Tag: ایف بی آر

  • ایف بی آر افسران نے کم تنخواہ کے خلاف احتجاج کا انوکھا طریقہ نکال لیا

    ایف بی آر افسران نے کم تنخواہ کے خلاف احتجاج کا انوکھا طریقہ نکال لیا

    اسلام آباد : فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے 117افسران نےتنخواہیں کم ہونے پر جون تک چھٹیوں کی درخواست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے افسران نے تنخواہیں کم ہونے پراحتجاج کا انوکھاطریقہ نکال لیا، ذرائع نے بتایا ہے کہ انکم ٹیکس کے 117افسران نے جون تک چھٹیوں کی درخواست دے دی۔

    انکم ٹیکس گریڈ 17 سے 19 کےافسران نے چیئرمین ایف بی آر کوخط لکھا ، جس میں کہا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے تنخواہ کم ہے اور ڈیوٹی پر آنے کے اخراجات نہیں، موجودہ تنخواہ میں گھریلو اخراجات پورے نہیں کیے جاسکتے۔

    افسران کا کہنا تھا کہ 150 فیصد ایگزیکٹو الاؤنس اور تنخواہیں نہ بڑھائیں تو مزید سخت ردعمل ہوگا، وزیراعظم آفس، سپریم کورٹ اور کئی اداروں میں تنخواہیں 100 گنا زیادہ ہیں۔

    بجٹ سازی کے اہم عمل کے دوران ایف بی آر افسران کی ممکنہ غیر موجودگی ملکی معیشت پر سنگین اثرات مرتب کر سکتی ہے۔ ایف بی آر حکومت کے لیے ٹیکس اور ریونیو اکٹھا کرنے کا ذمہ دار ہے۔

    چیئرمین ایف بی آرعاصم نے کہا ہے کہ ٹیکس حکام کےتنخواہ کے معاملے پروزیر اعظم سےبات کروں گا، ٹیکس حکام کے پرفارمنس الاؤنس 2015 سے فریز ہیں۔

    یاد رہے اس سے قبل ایک عجیب و غریب درخواست میں فیڈرل بیورو آف ریونیو کے افسر نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے درمیان گھریلو اخراجات کو پورا کرنے کے لئے وزیر اعظم شہباز شریف کو لکھے گئے خط میں کرپشن کی اجازت مانگی تھی۔

  • ٹیکس اکٹھا کرنے والے خود اپنے اثاثہ جات ظاہر کرنے میں ناکام ، اہم انکشاف سامنے آگیا

    ٹیکس اکٹھا کرنے والے خود اپنے اثاثہ جات ظاہر کرنے میں ناکام ، اہم انکشاف سامنے آگیا

    کراچی : فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر ) کے 394 افسران کا سالانہ اثاثہ جات کی ڈکلیئریشن نہ کرنے کا انکشاف سامنے آیا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹیکس اکٹھا کرنے والے خود اپنے اثاثہ جات ظاہر کرنے میں ناکام ہیں، ایف بی آر کے 394 افسران کا سالانہ اثاثہ جات کی ڈکلیئریشن نہ کرنے کا انکشاف ہوا۔

    ایف بی آر ہیڈکوارٹرز نے ان لینڈ ریونیو اور کسٹمزافسران کی فہرست جاری کردی ، ایف بی آر کے اثاثہ جات فراہم نہ کرنیوالے افسران کی فہرست اے آر وائی نیوز کو بھی موصول ہوگئی ہے۔

    سالانہ اثاثہ جات ظاہر نہ کرنیوالوں میں ان لینڈ ریونیو اور کسٹمزافسران کو نوٹس جاری کردیا گیا ہے ، جس میں کہا ہے کہ 30 اپریل تک اثاثہ جات ظاہر نہ کرنے پر متعلقہ افسران کا پرفارمنس الاؤنس روک دیا جائے گا۔

    جن افسران نے سالانہ ٓثاثہ جات ظاہر نہیں کئے ہیں ان میں ایف بی آر ان لینڈ ریونیو کے دو سو پچانوے اور کسٹمز کے ننانوے افسران شامل ہیں ، اثاثے ظاہر نہ کرنیوالے افسران ایف بی آرہیڈکوارٹر زسمیت مختلف دفاتر میں تعینات ہیں۔

  • فروری میں ٹیکس وصولیوں میں 17 فیصد اضافہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہےکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر)  نے فروری میں 527 ارب 20 کروڑ روپےکا ٹیکس اکٹھا کیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ فروری میں ٹیکس وصولیوں میں 17 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    اسحاق ڈارکا کہنا ہےکہ ایف بی آر جولائی سے فروری تک 4 ہزار 493  ارب روپےکا ٹیکس جمع کیا ہے۔

    وزیر خزانہ کے مطابق گزشتہ سال اسی عرصے میں 3 ہزار 820 ارب روپےکے محصولات حاصل ہوئے تھے، مجموعی طورپر گزشتہ سال کی نسبت ٹیکس وصولی میں 18 فیصد اضافہ رکارڈکیا گیا۔

