Tag: ایف سی

  • ایف سی نے ایران سے سمگل شدہ 98ہزار لیٹر ڈیزل قبضے میں لے لیا

    ایف سی نے ایران سے سمگل شدہ 98ہزار لیٹر ڈیزل قبضے میں لے لیا

    پنجگور: ایف سی نے پنجگور کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ایران سے سمگل شدہ 98ہزار لیٹر ڈیزل قبضے میں لے لیا ہے۔

    ترجمان ایف سی کے مطابق پانچ ٹینکرز پر مشتمل 98ہزار لیٹر ایرانی اسمگل شدہ ڈیزل کراچی منتقل کیا جا رہا تھا کہ خفیہ اطلاع پر ایف سی اہلکاروں نے پنجگور کے علاقے میں ناکے پر کارروائی کرتے ہوئے ڈیزل قبضے میں لے لیا ہے۔

    .مسروقہ ڈیزل قبضے میں لینے کے بعد کسٹم حکام کے حوالے کردیا گیا ہے

  • ڈیرہ بگٹی: ایف سی نے 7شدت پسندوں کو ہلاک کردیا

    ڈیرہ بگٹی: ایف سی نے 7شدت پسندوں کو ہلاک کردیا

    ڈیرہ بگٹی : پیر کوہ میں ایف سی نے سات شدت پسندوں کو ہلاک کردیا۔

    ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاعات پر کئے جانے والے سرچ آپریشن کے دوران شرپسندوں نے ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جوابی کارروائی میں سات دہشتگرد مارے گئے۔

    ترجمان ایف سی کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیر کوہ میں ایف سی کا سرچ آپریشن جاری ہے ، شرپسندوں اور ایف سی کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں سات شرپسند مارے گئے، ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔

    برآمد اسلحہ اور گولہ بارود میں تیس کلو گرام دھماکہ خیز مواد ، بیس بم ، تیس ڈیٹونیٹرز چار ایس ایم جیز ایک راکٹ بھی شامل ہے۔

    ترجمان ایف سی کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان سیکورٹی فورسز اور قومی تنصیابات پر حملوں میں ملوث تھے۔

     

  • ڈیرہ مراد جمالی: ایف سی نے 13کلووزنی بم ناکارہ بنادیا

    ڈیرہ مراد جمالی: ایف سی نے 13کلووزنی بم ناکارہ بنادیا

    ڈیرہ مراد جمالی: ایف سی نے تیرہ کلووزنی بم ناکارہ بنادیا۔

    ڈیرہ مرادجمالی کےعلاقے میں ایف سی نے کارروائی کی، کارروائی کے دوران تیرہ کلووزنی بم ناکارہ بنا دیا گیا ہے، ایف سی ذرائع کے مطابق بم گریڈ اسٹیشن کے قریب نصب کیا گیا تھا۔

    کارروائی میں ایف سی اہلکاروں کی بڑی تعداد نے حصہ لیا۔ بم پھٹنے سے بہت بڑے پیمانے پر تباہی پھیلنے کا خدشہ تھا تاہم ایف سی کی بروقت کارروائی نے علاقے کوایک بڑی تباہی سے بچالیا۔

  • ایک سال میں فرنٹیئر کور بلوچستان پر ساڑھے چارسو حملے ہوئے

    ایک سال میں فرنٹیئر کور بلوچستان پر ساڑھے چارسو حملے ہوئے

    کوئٹہ : فرنٹیئر کور بلوچستان نے دوہزار چودہ کے حوالے سے رپورٹ جاری کردی ،جس کے مطابق سال بھرکے دوران ایف سی پر صوبے کے مختلف علاقوں میں چار سو پچاس حملے ہوئے۔

    فرنٹیئر کور بلوچستان کے ترجمان کے مطابق رپورٹ جنوری سے دسمبر دوہزار چودہ تک پیش آنے والے واقعات اور ایف سی کارکردگی پر مبنی ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایف سی نے صوبے کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران ایک ٹن سے زائد دھماکہ خیز مواد،اڑھائی ہزار کلوگرام سے زائد منشیات،بھاری تعداد میں اسلحہ اور ایک لاکھ ستائیس ہزار سے زائد راؤنڈز برآمد کئے اور ڈیڑھ سو خطرناک ملزمان کے علاوہ چار ہزار آٹھ سو چونتیس غیر قانونی طور پر آنے والے تارکین وطن کو بھی گرفتارکیا۔

  • کوئٹہ: سبزی منڈی کے قریب سرکی روڈ پر دھماکہ، ایک جاں بحق دس زخمی

    کوئٹہ: سبزی منڈی کے قریب سرکی روڈ پر دھماکہ، ایک جاں بحق دس زخمی

    کوئٹہ: کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاون میں دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور بچوں سمیت دس افراد زخمی ہوگئے ہیں، پولیس اور ایف سی سمیت دیگر ریسکیو ذرائع موقع پر پہنچنا شروع کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیٹلائٹ ٹاون کے قریب سرکی روڈ پر سبزی منڈی میں زوردار دھماکہ ہوا ہے جس کی آواز شہر بھر میں سنی گئی ہے اور دھماکے کے نتیجے ایک شخص جاں بحق اور بچوں سمیت دس افراد زخمی ہو گئے ہے۔

