Tag: ایف آئی اے

  • چینی اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات، شہباز فیملی اور جہانگیر ترین کے خلاف مقدمات درج

    چینی اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات، شہباز فیملی اور جہانگیر ترین کے خلاف مقدمات درج

    لاہور: ایف آئی اے میں چینی بحران اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور جہانگیر ترین کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایف آئی اے نے چینی بحران اور منی لانڈرنگ کے لیے شہباز شریف، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز سمیت جہانگیر ترین اور علی ترین کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے۔

    ملزمان کے خلاف چینی اسکینڈل سمیت منی لانڈرنگ کی تحقیقات چل رہی تھیں، جہانگیر ترین اور علی ترین کے خلاف 406، 109، 420 اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیاگیا ہے، جب کہ شہباز شریف، حمزہ اور سلمان کے خلاف دھوکا دہی، فراڈ سمیت دیگر دفعات کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    مقدمے کے مطابق جے ڈی ڈبلیو کے اکاؤنٹ سے 1.2 بلین روپے کمپنی جے کے ایف ایس ایل منتقل ہوئے، یہ کمپنی جہانگیر ترین کے بچوں کی ملکیت ہے، جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز نے سالانہ گوشواروں میں غلط اعداد و شمار دیے، جے ڈی ڈبلیو نے جے کے ایس ایف ایل کو 4.35 ارب میں خریدا تھا۔

    دستاویز کے مطابق اس ڈیل سے متعلق بوگس رپورٹ جمع کرائی گئی تھی، جے کے ایس ایف ایل نے وضاحت کی کہ اسے دوسرا خریدار نہیں ملا، جب کہ جے ڈی ڈبلیو نے دھوکا دہی کر کے پبلک شیئر ہولڈرز کے پیسوں سے ڈیل خریدی، جہانگیر ترین اور علی ترین نے منصوبہ بندی سے دھوکا دہی کی۔

    دستاویز کے مطابق جہانگیر ترین جے ڈی ڈبلیو اور علی ترین جے کے ایس ایف ایل کے سی ای او تھے، اثاثوں کی خریداری کا معاملہ ایک ہی دن میں طے کر لیا گیا تھا، جہانگیر ترین مجرمانہ خیانت اور دھوکا دہی کے مرتکب ہوئے۔

    دوسری طرف ایف آئی اے کی تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ شریف گروپ کی جعلی کمپنیز کے کھاتوں میں 25 ارب جمع کرائے گئے، یہ رقم 2008 سے 2018 کے دوران جمع کرائی گئی، ٹرانزیکشنز رمضان اور العریبیہ شوگرملز کے ملازمین کے اکاؤنٹس میں بھی ہوئی، ملازمین نے اعتراف کیا کہ اکاؤنٹس سلیمان شہباز کی خفیہ ٹرانزیکشنز کے لیے کھولے گئے تھے۔

    ایف آئی اے کے مطابق مشتاق چینی والا نے بطور ثبوت چینی کی فروخت کے خفیہ بہی کھاتے فراہم کیے، ان کھاتوں میں رقوم ان افراد نے بھی جمع کرائی جن کا چینی کاروبار سے تعلق نہیں تھا، رقم جمع کرانے والوں میں سیاست دان، سیاسی وابستگی رکھنے والے افراد شامل تھے۔

    ایک سیاست دان کے مطابق اس نے شہباز شریف کو پارٹی ٹکٹ کے لیے 14 ملین کے چیک دیے، چیکس رمضان شوگر ملز کے چپراسی گلزار کے اکاؤنٹ میں کیسے گئے یہ نہیں معلوم۔

  • ایف آئی اے نے ایک ہزار 210 انتہائی مطلوب افراد کی فہرست جاری کردی

    ایف آئی اے نے ایک ہزار 210 انتہائی مطلوب افراد کی فہرست جاری کردی

    اسلام آباد : وفاقی تحقیقاتی ادارے نے ملک بھر سے ایک ہزار 210 انتہائی مطلوب افراد کی فہرست جاری کردی، انتہائی مطلوب ملزمان کی فہرست میں قائدایم کیو ایم اور ن لیگ لندن کے رہنما ناصرمحمود بٹ سمیت پرویز مشرف، شوکت عزیز پر حملے کے ملزمان شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کو انتہائی مطلوب ملزمان کی فہرست سامنے آ گئی، وفاقی تحقیقاتی ادارے کو ملک بھر سے ایک ہزار 210 بڑے ملزمان کی تلاش ہیں۔

