Tag: ایف بی آر

  • جعلی انوائسز کے کاروباری نیٹ ورک کا پردہ فاش ، ماسٹر مائنڈ گرفتار

    جعلی انوائسز کے کاروباری نیٹ ورک کا پردہ فاش ، ماسٹر مائنڈ گرفتار

    کراچی : ایف بی آر نے جعلی انوائسز کے کاروباری نیٹ ورک کا پردہ فاش کرتے ہوئے ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی انوائسز کے کاروباری نیٹ ورک کا پردہ فاش کر دیا، ترجمان نے بتایا کہ آر ٹی او 1 نے جعلی انوائسز کے کاروباری نیٹ ورک پکڑ کر ماسٹر مائنڈ شہزاد کو گرفتار کرلیا ہے۔

    ملزم کا نیٹ ورک ایک درجن سے زائد مختلف کاروبار کے ذریعے اربوں روپے کے ٹیکس فراڈ میں ملوث پایا گیا ہے۔

    جعلی انوائسز کیس میں ملوث ملزم شہزاد کو کسٹمز، ٹیکسیشن اور اینٹی کرپشن کے اسپیشل کورٹ میں پیش کیا گیا، جس کے بعد عدالت ملزم کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر ریجنل ٹیکس آفس 1 کی تحویل میں دے دیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تحقیقات میں جرم میں ملوث مزید ملزمان کا سراغ لگایا جائے۔گا اور تحقیقات میں قومی خزانے کو پہنچائے گئے نقصان کا بھی مکمل تخمینہ بھی حاصل کیا جائے گا۔

  • ٹیکس آرڈیننس :  ایف بی آر کو   70  ارب روپے کی ریکوری کا امکان

    ٹیکس آرڈیننس : ایف بی آر کو 70 ارب روپے کی ریکوری کا امکان

    اسلام آباد : فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) کو حالیہ ٹیکس آرڈیننس سے 70 ارب روپے کی ریکوری کا امکان ہے جبکہ 250 ارب روپے کے مقدمات 100 فیصد ایف بی آر کے جیتنے کے امکانات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حالیہ ٹیکس آرڈیننس سے ایف بی آر کو 30 جون تک 70 ارب روپے کی ریکوری کا امکان ہے، ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر کو آئندہ چند ماہ میں عدالتوں میں پھنسے 250 ارب روپے مل سکتے ہیں۔

    ایف بی آر کے ذرائع نے کہا کہ سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ میں ٹیکس پر مخصوص آئینی بینچ قائم ہو چکے ہیں، مختلف عدالتوں میں ایف بی آر کے 850 ارب روپے کے مقدمات زیر التوا ہیں، 250 ارب روپے کے مقدمات 100 فیصد ایف بی آر کے جیتنے کے امکانات ہیں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ حال ہی میں دو مختلف کمپنیوں سے 20 ارب روپے جمع کیے گئے ہیں، عدالتوں میں سپر ٹیکس سے متعلق 200 ارب کے کیسز زیر التوا ہیں، مختلف ٹریبونلز میں اس وقت 600 ارب روپے کے ٹیکس کے مقدمات ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/dollar-currency-rate-pakistan-today/

  • ایف بی آر کو بڑے ریونیو شارٹ فال کا سامنا

    ایف بی آر کو بڑے ریونیو شارٹ فال کا سامنا

    اسلام آباد : فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو رواں مالی سال کے ماہ اپریل میں 110ارب روپے سے زائد ریونیو شارٹ فال کا سامنا کرنا پڑا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کو اپریل کے دوران 963 ارب روپے اکٹھے کرنا تھے، ایف بی آر اپریل کے دوران 850 ارب روپے سے زائد اکٹھے کرسکا۔

    ذرائع کے مطابق جولائی سے اپریل ریونیو شارٹ فال 815 ارب سے زیادہ ہوگیا، ایف بی آر کو جولائی سے اپریل 10 ہزار 130ارب اکھٹے کرنا تھے۔