    دھماکے کے بعد پولیس اور ایف سی سمیت دیگر ریسکیو ذرائع موقع پر پہنچ گئے ہیں اور لاش اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا، پولیس اور ایف سی سمیت دیگر حساس اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچنگ شروع کردی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے کے مطابق دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ ایک گاڑی اور ایک دکان مکمل تباہ ہو گئی ہے جبکہ دھماکے کے قریب موجود بجلی کے پول اُکھڑ گئے ہیں۔

    پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے کے قریب سے پولیس کی دو گاڑیاں گزر رہیں تھیں تاہم دونوں ہی محفوظ  رہیں۔ پولیس نے مزید کہا کہ دھماکے کے نتیجے میں دس افراد جن میں بچے بھی شامل تھے زخمی ہو ئے ہیں اور زخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ میں منتقل کرکے اسپتال میں ایمرجنسی لگا دی گئی ہے۔

    پولیس اور بی ڈی ایس کی ٹیموں نے وقوعہ سے شواہد جمع کرنا شروع کر دیئے ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ تفیش کے بعد ہی دھماکے کی نوعیت کا بتایا جاسکتا ہے۔

  • کوئٹہ: ایف سی، پولیس اور دیگر حساس اداروں کی مشرقی بائی پاس پر کاروائی

    کوئٹہ: ایف سی، پولیس اور دیگر حساس اداروں کی مشرقی بائی پاس پر کاروائی

    کوئٹہ: کوئٹہ میں ایف سی، پولیس اور دیگر حساس اداروں کا مشرقی بائی پاس لیبر کالونی میں مشترکہ سرچ آپریشن، ایک مبینہ دہشت گرد ہلاک اور تین اے ٹی ایف اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔

    پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع ملنے پر ایف سی پولیس اور حساس اداروں نے لیبر کالونی میں سرچ آپریشن کیا  اور اس دوران ایک مکان سے سیکورٹی ٹیم پر فائرنگ کی گئی، جس کی زد میں آکر اے ٹی ایف کے تین جوان زخمی ہوگئے ہیں۔

    سیکورٹی اداروں نے جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں ایک دہشتگرد ہلاک ہوگیا ہے، پولیس نے مکان سے پانچ دستی بم ایک ٹی ٹی پسٹل اور ایک کلاشنکوف بھی برآمد کرلی گئی ہے اور ہلاک دہشت گردی کی لاش اور زخمیوں کو سول ہسپتال پہنچایا گیا ہے۔

    واقع کے بعد زخمی اہلکاروں کو سی ایم ایچ منتقل کیا گیا، جن کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

    پولیس کے مطابق ہلاک دہشتگرد غیر ملکی ہے اور شبہ ہے کہ وہ 26نومبر کو پولیو ٹیم پر حملے میں ملوث ملزمان میں سے ایک ہے۔

  • پی ٹی آئی جلسہ: سیکیورٹی اہلکار اسلام آباد پہنچنا شروع، بڑی تعداد میں کنٹینرز لگ گئے

    پی ٹی آئی جلسہ: سیکیورٹی اہلکار اسلام آباد پہنچنا شروع، بڑی تعداد میں کنٹینرز لگ گئے

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے تیس نومبر کے جلسے اور متوقع احتجاج پر اسلام آباد کی چون سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنی بڑی تعداد میں کنٹینرلگادیے گئے ہے اوردوسرے شہروں سے سیکیورٹی اہلکاربڑی تعداد میں اسلام آباد پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔

    جو ں جو ں تیس نو مبر کی تاریخ قریب آتی جا رہی ہے ملک کے سیا سی درجہ حرارت میں اضا فہ ہو تا جا رہا ہے، اسلا م آباد ایک مرتبہ پھر سیاسی پنجہ آزما ئی کی زد میں ہے۔ حکومت ملکی دارالخلا فہ کو کنٹینرز کے حصار میں لینے پر کمر بستہ نظر آتی ہے اور مختلف شاہراہوں کی بندش بھی حکومتی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

    ایک جا نب ایوان اقتدار کی غلا م گردشو ں میں بیٹھکیں جا ری ہیں کہ کس طرح کپتان کے جلسے اور احتجا ج کو روکا جائے، حکومتی تیاریوں میں پی ٹی آئی کارکنا ن کی پکڑدھکڑ شہر میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ اور پو لیس کی مزید نفری طلبی بھی شامل ہے۔

