Tag: ایف آئی اے

  • بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں سے کروڑوں مالیت کے قیمتی موبائل فونز برآمد

    بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں سے کروڑوں مالیت کے قیمتی موبائل فونز برآمد

    اسلام آباد: ایف آئی اے نے بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں سے کروڑوں مالیت کے قیمتی موبائل فونز برآمد کرلئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک سے آنے والے 2 مسافر گرفتار کر کے کروڑوں مالیت کے موبائل فونز برآمد کرلئے۔

      ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں بابر ایوب اور محمد سلمان شامل ہیں ملزمان فلائٹ نمبر پی کے 234 کے ذریعے دبئی سے پاکستان پہنچے تھے، ٹریول ہسٹری کے مطابق ملزمان نے گزشتہ کچھ ہفتوں کے دوران متعدد بار بیرون ملک سفر کیا۔

    حکام نے بتایا کہ شک کی بنیاد پر ملزمان کے سامان کی تلاشی لی گئی ملزمان کے سامان سے 50 آئی فون 15 پرو میکس، 16 آئی فون 15 پرو برآمدہوئے ملزمان سے 100 ڈیٹا کیبلز اور 3 ایپل میک بک بھی برآمدہوئی۔

    ایف آئی اے حکام نے کہا کہ ملزمان کھجوروں کے پیکٹس میں موبائل فون چھپا رکھے تھے، ملزمان برآمد ہونے والی اشیاء کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے، بعد ازاں ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لئے کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

  • ایف آئی اے نے ایک حکم پر ایئرپورٹس پر مسافروں کی بڑی مشکل دور کر دی

    ایف آئی اے نے ایک حکم پر ایئرپورٹس پر مسافروں کی بڑی مشکل دور کر دی

    کراچی: ایف آئی اے نے ایئرپورٹس پر مسافروں کے لیے جنرل، گیٹ چیکنگ کے خاتمے کے احکامات جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن ونگ نے ملک بھر کے ایئرپورٹس پر مسافروں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے جنرل چیکنگ / گیٹ چیکنگ کے خاتمے کے احکامات جاری کر دیے۔

    ان احکامات کا بنیادی مقصد قانونی مسافروں کو بہترین سروس مہیا کرنا ہے تاکہ مسافر لمبی قطاروں کی پریشانی سے بچ سکیں، تاہم اس اقدام سے ایف ائی اے کی انسانی اسمگلنگ اور ٹریفکنگ کے خلاف کاوشوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق سیکنڈ لائن کنٹرول کسی بھی مشکوک یا کاؤنٹر آفیشل کے ریفر کرنے پر حرکت میں آئے گا، شفٹ انچارج / جنرل چیکر بہ وقت ضرورت کسی بھی مشکوک مسافر کی چیکنگ کر سکتے ہیں۔

  • پاکستانی نژاد برطانوی شہری پر ایف آئی اے اہلکار کا مبینہ تشدد

    پاکستانی نژاد برطانوی شہری پر ایف آئی اے اہلکار کا مبینہ تشدد

    کراچی: لاہور ایئرپورٹ پر پاکستانی نژاد برطانوی شہری پر ایف آئی اے اہلکار کی جانب سے مبینہ تشدد کا معاملہ سامنے آیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی سے لاہور آنے والے پاکستانی نژاد برطانوی شہری ملک بلال نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو تشدد کے حوالے سے ایک تحریری شکایت کی ہے، جس پر اے ایس آئی بلال کو معطل کر دیا گیا ہے۔

    مسافر نے کہا کہ امیگریشن کاؤنٹر پر موجود اے ایس آئی نے ان سے ای ویزا طلب کیا تھا، تاہم موبائل فون کی بیٹری ختم ہو جانے کے باعث انھوں نے اہلکار کو پاسپورٹ نمبر سے ویزا چیک کرنے کو کہا، جس پر اہلکار کی جانب سے ای ویزا دکھانے پر اصرار کیا گیا تو اس پر تلخ کلامی ہو گئی۔