    ٹیکس ایف بی آر

    چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال کا کہنا ہے کہ سالانہ بنیادوں پر 30فیصد ریونیو گروتھ ریکارڈ ہوئی، ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب آئی ایم ایف شرط کے مطابق ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی بورڈ آف ریونیو نے ایک اہم سنگ میل عبور کیا ہے، اپریل2025کیلئے ٹیکس وصولیوں میں30فیصد ماہانہ اضافہ ریکارڈ کیا ہے۔

    ایف بی آر کی اپریل 2025 کیلئے مقرر کردہ 9،300 ارب ہدف سے تجاوز کرگئی، 43ارب کے ریفنڈز جاری کرنے کے باوجود ٹیکس وصولیوں میں اضافہ برقرار ہے۔

    انکم ٹیکس میں44فیصد، سیلز ٹیکس کی مد میں17فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں 31 فیصد، کسٹم ڈیوٹی میں 31 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

  • ایف بی آر نے اربوں روپے کا سیلز ٹیکس کا فراڈ پکڑ لیا

    ایف بی آر نے اربوں روپے کا سیلز ٹیکس کا فراڈ پکڑ لیا

    کراچی : ایف بی آر نے اربوں روپے کا سیلز ٹیکس کا فراڈ پکڑ لیا، سیلز ٹیکس فراڈ پلاٹینم انٹرنیشنل اور کے ایچ سنز کے دو ماسٹر مائنڈ اویس اسماعیل اور فرہاد کر رہے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کے ریجنل ٹیکس آفس 1 نے 315 ارب روپے کا سیلز ٹیکس فراڈ اسکینڈل بے نقاب کر دیا۔

    فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے بتایا کہ آئرن اور اسٹیل سیکٹر میں 315 ارب روپے کا میگا سیلز ٹیکس فراڈ کا انکشاف ہوا، سیلز ٹیکس فراڈ پلاٹینم انٹرنیشنل اور کے ایچ سنز کے دو ماسٹر مائنڈ اویس اسماعیل اور فرہاد کر رہے تھے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ سیلز ٹیکس فراڈ میں ملوث معاونین اور ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، گرفتار ملزمان میں فرہاد کا بھائی شہزاد، کزن فیصل اور ایک اہم معاون معروف الرمان شامل ہیں۔

    تمام ملزمان کو اسپیشل کورٹ کسٹمز، ٹیکسیشن اور اینٹی اسمگلنگ میں پیش کر دیا گی اور ماسٹر مائنڈ فرہاد کے کزن فیصل اور معاون معروف الرحمان کو جیل بھیج دیا گیا جبکہ بھائی شہزاد کو سات روزہ جسمانی رمانڈ پر آر ٹی او 1 ٹیم کے حوالے کیا گیا ہے۔

    چیف کمشنر آر ٹی او 1 ڈاکٹر فہیم محمد نے بتایا کہ مزید تحقیقات شروع کردی ہیں، جس کے بعد مزید ملزمان کی گرفتاری متوقع ہے۔

  • ہفتے کی چھٹی منسوخ کرنے کا اعلان

    ہفتے کی چھٹی منسوخ کرنے کا اعلان

    اسلام آباد : فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے دفاتر میں ہفتے کی چھٹی منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے تمام دفاتر میں ہفتے کی چھٹی منسوخ کردی گئی۔

    یہ فیصلہ مالی سال 2024-25 کے لیے مقرر کردہ محصولات کی وصولی کے ہدف کو پورا کرنے کے لیے ایک وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے۔

    تمام چیف کمشنرز کو ایک باضابطہ ہدایت جاری کی گئی ہے، جس میں انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سرکاری اوقات کار کی سختی سے پابندی کریں اور ہفتہ کو معمول کے کام کے دنوں کے طور پر دیکھیں۔

    30 جون 2025 تک تمام ٹیکس آفس کی بروز ہفتہ کی چھٹی منسوخ کی گئی۔

    کچے کے ڈاکو اور پاکستان پولیس

    ایف بی آر نے اپنی تمام دفاتر پر زور دیا کہ وہ ایک جامع حکمت عملی اپنائیں جس پر زیادہ سے زیادہ ریونیو کے سلسلے کو فوکس کیا جائے۔

