Tag: ایف بی ایریا

  • سندھ فوڈ اتھارٹی نے ڈبل روٹی بنا نے والی فیکٹری کو سیل کر دیا

    سندھ فوڈ اتھارٹی نے ڈبل روٹی بنا نے والی فیکٹری کو سیل کر دیا

    کراچی: سندھ فوڈ اتھارٹی نے ڈسٹرکٹ سینٹرل ایف بی انڈسٹریل ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے ڈبل روٹی بنانے والی ایک فیکٹری کو سیل کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ فوڈ اتھارٹی نے ایف بی ایریا کراچی میں صفائی کی ناقص صورت حال پر ڈبل روٹی بنا نے والی فیکٹری کو سیل کر دیا، دو دیگر فیکٹریوں پر 3 لاکھ روپے جرمانہ کر دیا گیا۔

    سندھ فوڈ اتھارٹی نے ڈبل روٹی بنانے والی فیکٹریوں پر چھاپے مارے، انسپکشن کے دوران فیکٹریوں میں صفائی ستھرائی کی ناقص صورت حال سامنے آئی، فیکٹریوں میں نکاسیٔ آب کا بھی کوئی انتظام نہیں تھا۔

    ڈبل روٹی کی فیکٹریوں میں کام کرنے والے ملازمین کی حالت بھی خراب نکل آئی، ان کا میڈیکل ریکارڈ بھی موجود نہیں تھا۔

    ایس ایف اے کے چھاپے کے دوران فیکٹریوں میں ناقص خام مال کے استعمال کا بھی انکشاف ہوا، ہر طرف مکھیوں کی بھرمار تھی، فیکٹری میں بلی بھی آزادی سے گھوم پھر رہی تھی۔

    مشہور بریڈ بنانے والی ایک اور فیکٹری پر چھاپے کے دوران صفائی کی صورت حال تو بہتر نکلی لیکن ریکارڈ کی عدم موجودی اور لائسنس کے لیے درخواست نہ دینے پر سندھ فوڈ اتھارٹی نے 50 ہزار روپے جرمانہ کر دیا۔

    فیکٹری کو ریکوائرمنٹس پوری کرنے کے لیے ایس ایف اے نے ایک ہفتے کی مہلت بھی دی۔

    ڈبل روٹی کی فیکٹریوں کے خلاف کارروائی ڈپٹی ڈائریکٹر سندھ فوڈ سمیرا حسین کی سربراہی میں کی گئی۔

  • کراچی، شوہر نے بیوی کو ڈنڈوں کے وار کرکے قتل کردیا

    کراچی، شوہر نے بیوی کو ڈنڈوں کے وار کرکے قتل کردیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلبرگ میں شکی شوہر نے بیوی کو ڈنڈوں کے وار کرکے قتل کردیا، پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے ملزم کی گرفتاری کی کوشش شروع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلبرگ ایف بی ایریا بلاک 11 میں خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا تھا، زخمی خاتون خالدہ بی بی گزشتہ روز دوران علاج دم توڑ گئی۔

    پولیس کے مطابق خاتون کو اس کے شوہر جاوید حسین نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا جو موقع سے فرار ہوگیا، خاتون کے قتل کا مقدمہ شوہر جاوید حسین کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مفرور شوہر کو اپنی بیوی کے کردار پر شک تھا، مقتولہ گھریلو ملازمہ تھی اور شوہر چھت بھرائی کا کام کرتا ہے۔

    مقتولہ کو شوہر کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنانے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آئی ہے، ویڈیو میں شوہر کو بیوی کے سر پر ڈنڈے کے پے درپے وار کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون شدید زخمی ہونے کے بعد زمین پر گر جاتی ہے جبکہ اس کا شوہر جاوید حسین موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوجاتا ہے۔

    پولیس کے مطابق خاتون خالدہ بی بی کو تشدد کا نشانہ بنانے کا واقعہ عید الاضحیٰ کے دوسرے روز پیش آیا تھا۔