Tag: ایلون مسک

  • ایلون مسک نے صحافیوں کے معطل ٹوئٹر اکاؤنٹس کو بحال کردیا

    ایلون مسک نے صحافیوں کے معطل ٹوئٹر اکاؤنٹس کو بحال کردیا

    ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے معروف صحافیوں کے معطل اکاؤنٹس کو بحال کردیا۔

    ایلون مسک نے صحافیوں کے اکاونٹس بحال کرنے سے متعلق ٹوئٹر پول میں لوگوں سے رائے مانگی تھی، 58 فیصد کی رائے کے بعد صحافیوں کے معطل اکاؤنٹ بحال کرنے کا اعلان کیا گیا۔

    ٹوئٹر نے دو روز قبل سی این این، نیو یارک ٹائمز اور واشنٹنگن پوسٹ سمیت دیگر صحافیوں کے اکاؤنٹس معطل کر دیئے تھے۔

    ٹوئٹر نے معروف صحافیوں کے اکاؤنٹس معطل کردئیے

    صحافیوں کے اکاؤنٹس پر معطل کرنے پر صحافتی تنظیموں سمیت کئی ممالک نے ایلون مسک کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا، یورپی یونین اور اقوام متحدہ کی جانب سے ایلون مسک کو سخت پابندیوں کا عندیہ دیا گیا تھا۔

  • ایلون مسک نے ٹیسلا کے مزید حصص فروخت کردیے

    ایلون مسک نے ٹیسلا کے مزید حصص فروخت کردیے

    جدید ترین گاڑی بنانے والی کمپنی کے مالک ایلون مسک نے ٹیسلا کے مزید 3.6 ارب ڈالر کے حصص فروخت کردیے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایلون مسک نے رواں سال میں اب تک 23 ارب ڈالر کے شیئرز فروخت کرچکے ہیں۔

    خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایلون مسک نے زیادہ تر شیئر ٹوئٹر خریدنے کے معاہدے کی مالی اعانت کے لیے فروخت کیے۔

    یہ بھی پڑھیں: ایلون مسک نے اربوں ڈالر کے شیئرز فروخت کردیے

    واضح  رہے کہ ایلون مسک نے ٹیسلا کے حصص کی فروخت بند کرنے کا وعدہ کیا تھا تاہم انہوں نے اب ٹیسلا کے مزید 3.6 ارب ڈالر کے حصص فروخت کر دیے ہیں۔

  • ایپل کو ٹکر، اسمارٹ فونز کے حوالے سے ایلون مسک کا اعلان

    ایپل کو ٹکر، اسمارٹ فونز کے حوالے سے ایلون مسک کا اعلان

    سان فرانسسکو: ایپل کو ٹکر دینے کے لیے اسمارٹ فونز کے حوالے سے ایلون مسک کا اعلان سامنے آیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راکٹ بنانے والے ایلون مسک اب اسمارٹ فون بھی لانچ کرسکتے ہیں، ہفتے کے روز انھوں نے کہا اگر ٹوئٹر کو ایپلی کیشن اسٹور سے ہٹایا جاتا ہے تو پھر وہ بھی اسمارٹ فونز تیار کر سکتے ہیں۔

    ٹویٹر کے سی ای او ایلون مسک نے کہا اگر ان کے مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم کو ایپلی کیشن اسٹور سے ہٹا دیا جاتا ہے تو وہ ایپل اور اینڈرائیڈ ڈیوائسز کا مقابلہ کرنے کے لیے متبادل اسمارٹ فون تیار کریں گے۔

    مسک نے یہ بات اس وقت کہی جب ایک صارف نے ٹویٹ کیا کہ اگر ایپل اور گوگل اپنے ایپ اسٹورز سے ٹوئٹر کو ہٹا دیں تو مسک کو اپنا اسمارٹ فون بنانا چاہیے۔

    صارف نے لکھا کہ لوگ خوشی سے آئی فون اور اینڈرائیڈ کو ترک کر دیں گے، ایک آدمی جو راکٹ بنا سکتا ہے، اس کے لیے ایک چھوٹا سا اسمارٹ فون بنانا مشکل نہیں ہونا چاہیے۔

