Tag: ایف آئی اے

  • ایف آئی اے نے عوام کو خبردار کر دیا

    ایف آئی اے نے عوام کو خبردار کر دیا

    اسلام آباد (25 اگست 2025): فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے  ملک بھر کے عوام کو سائبر کرائم عناصر سے خبردار کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے جاری بیان میں ملک بھر کے عوام کو جعلسازوں اور سائبر کرائم عناصر سے خبردار کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا بالخصوص واٹس ایپ پر جعلی پیغامات سے ہوشیار رہیں اور ذاتی معلومات ہرگز شیئر نہ کریں۔

    ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے واٹس پر جعلی ایف آئی آر سے ڈرا کر عوام الناس کو ہراساں کرنے کی اطلاعات ہیں۔ ان عناصر کی جانب سے جعلی ایف آئی آر میں بے گناہ شہریوں کو نامزد کر کے انہیں خوف و ہراس میں مبتلا کیا جا تا ہے۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ عناصر خود کو ایف آئی اے اہلکار ظاہر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ شہریوں کو سائبر کرائمز اور دہشتگردی جیسے الزامات سے بلیک میلنگ کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ادارےکی طرف سے کسی فرد کو بھی اس نوعیت کے پیغام واٹس ایپ پر نہیں بھیجے جاتے۔ عوام کسی بھی مشکوک پیغام یا رابطے کی شکایت نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کو درج کرائیں۔

    https://urdu.arynews.tv/fia-cybercrime-gets-powers-to-act-against-social-media-offences/

  • کراچی :  دبئی سے چلنے والا حوالہ ہنڈی کا نیٹ ورک پکڑگیا

    کراچی : دبئی سے چلنے والا حوالہ ہنڈی کا نیٹ ورک پکڑگیا

    کراچی : ایف آئی اے نے دبئی سے چلنےوالا حوالہ ہنڈی کا نیٹ ورک پکڑلیا، ملزم سے 7 کروڑ روپے اور 11 ہزار 900 ڈالر برآمد ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پی ای سی ایچ ایس میں چھاپہ مار کر ملزم ندیم کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان نے بتایا کہ ملزم سے 7 کروڑ روپے اور 11 ہزار 900 ڈالر برآمد ہوئے ، دبئی سے حوالہ ہنڈی کا نیٹ ورک چلایا جا رہا تھا۔

    ایف آئی اے نے کہا کہ ملزمان نے کراچی میں ملازم رکھے ہیں، جورائیڈرزکےطورپرکام کرتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزم گرفتار، لاکھوں مالیت کی ملکی وغیرملکی کرنسی برآمد

    ملزم فاروق کی نشاندہی پر گولڈ لیب پر چھاپہ مارا ، جہاں سے 5 کروڑ روپے سے زائد برآمد ہوئے، ملزم فاروق نےحسیب کےکہنے پر ڈیڑھ کروڑ سےزائد رقم آصف موتی والا کو منتقل کی۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ملزم سعد سکھر بھی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا ، آصف موتی والا،سعدسکھر حوالہ ہنڈی میں حسیب اور سودیس کےساتھی ہیں۔

    وفاقی تحقیقاتی ادارے نے کہا کہ دبئی سے چلنے والے حوالہ ہنڈی کے ورک کے5افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ، مقدمے میں حسیب رضوان ،سودیس رضوان، محمد فاروق ،سعد سکھر اور آصف موتی والا کو نامزد کیا گیا ہے۔

  • امریکی ورک ویزا حاصل کرنے کے خواہشمند افراد ہوشیار ہوجائیں!

    امریکی ورک ویزا حاصل کرنے کے خواہشمند افراد ہوشیار ہوجائیں!

    پشاور: امریکی ورک ویزا حاصل کرنے کے خواہشمند افراد ہوشیار ہوجائیں! ویزہ فراڈ میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے اسلام آباداور پشاور میں کارروائیاں کرتے ہوئے ویزہ فراڈ اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث 2 اشتہاریوں سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    ایف آئی اے نے بتایا کہ اسلام آباد سے گرفتار 2 ملزمان 2024 کےمقدمےمیں مطلوب تھے اور خلیل اللہ اور مرجان علی نے امریکی ورک ویزے کا جھانسہ دیکرلاکھوں روپے لیے، ملزمان شہری سے پیسے لینے کے بعد روپوش ہوگئےتھے۔

    دوسری جانب پشاور سے گرفتار ملزم بغیر لائسنس ٹریول ایجنسی چلارہا تھا، ملزم حارث خان کے دفتر سے 4 پاکستانی پاسپورٹس برآمد ہوئے۔

