ہوئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس مقدمات کا اندراج روک کر کارکردگی میں بہتری کا تاثر قائم کرنا چاہتی ہے تاہم ان کی وجہ سے سائلین مقدمے کے اندراج کی درخواست دینے تک کے لیے خوار ہونے پر مجبور ہیں۔

  • پنجاب میں ایف آئی آر درج کروانے کی شرح میں اضافہ

    پنجاب میں ایف آئی آر درج کروانے کی شرح میں اضافہ

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن (آئی ٹی) کے اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبہ پنجاب میں آئی ٹی کے استعمال سے ایف آئی آر کے اندراج کی شرح میں اضافہ ہوا، صوبے میں ایف آئی آر کا اندراج 5 لاکھ سالانہ تک پہنچ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن (آئی ٹی) کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے کہ وجہ سے تعطل کا شکار ہوگیا، سیکریٹری کمیٹی نے اراکین کو فون کیا اور اجلاس میں شرکت کی درخواست کی۔

    اجلاس شروع ہونے پر پنجاب آئی ٹی بورڈ نے تھانوں کی آٹو میشن کے پروجیکٹ پر بریفنگ دی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں ایف آئی آر کا اندراج 5 لاکھ سالانہ تک پہنچ گیا ہے۔

    بریفنگ کے مطابق آئی ٹی کے استعمال سے ایف آئی آر کے اندراج کی شرح میں اضافہ ہوا، پنجاب کے 100 فیصد تھانوں کو آٹو میٹڈ کر دیا گیا ہے، فرسٹ نیشنل کرمنل ڈیٹا بیس بنایا گیا ہے۔

    پنجاب آئی ٹی بورڈ کی جانب سے بتایا گیا کہ 15 لاکھ پروفائلز نیشنل کرمنل ڈیٹا بیس میں موجود ہیں، جرائم کا ڈیٹا بیس بھی بنایا گیا ہے، جرائم کے ڈیٹا بیس میں 65 لاکھ جرائم کا ریکارڈ موجود ہے۔

  • بی جے پی ارکان نے اپنی ویڈیو بنانے والے صحافی پر مقدمہ درج کروا دیا

    بی جے پی ارکان نے اپنی ویڈیو بنانے والے صحافی پر مقدمہ درج کروا دیا

    نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی کے بعض ارکان نے اپنی بھوک ہڑتال سے قبل کھانا کھانے کی ویڈیو بنانے والے صحافی پر مقدمہ درج کروا دیا، بھارتی صحافیوں نے بی جے پی کے اس اقدام کے خلاف مظاہرے شروع کردیے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ماضی میں پھارتیہ جنتا پارٹی کے کچھ لیڈروں نے ایک بھوک ہڑتال کی تھی تاہم اس سے قبل کھانا کھایا تھا، اس منظر کو ایک صحافی نے اپنے کیمرے میں ریکارڈ کرلیا اور اب اس صحافی پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    یہ بھوک ہڑتال 10 ماہ پہلے ہوئی تھی جس سے قبل بی جے پی لیڈروں کی کھانا کھانے کی ویڈیو صحافی راجندر سنیہی نے بنائی تھی اور اسے سوشل میڈیا پر وائرل کردیا تھا۔ اس ویڈیو کی وجہ سے بی جے پی کو خاصی ہزیمت اٹھانی پڑی تھی۔

    مذکورہ ویڈیو میں ایک رکن پارلیمنٹ بھی دکھائی دے رہے ہیں۔

    صحافی کے خلاف مقدمے کے بعد ملک بھر کے صحافیوں نے احتجاج شروع کردیا ہے۔

    کچھ صحافیوں نے کروکشیتر پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا اور سنیہی کے خلاف درج ایف آئی آر خارج کرنے کا مطالبہ کیا، کروکشیتر پریس کلب کے صدر راجیش شانڈلیہ نے الزام عائد کیا کہ پولس نے بی جے پی لیڈروں کے دباؤ میں صحافی کے خلاف معاملہ درج کیا ہے۔

    مذکورہ صحافی کے خلاف مقدمہ درج کروانے والے بی جے پی لیڈر سریش سینی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صحافی نے تقریباً 10 ماہ قبل سوشل میڈیا پر ان کے خلاف فرضی اور غلط خبر کو نشر کیا تھا، جس سے ان کے وقار کو ٹھیس پہنچی۔

    ان کا کہنا ہے کہ بھوک ہڑتال کے دن انہوں نے کھانا نہیں کھایا تھا، صرف ایک مذہبی پروگرام میں پرساد لے کر کھایا تھا۔

    خیال رہے کہ بھارت میں حال ہی میں منظور کیے جانے والے متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف لاکھوں کسان سڑکوں پر مظاہرے کر رہے ہیں، دارالحکومت نئی دہلی کی سرحد پر سلسلہ وار بھوک ہڑتال جاری ہے۔

