Tag: ایف آئی اے رپورٹ

  • توشہ خانہ گھڑی خریدنے کا دعویٰ کرنے والے عمرفاروق ظہور سے متعلق بڑا انکشاف

    توشہ خانہ گھڑی خریدنے کا دعویٰ کرنے والے عمرفاروق ظہور سے متعلق بڑا انکشاف

    اسلام آباد : ایف آئی اے رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ توشہ خانہ گھڑی خریدنے کا دعویٰ کرنے والا عمرفاروق ظہور اشتہاری ہے اور بیرون ملک سے پاکستان آیا ہی نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آبادہائیکورٹ نے شہزاد اکبر، صوفیہ مرزا اور سابق ڈی جی ایف آئی اےثنااللہ عباسی کیخلاف مقدمہ خارج کرنے کا فیصلہ جاری کردیا، توشہ خانہ گھڑی خریدنے کا دعویٰ کرنے والے عمرفاروق کی مدعیت میں 2 مقدمات درج تھے۔

    ایف آئی اےرپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ ملزم عمرفاروق ظہور اشتہاری ہے اور بیرون ملک سے پاکستان آیا ہی نہیں۔

    عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو تحقیقات کرکےملوث پولیس اہلکاروں کیخلاف کارروائی کاحکم دیتے ہوئے کہا آئی جی 2 ماہ میں تحقیقات کرکےرپورٹ جمع کرائے۔

    اسلام آبادہائیکورٹ نے انچارج پولیس اسٹیشن سیکرٹریٹ اوردیگراہلکاروں کیخلاف تحقیقات کرکےکارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اشتہاری عمرفاروق ظہورنےاگراسلام آبادتھانہ آکرکمپلینٹ دائر کی تو گرفتارکیوں نہیں کیا؟ ایف آئی آر کے مطابق عمرفاروق ظہورنے تھانے آکرکمپلینٹ دائرکی۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ ایف آئی اےکی رپورٹ کےمطابق عمرفاروق اشتہاری ہےبیرون ملک سےپاکستان ہی نہیں آیا، اگر عمرفاروق ظہور بیرون ملک ہے تو کس نے عمر فاروق بن کر کمپلینٹ دائر کی؟تحقیقات کریں، تھانہ سیکرٹریٹ میں ایک ہی جرم میں 2مقدمے کیسے درج ہوئے تحقیقات کریں۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ لاہورکے مقدمے میں جو الزامات عمر فاروق پر تھے ان کا جواب ملزم عدالت کے سامنے دے سکتا ہے، لاہور مقدمہ میں لگےالزامات پرعدالت جواب دینےکی بجائےاسلام آبادمیں مقدمہ درج کرنا اختیار سے تجاوز ہے۔

    عدالت نے مزید کہا کہ جس مقدمے کا اشتہاری ہےانہی الزامات کیخلاف دوسری جگہ مقدمات درج کرنے سے نیا فلڈ گیٹ کھل جائے گا، انچارج پولیس اسٹیشن سیکرٹریٹ نےکیسزاندراج میں غیر معمولی دلچسپی لی، اختیارات سے تجاوز کا یہ کیس ہے تحقیقات کرے کارروائی کریں رپورٹ جمع کریں۔

  • ملک میں جب بزنس مین سیاست دان بنا تو مافیا مضبوط ہو گیا: شیخ رشید

    ملک میں جب بزنس مین سیاست دان بنا تو مافیا مضبوط ہو گیا: شیخ رشید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ چینی مافیا سے متعلق ایف آئی اے رپورٹ وقت سے پہلے آ گئی ہے، 25 کے بعد آتی تو اچھا ہوتا، ملک میں جب بزنس مین سیاست دان بنا تو مافیا مضبوط ہو گیا۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ موجودہ فیصلہ عمران خان کا بھی امتحان ہے، دیکھنا یہ ہے کہ فرانزک رپورٹ آنے کے بعد وہ کیا سلوک کرتے ہیں، جو فیصلے عمران خان نے کیے مجھے بھی ان کے بارے میں علم نہیں تھا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کوئی دو گروپ نہیں ہیں، کپتان نے بس اپنی فیلڈنگ بدلی ہے، جہانگیر ترین اور عمران خان میں کوئی اختلاف نہیں، ہماری لیڈر شپ پر کوئی کرپشن کی بات نہیں کر سکتا۔

    آٹا، چینی بحران کی تحقیقاتی رپورٹ، وفاقی کابینہ میں رد و بدل

    شیخ رشید نے کہا کہ اسد عمر ای سی سی کو ہیڈ کر رہے تھے لیکن سبسڈی میں ان کا کوئی رول نہیں تھا، چینی بحران کے ذمہ داروں کو سبسڈی کا مجھے نہیں پتا کہ وہ کس طرح سبسڈی لے کر نکل گئے۔

    جہانگیر ترین کو چیئرمین زرعی ٹاسک فورس کے عہدے سے ہٹا دیا گیا

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے چند دن قبل چینی آٹا بحران کے ذمہ داروں سے متعلق ایف آئی اے کی مرتب کردہ چشم کشا رپورٹ جاری کر دی تھی، گزشتہ روز وفاقی کابینہ میں اس رپورٹ کی روشنی میں اہم تبدیلیاں کی گئیں، وفاقی وزیر خسرو بختیار کا قلم دان تبدیل کیا گیا، جہانگیر ترین کو چیئرمین زرعی ٹاسک فورس کے عہدے سے ہٹایا گیا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ تحقیقات کے نتائج سامنے آنے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔

  • ایف آئی اے نے اصغر خان عمل در آمد کیس بند کرنے کی سفارش کردی

    ایف آئی اے نے اصغر خان عمل در آمد کیس بند کرنے کی سفارش کردی

    اسلام آباد : سپریم کورٹ میں  اصغر خان عمل در آمد کیس سے متعلق سماعت ہوئی، ایف آئی اے نے کیس بند کرنے کی سفارش کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں اصغرخان عمل درآمد کیس کی سماعت کے موقع پر ایف آئی اے نے عدالت میں رپورٹ جمع کرائی ہے جس میں سفارش کی گئی ہے کہ ناکافی شواہد کے سبب کیس بند کردیا جائے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقدمہ کا مرکزی ملزم یونس حبیب اور درخواست گزار بھی اب دنیا میں نہیں رہے، پیسہ لینے والے سیاستدانوں میں سے نو کا انتقال ہو چکا ہے.

