Tag: ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ

  • ریاست کیخلاف نفرت انگیز تقاریر : ایف آئی اے نے علیمہ خان کو  طلب کرلیا

    ریاست کیخلاف نفرت انگیز تقاریر : ایف آئی اے نے علیمہ خان کو طلب کرلیا

    اسلام آباد : ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ نے ریاست کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کے الزام میں بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کو چھ فروری کو طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ نے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کو نوٹس جاری کردیا۔

    وزارت داخلہ کی شکایت پرعلیمہ خان کو نوٹس جاری کیا گیا اور نوٹس میں علیمہ خان کو 6 فروری کو دن 11 بجے سی ٹی ڈبلیو میں طلب کیا گیا ہے۔

    علیمہ خانم پر ریاست مخالف بیانیہ پھیلانے اور اداروں کو متنازع کرنے کا بھی الزام ہے۔

  • بڑی کارروائی ، بھارتی ایجنسی’’را‘‘کے سلیپر سیلز کو فنڈز پہنچانے والا ملزم گرفتار

    بڑی کارروائی ، بھارتی ایجنسی’’را‘‘کے سلیپر سیلز کو فنڈز پہنچانے والا ملزم گرفتار

    کراچی : ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ملک دشمن عناصر کو فنڈز پہنچانے والے ملزم جنید کو گرفتار کرلیا، ملزم بھارتی ایجنسی’’را‘‘کے سلیپر سیلز کو کراچی میں رقم فراہم کرتا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے شاہ نواز شاہ کے مطابق کراچی میں ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ کی جانب سے ایک اور بڑی کارروائی میں حوالہ ہنڈی کا دوسرا خفیہ بین الاقوامی نیٹ ورک پکڑا گیا۔

    ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملک دشمن عناصر کو فنڈز پہنچانے والے ملزم جنید کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزم جنید کو دھوراجی کے علاقے سے گرفتار کیا گیا ، ملزم حوالہ ہنڈی کےعالمی نیٹ ورک کا کارندہ اور منی ایکسچینج کمپنی کا منیجر ہے۔

    حکام کے مطابق بھارتی ایجنسی’’را‘‘کے سلیپر سیلز کو کراچی میں رقم فراہم کی جاتی تھی، رقم دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور ہتھیاروں کی خریداری میں استعمال ہوتی تھی۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ حوالہ ہنڈی کا ایک نیٹ ورک پہلے بھی پکڑا جا چکا ہے، ملزم جنید کے دیگر ساتھی دبئی سے حوالہ ہنڈی کا سسٹم چلا رہے ہیں۔

    حکام نے بتایا کہ بھارت سے محمود صدیقی گروپ بذریعہ ای میل’’را‘‘ملزمان کو ٹاسک دیتا ہے، آئی پی کے مطابق زیادہ تر ای میلز نئی دہلی سے بھیجی جاتی ہیں، کوڈ ورڈآئی ڈی بھیجی جاتی ہےجسےبتاکررقم وصول کی جاتی ہے۔

    ایف آئی اے کے مطابق ملزم جنید سےلیپ ٹاپ،یوایس بی ودیگرسامان برآمد ہوا ، گروپ کے دیگرساتھیوں کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

  • کراچی سے بھارتی ایجنسی  "را”  سلیپر سیل  کا اہم رکن گرفتار

    کراچی سے بھارتی ایجنسی "را” سلیپر سیل کا اہم رکن گرفتار

    کراچی : ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ نے کراچی سے "را” سلیپر سیل کا اہم رکن ظفر گرفتارکرلیا، ملزم ظفر بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے اور اس کا تعلق ایم کیوایم لندن سے ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے شاہ نواز شاہ کے مطابق ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی ایجنسی "را” سلیپر سیل کا اہم رکن ظفر گرفتار کرلیا، ملزم ظفر بم دھماکوں،ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔

    ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نے بھارت میں چودہ ماہ دہشت گردی کی ٹریننگ لی، ملزم ظفر کو دہلی میں محمود صدیقی گروپ نے عسکری تربیت دلوائی۔

    حکام نے دعویٰ کیا کہ ملزم ظفر کا تعلق ایم کیوایم لندن سے ہے، گرفتار ملزم بم بنانے اور جدید ہتھیار چلانے کا ماہر ہے جبکہ ظفر فائر بریگیڈ میں سرکاری ملازمت بھی کرتا تھا۔

    ایف آئی اے کے مطابق حوالہ ہنڈی کے بین الاقوامی خفیہ نیٹ ورک کا بھی پردہ چاک ہوا ، را سلیپر سیل کو فنڈز فراہم کرنے والے منی ایکسچینج کمپنی کے دو ملزمان بھی گرفتار کر لیے گئے ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ملزم صفیان منی ایکسچینج کمپنی کا ڈائریکٹر اور جاوید میمن منیجر ہیں، حوالہ ہنڈی کے ذریعے ملک دشمن عناصر کو رقم فراہم کی جا رہی تھی، ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی تفصیلات ملک کے تمام ایئرپورٹس پر فراہم کردی گئی ہے۔

    ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ لیپ ٹاپ اور موبائل فون بھی برآمد ہوئے ہیں، ملزمان کو سوک سینٹر، لیاقت آباد اور خالد بن ولید روڈ کے علاقوں سے گرفتار کیا گیا، جس کے بعد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