Tag: ایف آئی اے

  • وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی عمران خان کی سادگی کے نقش قدم پر

    وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی عمران خان کی سادگی کے نقش قدم پر

    اسلام آباد: وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی عمران خان کی سادگی کے نقش قدم پر چل پڑے، سینیٹر فیصل جاوید کی دعوت پر چائے پینے ڈھابہ ہوٹل پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر اعلیٰ نے بھی اپنے قائد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے سادگی اختیار کر لی، انھوں نے سینیٹر فیصل جاوید کی دعوت پر ڈھابہ ہوٹل کا رُخ کر لیا۔

    عثمان بزدار نے پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماؤں کے ساتھ سید پور ولیج کے ایک ڈھابہ ہوٹل پر چائے پی، اس موقع پر وزیرِ اعظم کے مشیر افتخار درانی اور فیاض الحسن چوہان بھی موجود تھے۔

    سید پور ولیج میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب کو دیکھ کر شہری بھی پہنچ گئے، عثمان بزدار بھی عوام میں گھل مل گئے، انھوں نے لوگوں کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔

    ایئرپورٹس پر پروٹوکول پر پابندی عائد


    دوسری طرف وزیرِ اعظم کی کفایت شعاری مہم کے تحت ملک بھر کے تمام ایئر پورٹس پر پروٹوکول دینے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    ایف آئی اے حکام کی جانب سے پروٹوکول نہ دینے کا حکم نامہ جاری کر دیا گیا، حکم نامے کے مطابق امیگریشن افسران کسی بھی مسافر کو پروٹوکول فراہم نہیں کریں گے۔


    اسے بھی ملاحظہ کریں:  وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت کابینہ کا اجلاس ہفتے میں دو بار ہوگا


    حکام نے تنبیہہ کی ہے کہ سفارشی اور خاص مسافروں کو پروٹوکول دینے والے امیگریشن افسران کے خلاف ضابطے کی کاررائی عمل میں لائی جائے گی۔

    واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے آج بھی کابینہ کے اجلاس میں ارکان کو ہدایت کی ہے کہ سادگی کا عمل خود سے شروع کر کے صوبے بھر میں پھیلایا جائے، عوام ہم سے تبدیلی کی امید کر رہی ہے اس لیے تبدیلی لا کر دکھائیں۔

  • جعلی اکاؤنٹس کیس ، سابق صدر آصف زاردی اور ان کی ہمشیرہ چوتھی بار طلب

    جعلی اکاؤنٹس کیس ، سابق صدر آصف زاردی اور ان کی ہمشیرہ چوتھی بار طلب

    کراچی : جعلی اکاؤنٹس کیس میں ملوث سابق صدر آصف زاردی اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو ایف آئی اے نے چوتھی بار طلب کرلیا گیا جبکہ عدالت نے انور مجید اور عبدالغنی مجید کو 27 اگست تک جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ منی لانڈرنگ اسکینڈل ایف آئی اے نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کو چوتھی بار طلب کرلیا، سابق صدر اور ان کی بہن کو 27 اگست پیر کی صبح گیارہ بجے پیش ہونے کے لیے نوٹس جاری کر دئیے گئے۔

    ایف آئی اے کی جےآئی ٹی دونوں سے جعلی اکاؤنٹس سے متعلق پوچھ گچھ کریں گی۔

    اس سے قبل بھی آصف زرداری اور فریال تالپور کو تین بار طلب کیا گیا تھا تاہم دونوں پیش نہیں ہوئے جبکہ سابق صدر اور ان کی ہمشیرہ نے عدالتوں سے ضمانت لے رکھی ہے۔

    دوسری جانب عدالت نے انو ر مجید کو مزید 27 اگست تک جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا ہے۔

    مزید پڑھیں : سابق صدرآصف زرداری نے حفاظتی ضمانت حاصل کرلی

    یاد رہے 17 اگست کو کراچی کی بینکنگ عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کی استدعا منظور کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری سمیت دیگر مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

    ناقابل ضمانت وارنٹ جاری ہونے کے بعد آصف زرداری نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل کرلی جب کہ فریال تالپور سمیت کیس کے 4ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے عبوری ضمانت لے رکھی ہے۔

    واضح رہے کہ جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کرنے کے کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور بھی نامزد ہیں۔