  • ایف بی آر 8 ماہ کے دوران ٹیکس اہداف پورا کرنے میں ناکام

    ایف بی آر 8 ماہ کے دوران ٹیکس اہداف پورا کرنے میں ناکام

    اسلام آباد : ایف بی آر نے 8 ماہ کے دوران 4.49 کھرب روپے ٹیکس اکٹھا کیا جبکہ ایف بی آر کو 4.73 کھرب روپے کا ٹیکس اکٹھا کرنا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو( ایف بی آر ) 8 ماہ کے دوران ٹیکس اہداف پورا کرنے میں ناکام ہوگیا ، ایف بی آر کو8 ماہ میں 4.73 کھرب روپے کا ٹیکس اکٹھا کرنا تھا۔

    ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر نے 8 ماہ میں 4.49 کھرب روپے ٹیکس اکٹھا کیا، ٹیکس ہدف میں243ارب روپےکی کمی ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ پچھلے 8 ماہ کے مقابلے میں ٹیکس 18 فیصد زیادہ اکٹھا ہوا ہے جبکہ پچھلے سال کی نسبت8 ماہ میں 3.80 کھرب روپے کا ٹیکس جمع ہواتھا۔

    ایف بی آر کے مطابق فروری 2023 میں ٹیکس وصولی 16 فیصد سالانہ اضافہ کے ساتھ 525ارب روپےاکٹھا ہوا، فروری 2023 میں ٹیکس وصولی کا ہدف 527 ارب روپے رکھا گیا تھا۔

  • پی آئی اے اور ایف بی آر آمنے سامنے،  بینک اکاؤنٹ سے 50 کروڑ کی ٹیکس ریکوری

    پی آئی اے اور ایف بی آر آمنے سامنے، بینک اکاؤنٹ سے 50 کروڑ کی ٹیکس ریکوری

    کراچی : ایف بی آر نے پی آئی اے کے بینک اکاوئنٹ سے 50 کروڑ کی ٹیکس ریکوری کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے اور ایف بی آر آمنے سامنے آگئے . ایف بی آر نے کارروائی کرتے ہوئے پی آئی اے کے بینک اکاؤنٹ سے 50 کروڑ کی ٹیکس ریکوری کرلی۔

    ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 2 ارب 86 کروڑ روپے واجب الادا تھے۔

    ایف بی آر نے عدم ادائیگی پر پی آئی اے کے تمام بینک اکاؤنٹ گذشتہ روز منجمد کئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے انتظامیہ نے فوری طور 50 کروڑ روپے ٹیکس ادائیگی کی یقین دہانی پر بینک اکاؤنٹس بحال کردیے گئے ہیں۔

  • ایف بی آر نے نومبر 2022  کے محصولات کا ہدف کامیابی سے حاصل کرلیا

    ایف بی آر نے نومبر 2022 کے محصولات کا ہدف کامیابی سے حاصل کرلیا

    اسلام آباد : ایف بی آر نے نومبر 2022 کے محصولات کا ہدف کامیابی سے حاصل کرلیا، یہ محصولات دئیے گئے ہدف سے 8 ارب روپے زیادہ ہیں‌۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر ) نے نومبر 2022 کے محصولات کا ہدف کامیابی سے حاصل کر لیا۔

    فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا ہے کہ نومبر کے مہینے میں 538 اعشاریہ دو ارب روپے کے محصولات اکٹھے کئے گئے جو کہ 537 ارب روپے کے دیئے گئے ہدف سے زائد ہیں۔

    ایف بی آر کا کہنا تھا کہ مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں دو ہزار چھ سو اٹھاسی ارب روپے کے محصولات اکٹھے کیے، جو دئیے گئے ہدف سے آٹھ ارب روپے زیادہ ہیں۔

    چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد نے بتایا کہ ایف بی آر مالی سال دو ہزار بائیس تئیس کے محصولات کا ہدف حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

  • وفاقی حکومت کی ناقص حکمت عملی، ٹیکس وصولی میں کمی

    وفاقی حکومت کی ناقص حکمت عملی، ٹیکس وصولی میں کمی

    اسلام آباد: وفاقی حکومت کی ناقص حکمت عملی کے سبب ٹیکس اہداف کے حصول میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جولائی تا اکتوبر 2022 وصول ہونے والا ٹیکس ہدف سے 88 ارب روپے کم رہا۔

    تفصیلات کے مطابق اکتوبر 2022 میں آمدن ٹیکس ہدف سے 88 ارب روپے کم رہی، اکتوبر 2022 میں ٹیکس آمدن کا ہدف 600 ارب روپے تھا تاہم صرف 512 ارب روپے کا ٹیکس جمع ہوا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سال جولائی تا اکتوبر ٹیکس آمدن بڑھنے کی شرح 16 فیصد رہی، گزشتہ سال تحریک انصاف کے دور میں جولائی تا اکتوبر کی شرح 36 فیصد زیادہ تھی۔

    فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) حکام کا کہنا ہے کہ جولائی تا اکتوبر 2 ہزار 144 ارب روپے کا ٹیکس جمع کیا، اس عرصے میں ٹیکس ہدف 2 ہزار 148 ارب تھا۔

    حکام کے مطابق حکومت نے امپورٹ کی حوصلہ شکنی کے لیے سخت اقدامات کیے، امپورٹ کم ہونے کی وجہ سے ٹیکس آمدن کم رہی، جولائی تا اکتوبر 112 ارب روپے کا ٹیکس ری فنڈ بھی دیا گیا۔

  • ایف بی آر کا چھاپہ، سگریٹ کے درجنوں کارٹن ضبط

    ایف بی آر کا چھاپہ، سگریٹ کے درجنوں کارٹن ضبط

    کراچی: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نان کسٹم پیڈ سگریٹس کے گودام پر چھاپہ مار کر سگریٹ کے درجنوں کارٹن ضبط کرلیے، سگریٹس کی لاکھوں روپے کی ڈیوٹی ادا نہیں کی گئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نان کسٹم پیڈ سگریٹس کے گودام پر چھاپہ مار کارروائی کی۔ ایف بی آر کے افسران نے چھاپہ گلشن اقبال کے ایک گودام پر مارا۔

    کارروائی میں لاکھوں روپے مالیت کی نان کسٹم پیڈ سگریٹ برآمد کی گئی، برآمد شدہ سامان میں 42 کارٹن شامل ہیں جن میں 4 لاکھ 20 ہزار سگریٹس کے اسٹیک پیک برآمد ہوئے۔

    ایف بی آر کا کہنا ہے کہ نان کسٹم پیڈ سگریٹ ضبط کر لی گئی ہے، دوران کارروائی کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

    ایف بی آر کے مطابق سگریٹس کی لاکھوں روپے کی ڈیوٹی ادا نہیں کی گئی، ڈیوٹی ادا نہ کیے جانے کی وجہ سے حکومت کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔

  • پیاز اور ٹماٹر کی درآمد پر 31 دسمبر تک ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی مکمل چھوٹ

    پیاز اور ٹماٹر کی درآمد پر 31 دسمبر تک ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی مکمل چھوٹ

    اسلام آباد : ایف بی آر نے پیاز اور ٹماٹرکی درآمد پر 31 دسمبر تک ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی مکمل چھوٹ دے دی، اقدام سے پیازاورٹماٹر کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے قیمتوں کے استحکام کے لئے پیاز اور ٹماٹر کی درآمد پر 2 ایس آر اوز جاری کر دئیے۔

    ترجمان نے بتایا کہ پیاز اور ٹماٹر کی درآمد پر ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی مکمل چھوٹ دے دی گئی، وفاق کی ہدایت پر 31دسمبر2022 تک تمام ٹیکسز ،ڈیوٹیز سےچھوٹ دی گئی ہے۔

    ایف بی آر کا کہنا تھا کہ ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی چھوٹ سے پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔

    ترجمان کے مطابق سیلاب سے فصلوں کونقصان اور مقامی منڈیوں میں پیاز،ٹماٹرکی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔

    ایف بی آر نے کہا کہ وزیراعظم نے پیاز اور ٹماٹر کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کیلۓ فوری اقدامات کا حکم دیا، ان تمام اشیا پر ٹیکسز ،ڈیوٹیز کی چھوٹ دی جن کی تصدیق این ڈی ایم اے یا پی ڈی ایم اے کرے گی۔

  • جولائی میں 10 فیصد زیادہ ٹیکس جمع

    جولائی میں 10 فیصد زیادہ ٹیکس جمع

    اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے گزشتہ ماہ کے مقابلے میں جولائی 2022 میں 10 فیصد زیادہ ٹیکس جمع کرلیا، ٹیکس، ہدف سے 15 ارب روپے زائد جمع ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا کہنا ہے کہ جولائی کے مہینے میں ٹیکس وصولی میں گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 10 فیصد اضافہ ہوا ہے، جولائی میں 458 ارب روپے ٹیکس کی مد میں جمع ہوئے۔

    ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ٹیکس وصولیوں کا ہدف 443 ارب روپے تھا جبکہ 15 ارب اضافی وصول ہوئے۔ جولائی میں 28 ارب روپے کے ری فنڈز بھی کیے گئے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل مئی 2022 میں بھی ٹیکس وصولیوں کی تعداد ریکارڈ رہی تھی، مئی 2022 میں 490 ارب روپے کی ٹیکس وصولی کی گئی۔

    یہ ٹیکس وصولی گزشتہ سال کے مقابلے میں 27 فیصد یا 103 ارب روپے زیادہ تھی۔

    رواں مالی سال ایف بی آر نے 11 ماہ کے دوران 5 کھرب 34 ارب 90 کروڑ روپے کے ٹیکس جمع کیے ہیں، یہ پچھلے مالی سال کے مقابلے میں 28.4 فیصد زائد ہیں۔