Tag: ایف بی آر

  • پاکستانیوں کی بیرون ملک جائیدادیں: معلومات کے تبادلے پر دبئی لینڈ ڈپارٹمنٹ سے معاملات طے

    پاکستانیوں کی بیرون ملک جائیدادیں: معلومات کے تبادلے پر دبئی لینڈ ڈپارٹمنٹ سے معاملات طے

    اسلام آباد: ایف بی آر کے چیئرمین شبر زیدی کا کہنا ہے کہ پاکستانیوں کی جائیداد سے متعلق معلومات کے تبادلے پر دبئی میں میٹنگ ہوئی ہے، دبئی کا لینڈ ڈپارٹمنٹ فوری معلومات فراہم کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کی جائیداد سے متعلق معلومات کے تبادلے پر دبئی میں میٹنگ ہوئی ہے۔

    شبر زیدی کا کہنا تھا کہ ملاقات 9 اور 10 اکتوبر کو ہوئی، دبئی کا لینڈ ڈپارٹمنٹ فوری معلومات فراہم کرے گا۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ اقامے کے غلط استعمال کا بھی سدباب کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ایف آئی اے کی ایک رپورٹ کے مطابق متعدد پاکستانی سیاسی شخصیات اور سرکاری افسران دبئی میں جائیدادوں کے مالک ہیں۔

    گزشتہ برس جاری کی جانے والی رپورٹ کے مطابق سابق وزیر مخدوم امین فہیم کی اہلیہ رضوانہ کی 4 اور عدنان سمیع خان کی والدہ نورین سمیع خان کی 3 جائیدادیں سامنے آئی تھیں۔

    سابق لیگی سینیٹر انور بیگ کی اہلیہ بھی دبئی میں فلیٹ، سینیٹر تاج محمد آفریدی، میر حسن تالپور اور سابق سینیٹر عمار احمد خان بھی دبئی میں جائیدادوں کے مالک ہیں۔

    دبئی میں لاہور کے ایک شہری کی 22 جائیدادوں کا بھی انکشاف ہوا تھا۔ تحریک انصاف رہنما ممتاز احمد مسلم کی دبئی میں 16 جائیدادیں سامنے آئی تھیں۔

  • ناراض تاجروں کا 28 اور 29 اکتوبر کو ملک بھر میں شٹر ڈاؤن کا اعلان

    ناراض تاجروں کا 28 اور 29 اکتوبر کو ملک بھر میں شٹر ڈاؤن کا اعلان

    اسلام آباد: تاجر رہنماؤں کے ایف بی آر کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کے بعد تاجروں نے 28 اور 29 اکتوبر کو ملک بھر میں شٹر ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج حکومت سے ناراض تاجروں نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ساتھ مذاکرات کیے، جس کے بعد انھوں نے ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کیا۔

    تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کو کاروباری طبقے کو سہولتیں دینا ہوں گی، غیر ضروری دستاویزات کی فراہمی کا مطالبہ تسلیم نہیں کر سکتے، شناختی کارڈ کی شرط تسلیم نہیں۔

    ناراض تاجروں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ایف بی آر ہماری بات نہیں سن رہا، نہ ہمارا مؤقف سمجھ رہا ہے، 28 اور 29 اکتوبر کو ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوگی، جب کہ 15 اکتوبر سے ایک گھنٹے کی ٹوکن ہڑتال کی جائے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  حکومت تاجروں کے جائز مطالبات کو حل کرنے کے لیے تیار ہے، چیئرمین ایف بی آر

    مذاکرات سے متعلق ان کا مؤقف تھا کہ کامیاب نہیں ہوئے، انھیں معاشی قتل قبول نہیں، غیر منصفانہ ٹیکس نہیں دیں گے، احتجاج اور ہڑتال کرنا آئینی اور قانونی راستے ہیں، امید ہے حکومت ہمارے مطالبات پر جلد فیصلہ کرے گی۔

    قبل ازیں، اسلام آباد میں پولیس اور احتجاج کرنے والے تاجر آمنے سامنے آ گئے تھے، تاجروں کی جانب سے پولیس اہل کاروں پر پتھراؤ کیا گیا، انھوں نے خاردار تاریں بھی ہٹانے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے انھیں ایف بی آر کے دفتر جانے سے روک دیا تھا۔

    یاد رہے کہ یکم اکتوبر کو چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا تھا کہ حکومت تاجروں سے بات چیت اور اُن کے جائز مطالبات کو حل کرنے کے لیے تیار ہے۔