    یہ بات قابل غور ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے حال ہی میں پاکستان کو رواں مالی سال کے لیے اپنے سالانہ ٹیکس ہدف کو 12,970 ارب روپے سے کم کرکے 12,370 ارب روپے کرنے کی اجازت دی تھی۔

    نظرثانی کے باوجود، ایف بی آر کو مسلسل دباؤ کا سامنا ہے، کیونکہ مالی سال 25 کے پہلے نو ماہ کے لیے اس کا ریونیو شارٹ فال پہلے ہی 700 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔

  • ایمبرائیڈری مشینری اسکینڈل، بوگس مینوفیکچرنگ یونٹ کا فراڈ پکڑا گیا

    ایمبرائیڈری مشینری اسکینڈل، بوگس مینوفیکچرنگ یونٹ کا فراڈ پکڑا گیا

    کراچی: ایف بی آر پوسٹ کلیئرنس آڈٹ نے ایک بڑی کارروائی میں منی لانڈرنگ کا ایک بڑا اسکینڈل پکڑ لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پوسٹ کلیئرنس آڈٹ نے 21 کروڑ ٹیکس چوری اور 5 سال میں ڈھائی ارب سے زائد جعلی مینوفیکچرنگ مشینری کے اسکینڈل کا انکشاف کیا ہے۔

    ایف بی آر کے مطابق بوگس مینوفیکچرنگ یونٹ کا فراڈ ایمبرائیڈری مشینری اسکینڈل میں پکڑا گیا ہے، معلوم ہوا کہ جعلی مینوفیکچرنگ یونٹ کے نام پر ایمبرائیڈری مشینری درآمد کی گئی۔

    ایف بی آر کا کہنا ہے کہ جعل ساز کمپنی نے اربوں روپے مالیت کی مشینری پر 21 کروڑ 80 لاکھ روپے کی ڈیوٹی چوری کی، اور جعلی مینوفیکچرنگ یونٹ کے نام پر جعلساز کمپنی نے 5 سال میں 2 ارب 40 کروڑ روپے کی مشنیری درآمد کی۔


    70 کروڑ روپے کی مہنگی گھڑیوں کی فروخت پر کتنا ٹیکس بنتا ہے؟ ایف بی آر نے چوری پکڑ لی


    ٹیکس چوری پر شیر شاہ کے علاقے میں موجود جعل ساز کمپنی ایم ایس سلیمان انڈسٹریز کے خلاف کسٹم ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔

  • 70 کروڑ روپے کی مہنگی گھڑیوں کی فروخت پر کتنا ٹیکس بنتا ہے؟ ایف بی آر نے چوری پکڑ لی

    70 کروڑ روپے کی مہنگی گھڑیوں کی فروخت پر کتنا ٹیکس بنتا ہے؟ ایف بی آر نے چوری پکڑ لی

    کراچی: پوائنٹ آف سیل پر عمل درآمد نہ کرنے پر مہنگی ترین گھڑیوں کے 3 آؤٹ لیٹ سیل کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کے لارج ٹیکس آفس نے ٹیکس چوری کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پوائنٹ آف سیل پر عمل درآمد نہ کرنے والے مہنگی گھڑیوں کے تین آؤٹ لیٹ سیل کر دیے۔

    ایل ٹی او ٹیم نے مہنگی ترین گھڑیوں کے آؤٹ لیٹ کے ریکارڈ بھی قبضے میں لیے، ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ٹیکس دہندگان نے مہنگی ترین گھڑیوں کا اسٹاک 4 کروڑ روپے بتایا تھا لیکن ریکارڈ کے مطابق فروخت کی گئی گھڑیوں کی قیمت 70 کروڑ روپے بنتی ہے۔

    ایف بی آر گھڑیاں ٹیکس

    ایف بی آر ٹیکس گھڑیاں

    ایف بی آر کے مطابق مہنگی ترین گھڑیوں پر سیلز ٹیکس 25 فی صد عائد ہے، اس لیے 70 کروڑ روپے کی فروخت پر 25 فی صد سیلز ٹیکس 18 کروڑ روپے بنتا ہے۔