    خیال رہے ایف آئی اے نے ایک رپورٹ میں 3 بینکوں میں 29 جعلی اکاؤنٹس کی نشان دہی کی تھی جن کے ذریعے 35 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی۔

  • جعلی اکاؤنٹس کیس: انورمجید کے گرد گھیرا مزید تنگ

    جعلی اکاؤنٹس کیس: انورمجید کے گرد گھیرا مزید تنگ

    اسلام آباد: جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں اومنی گروپ کے مالک انور مجید کے گرد گھیرا مزید تنگ ہو گیا، 12 فیکٹریاں اور شوگر ملز سیل، جعلی اکاؤنٹس کے مقدمے میں منی لانڈرنگ کی دفعہ بھی شامل ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے ) نے جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں اومنی گروپ کے مالک انور مجید اور ان کے بیٹے عبد الغنی مجید کے گرد گھیرا مزید تنگ کر دیا۔

    ذرائع ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ انور مجید کی 12 فیکٹریاں اور شوگر ملز سیل کر دیے گئے ہیں، اور اومنی گروپ کے خلاف بھی تحقیقات ہوں گی۔

    ذرائع کے مطابق اومنی گروپ کے مالک انور مجید کے تمام اکاؤنٹس بھی سیل کر دیے گئے، اب تک جعلی اکاؤنٹس میں 44 ارب روپے کی منتقلی کے شواہد مل چکے ہیں۔

    ایف آئی اے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مذکورہ جعلی اکاؤنٹس سے 100 ارب سے زائد کی ترسیل کے شواہد ملنے کا امکان ہے۔

    دریں اثنا ایف آئی اے ٹیم انور مجید اور ان کے صاحب زادرے عبد الغنی کو آج کراچی منتقل کردے گی، انور مجید کو گزشتہ روز سپریم کورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا گیا تھا۔

    [bs-quote quote=”منی لانڈرنگ کا یہ کیس پہلی بار 2015 میں اسٹیٹ بینک نے اٹھایا تھا، اسٹیٹ بینک نے ایف آئی اے کو مشکوک ترسیلات کی رپورٹ بھیجی تھی جس کے مطابق اومنی گروپ کے کہنے پر انتظامیہ نے بینک منیجرز کے ذریعے جعلی اکاؤنٹس کھولے۔ یہ اکاؤنٹس 2013 سے 2015 کے دوران 6 سے 10 مہینوں کے لیے کھولے گئے جن کے ذریعے منی لانڈرنگ کی گئی۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ کے حکم پر انکوائری ہوئی تو مشکوک ترسیلات میں ملوث بینک اکاؤنٹس اومنی گروپ کے نکلے۔” style=”style-7″ align=”center” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    واضح رہے کہ اومنی گروپ کے مالک انور مجید گزشتہ روز وہ اپنے چار بیٹوں سمیت چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں عدالتی بینچ کے سامنے پیش ہوئے تھے۔

    جعلی بینک اکاؤنٹ کیس: انورمجید بیٹے سمیت عدالت سے گرفتار

    سپریم کورٹ انور مجید اور ان کے بیٹوں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کا حکم دے چکی ہے، جب کہ اس سلسلے میں جے آئی ٹی بننے تک ملزمان کی جائیدادیں بھی ضبط کر لی گئی ہیں۔ کیس میں اب تک ایف آئی اے 29 جعلی بینک اکاؤنٹس کا سراغ لگا چکی ہے۔

    اس کیس میں کئی با اثر شخصیات اور بعض بینکوں کے سربراہان کے نام بھی سامنے آئے ہیں، مقدمے میں چیئرمین پاکستان اسٹاک ایکسچینج حسین لوائی کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

  • ایف آئی اے کا انورمجید اوران کے بیٹے کوکراچی منتقل کرنے کا فیصلہ

    ایف آئی اے کا انورمجید اوران کے بیٹے کوکراچی منتقل کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے ) نے اومنی گروپ انور مجید اور ان کے بیٹے کو کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا ، انہیں گزشتہ روز اسلام آباد سےگرفتار کیا گیا تھا۔

