Tag: ایلس ویلز

  • چین نے امریکی نائب وزیر خارجہ کا بیان غیر ذمہ دارانہ قرار دے دیا

    چین نے امریکی نائب وزیر خارجہ کا بیان غیر ذمہ دارانہ قرار دے دیا

    بیجنگ: چین نے ایلس ویلز کے پاک چین تعلقات اور سی پیک سے متعلق بیان کا نوٹس لیتے ہوئے اسے نہایت غیر ذمہ دارانہ قرار دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چینی سفارت خانے نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین امریکی نائب وزیر خارجہ کے بیان کی سختی سے مخالفت کرتا ہے، ایلس ویلز کا بیان غیر ذمہ دارانہ، بے بنیاد اور پرانی طرز پر مبنی ہے۔

    چینی سفارت خانے کا کہنا تھا کہ یہ بیان پاک چین تعلقات کو بدنام کرنے کی ایک بھونڈی کوشش ہے، آج (گزشتہ روز) پاک چین سفارتی تعلقات کی 69 ویں سال گرہ ہے، کو وِڈ 19 کے خلاف جنگ میں چین اور پاکستان ساتھ ہیں۔

    چینی سفارت خانے کی جانب سے کہا گیا کہ چین اب تک 55 ملین امریکی ڈالر مالیت کا طبی سامان پاکستان کو مہیا کر چکا ہے، دونوں ممالک کی دوستی ایک دوسرے کے احترام اور حمایت پر مبنی ہے، ہم نے علاقائی امن کو فروغ دینے کے لیے ہمیشہ مل کر کام کیا ہے۔

    ایلس ویلز کی افغان امن عمل میں تعاون پر پاکستان کے کردار کی تعریف

    یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی نائب وزیر خارجہ جنوبی ایشیا ایلس ویلز نے پاک چین تعلقات سے ہٹ کر افغان امن عمل میں تعاون پر پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان خطے کے امن و سلامتی کے لیے پرعزم ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، امریکا کے تعلقات میں بہتری آئی ہے، طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے زلمے خلیل زاد کو پاکستان کا بھرپور تعاون ملا۔

  • ایران انسانی امداد آنے کی اجازت دے: ایلس ویلز

    ایران انسانی امداد آنے کی اجازت دے: ایلس ویلز

    واشنگٹن: امریکی نائب وزیر خارجہ برائے وسطی و جنوبی ایشیا ایلس ویلز نے کرونا وائرس سے خراب ہوتی صورت حال میں ایران سے کہا ہے کہ وہ انسانی امداد اپنے ملک میں آنے کی اجازت دے۔

    ایلس ویلز نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر ایران انسانی امداد آنے کی اجازت دے، امریکی پابندیاں انسانی امداد پر اثر انداز نہیں ہوتیں۔

    نائب وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ خامنہ ای متعدد بار امریکی طبی امداد کی پیشکش کو مسترد کر چکے ہیں، امریکا کی جانب سے نقد امداد ایران میں کرونا وائرس کی ہلاکت خیزی کے خلاف فنڈ میں مدد کرے گی، نقد امداد ایران میں لوگوں کی ضروریات کے لیے نہیں۔

    خیال رہے کہ 14 مارچ کو ایرانی صدر حسن روحانی نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ کر درخواست کی تھی پاکستان امریکی پابندیاں ہٹانے کے لیے کردار ادا کرے، حسن روحانی نے خط میں پاکستان سے کرونا کے تناظر میں امداد کی بھی اپیل کی تھی۔

    ٹرمپ سے اپیل ہے انسانی بنیاد پر ایران سے پابندیاں ختم کرے، وزیراعظم

    سفارتی ذرایع کے مطابق پاکستان نے ایران سے پابندیاں ختم کرانے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کر دی ہیں، پاکستان نے امریکا سے کرونا وائرس کی وجہ سے ایران میں خراب صورت حال پر پابندیوں کے خاتمے کا بھی مطالبہ کر دیا ہے۔