    ایف بی آر نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کر دی


    واضح رہے کہ رواں ماہ ایف بی آر نے آئی ایم ایف کی شرط پوری کرتے ہوئے پاکستان میں صنعتی شعبے کی پیداوار کو مانیٹر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ایف بی آر کے مطابق اشیا کی پیداوار کی الیکٹرانک ویڈیو نگرانی کی جائے گی، ویڈیو نگرانی کے لیے ڈیجیٹل آئی سافٹ ویئر نصب کیا جائے گا، سینٹرل کنٹرول یونٹ ایف بی آر کو رئیل ٹائم ڈیٹا فراہم کرے گا، جس کے بعد پیداواری ریکارڈ کا تجزیہ کر کے قانونی کارروائی کی جا سکے گی۔

  • ایک سے زائد صوبوں میں کام کرنے اداروں کا ویلفیئر فنڈ کس کے پاس جمع ہوگا؟ عدالتی فیصلہ جاری

    ایک سے زائد صوبوں میں کام کرنے اداروں کا ویلفیئر فنڈ کس کے پاس جمع ہوگا؟ عدالتی فیصلہ جاری

    کراچی: سندھ ہائیکورٹ میں ایک سے زائد صوبوں میں کام کرنے والے ملازمین کے ویلفئیر فنڈ جمع کرنے کے کیس میں عدالت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی درخواست کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے اپنی درخواست میں ایک سے زائد صوبوں میں کام کرنے والے اداروں کا ای او بی آئی ویلفیئر فنڈ صوبے یا وفاق کو جمع کرنے کا سوال اٹھایا تھا۔

    عدالت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی درخواست منظور کرتے ہوئے تحریری حکم نامہ میں کہا کہ ایک سے زائد صوبوں میں کام کرنے ادارے فنڈز ایف بی آر کے پاس جمع کرائیں گے۔

    وکیل سندھ حکومت کے مطابق اٹھارویں ترمیم سے ای او بی آئی اور ورکرز ویلفیئر فنڈز کا محکمہ صوبوں کے پاس چلا گیا ہے، سندھ نے اٹھارویں ترمیم کے بعد اپنا قانونی میکنزم بنا لیا ہے، جب کہ ایف بی آر کے وکیل نے کہا کہ مشترکہ مفادات کاوٴنسل (سی سی آئی) کے مطابق تمام صوبوں کی قانون سازی تک یہ معاملہ وفاق کے پاس ہوگا، سندھ نے تو قانون سازی کر لی ہے لیکن دیگر صوبوں میں ابھی معاملہ التوا کا شکار ہے، اس لیے سی سی آئی کے فیصلے کو عدالت تبدیل نہیں کر سکتی۔

    عدالت نے کہا کہ اس سلسلے میں آئین میں واضح گائیڈ لائن موجود ہیں، تحریری حکم نامہ میں کہا گیا کہ اگر کسی کو سی سی آئی کا فیصلہ چیلنج کرنا ہے، تو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں معاملہ اٹھایا جا سکتا ہے، پارلیمنٹ کے کئی مشترکہ اجلاس ہو چکے ہیں لیکن ابھی تک کسی صوبے نے یہ معاملہ نہیں اٹھایا۔

    عدالت نے حکم دیا کہ عدالت کے عبوری حکم کے تحت ناظر کے پاس جو رقم جمع ہوئی ہے، وہ ایف بی آر کو دی جائے، عبوری حکم میں درخواستوں پر فیصلے تک ملازمین کے لیے فنڈز کی رقم ناظر کے پاس جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی، حکومت سندھ کا مؤقف تھا کہ اس فنڈ کی مد میں اربوں روپے جمع ہیں، یہ صوبائی حکومت کو مل جائیں تو بہت سے منصوبے مکمل کیے جا سکتے ہیں۔

