Tag: ایف آئی اے کے حوالے

  • نندی پورکرپشن کیس تحقیقات کیلئے ایف آئی اے کے حوالے

    نندی پورکرپشن کیس تحقیقات کیلئے ایف آئی اے کے حوالے

    اسلام آباد : حکومت نے نندی پورکرپشن کیس تحقیقات کیلئے ایف آئی اے کے حوالے کردی ، ایف آئی اے رقم کا دیگرکاموں میں استعمال اور فرنس آئل نقصانات پرتحقیقات کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرتوانائی عمر ایوب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ نندی پورکرپشن کیس تحقیقات کیلئے ایف آئی اے کے حوالے کردی ہے۔

    عمرایوب کا کہنا تھا کہ ن لیگ نےفیول سپلائی ادائیگی کیلئے 80 ارب نندی پورتعمیرمیں استعمال میں کیا ، پی ایس او کو 80 ارب روپے کی ادائیگی نہ کر کے نندی پور پاور پلانٹ کی تعمیر کی گئی ، سیکریٹری پاور ڈویژن کو ہدایت کی معاملہ ایف آئی اے کے حوالے کیا جائے۔

    وزیرتوانائی نے مزید کہا کہ ایف آئی اے رقم کادیگرکاموں میں استعمال،فرنس آئل نقصانات پرتحقیقات کرے گی، یہ فنڈز کے غلط استعمال کا کیس ہے،وزیرتوانائی عمر ایوب کا ٹوئٹ

    یاد رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نندی پور پاور پراجیکٹ میں تاخیرسےمتعلق ریفرنس میں بابراعوان کو 25 جون کو بری کردیاتھا جبکہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی بریت کے حوالے سے دائر درخواست مسترد کردیں تھیں۔

    خیال رہے نیب کے مطابق پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں وزراء کی ملی بھگت سے نندی پور پاور پراجیکٹ منصوبے میں 2 سال کی تاخیرہونے سے قومی خزانے کو 27 ارب کا نقصان پہنچا تھا۔

    نندی پور پاور پراجیکٹ کیس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سابق وزیرقانون بابراعوان، سابق سیکریٹری قانون اور دیگر پر فرد جرم عائد ہوچکی تھیں۔

  • اے ٹی ایم فراڈ کرنے والے چینی ملزمان ریمانڈ پرایف آئی اے کے حوالے

    اے ٹی ایم فراڈ کرنے والے چینی ملزمان ریمانڈ پرایف آئی اے کے حوالے

    کراچی : مقامی عدالت نے اے ٹی ایم کے ذریعے ڈیٹا چرا کر پیسے ہتھیانے والے چھ چینی فراڈیوں کو اٹھارہ جنوری تک جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کی تحویل میں دے دیا،عدالت نے ہدایت کی کہ آِئندہ سماعت پر ملزمان کو چینی مترجم کے ساتھ پیش کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ چند دنوں میں سینکڑوں پاکستانیوں کو لاکھوں روپے کا چونا لگا نے والے چینی باشندے آخر کار قانون کی گرفت میں آہی گئے، اے ٹی ایم کے ذریعے پاکستانیوں کی جمع پونجی لوٹے جانے کا انکشاف ہوا تو ایف آئی اے سائبر کرائم حرکت میں آیا اور شہر بھر میں کارروائی کرتے ہوئے چھ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

    گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا، سماعت کے بعد عدالت نے مذکورہ ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا ہے۔

    عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر ملزمان کو مترجم کے ساتھ ساتھ پیش کیا جائے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تفتیشی افسر کا دعویٰ ہے جلد مزید کامیابی حاصل کریں گے۔

    سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ اب تک پانچ بینکوں کے اے ٹی ایم مشینوں سے ملزمان پاکستانیوں کے لاکھوں روپے لوٹ چکے ہیں۔


    مزید پڑھیں: کراچی، اے ٹی ایم سے رقم چوری کرنے والے دو چینی باشندے گرفتار


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔

  • غیرقانونی طورپرمقیم 328 افغان شہری گرفتار، ایف آئی اے کے حوالے

    غیرقانونی طورپرمقیم 328 افغان شہری گرفتار، ایف آئی اے کے حوالے

    کوئٹہ : پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں سکیورٹی فورسز نے قانونی دستاویزات کے بغیر پاکستان میں مقیم 328 افغان شہریوں کو گرفتار کرلیا۔

    گزشتہ روزافغان شہریوں کو سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا۔ کوئٹہ میں فرنٹیئر کور کے ترجمان کے مطابق ایف سی نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر افغان شہریوں کو حراست میں لیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ جن افغان شہریوں کوگرفتار کیا گیا وہ کاروبار وغیرہ کے سلسلے میں یہاں کسی قانونی دستاویز کے بغیر مقیم تھے۔

     ترجمان کے مطابق ان افغان باشندوں کو افغانستان واپس بھیجنے کے لیے ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا ہے۔

     دریں اثناء کوئٹہ شہر کے مشرقی بائی پاس کے علاقے میں عبد اللہ بن زبیر کے نام سے ایک مدرسے کو بھی سیل کردیا گیا ہے۔

    سرکاری حکام کے مطابق اس مدرسے کو سیل کرنے کے علاوہ اس سے سو کے قریب افغان شہریوں کو بھی گرفتار کیا گیا تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ مدرسے سے گرفتار ہونے والے لوگ ان ساڑھے تین سو افراد میں شامل ہیں یا نہیں۔

    چمن میں ایک سرکاری اہلکار نے فون پر بتایا کہ رواں سال اب تک غیر قانونی طور پر بلوچستان میں مقیم ایک ہزار سے زائد افغان باشندوں کو گرفتار کرکے واپس ان کے ملک بھیجا گیا ہے۔

    کوئٹہ شہر اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں افغان شہریوں کے خلاف گذشتہ دو سال سے کارروائیوں میں تیزی آئی ہے لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ سرکاری حکام کی جانب سے اتنی بڑی تعداد میں افغان شہریوں کی گرفتاری ظاہرکی گئی۔

     یہ گرفتاریاں ایک ایسے موقع پر ہوئی ہیں جب چند روز قبل افغانستان کے صوبہ قندہار سے پاکستان کے سو سے زائد شہریوں کو واپس ملک بھجوایا گیا ہے۔

    چمن کے مقامی صحافیوں کے مطابق افغانستان سے واپس آنے والے پاکستانی شہری وہاں محنت مزدوری کرتے تھے۔ انہوں نے یہ الزام عائد کیا تھا کہ افغان حکام نے کسی جواز کے بغیر کے گرفتار کر کے بے دخل کیا ہے۔