Tag: ایف آئی اے

  • بھاری فیسیں لینے والے اسکولوں کی شامت آگئی،ایف آئی اے کا چھاپہ، ریکارڈ ضبط

    بھاری فیسیں لینے والے اسکولوں کی شامت آگئی،ایف آئی اے کا چھاپہ، ریکارڈ ضبط

    کراچی : سپریم کورٹ کے حکم کے بعد کراچی ،لاہور اور سکھر میں ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے اسکولوں پر چھاپے مار کر ریکارڈ تحویل میں لے لیا جبکہ  ایف 22 بڑے نجی اسکولوں سے متعلق مراسلہ جاری کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نجی اسکولوں کی فیسوں پر سپریم کورٹ کے حکم پر ایف آئی اے حرکت میں آگئی، ایف آئی اے نے کراچی،لاہور،سکھرسمیت مختلف شہروں میں اسکولوں پر چھاپے مار کر ریکارڈ تحویل میں لے لیا۔

    کراچی سمیت سندھ کے شہروں میں سولہ اسکولوں پر چھاپے مارے گئے ، بیکن ہاؤس اور سٹی اسکول کی متعدد برانچوں کاریکارڈضبط کیا گیا جبکہ بےویو اکیڈمی ، جنریشن اسکول، فروبل ایجوکیشن سینٹراورسولائزیشن اسکول کا ریکارڈبھی ضبط کرلیا گیا۔

    ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے لاہور میں تمام نجی اسکولوں کا ریکارڈ تحویل میں لے لیا ہے، بیکن ہاؤس، لاہور گرامر،روٹس آئی وی اور دیگر کا ریکارڈ ضبط کیا گیا ہے جبکہ تمام اسکولوں کا کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ قبضے میں لے لیا ہے۔

      ایف آئی اے کا 22 بڑے نجی اسکولوں سے متعلق مراسلہ جاری


    اس سے قبل ایف آئی اے نے 22 بڑے نجی اسکولوں سے متعلق مراسلہ جاری کیا تھا ، مراسلہ ایف آئی اے کےتمام زونز کےسربراہان کو لکھا گیا، جس میں اسکولوں میں مالکان اورسی ای اوز کی کرپشن کی تحقیقات کی ہدایت کی گئی۔

    مراسلے میں کہا گیا تھا کہ اسکولوں کامینوئل اور کمپیوٹرائیزڈ ریکارڈ تحویل میں لیا جائے،اسکولوں میں بیکن ہاؤس،سٹی اسکول سسٹم، لاہور گرامر اسکول، روٹس، ملینیم شامل روٹس آئی وی، لر ننگ الائنس، لاہور کالج آف آرٹس، فروبلز اسکول سسٹم ، سلامت اسکول سسٹم، جنریشن اسکول کراچی اور سولائیزیشن اسکول سسٹم کراچی شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں : چیف جسٹس کا تمام نجی اسکولوں کی فیسوں میں کمی کا حکم

    یاد رہے گذشتہ روز سپریم کورٹ نے پانچ ہزار سے زائد فیس لینے والے تمام نجی سکولوں کو بیس فیصد فیس کم کرنے اور گرمیوں کی چھٹیوں کی آدھی فیسیں والدین کو واپس کرنے کا حکم دیا تھا اور ہدایت کی تھی فیسوں میں سالانہ پانچ فیصد سے زیادہ اضافہ نہ کیا جائے۔

    عدالت نے حکم دیا کہ کوئی سکول بند نہیں کیا جائے گا اور کوئی بچہ سکول سے نہیں نکالا جائے گا، بصورت دیگر توہین عدالت کی کاروائی ہو گی۔

    چیف جسٹس نے چیئرمین ایف بی آر کو تمام سکولوں کے ٹیکس ریکارڈ کی پڑتال کرنے اور سکولوں کے اکاؤنٹس کی تفصیلات قبضے میں لینے کا بھی حکم دیا تھا۔

  • پی ٹی وی کرپشن کیس ، ڈاکٹر شاہد مسعود کا 5روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

    پی ٹی وی کرپشن کیس ، ڈاکٹر شاہد مسعود کا 5روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

    اسلام آباد : پی ٹی وی کرپشن کیس میں ڈاکٹرشاہدمسعود کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پرایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا، ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے خودسرینڈر نہیں کیا تھا، تفتیش میں کافی چیزیں باقی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی وی کرپشن کیس میں ڈاکٹرشاہدمسعود کو ایف آئی اےٹیم نے اسلام آباد کی سیشن عدالت میں پیش کیا اور عدالت سے ڈاکٹر شاہد مسعود کے 10روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