    ایف آئی اے ذرائع کے مطابق جعلی بینک اکاؤنٹ کیس میں گرفتار انور مجید اور ان کے بیٹے عبدالغنی کو آج اسلام آباد سے کراچی منتقل کیا جارہا ہے، شام چھ بجے ڈائریکٹر ایف آئی اور ان کی ٹیم دونوں باپ بیٹوں کو اپنی تحویل میں لے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان کو عام پسنجر فلائٹ کے ذریعے کراچی منتقل کیا جارہا ہے اور ان کے ہمراہ اسلام آباد سے کراچی سفر کے دوران ایف آئی اے کی ٹیم موجود ہوگی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز ہونے والی سماعت میں چیف جسٹس آف پاکستان نے انور مجید فیملی کی جانب سے دائر کردہ حفاظتی ضمانت مسترد کردی۔سپریم کورٹ نے انور مجید فیملی کا نام ایگز ٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا حکم بھی صادر کیا ، سماعت ختم ہونے کے بعد انور مجید اور ان کے بیٹے عبدالغنی کو کمرہ عدالت کے باہر سے حراست میں لے لیا گیا تھا۔

    سماعت میں سپریم کورٹ نے انور مجید کی جانب سے کی جانے والی حفاظتی ضمانت کی استدعا بھی مسترد کردی اور کہا کہ انور مجید فیملی کی ضمانت ذیلی عدالت کا معاملہ ہے۔

    عدالت کی جانب سے اومنی گروپ کے بینک اکاؤنٹس بحال کرنے کی درخواست بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے کے کام میں مداخلت نہیں کرسکتے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر چیف جسٹس نےانور مجید فیملی کے عدالت میں پیش نہ ہونے سے متعلق درخواست مسترد کردی اور اومنی گروپ کی جائیدادیں اور بینک اکاؤنٹ کی قرقی کا حکم دے دیا تھا۔

  • آصف زرداری ماضی کی طرح آگے بھی مقدمات کا سامنا کریں گے: نفیسہ شاہ

    آصف زرداری ماضی کی طرح آگے بھی مقدمات کا سامنا کریں گے: نفیسہ شاہ

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ آصف زرداری نے جیلیں کاٹی ہیں، وہ ماضی کی طرح آگے بھی مقدمات کا سامنا کریں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’الیونتھ آور‘ میں انٹرویو دیتے ہوئے کیا، نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ ایف آئی آر میں براہ راست آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام نہیں، اس کے باجود انہیں اشتہاری قرار دیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ آصف زرداری جب سے سیاست میں آئے ان کے خلاف کیسز ہیں،انہوں نے 11 سال جیل کاٹی اور مقدمات کا سامنا کیا، اور عدالتوں نے آصف زرداری کو مقدمات سے بری کیا۔

    رہنما پی پی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے خلاف ماضی میں بھی سازشیں ہوئی ہیں، آصف زرداری نے حالات کا سامنا کیا، اور جیلیں کاٹیں۔

    پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت تو ابھی سے اپوزیشن سے ڈر گئی ہے، ہم تو چاہیں گے حکومت اپنی مدت پوری کرے۔


    فریال تالپور نے ایف آئی اے کا چالان چیلنج کردیا


    خیال رہے کہ وفاقی تحیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) میں آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو منی لانڈرنگ کیس سے متعلق تحیقات کا سامنا ہے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی بہن فریال تالپور نے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں ایف آئی اے کا عبوری چالان سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

    فریال تالپور کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ایف آئی اے کی ایف آئی آر میں منی لانڈرنگ کا ذکر نہیں، چالان میں فریال تالپور کا کوئی کردار واضح نہیں جبکہ الزامات سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

  • فریال تالپور ایف آئی اے کے سامنے پیش نہ ہوئیں، نئی جے آئی ٹی بنانے کی درخواست

    فریال تالپور ایف آئی اے کے سامنے پیش نہ ہوئیں، نئی جے آئی ٹی بنانے کی درخواست

    اسلام آباد : جعلی اکاؤنٹ اور منی لانڈرنگ کیس میں فریال تالپور پیش نہیں ہوئیں، انہوں نے نئی جے آئی ٹی بنانے کی درخواست دے دی، کیس کی آئندہ سماعت پیر کو ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق جعلی اکاؤنٹ اور اربوں روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کی جانب سے طلب کیے جانے پر سابق صدر آصف زرداری کی ہمشیرہ اور نو منتخب ایم این اے فریال تالپور ایف آئی اے کے روبرو پیش نہیں ہوئیں، جے آئی ٹی ارکان انتظار کرتے رہے، جونیئر وکیل نے پیشی کیلئے نئی تاریخ کی استدعا کر دی۔

    فریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک کا کہنا ہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں فریال تالپورنے ایف آئی اے کے سامنے پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے، فریال تالپور ایف آئی اے سے مکمل تعاون کرناچاہتی ہیں، وہ اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کے لیے لاڑکانہ میں ہیں۔

    لہٰذا فریال تالپور آج ایف آئی اے میں پیش نہیں ہوں گی،  ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ کی تبدیلی اور نئی جے آئی ٹی تشکیل دینے کیلئے ڈی جی ایف آئی اے کو درخواست بھی دے دی۔

    اس حوالے سے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ایف آئی اے ٹیم نے جے آئی ٹی کو اہم شواہد پیش کردیئے ہیں اور پینتیس ارب میں سے تئیس ارب روپے کی منی ٹریل حاصل کرلی گئی ہے۔

    فریال تالپورکی نئی جے آئی ٹی کی درخواست اور جعلی اکاؤنٹ کیس کی سماعت پیر کو ہوگی جس میں ایف آئی اے کی ٹیم عملدرآمد رپورٹ پیش کرے گی۔ یاد رہے کہ جے آئی ٹی نے آصف زرداری اور فریال تالپور کو اسلام آباد طلب کیاتھا۔

    دوسری جانب آصف زرداری اور فریال تالپورسے متعلق ایف آئی اے کمیٹی کا اجلاس ختم ہوگیا، اجلاس میں دونوں شخصیات کی عدم حاضری پر قانونی مشاورت کی گئی، اجلاس میں فریال تالپور کی جے آئی ٹی سے متعلق درخواست کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری، فریال تالپور کی عدم حاضری سے متعلق ایف آئی اے نے جواب تیار کرلیا ہے، تحقیقات کے لئے پیش نہ ہونے کا معاملہ سپریم کورٹ بھیجنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایف آئی اے اپنا جواب آئندہ سماعت پر سپریم کورٹ میں جمع کرائے گی، ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کی ہدایات کے بعد ملزمان کی دوبارہ طلبی کا فیصلہ ہوگا۔

  • ایون فیلڈ ریفرنس : حسن اور حسین نواز کی گرفتاری کیلئے ایف آئی اے کا انٹرپول کو خط

    ایون فیلڈ ریفرنس : حسن اور حسین نواز کی گرفتاری کیلئے ایف آئی اے کا انٹرپول کو خط

    اسلام آباد : ایون فیلڈ ریفرنس میں مطلوب اشتہاری ملزمان حسن اور حسین نواز کی گرفتاری کیلئے وزارت داخلہ نے ایف آئی اے کو ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی منظوری دے دی، خط وزارت داخلہ کی منظوری کے بعد انٹرپول کو لکھا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس میں مطلوب سابق وزیراعظم نوازشریف کے صاحبزادے حسن اور حسین نواز کو قانون کی گرفت میں لانے کیلئے ایف آئی اے نے انٹر پول کو خط لکھ دیا۔

    ایف آئی اے نے مذکورہ خط وزرات داخلہ کی منظوری کے بعد انٹرپول کو ارسال کیا،وزارت داخلہ نے ایف آئی اے کو حسن نواز اور حسین نواز کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور اس حوالے سے ایف آئی اے کو تحریری ہدایت نامہ بھیجا گیا۔

    احتساب عدالت دونوں بھائیوں کو اشتہاری قرار دے کر ان کے دائمی وارنٹ جاری کرچکی ہے جبکہ اس سے قبل نیب کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے بھی دونوں ملزمان کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کرنے کی منظوری دی تھی۔

  • فریال تالپور نے ایف آئی اے کا چالان چیلنج کردیا

    فریال تالپور نے ایف آئی اے کا چالان چیلنج کردیا

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور نے منی لانڈرنگ کیس میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کا عبوری چالان سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی بہن فریال تالپور نے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں ایف آئی اے کا عبوری چالان سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔

    فریال تالپور کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ایف آئی اے کی ایف آئی آر میں منی لانڈرنگ کا ذکر نہیں۔ چالان میں فریال تالپور کا کوئی کردار واضح نہیں اورالزامات سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ ایف آئی آر سے کہیں ظاہر نہیں کہ کمیشن یا بدعنوانی کی ہو، لہٰذا ایف آئی اے کے چالان کو غیر قانونی قرار دے کرمعطل کیا جائے۔

    درخواست میں مزید کہا گیا کہ ایف آئی اے کے چالان پر حکم امتناعی جاری کر کے کارروائی کی جائے۔