    حکومتی ذرائع کے مطابق ہنگا مہ آرائی کی صورت میں واٹر کینن، شیلنگ، ربر کی گو لیوں اور لا ٹھی چارج کے استعما ل پر بھی غور و خو ص جا ری ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ احتجا جی عوام اپنارویہ، راستہ اور حکمت عملی خود طے کرتے ہیں اور کنٹینر، گرفتاریاں اور تشدد سے احتجا ج رک نہیں پا تا یہ عمل تحریک کو جلا بخشتا ہے۔

    دوسری جانب پنجاب پولیس اور ایف سی کے دوہزار اہلکار اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ پولیس کے مزید اہلکار آج رات اور کل رات تک اسلام آباد پہنچ جائیں گے۔ اسلام آباد پولیس نے پنجاب پولیس سے تین ہزار اہلکار، آزاد کشمیر پولیس سے ایک ہزار اہلکار اور ایف سی سے تین ہزار ایف اہلکار وں کی درخواست کی تھی۔

  • کوئٹہ: بولان کی پہاڑیوں پرایف سی کا سرچ آپریشن جاری

    کوئٹہ: بولان کی پہاڑیوں پرایف سی کا سرچ آپریشن جاری

    کوئٹہ:پہاڑی علاقوں میں ایف سی نے شدت پسندوں کے گِرد گھیرا تنگ کردیا، تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں بولان کے پہاڑی علاقوں میں شدت پسندوں کیخلاف فرینٹئیر کانسٹیبلری (ایف سی ) کا بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔

    کارروائی کے دوران شر پسندوں کے بھاری جانی نقصان کی اطلاعات ہیں۔ بولان کی پہاڑیوں پرایف سی نے بڑے پیمانے پرسرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ آخری اطلاعات تک آپریشن کے دوران ایف سی اور شدت پسندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

    شدت پسندوں کی جانب سے خود کار آتشی اسلحے اور راکٹ لانچر کااستعمال کیا جارہا ہے۔ آپریشن کے دوران ہیلی کاپٹروں کا استعمال بھی کیا جارہا ہے، ایف سی حکام کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں کے خاتمے کیلئے صوبائی حکومت کے احکامات کے تحت آپریشن جاری رہے گا۔

  • کوئٹہ: ایف سی کی گاڑی کو بم سے اڑانے کی کوشش ناکام

    کوئٹہ: ایف سی کی گاڑی کو بم سے اڑانے کی کوشش ناکام

    کوئٹہ:ایف سی کی گاڑی کو بم سے اڑانے کی کوشش ناکام بنادی گئی، جوائنٹ روڈ پر سڑک کنارے رکھا بم پوری طرح پھٹ نہ سکا، گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا۔

    پولیس کے مطابق آج صبح پونے آٹھ بجے کے قریب ایف سی کی گاڑی اپنے معمول کی گشت پر تھی، جونہی گاڑی بینظیر فلائی اوور سے جوائنٹ روڈ پر اتری قریب ایک تھیلی میں پڑا ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ سے پھٹ گیا۔

    دو سے ڈھائی کلو گرام وزنی دیسی ساختہ بم اگر مکمل طور پر پھٹتا تو بڑا نقصان ہوسکتا تھا، واقعہ کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، پولیس مزید تفتیش کررہی ہے۔

  • اسلام آباد:حکومتی اقدامات، 14اگست کوایف سی کے3 ہزار اہلکار طلب

    اسلام آباد:حکومتی اقدامات، 14اگست کوایف سی کے3 ہزار اہلکار طلب

    اسلام آباد: تحریک انصاف اور منہاج القران کی آزادی مارچ کو روکنے کیلئے اسلام آباد میں ایف سی کے تین ہزار اہلکاروں سمیت سیکورٹی فورسسز کی بھاری نفری طلب کر لی گئی ہے جبکہ خندقیں کھودی جارہی ہیں ۔

    آزادی اور انقلاب مارچ کی کال کے سبب اسلام آباد میں سیکورٹی سخت کردی گئی ہے، امن و امان کے پیش نظر وزیر داخلہ چوہدری نثار کی ہدایت پر فورسسز کی بھاری نفری طلب کی گئی ہے۔ چودہ اگست کے لئے تین ہزار ایف سی اہلکار اور تین سو پچاس فوجی جوان طلب کئے گئے ہیں۔

    سیکورٹی فرائض کی انجام دہی کے لئے چودہ ہزار پولیس اور اکیس سو رینجرز اہلکار کو بھی طلب کیا گیا ہے، راولپنڈی پولیس کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر انہیں طلب کیا جاسکتا ہے۔

    اسلام آباد کے ریڈ زون میں سیکورٹی کے پیش نظر مانیٹرنگ کے لئے کیمرے نصب کئے گئے ہیں جبکہ مارچ کے شرکاء کو روکنے کے لیے شہر کے داخلی راستوں پر خندقیں کھودی جارہی ہیں۔