    24وکیل شاہدمسعود نے کہا 24 گھنٹے کا ریمانڈ کافی ہے، اس سےزیادہ نہ دیاجائے، عدالت نے ایف آئی اے سے استفسار کیا کہ کیا آپ نےانکوائری کرلی ہے؟ جس پر ایف آئی اے ملزم نے خود سرینڈر نہیں کیا تھا، تفتیش میں کافی چیزیں باقی ہیں۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ کیا یہ پہلاریمانڈہےیا اس سے پہلے بھی لیا گیا ہے، جس کے جواب میں ایف آئی اے نے بتایا کہ پہلاریمانڈ ہے، کل ضمانت خارج ہونے کے بعد گرفتار کیا گیا۔

    دوران سماعت پی ٹی وی کے وکیل نے ہائی کورٹ کے ریکارڈ کی دستاویز بھی پیش کیں اور کہا ہائی کورٹ نےملزم سے متعلق کچھ ہدایات دیں انہیں بھی دیکھ لیں۔

    عدالت نے ایف آئی اے سے استفسار کیا کیا کوئی ایساریکارڈبھی ہےجو آپ نےابھی جمع کرناہے،ایف آئی اے نے بتایا جی ہمیں کچھ مزیدمعلومات درکارہیں۔

    عدالت نے دلائل کے بعد ملزم کو ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا اور ڈسٹرکٹ اینڈسیشن کورٹ نے ڈاکٹرشاہدمسعود کو 5روز بعد دوبارہ پیش کرنےکا حکم دیا۔

    یاد رہے گذشتہ روز ڈاکٹرشاہدمسعودکو اسلام آباد ہائی کورٹ سے ضمانت خارج ہونے پر ایف آئی اے نے گرفتار کرلیا تھا۔

    خیال رہے 14 ستمبر کو وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کی عدالت نے پی ٹی وی کرپشن کیس میں ڈاکٹر شاہد مسعود کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

    اس سے قبل یکم جون کو پی ٹی وی کرپشن کیس میں ڈاکٹر شاہد مسعود کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔

    واضح ررہے ڈاکٹر شاہد مسعود پر بہ طور چیئرمین پی ٹی وی کروڑوں کی کرپشن کا الزام ہے۔

  • ایف آئی اے نے گرے ٹریفکنگ کے کتنے نیٹ ورک پکڑے؟ ‘چیف جسٹس

    ایف آئی اے نے گرے ٹریفکنگ کے کتنے نیٹ ورک پکڑے؟ ‘چیف جسٹس

    اسلام آباد : گرے ٹریفکنگ سے متعلق سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ڈش باکس اسمگلنگ کے ذریعے پاکستان آتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ نے گرے ٹریفکنگ سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

    عدالت عظمیٰ میں سماعت کے آغاز پرچیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ایف آئی اے نے گرے ٹریفکنگ کے کتنے نیٹ ورک پکڑے؟ جس پرڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ گرے ٹریفکنگ پی ٹی اے کی مرضی کے بغیر نہیں ہوسکتی۔

    ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ عدالت معاملے کا فرانزک آڈٹ کرائے، جسٹس اعجازالاحسن نے استفسار کیا کہ کیا گرے ٹریفکنگ موبائل سمز سے ہوتی ہے؟۔

    ڈی جی ایف آئی اے نے بتایا کہ گرے ٹریفکنگ موبائل سم سے بھی ہوتی ہے، جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیے کہ موبائل سم تواب بائیومیٹرک سے جاری ہوتی ہے۔

    ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ موبائل سم باکس میں سیکڑوں سمیں ڈالی جاتی ہیں، چیف جسٹس نے کہا کہ سیٹلائٹ چینل کوچلانے کے لیے نئے طریقے آ گئے ہیں۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جادو نام کی ڈش سے پاکستان کو نقصان ہو رہا ہے، سارے بھارتی چینل آتے ہیں، سارا پیسہ بھارت جا رہا ہے۔

    انہوں نے استفسار کیا کہ کسٹم اور پیمرا کدھر ہے؟ ڈش باکس اسمگلنگ کے ذریعے پاکستان آتے ہیں، یف بی آر کدھر ہے؟، ڈی جی ایف آئی اے نے جواب دیا کہ ٹیکنالوجی کوٹیکنالوجی سے ہی روکا جا سکتا ہے۔

    آئندہ نسل کومحفوظ بنانےکےلیےحدود سےبڑھ کرکام کریں‘ چیف جسٹس

    یاد رہے کہ 8 اکتوبر کو گرے ٹیلی کمیونیکیشن ٹریفک ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے ڈی جی ایف آئی اے کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی۔

  • الیکشن کمیشن نے آر ٹی ایس کی ناکامی کی تحقیقات ایف آئی اے کو سونپ دیں

    الیکشن کمیشن نے آر ٹی ایس کی ناکامی کی تحقیقات ایف آئی اے کو سونپ دیں

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے آر ٹی ایس کی ناکامی کی تحقیقات ایف آئی اےکو  سونپ دیں.

    تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کےدوران آرٹی ایس ناکامی آج بھی موضوع بحث بنی ہوئی ہے. سسٹم کیوں ناکام ہوا؟ پچیس جولائی کی رات بارہ بجے آرٹی ایس بند کرنے کا حکم کس نےدیا؟ ان سوالات کے جواب تاحال نہیں مل سکے.

    اب الیکشن کمیشن نے ایف آئی اے کو آر ٹی ایس کی ناکامی کا ذمہ سونپ دیا ہے. ساتھ ہی آڈیوکلپس اور دیگر دستاویزات بھی روانہ کردی ہیں.

    الیکشن کمیشن نے ڈی جی ایف آئی اے کو خط لکھا ہے، جس میں آرٹیکل دوسوبیس کےتحت تحقیقات کرکے رپورٹ دینے کی ہدایت کی ہے.

    یاد رہے کہ پچیس جولائی کو نتائج میں تاخیر کے باعث الیکشن کمیشن کو شدید تنقید کا نشانہ بنا گیا تھا.

    مزید پڑھیں: عام انتحابات 2018: پریزائیڈنگ افسران اسمارٹ فونز اور پیکجز نہ ہونے کے سبب آر ٹی ایس استعمال نہ کرسکے

    متعلقہ اداروں کی جانب سے نتائج میں تاخیر کا سبب آر ٹی ایس سسٹم کی ناکامی کو قرار دیا گیا.

    اس ضمن میں الیکشن کمیشن کی جانب سے تحقیقات کی گئیں، اب الیکشن کمیشن کی جانب سے ایف آئی اے کو یہ ذمے داری سونپی گئی ہے.

  • فیس بک پر جعلی آئی ڈی بنا کر شہری کو بلیک میل کرنے کا الزام میں پشتو گلوکارہ گرفتار

    فیس بک پر جعلی آئی ڈی بنا کر شہری کو بلیک میل کرنے کا الزام میں پشتو گلوکارہ گرفتار

    پشاور : ایف آئی اے نے فیس بک پر جعلی آئی ڈی بنا کر شہری کو بلیک میل کرنے کے الزام میں پشتو گلوکارہ منیبہ شاہ کو گرفتار کرکے سائبر کرائم کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے ) سائبر کرائم سرکل نے پشاور میں کارروائی کرتے ہوئے شہری کو بلیک میل کرنے والی پشتو گلوکارہ اور ڈانسر منیبہ شاہ کو گھر سے گرفتار کیا۔

    ایف آئی اے کے مطابق گلوکارہ منیبہ شاہ کے خلاف بلیک میلنگ کی شکایات پر کارروائی کی گئی، ملزمہ نے فیس بک کی جعلی آئی ڈی بنائی ہوئی تھی جس سے لڑکیوں کی تصویریں شیئر کرتی تھی۔

    منیبہ شاہ کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

  • جعلی اکاؤنٹس کیس: آصف علی زرداری اور فریال تالپور ایف آئی اے میں پیش

    جعلی اکاؤنٹس کیس: آصف علی زرداری اور فریال تالپور ایف آئی اے میں پیش

    اسلام آباد : منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور نے ایف آئی اے کے سامنے پیش ہوکر بیان ریکارڈ کرادیا۔

    تفصیلات کے مطابق منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زداری اور ان کی بہن فریال تالپوروفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے۔

    ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے نجف مرزا نے منی لانڈرنگ کیس میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور سے 38 منٹ تک پوچھ گچھ کی جس کے دوران مختلف سوالات پوچھے گئے۔

    منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور نے عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کررکھی ہے تاہم آج دونوں ایف آئی اے کی جانب سے چوتھی بار طلب کیے جانے پرپیش ہوئے۔

    ایف آئی اے آفس کے بابرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ میاں صاحب کے وقت کے بنائے گئے کیسز ہیں۔

    صحافی نے آصف علی زرداری سے سوال کیا کہ میاں صاحب تو خود بھی کیسز میں پیش ہورہے ہیں جس پرانہوں نے جواب دیا کہ اس طرح تو ہوتا ہے ایسے کاموں میں۔

    آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کے کیس میں منی لانڈرنگ کا الزام نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کو منی لانڈرنگ کیس میں منگل کوسپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرانی ہے۔

    یاد رہے کہ 25 اگست کو ایف آئی اے نے 35 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے معاملے میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو چوتھی مرتبہ طلب کیا تھا۔

    منی لانڈرنگ کیس، گواہان کو ہراساں کرنے کا معاملہ

    واضح رہے کہ رواں ماہ 8 اگست کو آئی جی سندھ پولیس نے منی لانڈرنگ کیس کے گواہان کو ہراساں کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کی تھی۔

  • ایف آئی اے نے آصف زرداری اور فریال تالپور کو کل طلب کرلیا

    ایف آئی اے نے آصف زرداری اور فریال تالپور کو کل طلب کرلیا

    کراچی: ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو کل طلب کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو منی لانڈرنگ کیس میں کل طلب کرلیا گیا ہے، دونوں کو سپریم کورٹ نے الیکشن تک مہلت دی تھی۔

    انتخابات سے قبل منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے حکام کی جانب سے آصف زرداری اور فریال تالپور طلبی کے باوجود پیش نہ ہوئے تھے، دونوں کی جانب سے فاروق ایچ نائیک ایسوسی ایٹ کے وکلاء نے ایف آئی اے حکام کے سامنے پیش ہوکر درخواست دی۔

    واضح رہے کہ درخواست میں کہا گیا تھا کہ آصف علی زرداری انتخابی سرگرمیوں کی وجہ سے مصروف ہیں ، 25جولائی کے بعد تمام سوالوں کے جواب دیں گے ، 2014 کا کیس ہے اور مؤکل کو جولائی 2018 میں طلب کیا گیا ، طلبی اس وقت کی جارہی جب انتخابات کا 2ہفتوں بعد انعقاد ہورہا ہے۔

    فریال تالپور کی جانب سے بھی جواب میں کہا گیا تھا کہ پیپلزپارٹی خواتین ونگ کی سربراہ ہیں اور پی ایس 10لاڑکانہ سےانتخابات میں حصہ لے رہی ہیں، الیکشن مہم کی وجہ سے تمام ریکارڈ جمع کرکے جواب دینا ممکن نہیں ، لہذا جواب داخل کرانے کےلیے 31 جولائی تک مہلت دی جائے، وقت دیں انکوائری میں مکمل تعاون کیا جائے۔

    یاد رہے کہ انتخابات 2018 میں حصہ لینے کی وجہ سے سپریم کورٹ نے آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو الیکشن تک مہلت دی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • لاہور: ایف آئی اے کی کارروائی، لڑکی کو بلیک میل کرنے والا نوجوان گرفتار

    لاہور: ایف آئی اے کی کارروائی، لڑکی کو بلیک میل کرنے والا نوجوان گرفتار

    لاہور: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے موبائل فون پر خاتون کو بلیک میل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق  ایف آئی اے نے لاہور کے علاقے جیل روڈ پر واقع نجی ریسٹورنٹ میں چھاپہ مار کر ملزم کو گرفتار کیا جس کی شناخت عثمان کے نام ہوئی۔

    ایف آئی اے کے مطابق ملزم لاہور کے علاقے گلشن راوی کا رہائشی ہے اور وہ زینب نامی خاتون کو موبائل فون پر اُس کی قابل اعتراض ویڈیو و تصاویر دکھا کر بلیک میل کررہا تھا۔

    خاتون کی درخواست پر ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے کر کے ملزم کو نہ صرف گرفتار کیا بلکہ اُس کے موبائل سے قابل اعتراض ڈیٹا اور میسیجز بھی برآمد کیے۔

    مزید پڑھیں: سوشل میڈیا پر فیک آئی ڈیز بناکر لڑکیوں کو بلیک میل کرنے والا نوجوان گرفتار

    یہ بھی پڑھیں: لاہور: بچوں کی نازیبا ویڈیوز بنانے والا بلیک میلر گرفتار

    خیال رہے کہ  14 اپریل کو پولیس نے گوجرانوالہ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لڑکیوں کے نام سے جعلی آئی ڈیز بنانے والے بلیک میلر کو گرفتار کیا تھا، ملزم مدثر ابراہیم کالج کی طالبات سے دوستی کر کے اُن کی تصاویر انٹرنیٹ پر شیئر کرتا تھا۔