  • مہنگے گھر اور گاڑیاں رکھنے والوں کی شامت آگئی

    مہنگے گھر اور گاڑیاں رکھنے والوں کی شامت آگئی

    آباد : مہنگےگھراور گاڑیاں رکھنے والوں کی شامت آگئی ، فیڈرل بورڈ آف ریونیو‌ (ایف بی آر) نے دو کنال سے بڑے 1165 گھر اور 1153 مالکان کو نوٹس جاری کردیئے اور مالکان کوٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی ہدایت کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو‌ (ایف بی آر) نے مہنگے گھر اور گاڑیاں رکھنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کردیا ہے ، فیصل آباد میں دو کنال اور بڑے 1165 گھر ، 1153 مالکان کو نوٹس بھیج دیے۔

    ایف بی آر نے دو کنال سے بڑے گھروں کے مالکان کو ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی ہدایت کردی ہے۔

    ایف بی آر نے 2400 سی سی اور زائد ہارس پاور کی گاڑی رکھنے والے 139 شہریوں کو بھی نوٹس جاری کئے جبکہ مہنگی گاڑی مالکان سے بھی ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کا ریکارڈ طلب کرلیا گیا ہے۔

    فیڈرل بورڈ آف ریونیو‌ کا کہنا ہے کہ نوٹس کا جواب نہ دینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    دوسری جانب جعلی سیلز ٹیکس انوائسسز جمع کروانے والوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے ، چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ اس حوالے سے فوجداری کارروائی شروع کردی گئی ہے ، سخت کارروائی کے بارے میں پہلے ہی واضح کر دیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں : سیلز ٹیکس سے متعلق شناختی کارڈ کے حوالے سے جنرل آرڈر جاری، ایف بی آر

    ایف بی آر نے سیلزٹیکس اور شناختی کارڈ کے حوالے سے بھی جنرل آرڈرجاری کردیا ہے ، آرڈر کے مطابق شناخت کیلئے این ٹی این یا این آئی سی کی فراہمی نیک نیتی تصور کی جائے گی اور انوائس کا سیلز ٹیکس ایکٹ کی شق تئیس بی پوری کرنا ضروری ہوگا۔

    جنرل آرڈر میں کہا گیا ہے کہ  خریدار کا دیا گیا این آئی سی نادرا سے تصدیق شدہ ہونا چاہیے جبکہ یہ این آئی سی یا این ٹی این فروخت کنندہ کے کسی بھی ملازم یا ساتھی کا نہیں ہوسکتا۔

  • سٹیزن پورٹل پر ایف بی آر  خصوصی کیٹیگری کے طور پر شامل

    سٹیزن پورٹل پر ایف بی آر خصوصی کیٹیگری کے طور پر شامل

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان کے سٹیزن پورٹل پر ایف بی آر کو خصوصی کیٹیگری کے طور پر شامل کرلیا گیا ، اب شہری سٹیزن پورٹل پرایف بی آر سے متعلق شکایات درج کرا سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی شکایات کے حل سے متعلق بڑا فیصلہ کرتے ہوئے سٹیزن پورٹل پرایف بی آرکوخصوصی کیٹیگری کےطور پرشامل کر لیا گیا۔

    ایف بی آر سے متعلق شہری شکایات سٹیزن پورٹل پر درج کرا سکیں گے، فیصلہ چیئرمین ایف بی آر کی خصوصی بریفنگ کے بعد کیا گیا ہے۔

    وزیر اعظم آفس کی جانب سے ایف بی آر کو مراسلہ جاری کیا گیا ، جس میں کہا گیا ہے ایف بی آر خصوصی کیٹیگری کے طور پر شامل کرلیا گیا ہے ، ٹیکس دہندگان اورشہریوں کی شکایات کاجلد حل ممکن ہو گا، ایف بی آر کیٹیگری سے شہریوں کو اصلاحات پالیسی سے آگاہی ہو گی۔

    ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ سٹیزن پورٹل میں ایف بی آربھی شامل ہے، ایف بی آرنےخودسٹیزن پورٹل میں شامل ہونےکی درخواست دی تھی۔