  • ایف بی آر نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کر دی

    ایف بی آر نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کر دی

    اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر ) نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی ایک اور شرط پوری کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف  کے درمیان مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، ایف بی آر نے آئی ایم ایف کی شرط پوری کرتے ہوئے پاکستان میں صنعتی شعبے کی پیداوار کو مانیٹر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    بڑے وڈیروں اور بڑے صنعت کاروں کو ٹیکس دینا ہوگا، آئی ایم ایف کا مطالبہ

    ایف بی آر کے مطابق اشیا کی پیداوار کی الیکٹرانک ویڈیو نگرانی کی جائے گی، ویڈیو نگرانی کے لئے ڈیجیٹل آئی سافٹ ویئر نصب کیا جائے گا، سینٹرل کنٹرول یونٹ ایف بی آر کو رئیل ٹائم ڈیٹا فراہم کرے گا جس کے بعد پیداواری ریکارڈ  کا تجزیہ کرکے قانونی کاروائی کی جا سکے گی۔

    ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ مانیٹرنگ کے بغیر مال فیکٹری سے نہیں نکل سکے گا، کاروباری احاطے میں پروڈکشن مانیٹرنگ سامان نصب کیا جائے گا، نگرانی کا سازو سامان لائسنس یافتہ مجاز وینڈر کے ذریعے نصب ہوگا۔

    ایف بی آر نے بتایا کہ مجاز وینڈر نصب ٹیکنالوجی کو وقت کیساتھ اپ گریڈ کرےگا، نگرانی کا سامان نصب کرنے کی فیس چارج کرنے کا مجاز ہوگا۔

  • پراپرٹی کی خرید و فروخت پر ایڈوانس انکم ٹیکس سے متعلق اہم خبر آگئی

    پراپرٹی کی خرید و فروخت پر ایڈوانس انکم ٹیکس سے متعلق اہم خبر آگئی

    کراچی: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پراپرٹی کی خرید و فروخت پر ایڈوانس انکم ٹیکس سے متعلق نئی زمینی حدود متعین کردیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایف بی آر اسلام آباد نے اپنے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 236 سی اور کے کے تحت پراپرٹی کی خرید وفروخت پر ایڈوانس انکم ٹیکس کے متعلق نئی زمینی حدود متعین کر دیں اور اس حوالے سے اپنی حدود میں مانیٹرنگ اور ٹیکس وصولی کی ذمہ داری بھی آر ٹی او 1 کے حوالے سونپی گئی ہی۔

    جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق آر ٹی او 1 کی زمینی حدود میں ضلع جنوبی سے آرام باغ، سول لائنز، گارڈن، لیاری اور صدر ٹاون، ضلع کیماڑی سے بلدیہ، صائٹ، ماڑی پور اور ہاربر ٹاون، ضلع سنٹرل سے لیاقت آباد ٹاون، ضلع ایسٹ سے جمشید ٹاون، ضلع ویسٹ سے اورنگی ٹاون کے علاوہ کلفٹن کینٹومنٹ، کراچی کنٹونمنٹ اور منوڑہ کنٹونمنٹ شامل ہونگے۔

    چیف کمشنر آر ٹی او 1 ڈاکٹر فہیم محمد نے کہا ہے کہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے مطابق پراپرٹی کی خرید و فروخت پر ایڈوانس انکم ٹیکس  کی وصولی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

    انہوں نے آر ٹی او 1 کی زمینی حدود سے منسلک تمام سب رجسٹرارز  پر زور دیا کہ وہ ایف بی آر کی جاری کردہ ویلیوئیشن ٹیبل کے مطابق پراپرٹی کی خرید و فروخت کو یقینی بنائے تاکہ سیکشن 236 سی اور کے کے مطابق ایڈوانس انکم ٹیکس کو وصول کیا جاسکے۔

    اس ضمن میں ود ہولڈنگ ایجنٹز اور سب رجسٹرارز کا ایک جامع آڈٹ بھی کیا جائے گا تاکہ غلط ود ہولڈنگ ریٹ کی وجہ سے محصولات کے نقصانات کا اندازہ لگایا جاسکے۔