    قبل ازیں ایف آئی اے نے لاہور کی مارکیٹ میں کارروائی کرتے ہوئے کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے حماد نامی شخص کو گرفتار کیا تھا، ملزم موبائل کی خریدوفروخت کا کام کرتا تھا اور اُس نے عمیر نامی شخص سے استعمال شدہ فون خرید کر اُس میں سے ڈیٹا ریکور کیا اور پھر قابل اعتراض ویڈیو حاصل کر کے مذکورہ لڑکی کو بلیک میل کیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • بچوں کی فحش فلمیں بنانے کا ملزم چارروزہ ریمانڈ پرایف آئی اے کے حوالے

    بچوں کی فحش فلمیں بنانے کا ملزم چارروزہ ریمانڈ پرایف آئی اے کے حوالے

    لاہور : مقامی عدالت نے چائلڈ پورنو گرافی کے الزام میں گرفتار ملزم کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا، بچوں کے خلاف جنسی جرائم کی تفتیش کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے بچوں کی نازیبا ویڈیوز بنانے اور انہیں انٹر نیٹ پر اپ لوڈ کرنے کے الزام میں گزشتہ روز جھنگ سے گرفتار ہونے والے ملزم تیمور کو جسمانی ریمانڈ کیلئے عدالت میں پیش کیا۔

    ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ ملزم تیمور کمسن بچوں کی فحش ویڈیوز بنا کرغیر ملکی ویب سائٹس پر اپ لوڈ کرتا ہے وہ ایک منظم گروہ سے تعلق رکھتا ہے، اس گروہ کے متعلق غیر ملکی اداروں کی نشاندہی پر کارروائی کی گئی اور اسے گرفتار کیا گیا۔

    اب ملزم سے تفتیش کے ذریعے مذکورہ ویڈیوز، جائے وقوعہ کی نشاندہی اور اس کے دیگر ساتھی ملزمان کے بارے میں پوچھ گچھ اور ان گرفتاری کیلئے چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ دیاجائے۔

    عدالت نے فریقین کا مؤقف سننے کے بعد ملزم کو چار روزہ ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا، یاد رہے کہ ملزم تیمور الیکٹریکل انجینئر ہے اور اس کو گزشتہ روز جھنگ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

    اس حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹرایف آئی اے سا ئبرکرائمز خا لد انیس کا کہنا تھا کہ ملزم سے برآمد60جی بی ڈیٹا اسکین کرلیا گیاہے، ممنوعہ فلمیں دیگر ملکوں کے بچوں کی ہیں اس میں پاکستان کے کسی بچے کی کوئی وڈیو شامل نہیں۔

    علاوہ ازیں ایف آئی اے نے بچوں کے خلاف جنسی جرائم کی تفتیش اور اس کی روک تھام کے لئے دو رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے، مذکورہ کمیٹی مختلف علاقوں میں ہونے والی اس طرح کی واردارتوں کے سدباب کیلئے مؤثر اقدامات کرے گی۔

  • خواتین مسافر پر تشدد کرنے والی ایف آئی اے اہلکار نوکری سے برطرف

    خواتین مسافر پر تشدد کرنے والی ایف آئی اے اہلکار نوکری سے برطرف

    اسلام آباد: بینظیر انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر 2 مسافر خواتین کو تشدد کا نشانہ بنانے والے ایف آئی اے کی خاتون اہلکار کو نوکری سے برطرف کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر 2 مسافر خواتین پر ایف آئی اے خاتون اہلکار کی جانب سے تشدد کے معاملے پر کارروائی مکمل کرلی گئی۔

    ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی خاتون اہلکار غزالہ کو نوکری سےنکال دیا گیا۔

    معاملے میں ملوث انسپکٹر ندیم کا کیس ہیڈ کوارٹرز بھجوا دیا گیا۔

    مزید پڑھیں: ایئرپورٹ پر مسافر خواتین پر تشدد کی ایک اور ویڈیو سامنے

    ائیر پورٹ پر مسافر خواتین پر ایف آئی اے خاتون اہلکار کے تشدد کی ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد چیف جسٹس سپریم کورٹ ثاقب نثار نے بھی نوٹس لیا تھا۔

    چیف جسٹس نے سیکریٹری داخلہ و سیکریٹری ایوی ایشن سے 3 دن کے اندر واقعے کی رپورٹ طلب کی تھی۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل منظر عام پر آنے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایف آئی اے کی خاتون اہلکار مسافر خواتین کو بے دردی سے بالوں سے جکڑ کر تھپڑ مار رہی ہے۔

    واقعے کے بعد دونوں فریقین نے ایک دوسرے کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا تھا۔