  • امریکا کا پاکستان کو ایک ملین ڈالرز فراہم کرنے کا اعلان

    امریکا کا پاکستان کو ایک ملین ڈالرز فراہم کرنے کا اعلان

    واشنگٹن: امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے لڑنے کے لیے امریکا پاکستان کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے، یو ایس ایڈ کے ذریعے پاکستان کو ایک ملین ڈالرز فراہم کیے جا رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق امریکی نائب وزیر خارجہ برائے جنوبی و سینٹرل ایشیا ایلس ویلز نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے لڑنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، صحت کے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان،امریکا پارٹنر ہیں۔

    امریکا نے کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مدد کرنے کا اعلان بھی کر دیا ہے، ایلس ویلز کا کہنا تھا کہ یو ایس ایڈ کے ذریعے پاکستان کو ایک ملین ڈالرز فراہم کر رہے ہیں، فنڈنگ کرونا وائرس کی نگرانی اور تیز رد عمل کے لیے کی جا رہی ہے۔

    پاکستان میں ٹیسٹنگ کٹس کی تیاری آیندہ ہفتے سے شروع ہو جائے گی

    انھوں نے کہا کہ سینٹرل ڈیزیز کنٹرول کے حال ہی میں تربیت یافتہ 100 سے زائد پاکستانی گریجویٹس گلگت بلتستان اور پنجاب میں کرونا کیسز کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری امریکا دورے پر ہیں، انھوں نے آج نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کی ٹیسٹنگ کٹس مقامی طور پر تیار کر رہے ہیں، آیندہ ہفتے سے کٹس کی تیاری شروع ہو جائے گی، حکومت کی طرف سے سینیٹائزر کی سپلائی پیر سے شروع ہو جائے گی۔

  • امریکا نے وزیر اعظم کے احساس اسکالر شپ پروگرام کی تعریف کر دی

    امریکا نے وزیر اعظم کے احساس اسکالر شپ پروگرام کی تعریف کر دی

    واشنگٹن: امریکا نے بھی حکومت پاکستان کے احساس اسکالر شپ پروگرام کی تعریف کر دی ہے، نائب امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ نوجوان خواتین کو با اختیار بنانے پر حکومت پاکستان کے اقدامات کو امریکا سراہتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز نے ٹویٹر کے ذریعے کہا ہے کہ ہم پاکستان کے اسکالر شپ پروگرام کو سپورٹ کرتے ہیں، تعلیم نوجوانوں کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے، ہم خواتین کے بین الاقوامی دن کے موقع پر احساس تعلیمی وظائف کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہیں۔

    ایلس ویلز نے ٹویٹ میں لکھا کہ احساس اسکالر شپ نئی تعلیمی اسکالر شپ ہے، جو یو ایس ایڈ پاکستان اسکالر شپس کی طرز پر تشکیل دی گئی ہے، ہم نوجوان خواتین کو با اختیار بنانے پر حکومت پاکستان کے اقدامات کو سراہتے ہیں۔

    ملکی تاریخ کے سب سے بڑے اسکالرشپ پروگرام کا آغاز 

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہر سال 50 ہزار اسکالر شپس دینے کا اعلان کیا ہے، دو دن قبل وزیر اعظم نے احساس انڈر گریجویٹ اسکالر شپ پروگرام کا آغاز کیا، جس کے تحت مستحق ذہین طلبہ میں وظائف دیے جا رہے ہیں، احساس اسکالر شپ پروگرام پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام ہے۔

    تعلیمی سال 19-2020 کے پہلے مرحلے کی احساس اسکالر شپس کے لیے سالانہ 6 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، احساس انڈر گریجویٹ 4 سالہ پروگرام کے لیے 24 ارب کے وظائف دیے جائیں گے۔