    انتہائی مطلوب ملزمان میں ن لیگ لندن کے رہنما ناصرمحمود بٹ بھی شامل ہیں ، ناصربٹ کا نام جج بلیک میلنگ اسکینڈل کے بعد فہرست میں شامل کیا گیا۔

    اس کے علاوہ فہرست میں اشتعال انگیزتقاریر کیس میں قائدایم کیو ایم، محمد انور ، پرویز مشرف، شوکت عزیز ، شجاع خانزادہ پر حملوں کے ملزمان شامل ہیں۔

    انتہائی مطلوب ملزمان میں یوسف رضاگیلانی کےبیٹے علی حیدرگیلانی کے اغوا میں ملوث ملزمان ، ممبئی حملہ کیس میں نامزد ملزمان بھی شامل ہیں۔

    گلگت بلتستان کے 30،بلوچستان 161،خیبرپختونخوا کے737 ، سندھ کے 100،پنجاب کے 122، اسلام آباد کے 32 ملزمان ایف آئی اے کی فہرست میں ہیں۔

  • وزیر اعظم کی ہدایت پر دو سالہ تحقیقات کے بعد حوالہ ہنڈی کے خلاف بڑا قدم

    وزیر اعظم کی ہدایت پر دو سالہ تحقیقات کے بعد حوالہ ہنڈی کے خلاف بڑا قدم

    کراچی: منی لانڈرنگ اور حوالہ ہنڈی کے خلاف ایف آئی اے تحقیقات میں تیزی آ گئی، ذرایع کا کہنا ہے کہ حوالہ ہنڈی کی 94 انکوائریز رجسٹرڈ کر لی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حوالہ ہنڈی اور منی لانڈرنگ پر وزیر اعظم عمران خان نے 2018 میں کریک ڈاؤن کا حکم دیا تھا، 2 سال کی تحقیقات کے بعد ایف آئی اے کراچی نے 94 انکوائریز رجسٹر کر دی ہیں۔

    ذرایع کے مطابق اسٹیٹ بینک سرکل میں انکوائری پر کام کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، تحقیقات میں 5 سال کے درآمدی اور برآمدی سامان کی کلیئرنس کا جائزہ لیاگیا، منی لانڈرنگ میں مختلف کاروباری شخصیات، سرکاری افسران اور سیکٹرز ملوث پائے گئے ہیں۔

    حوالہ ہنڈی کیس، تحقیقات میں اہم انکشافات

    ذرایع کا کہنا ہے کہ 80 فی صد درآمدی سامان کی ادائیگی بینکنگ سیکٹرز سے نہ ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے، سب سے زیادہ رقم ری کنڈیشن گاڑیوں کی ادائیگی ڈالر کی شکل میں باہر گئی، حوالہ ہنڈی میں کئی منی ایکسچینج کمپنیاں بھی ملوث نکلیں۔

    ذرایع کے مطابق حوالہ ہنڈی کی ادائیگی کے لیے دبئی، چین اور لندن بڑے مراکز ہیں، منی لانڈرنگ کے لیے دبئی اور لندن میں جائیداد کی خریداری کو ظاہر کیا گیا، خریداری کے لیے جعلی دستاویزات کا سہارا بھی لیا گیا۔

  • سابق ایم ڈی پی آئی اے اعجاز ہارون ایف آئی اے کے ہاتھوں گرفتار

    سابق ایم ڈی پی آئی اے اعجاز ہارون ایف آئی اے کے ہاتھوں گرفتار

    کراچی: قومی ایئر لائن کے سابق ایم ڈی اعجاز ہارون ایف آئی اے کے ہاتھوں گرفتار ہو گئے، سابق ایچ آر ہیڈ حنیف پٹھان کو بھی گرفتار کر لیاگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایف آئی اے حکام نے کہا ہے کہ سابق ایم ڈی پی آئی اے اعجاز ہارون اور سابق ایچ آر ہیڈ پی آئی اے حنیف پٹھان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    دونوں ملزمان کی گرفتاری ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی کے ہاتھوں عمل میں آئی ہے، ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے غیر قانونی تعیناتیوں پر گرفتار کیا گیا ہے۔

    ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان نے ملی بھگت سے غیر قانونی طور پر 2009 میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے پر سلیم سیانی کی تقرری کی تھی، سلیم سیانی کی تقرری پی آئی اے ہیومن ریسورس کے برخلاف کی گئی تھی۔

    حکام کے مطابق سلیم سیانی کو 20 ہزار ڈالر کی بھاری تنخواہ پر تعینات کیا گیا تھا جب کہ دیگر مراعات میں مکمل میڈیکل کورنگ، 5 اسٹار ہوٹل کے کمرے اور پی آئی اے کے خرچے پر فیملی کو دبئی میں رہنے کی مراعات بھی حاصل تھیں، سلیم سیانی کی تنخواہ میں ہر سال 7 فی صد اضافہ بھی کیا جاتا تھا۔

    دیگر مراعات میں اغوا کے بعد تاوان کی مد میں 10 لاکھ ڈالر کی انشورنس اور معذوری یا اچانک موت پر بھی 10 لاکھ ڈالر کی انشورنس شامل تھی، ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ دیگر مراعات میں ہر سال 3 ماہ کی اضافی تنخواہ بھی شامل تھی۔

  • نیب  نے بینظیر انکم سپورٹ انکوائری ایف آئی اے کو بھیجنے کی سفارش کردی

    نیب نے بینظیر انکم سپورٹ انکوائری ایف آئی اے کو بھیجنے کی سفارش کردی

    اسلام آباد : قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے بینظیر انکم سپورٹ انکوائری ایف آئی اےکوبھیجنےکی سفارش کردی اور کہا ایف آئی اے اور پی ٹی اے کو جعل سازوں کیخلاف آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے بے نظیر انکم سپورٹ جعلی کالز پر انکوائری ایف آئی اے کو بھیجنے کی سفارش کردی، پراسکیوشن ونگ زرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے اس طرز پر مختلف انکوائریاں کر رہا ہے، ایف آئی اے اور پی ٹی اے کو جعل سازوں کیخلاف آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی جائے۔

    پراسیکیوشن ونگ نے کہا ہے کہ نیب کو موصول شکایات ایف آئی اے کو بھیج دیں جائیں اور بینظر انکم سپورٹ پروگرام کے جھوٹے میسج اور کال کرنے والوں کا ڈیٹا بھی ایف آئی اے کو دیا جائے۔

    نیب ذرائع کے مطابق سادہ لوح افراد کو بزریعہ ایس ایم ایس 25 ہزار مامانہ انکم کا لالچ دیا جاتا ہے، ملزمان بزریعہ موبی کیش سادہ لوح افراد سے ماہانہ رقم دینے کے عوض فراڈ کرکہ رقم ہتیاتے ہیں، نیب نے مختلف لوگوں کی شکایات پر 2018 میں انوسٹی گیشن کا آغاز کیا تھا۔

    یاد رہے قومی احتساب بیورو (نیب ) نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں مبینہ کرپشن کے خلاف ریفرنس دائر کیا تھا ، ریفرنس میں انیس ملزمان کو فریق بنایا گیا تھا۔

    بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے تمام افسران کو ایف آئی اے نے طلبی کے نوٹس جاری کر تے ہوئے  افسران کو ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل طلب کیا گیا تھا اور تمام افسران کوبی آئی ایس پی کی سلپ،دیگر دستاویز لانے کی ہدایت کر دی گئی تھی۔

  • منی لانڈرنگ میں ملوث ایک اور بڑا نیٹ ورک بے نقاب

    منی لانڈرنگ میں ملوث ایک اور بڑا نیٹ ورک بے نقاب

    کراچی: شہر قائد میں منی لانڈرنگ میں ملوث ایک اور بڑا نیٹ ورک بے نقاب ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج ایف آئی اے نے کراچی میں شہید ملت روڈ پر ایک رہائشی عمارت پر چھاپا مارا جہاں منی لانڈرنگ کا ایک بڑا نیٹ ورک فعال تھا۔

    ڈائریکٹر ایف آئی اے منیر شیخ کا کہنا تھا کہ چھاپا گرفتار ملزم عبدالجبار میمن کی نشان دہی پر مارا گیا، کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں سونا اور غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی۔

    کارروائی کے دوران متعدد گھروں اور گاڑیوں کے دستاویزات بھی ملے ہیں، ایف آئی اے کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ 15 کروڑ مالیت کی کرنسی اور سونا برآمد ہوا ہے، ملزم کی نشان دہی پر برآمد سونے کی مالیت بھی 14 کروڑ روپے سے زائد ہے۔