    یاد رہے گزشتہ ماہ وزیر اعظم نے پاکستان سٹیزن پورٹل سے متعلق آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی تھی، وزیر اعظم آفس کی جانب سے وزارتوں، محکموں اور ڈویژن کو مراسلہ جاری کر کے کہا گیا تھا کہ سٹیزن پورٹل کی سہولت سے لوگوں کی بڑی تعداد ناواقف ہے، اس لیے عوام کو اس سلسلے میں بہتر طور پر آگاہ کیا جائے۔

  • ایف بی آر کو مریم نواز کی اپیل پر 30 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم

    ایف بی آر کو مریم نواز کی اپیل پر 30 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے ایف بی آر کو مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی اپیل پر 30 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کیخلاف درخواست پر سماعت کی ۔

    درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ یف بی آر نے سال 2013 کیلئے 12 لاکھ 57 ہزار روپے کا انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کا نوٹس بھجوا رکھا ہے۔ٹیکس نوٹس کیخلاف اپیل زیر التواء ہے مگر حکم امتناعی ختم ہونے جا رہا ہے۔

    دائر درخواست میں کہا گیا کہ ایف بی آر کی جانب سے حکم امتناعی کی تاریخ ختم ہونے کے بعد ٹیکس ریکوری کی کارروائی شروع کر دی جائے گی ۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ کمشنر اپیل کو انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کیخلاف اپیل پر جلد فیصلہ کرنے کا حکم دیا جائے اوراپیل کے حتمی فیصلے تک ایف بی آر کو ریکوری سے روکا جائے۔

    عدالت نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی درخواست پر ایف بی آر کوانکم سپورٹ لیوی ٹیکس کے خلاف اپیل پر تیس روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔

  • ٹیکس چوری روکنے کے لیے بڑی دکانوں کی انوائس مانیٹرنگ کا فیصلہ

    ٹیکس چوری روکنے کے لیے بڑی دکانوں کی انوائس مانیٹرنگ کا فیصلہ

    اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سیلز ٹیکس چوری روکنے کے لیے بڑے کریانہ اسٹورز، بیوٹی پارلرز، بیکری اور ریٹیل آؤٹ لیٹس کی انوائس مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سیلز ٹیکس چوری روکنے کے لیے انوائس مانیٹرنگ سسٹم کا دائرہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ انوائس سسٹم کا دائرہ بڑے کریانہ اسٹورز اور بیوٹی پارلرز تک بڑھایا جائے گا۔

    ایف بی آر کے مطابق بیکری اور ریٹیل آؤٹ لیٹس میں بھی انوائس سسٹم نصب ہوگا۔ مذکورہ اسلام آباد پائلٹ پراجیکٹ وفاقی دارالحکومت میں شروع کیا جائے گا۔ پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی پر ملک بھر میں مانیٹرنگ سسٹم نصب ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق انوائس مانیٹرنگ سسٹم اپ ڈیٹ کر کے ریئل ٹائم سسٹم میں تبدیل کیا جائے گا، سسٹم کی تنصیب کے بعد انوائسز کی کاپی فوری طور پر ایف بی آر کو مل جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کو ریٹیل آؤٹ لیٹس کی اصل سیل بھی معلوم ہوجائے گی۔ سسٹم سے صارفین سے کٹوتی کردہ سیلز ٹیکس کا ڈیٹا بھی حاصل ہوجائے گا۔

    ایف بی آر کے مطابق اسلام آباد میں 300 سے زائد ریسٹورنٹس میں یہ سسٹم نصب کیا جا چکا ہے۔

  • تنخواہ دارشہری اب ٹیکس آسانی سے ادا کرسکیں گے

    تنخواہ دارشہری اب ٹیکس آسانی سے ادا کرسکیں گے

    اسلام آباد: تنخوا دار شہریوں کے لیے ٹیکس ادائیگی آسان بنانے کے لیے ایف بی آر نے اہم قدم اٹھا لیا، ایف بی آر تنخواہ دار شہریوں کے لیے موبائل ایپ آج لانچ کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی حکومت نے تنخواہ دار طبقے کے لیے ایک اور آسانی متعارف کرائی ہے، چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا ہے کہ موبائل ایپ سے شہری انکم ٹیکس ریٹرن آسانی سے فائل کریں گے۔

    چیئرمین ایف بی آر کا کہنا ہے کہ تنخواہ دار شہری اسمارٹ فون کے ذریعے ٹیکس ادا کر سکیں گے، یہ موبائل ایپ ٹیکس نظام کو مکمل ڈیجیٹل کرنے میں اہم سنگ میل ہے۔