  • امریکا نے پاکستان میں سوشل میڈیا پابندیوں کو دھچکا قرار دے دیا

    امریکا نے پاکستان میں سوشل میڈیا پابندیوں کو دھچکا قرار دے دیا

    واشنگٹن: امریکا کی جانب سے پاکستان میں سوشل میڈیا پر پابندیوں کو دھچکا قرار دے دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق امریکی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز نے کہا ہے کہ پاکستان میں سوشل میڈیا پابندیوں سے ڈیجیٹل اکانومی کی حوصلہ شکنی ہوگی۔

    ایلز ویلز کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر پابندی پاکستان کی جانب سے غیرملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ شکنی بدقسمتی کی بات ہوگی۔

    امریکی نائب معاون وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ انتہائی متحرک سیکٹر میں مقامی جدت کو روکنا اچھا شگون نہیں، سوشل میڈیا اسٹیک ہولڈرز سے بات چیت کے خواہاں ہیں۔

    یہ پڑھیں: سوشل میڈیا قانون کا مقصد سیاسی اختلاف کو دبانا نہیں، وزیراعظم

    یاد رہے کہ اس سے قبل اے آر وائی نیوز کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے اسے ریگولائز کرنا بہت ضروری ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’سوشل میڈیا کی مختلف کمپنیاں ہمارے قوانین کی خلاف ورزی اور اس کے خلاف پروپیگنڈا کررہی ہیں، میں بتانا چاہتا ہوں کہ ریگولیٹ کرنے سے فائدہ ہوگا اور جو شخص قانون کی خلاف ورزی کرے گا یا سوشل میڈیا کا غلط استعمال کرے گا اُسے قانون کی گرفت میں لانا آسان ہوگا‘۔

    مزید پڑھیں: حکومت نے سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کردیا، ایس آر او جاری

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا سے متعلق قانون کا مقصد مثبت اظہار رائے یا سیاسی اختلاف کو دبانا نہیں بلکہ قانون لانےکا بنیادی مقصد صرف اور صرف شہریوں کا تحفظ ہے۔

  • پاکستان کو شراکت داری کے فوائد حاصل ہو رہے ہیں: ایلس ویلز

    پاکستان کو شراکت داری کے فوائد حاصل ہو رہے ہیں: ایلس ویلز

    واشنگٹن: نائب وزیر خارجہ برائے جنوبی ایشیا ایلس ویلز نے کہا ہے کہ پاکستان کو امریکا کے ساتھ شراکت داری کے فوائد حاصل ہو رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایلس ویلز نے ایک ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا بیماریوں سے پاک مکئی اور گندم کی پیداوار اور تجارت میں پاکستان کی مدد کر رہا ہے، امریکا کے ساتھ شراکت داری سے پاکستان مستفید ہو رہا ہے۔

    ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ امریکا چھوٹے پیمانے پر پاکستانی کاشت کاروں کے لیے مدد فراہم کر رہا ہے، امریکی شراکت داری سے پاکستان میں اب غذائی تحفظ میں بہتری آ رہی ہے۔

    دو دن قبل پاکستان کے لیے امریکا کے ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری ارون میسنگا نے ساؤتھ ایشیا میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا پاکستانی اشیا کے لیے سب سے بڑا ایکسپورٹ مارکیٹ بن چکا ہے، امریکا اور پاکستان اس سلسلے میں گہری شراکت داری جاری رکھیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عالمی اکانومی کا ایک اہم پلئیر بننے کی پوری صلاحیت ہے، اور ہم وزیر اعظم عمران خان کے اقتصادی اصلاحاتی ایجنڈے سے خاصے پرامید ہیں، پاکستان کے نوجوانوں پر سرمایہ کاری کے اقدام ڈیجیٹل پاکستان کو بھی ہم خوش آمدید کہتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ امریکا پاکستانی اشیا کے لیے بڑی ایکسپورٹ مارکیٹ ہے، امریکی 2019 میں ایک بار پھر پاکستانی مصنوعات کے بڑے خریدار بنتے دکھائی دیے، پاکستان کے لیے امریکی ایکسپورٹس میں بھی اضافہ ہوا، چوں کہ اس سے دونوں ممالک میں ملازمتیں بنتی ہیں اس لیے ہم ان تجارتی تعلقات میں اضافہ چاہیں گے۔