    ملزم سے ڈالر، پاؤنڈ، ریال، درہم اور دیگر ملکوں کی کرنسی برآمد ہوئی ہے، برآمد سامان میں کمپیوٹر، گاڑیوں کی رجسٹریشن بُکس اور پراپرٹی دستاویز بھی شامل ہیں۔

    کراچی، حوالہ ہنڈی کا کام کرنے والا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا

    جولائی میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے کراچی میں کھارادار کے علاقے میں کارروائی کے دوران حوالہ ہنڈی کا کام کرنے والے بڑے نیٹ ورک کو پکڑا تھا، اور دو ملزمان گرفتار کیے گئے تھے، جن کے قبضے سے 92 لاکھ روپے نقد اور 5 قیمتی موبائل فون برآمد کیے گئے تھے۔

    ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ کا کہنا تھا کہ ملزمان حوالہ ہنڈی کا وسیع نیٹ ورک چلا رہے تھے، جنھوں نے مختلف ذرایع استعمال کرتے ہوئے کروڑوں کی منی لانڈرنگ کی، ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی شروع کیے گئے تھے۔

  • ایف آئی اے نے اے ٹی ایمز ہیک کرکے پیسے نکالنے والے گینگ کا سراغ لگالیا

    ایف آئی اے نے اے ٹی ایمز ہیک کرکے پیسے نکالنے والے گینگ کا سراغ لگالیا

    راولپنڈی : ایف آئی اے نے اے ٹی ایمز ہیک کرکے پیسے نکالنے والے گینگ کا سراغ لگالیا، جس میں دو سرکاری ملازم کے بھی مبینہ طور پر ملوث ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی ( ایف آئی اے ) کی مختلف تحقیقاتی ٹیمیں اے ٹی ایم اسکینڈل پر کام کررہی ہیں اور شہریوں کے اکاؤنٹس سے رقم ٹرانسفر کرنے کا طویل ڈیٹا ایف آئی اے کو موصول ہوا تھا۔

    جس کے بعد ایف آئی اے نے اے ٹی ایمز ہیک کرکے پیسے نکالنے والے گینگ کا سراغ لگالیا، 5 رکنی گینگ میں دو سرکاری ملازم کے بھی مبینہ طور پر ملوث ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ شہریوں کے اکاؤنٹس سے رقم نکالنے والا گینگ راولپنڈی سے آپریٹ ہورہا ہے، گینگ کے کارندے مختلف اے ٹی ایم کو ہیک کرکے شہریوں کی رقم مختلف اکاونٹس میں ٹرانسفر کردیتے ہیں۔

    حکام نے مزید بتایا کہ اے ٹی ایم سے رقم نکالنے والے گینگ کا سراغ مقامی پولیس کی مدد کے بغیر لگایا گیا، گینگ میں اب تک پانچ ملزمان کی نشاندہی ہوچکی ہے جو متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں جبکلہ گینگ میں دو سرکاری ملازمین بھی شامل ہیں جو الگ الگ سرکاری محکموں میں ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عید قربان کے موقع پر درجنوں اے ٹی ایم ہیک کرکے لاکھوں روپے کی رقم مختلف اکاؤنٹس میں ٹرانسفر کیے تھے، مختلف اے ٹی ایمز میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج اور اکاؤنٹس کی تفصیلات حاصل کر لی گئی ہے اور ملزمان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔

  • علی ترین ایف آئی اے کے سامنے پیش نہ ہوئے

    علی ترین ایف آئی اے کے سامنے پیش نہ ہوئے

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے صاحبزادے ایف آئی اے کے سامنے پیش نہ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین اور ان کی فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات میں ان کے صاحبزادے علی ترین ایف آئی اے کے سامنے پیش نہ ہوئے۔

    علی خان ترین کا کہنا تھا کہ ذاتی طور پر ایف آئی اے کے سامنے پیش نہیں ہوسکتا،میں اس وقت لندن میں ہوں اور والد کی دیکھ بھال کر رہا ہوں،میرے والد جہانگیر ترین کا لندن میں علاج جاری ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ایف آئی اے کے سوالات کے جواب کے لیے مناسب وقت درکار ہے۔

    ایف آئی اے نے جہانگیرخان ترین اور علی خان ترین کو طلب کر لیا

    اس سے قبل گزشتہ روز ایف آئی اے نے تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین کو طلب کیا تھا۔

    یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز میں پیدا ہونے والے چینی بحران پر ایف آئی اے کی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ ملک میں چینی بحران کا سب سے زیادہ فائدہ تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین، وفاقی وزیر خسرو بختیار کے بھائی اور مونس الہیٰ کو ہوا تھا۔

    چینی بحران رپورٹ سامنے آنے کے بعد جہانگیر ترین نے اپنے اوپر لگے الزامات کو مسترد کر دیا تھا اور وفاقی وزیر خسرو بختیار کی وزارت بھی تبدیل کر دی گئی تھی۔

  • کوئٹہ: الیکٹرانک منی آرڈرز میں خورد برد، خاتون سمیت 8 افسران گرفتار

    کوئٹہ: الیکٹرانک منی آرڈرز میں خورد برد، خاتون سمیت 8 افسران گرفتار

    کوئٹہ: ایف آئی اے نے خورد برد میں ملوث جنرل پوسٹ آفس کی خاتون افسر سمیت 8 افسران کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں الیکٹرانک منی آرڈرز میں خورد برد کے خلاف ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون افسر سمیت 8 افسران کو گرفتار کر لیا۔

    ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے منی آرڈر کی رقم میں 1 کروڑ 33 لاکھ روپے کی خورد برد کی،پوسٹل سروسز کے 8 حاضر سروس، ریٹائرڈ افسران سے تفتیش شروع کر دی گئی۔

    جوڈیشل مجسٹریٹ عدالت نے ملزمان کو 5 روزہ ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔

    منی ایکسجینج پر چھاپہ، کروڑوں مالیت کی حوالہ ہنڈی پکڑی گئی، دو ملزمان گرفتار

    قبل ازیں ایف آئی اے نے کراچی میں حوالہ ہنڈی کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ساڑھے9 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی حوالہ ہنڈی پکڑ کر منی ایکسچینج کے مالک کو بیٹے سمیت گرفتار کر لیا تھا۔

    ڈائریکٹرایف آئی اے کے مطابق ٹیم کو دفاتر سے پاکستانی کرنسی، امریکی اور کینڈین ڈالر، یورو، پاؤنڈ، یو اے ای درہم اور تھائی کرنسی ملی۔ان کا کہنا تھا کہ ریکارڈ چیک کیاجارہا ہے کل کتنی مالیت کی منی لانڈرنگ ہوئی۔

  • عدالت نے ایف آئی اے کو شہباز شریف خاندان کی العریبیہ شوگر ملز کیخلاف کارروائی سے روک دیا

    عدالت نے ایف آئی اے کو شہباز شریف خاندان کی العریبیہ شوگر ملز کیخلاف کارروائی سے روک دیا

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے ایف آئی اے کو شہباز شریف خاندان کی العریبیہ شوگر ملز کیخلاف کارروائی سے روک دیا اور وفاقی حکومت سے 18 ستمبر کو جواب طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے العریبیہ شوگر ملز کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ وفاقی حکومت نے چینی کی قلت پر 16 مارچ کو انکوائری کمیشن تشکیل دیا، العریبیہ شوگر ملز پر کارپوریٹ فراڈ کا بے بنیاد الزام عائد کیا گیا۔

    درخواست گزار کا کہنا تھا کہ شوگر ملز کی طرف سے ایک ارب روپے سے زائد شریف فیڈ ملز اور شریف ڈیری فارمز کو منتقل کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا، شوگر ملز کیخلاف تحقیقات 90 روز میں مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    درخواست میں کہا گیا وفاقی کابینہ نے العریبیہ شوگر ملز کیخلاف انکوائری کرنے کا غیر قانونی حکم دیا، جے آئی ٹی کی جانب سے العریبیہ شوگر ملز سے ریکارڈ طلبی کے نوٹس غیر قانونی ہیں۔

    درخواست گزار نے استدعا کی کہ العریبیہ شوگر ملز کیخلاف وفاقی حکومت کے انکوائری کے احکامات کو غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔ طلبی کے نوٹسز معطل اور ہراساں کرنے سے روکا جائے۔

    عدالت نے ایف آئی اے کو شہباز شریف خاندان کی العریبیہ شوگر ملز کیخلاف کارروائی سے روکتے ہوئے وفاقی حکومت سے 18 ستمبر کو جواب طلب کر لیا۔