    دوسری طرف بی جے پی کے حامی کئی کسانوں نے بھی زرعی قوانین کے حق میں مظاہرہ شروع کر دیا ہے۔

  • گوجرانوالہ جلسہ، ایف آئی آر درج

    گوجرانوالہ جلسہ، ایف آئی آر درج

    گوجرانوالہ: ضلعی انتظامیہ نے پی ڈی ایم کے گوجرانوالہ جلسے کی انتظامیہ کے خلاف ایف آئی آر درج کرا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق 16 اکتوبر کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے گوجرانوالہ جلسے کی اجازت کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ کیے جانے والے معاہدے کی خلاف ورزی پر جلسے کی انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    مقدمہ تھانہ سول لائن میں جلسہ انتظامیہ کے خلاف درج کیا گیا ہے، ایف آئی آر کی کاپی اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی، جس میں کہا گیا ہے کہ جلسہ انتظامیہ نے معاہدے کی خلاف ورزی کی۔

    ایف آئی آر کے مطابق معاہدے کے خلاف گکھڑ، کامونکی سمیت دیگر علاقوں میں کیمپ لگائے گئے، شرکا جنگلے توڑ کر اور کنٹینرز ہٹا کر ممنوعہ علاقے میں گاڑیاں لےگئے۔

    ایف آئی آر متن کے مطابق جلسے سے سزا یافتہ افراد نے بھی خطاب کیا، حکومت اور حکومتی اداروں کے خلاف تقاریر ہوئیں، نعرے لگائے گئے، جلسہ گاہ میں بڑے اسپیکر لگا کر ایمپلی فائر ایکٹ کی خلاف ورزی کی گئی۔

    جلسےکے شرکا نے سیالکوٹی دروازہ اور گوندلانوالہ اڈہ پر جی ٹی روڈ بلاک کیا، جلسے میں ایس او پیز پر بھی عمل درآمد نہیں کیا گیا۔

    گوجرانوالہ جلسہ ، ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم میں 28 نکاتی معاہدے طے

    یاد رہے کہ جلسے سے ایک دن قبل ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم میں 8 نکاتی معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا جلسہ جناح اسٹیڈیم میں ہونا تھا اور جلسے کا وقت سہ پہر 3 سے رات 12 بجے تک مقرر کیا گیا۔

    معاہدے کے نکات میں کہا گیا تھا کہ پی ڈی ایم جی ٹی روڈ بند نہیں کرےگی، ملکی سلامتی کے اداروں اور خلاف آئین کوئی تقریر نہیں کی جائےگی اور خلاف ورزی پر جلسہ انتظامیہ کے خلاف مقدمات درج ہوں گے۔

  • ریستوران کے غریب ملازم پر تشدد کرنے والے بینک افسر کے خلاف مقدمہ درج

    ریستوران کے غریب ملازم پر تشدد کرنے والے بینک افسر کے خلاف مقدمہ درج

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ریستوران کے غریب ملازم پر تشدد کرنے والے بینک افسر وقاص کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، پولیس تاحال ملزم کو گرفتار نہیں کرسکی۔

    تفصیلات کے مطابق غلط آرڈر لانے پر ریستوران ملازم پر تشدد کرنے والے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، ایس پی فرقان بلال کا کہنا ہے کہ ڈیفنس بی پولیس نے ملزم وقاص کلیم کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ ملزم نجی بینک میں افسر ہے۔

    ایس پی کا کہنا ہے کہ مقدمہ ریستوران ملازم اسد کی مدعیت میں درج کیا گیا، ابتدائی اطلاعی رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق آرڈر غلط لانے پر ملزم نے تشدد کا نشانہ بنایا۔

    ملزم وقاص نے گاڑی کے ذریعے جان سے مارنے کی بھی دھمکی دی تھی۔ پولیس تاحال ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔

    خیال رہے کہ مذکورہ واقعہ گزشتہ روز لاہور میں پیش آیا تھا جب ایک غیر ملکی ریستوران میں بینک افسر وقاص نے ریستوران ملازم اسد پر تشدد کیا، اس دوران وقاص ملازمین کو مغلظات بکتا رہا اور آرڈر لانے والے ملازم پر تھپڑوں کی بارش کردی۔

    ریستوران کے ملازمین نے بیچ بچاؤ کروا کے نجی بینک افسر کو روکنے کی کوشش کی تو وہ ان سے بھی الجھتا رہا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتا رہا، غریب ہوٹل ملازمین افسر کی گالیاں چپ چاپ کھڑے سنتے رہے اور افسر کو پیسے بھی واپس کر دیے لیکن وہ ان کو دھمکیاں دیتا رہا۔

    ریستوران ملازم کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی گئی۔