    برطانوی شہری نے دعویٰ کیا ہے کہ اے ایس آئی نے ان کے چہرے اور کان پر مکے مارے، جس کی وجہ سے ان کے کان سے خون نکلنے لگا تھا، ملک بلال نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے سے متعلق تحقیقات کے بعد اے ایس آئی کے خلاف کارروائی کی جائے۔

    ترجمان سی اے اے نے اس سلسلے میں بتایا کہ ڈی جی سی اے اے نے واقعے کی انکوائری رپورٹ طلب کی ہے، اگر زد و کوب کرنے کی تصدیق ہو گئی تو اہلکار کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    دوسری جانب ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور سرفراز ورک نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے امیگریشن کاؤنٹر کے اے ایس آئی بلال کو معطل کر دیا ہے، انھوں نے کہا ڈپٹی ڈائریکٹر کی سربراہی میں ایک انکوائری ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، اور اے ایس آئی بلال سے واقعے کا تحریری جواب بھی طلب کر لیا گیا ہے، سرفراز ورک کا کہنا تھا کہ کسی شہری کے ساتھ زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔

  • غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت میں ملوث ملزم گرفتار

    غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت میں ملوث ملزم گرفتار

    ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل نے غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد نے جہلم میں کارروائی کرتے ہوئے غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم اجمل عزیز سے بھاری مقدار میں ملکی وغیر ملکی کرنسی برآمد کرلی گئی، ملزم سے 14535 سعودی ریال، 2950 پاؤنڈ، 2903 امریکی ڈالر، 1550 کینیڈین ڈالر، 8150 لیرا، 10445 درہم، 3840 بھارتی کرنسی، 635 یورو اور 8 لاکھ پاکستانی روپے برآمد کرلیے۔

    ایف آئی اے ترجمان نے بتایا کہ ملزم سے بحرین دینار، ملائیشین رنگٹ،  افریقن رند، عمانی ریال اور ہانک کانگ ڈالر بھی برآمد ہوا، ملزم بغیر لائسنس  کرنسی ایکسچینج میں ملوث تھا ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

  • صحافیوں پر حملوں سے متعلق ایف آئی اے، پولیس رپورٹس غیرتسلی بخش قرار

    صحافیوں پر حملوں سے متعلق ایف آئی اے، پولیس رپورٹس غیرتسلی بخش قرار

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے صحافیوں کو ہراساں کرنے کیخلاف کیس میں گزشتہ روز کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق چار صفحات پر مشتمل حکم نامہ چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے تحریر کیا، حکم میں کہا گیا کہ صحافیوں پر حملوں سے متعلق ایف آئی اے اور پولیس کی رپورٹس تسلی بخش نہیں ہیں۔

    تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ ایف آئی اے اور پولیس دوبارہ تفصیلی رپورٹس جمع کرائیں۔ سپریم کورٹ یا رجسٹرار نے کسی صحافی کیخلاف کارروائی کا نہیں کہا۔

    ایف آئی اے کے صحافیوں کو جاری نوٹسز میں عدلیہ کا نام غلط استعمال کیا گیا۔ ایف آئی اے کے نوٹسز سے غلط پیغام گیا کہ عدالت کارروائی کرارہی ہے۔

    پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کی درخواست پرفریقین کو نوٹس جاری کیے گئے۔ حکم میں کہا گیا کہ پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے وکیل نے جے آئی ٹی پر اعتراض اٹھایا۔ وکیل کے مطابق جے آئی ٹی میں خفیہ ایجنسیوں کے اہلکارشامل نہیں ہوسکتے۔

    بیرسٹر صلاح الدین نے صحافی پر ایف آئی آر کا ذکر کیا جس میں غلط دفعات لگائی گئیں۔ اٹارنی جنرل نے ایف آئی آر میں غلط دفعات کا اعتراف کیا۔

