Tag: ایف اآئی اے

  • افغان شہری کو ایئرپورٹ پر غیر قانونی سہولت دینے والے 2 ایف آئی اے اہلکار گرفتار

    کراچی: کراچی ایئرپورٹ پر ایک افغان شہری کو غیر قانونی طور پر کینیڈا بھیجنے کی سہولت دینے والے 2 ایف آئی اے اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق رحمت اللہ نامی افغان شہری کو جعلی بورڈنگ کارڈ پر کینیڈا روانگی کی سہولیات فراہم کرنے میں ملوث 2 ایف آئی اے اہل کار گرفتار ہو گئے۔

    ایف آئی اے امیگریشن کے کامران اور وحید نامی ہیڈ کانسٹیبلز نے افغان شہری کے ساتھ 25 لاکھ روپے میں معاملہ طے کیا تھا، افغان شہری کی کینیڈا روانگی کے لیے ایف آئی اے اہل کاروں سے ڈیل روالپنڈی کے 2 ایجنٹس نے کی تھی۔

    ایف آئی اے نے الیاس اور عثمان نامی ایجنٹس کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی شروع کر دی، گرفتار دونوں اہل کاروں کو ایئر پورٹ بلا کر ہتھکڑی لگائی گئی تھی، اور پھر پاسپورٹ سرکل حکام کے حوالے کیا گیا۔

    جعلی بورڈنگ پاس اور کینیڈا کے جعلی اسٹڈی پرمٹ کے ساتھ مسافر ایئرپورٹ پر گرفتار

    یاد رہے کہ افغان شہری کو 8 جنوری کو پی آئی اے کی ٹورنٹو پرواز کی فائنل چیکنگ پر گرفتار کیا گیا تھا، دونوں اہل کاروں نے ملزم کو امیگریشن کاؤنٹر پر لائے بغیر بین الاقوامی روانگی لاؤنج تک پہنچایا۔

    اہل کاروں نے مبینہ طور پر افغان شہری کو پی آئی اے پرواز نمبر 783 کا جعلی بورڈنگ کارڈ بھی فراہم کیا۔

    ملزم رحمت اللہ، اس کے بھائی اور دونوں ایف آئی اے اہل کاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، ملزم افغان شہریوں نے پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈز بھی حاصل کر رکھے تھے، اور ان کے قبضے سے افغان پاسپورٹس اور شناختی کارڈز برآمد کیے گئے۔

  • آصف زرداری جن کیسز کا سامنا کررہے ہیں وہ نواز دور کے ہیں، قمر زمان کائرہ

    آصف زرداری جن کیسز کا سامنا کررہے ہیں وہ نواز دور کے ہیں، قمر زمان کائرہ

    اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ آصف زرداری فریال تالپور کیس میں ملزم نہیں وہ گواہوں کی فہرست میں ہیں، رپورٹنگ درست نہیں تھی تو ایف آئی اے کو اس پر وضاحت دینا چاہیے تھی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ  نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف آئی اے نے آصف زرداری سے کوئی سوال نہیں کیا اور نہ ہی کوئی سوالنامہ دیا ہے۔

    رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کا 2008 سے زرداری گروپ سے کوئی تعلق نہیں، بطور صدر آصف زرداری نے تمام کارو باری کام چھوڑ دیئے تھے۔

    قمر زمان کائرہ نے آصف زرداری کی ہمشیرہ کے حوالے سے میڈیا کو بتایا کہ فریال تالپورپراس کیس میں الزام نہیں وہ گواہوں کی فہرست میں ہیں، عدالت میں ہونے والی کارروائی کی خبریں باہر آتی ہیں۔

    پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ مطالبہ صرف اتنا ہے جو عدالت میں ہوا ہی نہیں اس کی خبر کیسے چلی، سوالنامہ ایف آئی اے سے متعلق رپورٹ ہوگیا، رپورٹنگ درست نہیں تھی تو ایف آئی اے کو اس پر وضاحت دینا چاہیے تھی۔

    انہوں نے کہا ہے کہ چیف جسٹس سے مطالبہ کرتے ہیں اس معاملے کا نوٹس لیں، ایف آئی اے، پیمرا سمیت سب کو ذمہ داری کا احساس کرنا چاہیے۔

    قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آصف زرداری سے نیب میں کوئی سوال نہیں پوچھے گئے، آصف زرداری اور فریال تالپور اس کیس میں ملزم نہیں ہیں، حقائق کے منافی خبریں نہ دی جائیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ آج  آصف زرداری جن کیسز کو فیس کر رہے ہیں نواز دور کے ہیں۔


    مزید پڑھیں : جعلی اکاؤنٹس کیس: آصف علی زرداری اور فریال تالپور ایف آئی اے میں پیش


    منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زداری اور ان کی بہن فریال تالپوروفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے۔

    ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے نجف مرزا نے منی لانڈرنگ کیس میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور سے 38 منٹ تک پوچھ گچھ کی جس کے دوران مختلف سوالات پوچھے گئے۔

    منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور نے عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کررکھی ہے تاہم آج دونوں ایف آئی اے کی جانب سے چوتھی بار طلب کیے جانے پرپیش ہوئے۔

  • ٹڈاپ اسکینڈل: ای سی ایل میں‌ نام کے باوجود ملزم کراچی آکر پھر فرار

    ٹڈاپ اسکینڈل: ای سی ایل میں‌ نام کے باوجود ملزم کراچی آکر پھر فرار

    کراچی: ایف آئی اے اہلکاروں کی ملی بھگت سے ٹڈاپ اسکینڈل کے ملزم کے ای سی ایل میں نام ہونے کے باوجود بیرون ملک سے یہاں آنے اور واپس چلے جانے کا انکشاف ہواہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اسپیشل برانچ کی مبینہ ملی بھگت سے ٹڈاپ اسکینڈل کا ملزم شہباز دبئی سے کراچی آیا اور فرار بھی ہوگیا۔

    سال 2013ء میں بیرون ملک فرار ہونے والا ملزم شہباز 5 روز پہلے دبئی سے پرواز نمبر ای کے 608 کے ذریعے کراچی آیا تھا، اس کا نام ای سی ایل میں ہونے کے باوجود اسے نہ روکا گیا اور نہ گرفتار کیا گیا۔

    اطلاعات ہیں کہ ملزم ٹڈاپ،فریٹ سبسڈی کرپشن کیس کی مد میں کروڑوں کا نقصان پہنچا چکا ہے اور سیکیورٹی اداروں کو مطلوب ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز ایف آئی اے،اسپیشل برانچ کی ملی بھگت سے بیرون ملک فرار ہوا، ملزم کو فرار کرانے پر اسپیشل برانچ کے انسپکٹر سمیت 3 اہلکاروں کو معطل کرکے ان کے خلاف تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

    ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اہلکاروں کو زونل آفس بھیج دیا گیا ہے اور انہیں شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔

  • میگا کرپشن کیس کی تحقیقات ایک ماہ میں مکمل کرلی جائے، چوہدری نثار

    میگا کرپشن کیس کی تحقیقات ایک ماہ میں مکمل کرلی جائے، چوہدری نثار

    اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے ایف آئی اے کو تمام میگا کرپشن کیسز کی تحقیقات ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا، جس میں سیکریٹری داخلہ ،سیکریٹری نارکوٹکس،آئی جی اسلام آباد اورڈی جی پاسپورٹ اوردیگرافسران  نے شرکت کی۔

    اجلاس میں ایف آئی اے، اے این ایف اور محکمہ پولیس کے افسران نے اہم کیسز پر بریفنگ دی، تحقیقاتی اداروں کی جانب سے وزیرداخلہ کو میگا کرپشن کیس کی تحقیقات، اغوا برائے تاوان، ای او بی آئی، ڈی پی اور پی ایس او کے خلاف جاری تحقیقات عدالت میں پیش کرنے کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

    اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے خطاب کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو میگا کیسز کی تحقیقات کو ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی اور اصغر خان کیس کی بھی عبوری رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرانے کی ہدایت کی۔

    حکام کی جانب سے وزیر داخلہ کو آگاہ کیا گیا کہ پولیس، ایف آئی اے اور اے این ایف نے 100 روز کے دوران 1800 سے زائد مفرور اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ 769 شناختی کارڈ بلاک کردیے گیے ہیں۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ 1139 ملزمان کے پاسپورٹ، 581 بینک اکاؤنٹس اور 826 موبائل سمز کی شناخت کی گئی ہے جو اشتہاری ملزمان کے زیر استعمال تھیں۔