ہیوسٹن : امریکا کی جنوبی اور وسطی ایشیائی امور کے پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ ایلزبتھ ہورسٹ کا کہنا ہے کہ امریکا پاکستانی عوام کی منتخب کردہ کسی بھی حکومت کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکا کی جنوبی اور وسطی ایشیائی امور کے پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ ایلزبتھ ہورسٹ نے ہیوسٹن میں ڈپلومیسی فار ڈولپمنٹ پر عالمی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا پاکستان میں کسی خاص پارٹی یاشخص کیساتھ کام نہیں کرتا۔
ایلزبتھ ہورسٹ کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان میں عوام کے منتخب نمائندوں پر مشتمل حکومت کیساتھ کام کرنے کو تیار ہے، بے بنیاد پروپیگنڈا دونوں ممالک کے تعلقات پر اثر انداز نہیں ہو سکتا۔
انھوں نے کہا کہ امریکہ جمہوری اصولوں، آزادی اظہار اور قانون کی حکمرانی کی حمایت کرتا ہے، ہم اپنی تاریخ کا نیا باب لکھ رہے ہیں، توجہ عوام، سرمایہ کاری، معیشت اور خوشحالی پر ہے۔
ہورسٹ نے کہا کہ اسسٹنٹ سیکرٹری آف سٹیٹ کے خلاف الزامات جھوٹے” ہیں، اس حوالے سے متعدد مواقع پر پاکستانی حکام کو امریکہ کے موقف سے آگاہ کیا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ 75 سالوں کے دوران پاکستان اور امریکہ کے تعلقات دنیا کے ساتھ ساتھ خطے کے لیے بھی سود مند رہے ہیں، امریکا پاکستان کے سیاسی معاملات میں مداخلت نہیں کرتا۔