    تحریری حکم نامہ میں کہا گیا کہ صحافیوں کے مقدمات سے متعلق جواب آئندہ سماعت سے قبل جمع کرایا جائے۔ کیس کی مزید سماعت 25 مارچ کو ہوگی۔

  • آن لائن مالی فراڈ میں ملوث غیر ملکی ملزمان گرفتار

    آن لائن مالی فراڈ میں ملوث غیر ملکی ملزمان گرفتار

    پشاور: ایف آئی اے کی کرائم سرکل نے لاہور سے آن لائن مالی فراڈ میں ملوث 2 غیر ملکی ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سائبر کرائم سرکل پشاور نے کارروائی کرتے ہوئے دھوکہ دہی اور فراڈ میں ملوث نائیجرین گینگ کے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت اڈوگی ہینڈسم ٹچوکوو، اکوکوو چنازا گوڈون کے نام سے ہوئی، ملزمان کو چھاپہ مار کارروائی میں لاہور سے گرفتار کیا گیا، ملزمان نے شہریوں سے 4 کروڑ 60 لاکھ سے زائد رقم کا فراڈ کیا۔

    ترجمان نے بتایا کہ ملزمان شہریوں کو فیس بک پر خواتین آئی ڈیز بنا کر اپنے جال میں پھنساتے تھے بعد ازاں پارسل ڈیلیوری، کسٹم فیس اور دیگر کی مد میں رقم وصول کرتے تھے ساتھ ہی ملزمان رقم نا دینے کی صورت میں خطرناک نتائج کی دھمکیاں بھی دیتے تھے۔

    ایف آئی اے ترجمان نے بتایا کہ ملزمان آن لائن ملازمت کے جھانسے میں شہریوں کو بینک اکاؤنٹس کھولنے کی ترغیب دیتے تھے، بعد میں ان اکاؤنٹس کا کنٹرول خود سنبھال لیتے اور آن لائن مالی فراڈ میں استعمال کرتے تھے، ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • کراچی : ٹریڈ بیسڈ حوالہ ہنڈی کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب

    کراچی : ٹریڈ بیسڈ حوالہ ہنڈی کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب

    کراچی : ٹریڈ بیسڈ حوالہ ہنڈی کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا، کمپنی کراچی میں کروڑوں روپےمالیت کی چینی کرنسی کی غیرقانونی فروخت میں ملوث نکلی۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے ٹریڈ بیسڈ حوالہ ہنڈی کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب کردیا۔

    ایف آئی اے نے شرف آباد میں کمرشل ٹاور میں نجی شپنگ کمپنی کے دفتر پر چھاپہ مارا ، جس میں شپنگ کمپنی کا فریٹ فارورڈنگ کی آڑ میں حوالہ ہنڈی نیٹ ورک چلانے کا انکشاف سامنے آیا۔

    ایف آئی اے نے کہا کہ امپورٹ دستاویزات میں ردوبدل سےحوالہ ہنڈی نیٹ ورک چلایا جارہا تھا۔

    کمپنی کراچی میں کروڑوں روپےمالیت کی چینی کرنسی کی غیرقانونی فروخت میں ملوث نکلی ، کمپنی مقامی تاجروں اور ڈیپارٹمنٹل اسٹورز کو کروڑوں روپے مالیت کی کرنسی فروخت کرتی تھی۔

    ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ کمپنی مالک بیرونِ ملک سے کراچی میں ساتھیوں کے ذریعے نیٹ ورک چلارہا تھا، کمپنی دفتر سے امپورٹ کے عوض حوالہ ہنڈی اور چینی کرنسی کی مبینہ فروخت کا ریکارڈ برآمد ہوا۔

    ترجمان نے کہا کہ کمپنی عملہ برآمد امپورٹ دستاویزات اور مشکوک ادائیگیوں پرحکام کومطمئن نہ کرسکا، برآمد امپورٹ دستاویزات اور اس کےعوض ادائیگیوں کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔

    ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی میں انکوائری رجسٹرڈ اور ملازمین سے پوچھ گچھ جاری ہے۔

  • منسوخ شدہ پرائز بانڈز کے کروڑوں روپے وصول کرنے والا ملزم گرفتار

    منسوخ شدہ پرائز بانڈز کے کروڑوں روپے وصول کرنے والا ملزم گرفتار

    کراچی : وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) نے منسوخ شدہ پرائز بانڈز کے کروڑوں روپے وصول کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے منسوخ شدہ پرائز بانڈز کے کروڑوں روپے وصول کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    ملزم نے جعلی کاروباری ایڈریس والےاکاؤنٹس میں کروڑوں روپے وصول کیے، ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزم نےبڑی مالیت کے منسوخ پرائز بانڈز کے عوض کروڑوں روپے لیے۔

    ملزم نے مختلف بینک اکاؤنٹس بطور کراکری اور چائلڈوئیرشاپ ڈیلر کھلوائے ، تحقیقات پرملزم کےتمام کاروباری ایڈریس پرکسی کاروبارکا کوئی ثبوت نہ ملا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزم کیخلاف آمدنی کےذرائع جعلی ہونےپرمنی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جس میں ملزم کی جانب سے رقم اکاؤنٹ میں جمع کرانے پر دوسرے شخص کوبھی نامزد کیا گیا ہے۔

  • جنسی ہراسگی اور مالی فراڈ میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

    جنسی ہراسگی اور مالی فراڈ میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

    ایف آئی اے نے جنسی ہراسگی اور مالی فراڈ میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل راولپنڈی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے جنسی ہراسگی اور مالی فراڈ میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    ایف آئی اے ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں محمد اسلم اور نقیب الرحمن شامل ہیں، ملزم نے خود کو شکایت کنندہ کا رشتےدار ظاہر کرتے ہوئے 5 لاکھ روپے ہتھیائے، ملزم نے مذکورہ رقم مختلف بینک اکاونٹس میں ٹرانسفر کروائیں۔

    ترجمان کے مطابق ملزم جعلی بینک ڈیپازٹ رسیدیں بھیج کر سادہ لوح شہریوں کو اپنے جال میں پھنساتا تھا ملزم نقیب چائلڈ پورنوگرافی مواد بنانے اور شئیر کرنے میں ملوث تھا۔ملزم نے متاثرہ بچے کو ہوٹل میں بلا کر قابل اعتراض ویڈیوز بنائی۔

    ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزم متاثرہ کو قابل اعتراض مواد کی آڑ میں بلیک میل کر رہا تھا۔ ملزم نے قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل کی۔ ملزم کے قبضے سے موبائل فون اور قابل اعتراض مواد برآمد کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے۔

  • جعلی ریزیڈنٹ کارڈ پر یونان جانے والے 2 مسافر گرفتار

    جعلی ریزیڈنٹ کارڈ پر یونان جانے والے 2 مسافر گرفتار

    کراچی: ایف آئی اے نے جعلی ریزیڈنٹ کارڈ پر یونان جانے کی کوشش کرنے والے  2 مسافروں کو ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا۔

    ایف آئی اے امیگریشن نے سیالکوٹ ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی ریزیڈنٹ کارڈ پریونان جانے والے مسافروں کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان میں ارسلان عظمت اور ایاز حسین شامل ہے جس کا تعلق منڈی بہاؤالدین سے ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کی جانب سے پیش کئے جانے والے یونان کی ریزیڈنٹ کارڈ جعلی نکلے ہیں، ملزمان سے یونان کے جعلی وی وی او سی کارڈ بھی برآمد کر لئے گئے۔

    ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ملزمان کے پاسپورٹس پر یونان کی جعلی امیگریشن اسٹیمپس لگی ہوئی تھیں، ملزمان نے ایجنٹ سے فی کس 8 لاکھ روپے دیکر جعلی ریزیڈنٹ کارڈ حاصل کئے تھے۔

    ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا۔