    گزشتہ ہفتے مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا تھا کہ حکومتی اقدامات سے ٹیکس وصولی میں اضافہ ہوا، ٹیکس دہندگان کی تعداد 27 فی صد بڑھ گئی، ٹیکس وصولیاں مقررہ اہداف کے مقابلے میں 90 فی صد تک ہوئیں، جب کہ ریونیو کلیکشن میں 25 فی صد اضافہ ہوا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ٹیکس دہندگان کی تعداد میں 27 فی صد اضافہ ہوا، سیلز ٹیکس ریفنڈ نظام آٹو کر دیا: حفیظ شیخ

    انھوں نے بتایا کہ پچھلے سال 19 لاکھ جب کہ اس سال 25 لاکھ ٹیکس فائلر بنے ہیں، فائلرز کی تعداد میں 25 فی صد اضافہ کیا گیا۔

    یاد رہے کہ شبر زیدی نے کہا تھا کہ 500 گز سے زاید کے گھر یا 1 ہزار سی سی سے زیادہ کی گاڑی رکھنے والے افراد بھی لازماً ٹیکس ریٹرن فائل کریں گے۔

    وزیر اعظم عمران خان کی معاشی ٹیم ملک کی معیشت کو دستاویزی بنانے کے لیے متعدد اقدامات کر چکی ہے، مزید بھی کرنے جا رہی ہے۔

  • ملک بھر میں اگست میں ایف بی آر کی وصولیوں میں اضافہ

    ملک بھر میں اگست میں ایف بی آر کی وصولیوں میں اضافہ

    کراچی: ماہ اگست میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی وصولیوں میں اضافہ ہو گیا ہے، ایف بی آر کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس وصولی میں 12 فی صد اضافہ نوٹ کیا گیا۔

    ایف بی آر کے مطابق انکم اور سیلز ٹیکس 30 اعشاریہ 4 فی صد سے بڑھ کر 42 اعشاریہ 7 فی صد ہو گیا، اس سلسلے میں چیف کمشنر آر ٹی او 2 بدر الدین قریشی کو اسلام آباد سے مبارک باد کا خط لکھا گیا۔

    ایف بی آر نے ہدایت کی ہے کہ آنے والے مہینوں میں مزید محنت کر کے ریونیو بڑھایا جائے۔

    واضح رہے کہ ہفتے کو چیئرمین ایف بی آر نے کہا تھا ٹیکس بیس میں اضافے کے لیے طریقۂ کار آسان بنانے کی ضرورت ہے، پاکستان کی خوش حالی کے لیے سب کو ٹیکس میں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا، اس سلسلے میں تاجروں کے ساتھ مثبت مذاکرات جاری ہیں۔

    ایف بی آر کی جانب سے ایک ٹویٹ میں کہا گیا کہ برآمدات بڑھانے کے لیے اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایس ایم ایز) کے لیے قواعد میں تبدیلی کی گئی ہے، نوٹیفیکشن بھی جاری کر کے کہا گیا کہ برآمدات اسکیم میں آسانی کی گئی جس سے بزنس کمیونٹی کو فائدہ ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایف بی آر کا کے الیکٹرک اور سوئی گیس کے لاکھوں صارفین کو نوٹس

    بتایا گیا کہ پورٹ پر کلیئرنس کے سسٹم کو بھی خود کار کر دیا گیا ہے، اس سے ہیومن انٹر ایکشن میں کمی اور کاروباری ماحول بہتر ہوگا۔

    یاد رہے کہ 3 ستمبر کو ایف بی آر نے ٹیکس نادہندگان کے خلاف بڑی کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لیے تجارتی اور صنعتی صارفین کو نوٹسز جاری کیے، اس سلسلے میں کے الیکٹرک کے ڈھائی لاکھ تجارتی اور صنعتی صارفین کو نوٹسز جاری ہوئے۔

    ایف بی آر کی جانب سے سوئی گیس کے بھی 4700 تجاتی اور صنعتی صارفین جو رجسٹرڈ نہیں تھے، کو نوٹس جاری کیے گئے۔

  • برآمدات بڑھانے کے لیے سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز کے لیے قواعد میں تبدیلی

    برآمدات بڑھانے کے لیے سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز کے لیے قواعد میں تبدیلی

    اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا کہنا ہے کہ برآمدات بڑھانے کے لیے سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز کے لیے قواعد میں تبدیلی کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز کے لیے قواعد میں تبدیلی کی۔ تبدیلی برآمدات بڑھانے کے لیے کی گئی ہیں۔

    ایف بی آر کا کہنا ہے کہ نوٹیفیکشن جاری کردیا گیا ہے، چیئرمین ایف بی آر کی زیر قیادت برآمدات اسکیم میں آسانی کی گئی۔ آسانی سے بزنس کمیونٹی کو فائدہ ہوگا۔ پورٹ پر کلیئرنس کے سسٹم کو بھی خود کارکر دیا گیا ہے۔

    ایف بی آر کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ مذکورہ اقدام سے ہیومن انٹر ایکشن میں کمی اور کاروباری ماحول بہتر ہوگا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان ہدایت کر چکے ہیں کہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا جائے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی تھی کہ کنٹریکٹ انفورسمٹ پر عمل اور لینڈ ریونیو ریکارڈ کو مزید منظم کیا جائے۔ نظام جدید خطوط پر استوارکرنے کے لیے وسائل بروئے کار لائے جائیں، ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا جائے۔

  • چیئرمین ایف بی آر کی وزیر اعظم کو ایک سال کی کارکردگی پر بریفنگ

    چیئرمین ایف بی آر کی وزیر اعظم کو ایک سال کی کارکردگی پر بریفنگ

    اسلام آباد: چیئرمین ایف بی آر نے وزیر اعظم کو ایک سال کی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ رواں مالی سال میں اگست تک 579 ارب ریونیو اکٹھا کیا جا چکا ہے، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 14.65 فی صد زائد ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ایف بی آر اصلاحات سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں ایف بی آر کی کارکردگی اور اب تک ہونے والی اصلاحات کا جائزہ لیا گیا۔

    چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ رواں سال فائلرز کی تعداد میں 7 لاکھ 83 ہزار افراد کا اضافہ ہوا، 2017 میں یہ تعداد 1514817 تھی جواب 2561099 ہو گئی، ڈومیسٹک ٹیکس کلیکشن میں 28 فی صد اضافہ ریکارڈ ہوا۔

    بریفنگ میں چیئرمین نے کہا کہ ایف بی آر اہل کاروں سے شخصی رابطہ قائم کرنے کی ضرورت ختم کی جا رہی ہے، اور رجسٹریشن، ٹیکس سرٹیفکیٹ اجرا، ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کے معاملات کو کمپیوٹرائزڈ کیا جا رہا ہے، آڈٹ سمیت دیگر مراحل کو بھی کمپیوٹرائزڈ کیا جا رہا ہے۔

    چیئرمین نے کہا کہ نادرا کی شراکت سے ’سہولت‘ ویب پورٹل کا اجرا کر دیا گیا ہے، ایف بی آر کو موصول مالی تفصیلات آن لائن دستیاب ہوں گی، شکایات کے ازالے کے لیے آن لائن نظام کو مزید مؤثر بنایا جا چکا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ گزشتہ سالوں سے زیر التوا 16 ارب روپے ری فنڈز واپس کیے جا چکے ہیں، دکان داروں اور ریٹیلرز کے لیے ٹیکس سسٹم کو مزید آسان بنایا جا رہا ہے، ٹیکس گزاروں کی سہولت کے لیے ’ٹیکس آسان‘ کے نام سے موبائل ایپ کا اجرا کر دیا، ٹیکس کے فارمز کا اردو میں ترجمہ بھی کیا جا چکا ہے، ایف بی آر کی ویب سائٹ کو بھی اردو میں بنانے پر کام جاری ہے۔

    چیئرمین نے مزید بتایا کہ متحرک ٹیکس گزاروں کی فہرست کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے، ایف بی آر تجارت میں سہولت کاری کے حوالے سے اقدامات کر رہا ہے، برآمدات آسان اسکیم کے تحت برآمدات کو آسان بنایا جا رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مختلف کسٹم اسٹیشنز پر اسکینرز نصب کر دیے گئے ہیں، طور خم بارڈر پر کسٹم کی سہولت 24 گھنٹے فراہم کر دی گئی ہے، کرتارپور راہداری پر کسٹم آپریشنز آیندہ چند ہفتے میں شروع کر دیے جائیں گے، موبائل اسمگلنگ روک تھام سے متعلق اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں اور ہوائی اڈوں پر کرنسی ڈیکلیئر سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے۔