    پیسہ کی سیاستدانوں کی براہ راست وصولی کا بھی کوئی ثبوت نہیں ہے، شواہد کی عدم موجودگی کے باعث کیس ٹرائل کورٹ میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔

    رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے نے مجموعی طور پر16افراد کےبیانا ت ریکارڈ کئے، بینکوں کی جانب سے اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں،۔

    ایف آئی اے نے اصغر خان کیس پر ہونے والے190ٹاک شوز کا بھی جائزہ لیا ہے، بریگیڈیئرحامد کے بیان میں رقم دینے کی تفصیلات نہیں ملتیں، تمام تر کوششوں کے باوجود تحقیقات کسی منطقی نتیجے پر نہیں پہنچ سکیں، لہٰذا ان حقائق کی روشنی میں کیس بند کر دیا جائے۔

    یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 31 دسمبر کو اصغر خان کیس کی سماعت کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے اٹارنی جنرل، ایف آئی اے اور متعلقہ فریقوں کو نوٹسز جاری کیے تھے، کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کرنی ہے۔

    مزید پڑھیں: اصغر خان کیس ،  سپریم کورٹ نے ایف آئی اے سے ضمنی رپورٹ طلب کرلی

    اصغر خان کیس سیاسی رہنماؤں میں کروڑوں روپے تقسیم کرنے کے معاملے سے متعلق ہے ، کہا جاتا ہے کہ نوے کی دہائی میں پیپلز پارٹی کو شکست دینے کے سیاست دانوں کو خطیررقم رشوت میں دی گئی تھی۔

  • صرف متحدہ عرب امارات میں 1115 پاکستانیوں کے اثاثے ہیں، رپورٹ

    صرف متحدہ عرب امارات میں 1115 پاکستانیوں کے اثاثے ہیں، رپورٹ

    اسلام آباد : کس کس پاکستانی نے کتنے کتنے اثاثے بیرون ملک بنا رکھے ہیں، ایف آئی اےنے چونکا دینے والے نئی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی، جس میں میں انکشاف کیا گیا ہے کہ صرف یو اےای میں ایک ہزار ایک سو پندرہ پاکستانیوں کےاثاثےہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے بیرون ملک اکاؤنٹس اوراثاثوں سے متعلق کیس میں نئی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی، جس میں بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں 1115 پاکستانیوں کے اثاثےہیں، جن میں پنجاب کے338،سندھ 639لو گ شامل ہیں جبکہ اسلام آباد115،بلوچستان کے5اورکےپی کے18لوگ اثاثے رکھتے ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ 1115 میں سے 417افراد نے ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھایا ہے، جن میں پنجاب کے117،سندھ کے267، اسلام آباد سے29 افراد شامل ہیں جبکہ 162 افراد نے ایف آئی اے کی تحقیقات میں اثاثے ظاہر کیے، جن میں پنجاب کے 70، سندھ کے 72،اسلام آباد کے 14، بلوچستان کے2 اور کے پی کے 4 افراد شامل ہیں۔

    ایف آئی اے رپورٹ کے مطابق بیرون ملک اثاثے رکھنے والے77 افراد نے ٹیکس ریٹرن جمع کرائیں، جن میں پنجاب سے8 ،سندھ سے 37،اسلام آباد سے 29 ، بلوچستان سے 2 اور کے پی سے ایک شخص شامل ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تحقیقات میں90افرادنےیواےای میں جائیدادسےلاتعلقی کااظہارکیا، جس میں پنجاب سے 29،سندھ سے57،اسلام آبادسے ایک اور کے پی سے 3 افراد شامل ہیں۔

    ایف آئی اے کے مطابق 775 افراد نے ایف آئی اے کے پاس بیان حلفی جمع کرائے، 351افراد کے بیان حلفی آنا باقی ہیں جبکہ رپورٹ میں شکایت کی ہے کہ اٹھارہ افرادتعاون نہیں کررہے، جبکہ ایک مفروراورتریسٹھ افراد کی شناخت نہیں ہوسکی۔

    مزید پڑھیں : پاکستان کے 35 سیاستدان دبئی میں جائیداد کے مالک نکلے ،رپورٹ

    اس سے قبل 17 نومبر کو بھی ایف آئی اے نے دبئی میں پاکستانیوں کی جائیدادوں سے متعلق عبوری رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کی تھی، جس میں بتایا گیا تھا دبئی میں جائیدادیں رکھنےوالے پاکستانیوں کی تعداد895 ہے، تین سو چوہتر نے ایمنسٹی اسکیم کےتحت جائیداد ظاہرکی جبکہ پاکستان کے35 سیاستدان دبئی جائیدادوں کے مالک ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا تھا 69 پاکستانیوں نے سالانہ ٹیکس ریٹرنزمیں دبئی کی جائیدادیں ظاہرکیں جبکہ 72 پاکستانیوں نے دبئی جائیدادیں تسلیم کرنے سے انکار کیا اور 220 پاکستانیوں نے دبئی جائیدادوں سےمتعلق بیان حلفی جمع نہیں کرایا۔