    خیال رہے کہ الیکشن سے چند روز قبل منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو طلب کیا گیا تھا تاہم دونوں نے الیکشن کے بعد تک کی مہلت طلب کی تھی۔

    دو روز قبل فریال تالپور نے 20 لاکھ روپے زرِ ضمانت کے عوض 6 اگست تک حفاظتی ضمانت حاصل کرلی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • منی لانڈرنگ کیس: فریال تالپورنے زرضمانت جمع کرادی

    منی لانڈرنگ کیس: فریال تالپورنے زرضمانت جمع کرادی

    کراچی : پیپلزپارٹی کی رہنمااور سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور نے منی لانڈرنگ کیس میں 20 لاکھ روپے زرِ ضمانت کے عوض ضمانت حاصل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق منی لانڈرنگ کیس میں پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپورعدالت میں پیش ہوئیں اور انہوں نے بیکنگ کورٹ میں 20 لاکھ روپے زرضمانت جمع کرادیے، ساتھ ہی انہوں نے تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کے لیے پندرہ روز کی مہلت طلب کرلی۔

    یادرہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے چھ روز قبل فریال تالپور کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی تھی، جس کی مہلت آج ختم ہورہی تھی ، حالیہ ضمانت چھ اگست تک کے لیے منظور کی گئی ہے۔

     سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور نے ایف آئی اے کی تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کے لیے پندرہ روز کی مہلت بھی طلب کی ہے، انہیں آج بینکنگ سرکل کے روبرو پیش ہوناتھا۔

    پیپلزپارٹی کی رہنما کی جانب سے ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے درخواست جمع کرائی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ فریال تالپور بینکنگ کورٹ میں مصروف ہیں۔

    فریال تالپور کے وکیل کی جانب سے درخواست میں کہا گیا کہ ان کے موکل کو جے آئی ٹی میں پیش ہونے کے لیے کوئی اور تاریخ دی جائے۔

    خیال رہے کہ ایف آئی اے نے آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو 11 جولائی کو طلب کیا تھا تاہم دونوں رہنما پیش نہیں ہوئے تھے اور ضمانت حاصل کرلی تھی۔

    واضح رہے کہ 12 جولائی سپریم کورٹ میں مبینہ جعلی اکاؤنٹس سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نےکہا تھا کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کوالیکشن تک نہ بلایا جائے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ایف آئی اے نے آصف زرداری اور فریال تالپور کو مفرور قرار دے دیا

    ایف آئی اے نے آصف زرداری اور فریال تالپور کو مفرور قرار دے دیا

    کراچی: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے آصف زرداری اور فریال تالپور کو اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں مفرور قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق منی لانڈرنگ کیس کا عبوری چالان کراچی سٹی کورٹ میں جمع کرا دیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ آصف زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور مفرور ہیں۔

    کیس چالان کے مطابق مفرور افراد کی فہرست میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور کا نام 19 اور 20 ویں نمبر پر درج کیا گیا ہے، مقدمے کا عبوری چالان سیشن جج جنوبی کی عدالت میں جمع کرایا گیا۔

    حسین لوائی و دیگر کے خلاف مقدمے کے چالان میں دونوں ملزمان کو مفرور ظاہر کیا گیا ہے، مفرور قرار دیے گئے دیگر ملزمان میں انور مجید اور ان کے بیٹے کا نام بھی شامل ہے۔

    چالان میں نجی بینک کے چیئرمین سمیت مجموعی طور پر 20 افراد کو مفرور قرار دیا گیا ہے، جن میں زرداری اور فریال تالپور کے نام آخری نمبر پر ہیں۔

    آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم

    واضح رہے کہ ایف آئی اے نے ایک رپورٹ میں 3 بینکوں میں 29 جعلی اکاؤنٹس کی نشان دہی کی تھی جن کے ذریعے 35 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی، اس کیس میں آصف زرداری کے قریبی ساتھی حسین لوائی کو گرفتار کیا گیا۔

    منی لانڈرنگ کیس: آصف زرداری کا سپریم کورٹ میں‌ پیش نہ ہونے کا فیصلہ

    منی لانڈرنگ کیس میں حسین لوائی سمیت 32 افراد کے خلاف بے نامی اکاؤنٹس کی تحقیقات جاری ہیں، یہ اکاؤنٹس 2014 میں چند ماہ کے لیے کھولے گئے تھے جن کی تحقیقات 2015 میں شروع کی گئیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