  • غیرقانونی طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسئلے کو حل کرلیا، اعجاز شاہ

    غیرقانونی طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسئلے کو حل کرلیا، اعجاز شاہ

    اسلام آباد: وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا کہنا ہے کہ غیرقانونی طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسئلے کو حل کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے نائب معاون امریکی وزیرخارجہ ایلس ویلز سے ملاقات کی، جس میں سیکورٹی اور داخلی امور سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر داخلہ نے کہا کہ غیرقانونی طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسئلے کو حل کرلیا ہے، پاسپورٹ اور سفری دستاویزات کی تصدیق کا عمل مرتب کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نومبر، دسمبر، جنوری کے کیسز رپورٹ امریکی سفارت خانے کو جاری کر دی۔

    اعجاز شاہ نے کہا کہ این جی اوز کی رجسٹریشن کے لیے لائحہ عمل مرتب کرلیا ہے، تنظیموں پرتحفظات ہوں، انہیں مؤقف دینے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے، معیار پر پوری اترنے والی تنظیموں کو کسی مشکل کا سامنا نہیں ہے۔

    نائب معاون امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ ہم حکومت کے تعاون کو سراہتے ہیں، ایک پختہ نظام، طریقہ کار مرتب کرنا چاہتے ہیں۔ ایلس ویلز نے کہا کہ پاکستانی حکومت کی جانب سے بروقت جوابات کا عمل قابل تعریف ہے، پاکستان نے کم وقت میں بہت بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔

    امریکا اور پاکستان کے درمیان تجارت بڑھانے پر غور

    اس سے قبل امریکی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز اور مشیر تجارت رزاق داؤد کے درمیان ملاقات میں دونوں ممالک کی باہمی تجارت کو فروغ دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔

  • امریکا اور پاکستان کے درمیان تجارت بڑھانے پر غور

    امریکا اور پاکستان کے درمیان تجارت بڑھانے پر غور

    اسلام آباد: امریکی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز اور مشیر تجارت رزاق داؤد کے درمیان ملاقات میں دونوں ممالک کی باہمی تجارت کو فروغ دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی تجارت کو فروغ و استحکام دینے میں دلچسپی کاا ظہار کیا گیا۔

    امریکی وزیر کا کہنا تھا کہ زرعی شعبے میں باہمی تجارت کو مزید فروغ اور استحکام دیا جا سکتا ہے، زرعی شعبے میں فوری اضافے کی واضح صلاحیت موجود ہے۔

    ایلس ویلز نے کہا کہ معروف امریکی کمپنیاں پاکستان میں طویل عرصے سے کام کر رہی ہیں، مزید امریکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہشمند ہیں۔

    مشیر تجارت رزاق داؤد نے کہا کہ اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی گنجائش ہے، امریکی انتظامیہ کے ساتھ تجارتی فروغ کے لیے بات چیت ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ امریکی انتظامیہ کے ساتھ ترجیحی تجارت کے لیے جلد بات چیت ہوگی۔

    خیال رہے کہ امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز 4 روزہ دورے پر گزشتہ روز پاکستان پہنچیں، ایلس ویلز دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستانی حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گی۔

    ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات اورعلاقائی صورتحال پر گفتگو کی جائے گی۔ ایلس ویلز کی پاکستان میں سول سوسائٹی اور دیگر سیاسی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔

    امریکی نائب وزیر خارجہ 13 جنوری سے سہ ملکی دورے پر ہیں، سب سے پہلے انہوں نے سری لنکن دارالحکومت کولمبو کا دورہ کیا، اس کے بعد وہ بھارت گئیں اب اپنے دورے کے آخری مرحلے میں وہ پاکستان آئی ہیں، ان کا یہ دورہ 22 جنوری تک جاری رہے گا۔

  • امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز پاکستان پہنچ  گئیں

    امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز پاکستان پہنچ گئیں

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے دورہ واشنگٹن کے بعد امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز چار روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی نائب وزیرخارجہ ایلس ویلز پاکستان پہنچ گئیں، ایلس ویلز دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستانی حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گی۔ ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات اورعلاقائی صورتحال پر گفتگو کی جائے گی۔

    ایلس ویلز کی پاکستان میں سول سوسائٹی اور دیگر سیاسی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔

    امریکی نائب وزیر خارجہ 13 جنوری سے سہ ملکی دورے پر ہیں، سب سے پہلے انہوں نے سری لنکن دارالحکومت کولمبو کا دورہ کیا، اس کے بعد وہ بھارت گئیں اب اپنے دورے کے آخری مرحلے میں وہ پاکستان آئی ہیں، ان کا یہ دورہ 22 جنوری تک جاری رہے گا۔

    کچھ عرصہ قبل اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں ایلس ویلز نے کہا تھا کہ امریکا، پاکستان اور بھارت میں کشیدگی نہیں دیکھنا چاہتا۔ بھارت سے گرفتار کشمیریوں کی رہائی کا معاملہ اٹھایا گیا ہے، خطے میں امن کیلئے پاکستان اور بھارت کو اعتماد سازی کی فضا بحال کرنا ہوگی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ پاک امریکا تعلقات میں بھی بہتری آرہی ہے، امید ہے پاکستان افغان حکومت اور طالبان کو مذاکرات کی میز پر لے آئے گا، پاکستان اور امریکا نے مل کر افغانستان کے سیاسی حل کی کوشش کی، امید ہے پاکستان یہ تعاون جاری رکھے گا۔

  • ایلس ویلز 13 جنوری سے پاکستان سمیت جنوبی ایشیا کا دورہ کریں گی

    ایلس ویلز 13 جنوری سے پاکستان سمیت جنوبی ایشیا کا دورہ کریں گی

    واشنگٹن: امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز 13 جنوری سے جنوبی ایشیا کا دورہ کریں گی، پاکستان بھی آئیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق ایلس ویلز 13 جنوری سے جنوبی ایشیا کے دورے پر نکلیں گی، اور سب سے پہلے کولمبو کا دورہ کریں گی، سری لنکا کے بعد ایلس ویلز بھارت کا 4 روزہ دورہ کریں گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایلس ویلز 19 جنوری کو پاکستان پہنچیں گی، دورے کے دوران امریکی نائب وزیر خارجہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گی، سفارتی ذرایع کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں میں خطے کی سیکورٹی صورت حال پر بات چیت کی جائے گی۔

    امریکا، پاکستان اور بھارت میں کشیدگی نہیں دیکھنا چاہتا: ایلس ویلز کی اے آر وائی نیوز سے گفتگو

    ایلس ویلز کی پاکستان میں سول سوسائٹی اور سیاسی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ نومبر میں اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں ایلس ویلز نے کہا تھا کہ امریکا، پاکستان اور بھارت میں کشیدگی نہیں دیکھنا چاہتا، بھارت سے گرفتار کشمیریوں کی رہائی کا معاملہ اٹھایا گیا ہے، پاکستان اور بھارت کو اعتماد سازی کی فضا بحال کرنا ہوگی۔

    انھوں نے کہا تھا کہ پاک امریکا تعلقات میں بھی بہتری آرہی ہے، امید ہے پاکستان افغان حکومت اور طالبان کو مذاکرات کی میز پر لے آئے گا، پاکستان اور امریکا نے مل کر افغانستان کے سیاسی حل کی کوشش کی، امید ہے پاکستان یہ تعاون جاری رکھے گا۔