    یاد رہے اس سے قبل بھی ورک ویزے کے نام پر فراڈ میں ملوث ایجنٹ فہیم خان کو گرفتار کیا تھا، ملزم نے شہریوں سے بیرون ملک ملازمت کے نام پرلاکھوں روپے لیے تھے۔

    ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ ملزم سے 32 پاسپورٹس ، موبائل فون اور دیگر شواہد برآمد ہوئے ہیں ، ملزم بغیر لائسنس شہریوں سے پاسپورٹ وصول کر رہا تھا۔

  • نادیہ حسین کو ایف آئی اے کیخلاف سوشل میڈیا پر بیان دینا مہنگا پڑ گیا

    نادیہ حسین کو ایف آئی اے کیخلاف سوشل میڈیا پر بیان دینا مہنگا پڑ گیا

    اداکارہ و معروف ماڈل نادیہ حسین کی جانب سے ایف آئی اے پر مبینہ رشوت کے الزام کا معاملے پر ایف آئی اے نے قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے نادیہ حسین کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، معروف ماڈل نادیہ حسین نے ایف آئی اے افسر کیخلاف پوسٹ شیئر کی تھی۔

    نادیہ حسین کیخلاف کارروائی کیلئے سائبر کرائم ونگ میں درخواست دائر کی گئی، اداکارہ نے ڈائریکٹر ایف آئی اے کیخلاف رشوت طلبی کا الزام لگایا تھا۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر پوسٹ سے ایک روز قبل نادیہ حسین کو حقائق کے بارے میں بتایا گیا تھا، اداکارہ کو معلوم تھا کہ اس کو جعلساز نے جعلی افسر بن کر فون کیا۔

    حقائق معلوم ہونے کے باوجود نادیہ حسین نے پوسٹ کی اور اس پوسٹ کو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل کیا گیا۔

    مزید پڑھیں : نادیہ حسین کے شوہرسے دوارن تفتیش اہم انکشافات 

    واضح رہے کہ رواں ماہ 8 مارچ کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کارپوریٹ کرائم سرکل نے معروف پاکستانی اداکارہ نادیہ حسین کے گھر پر چھاپہ مار کر ان کے شوہر عاطف احمد خان کو بینک فراڈ کیس میں گرفتار کیا تھا۔

    ملزم عاطف خان سے ایف آئی اے کی جانب سے تفتیش جاری ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ عاطف کے فراڈ کا سلسلہ 2016 سے دسمبر 2023 تک چلتا رہا تھا۔

    ایف آئی اے ذرائع کے مطابق 7 سال میں بینکنگ گروپ کو 1 ارب 20 کروڑ کا نقصان ہوا، یہ بات ناقابل یقین ہے کہ بورڈ اس فراڈ سے بے خبر تھا، پتہ چلانے کی کوشش کررہے ہیں کہ فراڈ میں اور کون لوث ہے، کیوں کہ عاطف خان کے علاوہ دیگر کئی افراد کا کردار بھی مشکوک ہے۔

  • مصطفیٰ قتل کیس : ایف آئی اے نے ملزم ارمغان سے متعلق نیا انکشاف کردیا

    مصطفیٰ قتل کیس : ایف آئی اے نے ملزم ارمغان سے متعلق نیا انکشاف کردیا

    کراچی : مصطفیٰ قتل کیس میں گرفتار مرکزی ملزم ارمغان سے متعلق ایک نیا انکشاف سامنے آیا ہے، ملزم کی مزید 2 کمپنیوں اور کال سینٹر کی تفصیلات مل گئیں۔

    اس حوالے سے ایف آئی اے کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ادارے نے ملزم ارمغان کی مزید 2 کمپنیوں کا سراغ لگا لیا ہے، ملزم کی 2 کمپنیاں پاکستان جبکہ 2 امریکا میں بھی رجسٹرڈ ہیں۔

    اس کے علاوہ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ارمغان کے گھر میں پاورڈ کیبل لگی ہوئی تھیں اور کال سینٹر کے 50 ورک اسٹیشنز تھے، اس  کے ڈیجیٹل کرنسی اکاؤنٹس کی چھان بین بھی جاری ہے۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ارمغان کے گھر سے ملنے والے 18 لیپ ٹاپس کی مکمل اسکریننگ کی جارہی ہے، ملزم اور اس سے منسلک افراد کا ڈیٹا جمع کرنے کے بعد ان سے تحقیقات کیلیے کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : ملزم ارمغان کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع

    واضح رہے کہ مصطفی عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

    اس حوالے سے ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ اینڈ کاؤنٹر فنانسنگ آف ٹیرر ازم  نے گذشتہ روز ڈیفنس میں  ارمغان کے گھر سرچ آپریشن کرتے ہوئے ایک عدد قیمتی کار 18 لیپ ٹاپس اور دیگر اہم دستاویزات کو تحویل میں لیا تھا۔

    جس کے بعد اب وفاقی تحقیقاتی ادارے نے ملزم کے خلاف منی لانڈرنگ کی باقاعدہ تحقیقات شروع کردی ہیں۔

  • بیرون ملک جانے کی خواہش مند پاکستانی لڑکیاں ہوشیار ہوجائیں!

