Tag: ایف آئی اے سائبر کرائم سیل

  • ایف آئی اے سائبر کرائم سیل کا بانی پی ٹی آئی سے انکوائری کیلئے خط

    ایف آئی اے سائبر کرائم سیل کا بانی پی ٹی آئی سے انکوائری کیلئے خط

    ایف آئی اے سائبر کرائم سیل کی جانب سے جیل میں موجود پاکستان تحریک انصاف کے بانی سے انکوائری کیلئے خط لکھا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سیل نے جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد سے رابطہ کیا ہے، خط میں لکھا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے ایکس ہینڈل سے ریاست مخالف ویڈیو اور بیانیے کی تشہیر کی گئی۔

    خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے ایکس آفیشل ہینڈل سے ریاست مخالف پروپیگنڈا کیا گیا، ایکس آفیشل ہینڈل سے اداروں اور خصوصاً پاک آرمی کے خلاف پروپیگنڈا کیا گیا۔

    26 مئی کو پوسٹ کی گئی ویڈیو میں آرمی کے خلاف پروپیگنڈا کیا گیا، حقائق کو توڑ مروڑ کر آفیسرز اور جوانوں میں بغاوت پھیلانے کی کوشش کی گئی۔

    خط میں لکھا گیا کہ آفیسرز اور جوانوں میں اشتعال پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، ویڈیو کے ذریعے مختلف ریاستی اداروں میں تفریق پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔

    سائبر کرائم سیل نے لکھا کہ یہ ویڈیو صریحاً پیکا ایکٹ 2016 کی خلاف ورزی ہے، بانی پی ٹی آئی سے تفتیش کے لیے ان تک رسائی دی جائے۔

  • کراچی، ایف آئی اے سائبر کرائم سیل کی کارروائی، خاتون کو ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار

    کراچی، ایف آئی اے سائبر کرائم سیل کی کارروائی، خاتون کو ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار

    کراچی: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) سائبر کرائم سیل نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں ایف آئی اے سائبر کرائم سیل نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو ہراساں کرنے والے ملزم شعیب کو گرفتار کرلیا۔

    ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم شعیب سرکاری ادارے کا ملازم ہے، ملزم پڑوسی خاتون کو کئی عرصے سے ہراساں کررہا تھا۔

    ایڈیشنل ڈائریکٹر فیض اللہ کوریجو کے مطابق خاتون کا شوہر بیرون ملک میں ملازمت کے لیے گیا ہوا ہے، ملزم کے لیپ ٹاپ، موبائل فونز سے تصاویر برآمد کرلی گئی ہیں۔

    مزید پڑھیں: اے آر وائی میں نوکری کا جھانسہ دیکر لوگوں کو لوٹنے والا ملزم گرفتار

    واضح رہے کہ رواں ماہ لاہورمیں اے آر وائی کی شکایت پر ایف آئی اے سائبر کرائم سیل نے کارروائی کرتے ہوئے لوگوں کو جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے والے ملزم کو گرفتار کیا تھا۔

    ملزم لوگوں کو اے آر وائی میں نوکری کا جھانسہ دے کر پیسے بٹورتا تھا، ملزم نے سوشل میڈیا پر مختلف ناموں سے اکاؤنٹ بنا رکھے تھے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ سال لاہور میں ایف آئی اے نے اہم کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر خاتون کو بلیک میل کرنے والے ملزم کو گرفتار کیا تھا، ملزم ثاقب کے خلاف بلیک میل کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ ملزم ثاقب علی سے قابل اعتراض مواد بھی برآمد کر لیا گیا ہے، علاوہ ازیں گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری تھی۔