    بیرون ملک جانے کی خواہش مند پاکستانی لڑکیاں ہوشیار ہوجائیں!

    لاہور : بیرون ملک جانے کی خواہش مند لڑکیاں ہوشیار ہوجائیں، انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹ کا بڑا انکشاف سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹ کو فیصل آباد کے علاقے بٹالہ کالونی سے گرفتار کرلیا۔

    ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزم نے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دیکرشہریوں سےلاکھوں روپے لیے، ملزم شہریوں کو غیر قانونی طور پر برطانیہ، چین ، آسٹریلیا اور یورپی ممالک بھیجتا تھا۔

    ملزم نے بیرون ملک جانے کی خواہش مند لڑکیوں کی جعلی شادیاں کرانے کا انکشاف بھی کیا، لڑکیوں نے جعلی نکاح نامہ کے سرٹیفکیٹس پر ڈیپنڈنٹ ویزے بھی جاری کرائے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ 6 پاکستانی پاسپورٹ،36 ویزہ ایپ فائل، 14میرج سرٹیفکیٹ،5 ورک ویزہ ایگریمنٹ برآمد کرلی گئی ہے۔

    ملزم سے4موبائل فون ، لیپ ٹاپ اور دیگر شواہد بھی برآمد کیے گئے، ملزم کےدیگرساتھیوں کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

  • امریکی قونصلیٹ کی شکایت پر جعلی دستاویزات کی تیاری میں ملوث ملزم گرفتار

    امریکی قونصلیٹ کی شکایت پر جعلی دستاویزات کی تیاری میں ملوث ملزم گرفتار

    کراچی: امریکی قونصلیٹ کی شکایت پر شہر قائد میں جعلی دستاویزات کی تیاری میں ملوث ایک ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے ایک کارروائی میں جعلی دستاویزات کی تیاری میں ملوث ملزم کو گرفتار کیا ہے، جس کی شناخت محمد مشتاق راجپوت کے نام سے ہوئی ہے۔

    ملزم کو چھاپا مار کارروائی میں کراچی سے گرفتار کیا گیا، یہ کارروائی امریکی قونصلیٹ کراچی کی شکایت پر عمل میں لائی گئی، ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے شہری کو جعل اپوائنٹمنٹ لیٹر جاری کیا تھا۔

    ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم منصور کنسلٹنٹ کے نام سے ویزا کنسلٹینسی کا کام کر رہا تھا، اور اس نے بھاری رقوم وصول کر کے متاثرہ شہری کو جعلی اپوائنٹمنٹ لیٹر جاری کیا، متاثرہ شہری نے پوچھ گچھ پر انکشاف کیا تھا کہ محمد مشتاق نامی ایجنٹ نے اس کو مذکورہ دستاویزات فراہم کی تھیں۔

    حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزم گرفتار، لاکھوں مالیت کی ملکی وغیرملکی کرنسی برآمد

    ملزم مشتاق راجپوت نے شہری سے اس جعل سازی کے عوض 2 لاکھ روپے لیے تھے، امریکی حکام نے مذکورہ جعلی ایجنٹ کے خلاف تحریری شکایت درج کرائی، جس پر ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

  • لیبیا کشتی حادثے میں ملوث بین الاقوامی گینگ کے 2 کارندے گرفتار

    لیبیا کشتی حادثے میں ملوث بین الاقوامی گینگ کے 2 کارندے گرفتار

    اسلام آباد: ایف آئی اے نے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث بین الاقوامی گینگ کے 2 کارندے کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث بین الاقوامی گینگ کے 2 کارندے کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان میں حبیب الرحمان  اور نوید احمد  شامل ہیں۔

    ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کو پشت بازار باجوڑ سےگرفتار کیا گیا ہے، دونوں ملزمان رواں ماہ  لیبیا میں ہونیوالے کشتی حادثے میں ملوث ہیں۔

    حکام کے مطابق کشتی حادثے میں کرم سے تعلق رکھنے والے 14 متاثرین جاں بحق ہوئے، ملزمان نے شہزاد حسین کو یورپ بھجوانے کیلئے 37 لاکھ روپے ہتھیائے تھے  جبکہ انہوں نے دیگر ساتھیوں سے ملکر متعدد لوگوں سے بھاری رقوم لیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے دیگر ساتھی واجد علی، شاہ فیصل اٹلی سے گینگ آپریٹ کر رہے تھے، گرفتار ملزمان سے 4 موبائل فون برآمد ہوا جبکہ اب کے تین بینک اکاؤنٹس منجمد کردیئے۔

    ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے موبائل سے ویڈیوز، تصاویر، میسجز اور بینک ٹرانزیکشنز بھی سامنے آگئے، یاد رہے کہ لیبیا میں متاثرین کو سیف ہاؤسز میں رکھ کر تشدد کا نشانہ بھی بنایا جاتا رہا۔

    https://urdu.arynews.tv/morocco-boat-accident-human-smuggler-arrested/

  • سمندر کے راستے معصوم شہریوں کو یورپ بھجوانے میں ملوث نیٹ ورک بے نقاب

    سمندر کے راستے معصوم شہریوں کو یورپ بھجوانے میں ملوث نیٹ ورک بے نقاب

    ایف آئی اے نے سمندر کے راستے معصوم شہریوں کو یورپ بھجوانے میں ملوث نیٹ ورک کو بے نقاب کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے سینیگال سے براستہ ایتھوپیا  کراچی پہنچنے والے مسافر سے پوچھ گچھ کی ہے۔

    ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ سینیگال سے براستہ ایتھوپیا کراچی پہنچنے والا مسافر گزشتہ سال لاہور ایئرپورٹ سے وزٹ ویزے پر سینیگال گیا تھا، مسافر یورپ جانے کیلئے چوہدری تیمور نامی انسانی  اسمگلر سے رابطے میں تھا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ایجنٹ نے مسافر کو 25 لاکھ کے عوض اسپین پہنچانے  کا وعدہ کیا تھا، سینیگال پہنچنے پر مسافر کے والد نے ایجنٹ کو 25 لاکھ ادا کیے،  سینیگال پہنچنے پر ایجنٹ نے مسافر کا پاسپورٹ اپنے پاس رکھ لیا۔

    حکام کے مطابق ایجنٹ نے ہوائی جہاز کے بجائے سمندری راستے شہری کو بھجوانے کی کوشش کی لیکن مسافر نے سمندری راستے سے یورپ جانے سے انکار کیا بعد ازاں پاسپورٹ پر جعلی اسٹیمپ لگا کر یورپ بھیجنے کی کوشش بھی کی گئی لیکن اس بھی ناکام رہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ مسافر کو سینیگال میں 4 ماہ تک سیف ہاؤسسز میں رکھا گیا، مسافر کے مطابق سیف ہاؤسز میں مزید 13 پاکستانی بھی موجود تھے، مسافر نے بعد ازاں وطن واپسی کا فیصلہ کیا۔

    https://urdu.arynews.tv/fia-arrested-10-suspects-involved-in-begging/

  • یونان کشتی حادثے میں ملوث بدنام زمانہ انسانی اسمگلر سمیت 2 ملزمان گرفتار

    یونان کشتی حادثے میں ملوث بدنام زمانہ انسانی اسمگلر سمیت 2 ملزمان گرفتار

    گوجرانوالہ: ایف آئی اے نے یونان کشتی حادثے میں ملوث بدنام زمانہ انسانی اسمگلر سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے گجرانوالہ زون نے کارروائی کرتے ہوئے یونان کشتی حادثے میں ملوث بدنام زمانہ انسانی اسمگلر سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں عنصر محمود اور محمد اویس شامل ہیں، ملزم عنصر محمود کو ناروال جبکہ ملزم محمد اویس کو گجرانوالہ سے گرفتار کیا گیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ملزم عنصر محمود یونان کشتی حادثے میں ملوث ہے گرفتار ملزم انسانی اسمگلنگ میں ملوث گینگ کا حصہ ہے اس سے قبل بھی گینگ کے دیگر ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

    حکام کے مطابق ملزم نے دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے متاثرہ احسن علی کو یورپ بھجوانے کے لئے 45 لاکھ روپے بٹورے ملزم نے دیگر ملزمان کی ملی بھگت سے متاثرہ کو لیبیا میں سیف ہاوسسز میں رکھا ملزمان نے بعد ازاں متاثرہ کو زبردستی کشتی کے ذریعے لیبیا سے یونان بھجوانے کی کوشش کی۔کشتی حادثے میں متاثرہ احسن علی کی موت واقع ہوگئی۔

    ترجمان ایف آئی کے مطابق متاثرہ احسن علی کا تعلق جلال پور جٹاں سے ہے جبکہ ملزم محمد اویس نے شکایت کنندہ کو کینیڈا ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورے ملزم نے مجموعی طور پر 51 لاکھ 37 ہزار روپے بٹورے۔

    ایف آئی اے نے کہا کہ ملزم شکایت کنندہ کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہا اور روپوش ہو گیا، ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