    مسک نے جواب دیا کہ مجھے امید ہے کہ ایسا نہیں ہوگا، لیکن اگر کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے تو میں ایک متبادل فون بناؤں گا۔

    مسک کی پوسٹ پر کئی صارفین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا، ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ اگر مسک نے ایسا کیا تو مجھے یقین ہے کہ ان کا اسمارٹ فون انقلاب برپا کر دے گا، دوسرے نے کہا، مجھے لگتا ہے کہ منصوبہ بندی ہو چکی ہے۔

    ٹویٹر کے سی ای او نے جمعہ کو کہا کہ مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم اگلے ہفتے جمعہ کو عارضی طور پر ’تصدیق شدہ‘ بلیو ٹک سروس کو دوبارہ شروع کرے گا۔

  • واٹس ایپ کو ٹکر دینے کے لیے ایلون مسک کیا کرنے والے ہیں؟

    واٹس ایپ کو ٹکر دینے کے لیے ایلون مسک کیا کرنے والے ہیں؟

    ایلون مسک ٹوئٹر کے نئے مالک نے میٹا کی زیر  ملکیت میسجنگ ایپ واٹس ایپ کو سخت ٹکر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر میں ڈائریکٹ میسجز (ڈی ایم) کو اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    ایلون مسک ٹوئٹر میں انکرپٹڈ ویڈیو اور وائس کالنگ کے فیچرز بھی متعارف کرانا چاہتے ہیں۔

    21 نومبر کو ایلون مسک نے ٹوئٹر ملازمیں کی میٹنگ کے دوران ٹوئٹر 2.0 کے نام سے سلائیڈز پیش کی گئی تھیں، جس میں ایلوں مسک یہ ہدایت جاری کی۔

    ایلون مسک نے کہا کہ صارفین ایسے میسجز اور کمیونیکیشن سروسز چاہتے ہیں جس کی پرائیوسی کبھی خراب نہ ہو اور  اس تک کسی کو رسائی حاصل نہ ہو۔

    ایلون مسک اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کو کمپنی کی اولین ترجیح بنانا چاہتے ہیں، ایلون مسک نے میٹنگ کے دوران کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ٹوئٹر 2.0 میں کوئی بھی کسی صارف کے ڈی ایم تک رسائی حاصل نہ کرسکے، چاہے کوئی ان کے سر پر گن ہی کیوں نہ رکھ دے۔

    ایلون کا کہنا تھا کہ ڈی ایم میں ہی وائس اور ویڈیو چیٹس کے فیچرز کا اضافہ بھی ہونا چاہیے جو اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہوں۔

    میٹنگ کے دوران ایلون مسک نے انکرپٹڈ میسجنگ ایپ سگنل کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ سگنل کے بانی بھی ڈی ایم کو انکرپٹڈ بنانے کے لیے ٹوئٹر کی مدد کریں۔

  • بلیو ٹک کے لیے 8 ڈالر کی اسکیم فی الحال مؤخر کردی گئی

    بلیو ٹک کے لیے 8 ڈالر کی اسکیم فی الحال مؤخر کردی گئی

    واشنگٹن: سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کے نئے مالک ایلون مسک نے 8 ڈالر میں بلیو ٹک والا تصدیق شدہ اکاؤنٹ فراہم کرنے کی اسکیم ملتوی کردی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کے نئے مالک ایلون مسک نے ٹویٹ کیا ہے کہ جب تک وہ ٹویٹر پر جعلی اکاؤنٹس کے مسئلے کا حل تلاش نہیں کر لیتے، بلیو ٹک کے لیے پیڈ سکیم دوبارہ شروع نہیں کی جائے گی۔

    ٹویٹر نے فی الحال 8 ڈالر میں بلیو ٹکس دینے کی اسکیم پر پابندی لگا دی ہے، کمپنی کے نئے مالک ایلون مسک نے ٹویٹ کیا ہے کہ جب تک وہ ٹویٹر پر جعلی اکاؤنٹس کے مسئلے کا حل تلاش نہیں کر لیتے، بلیو ٹک کے لیے پیڈ اسکیم دوبارہ شروع نہیں کی جائے گی۔

    ایلون مسک نے ٹویٹ کیا کہ جعل سازی (ڈپلیکیی) کو روکنے کے لیے بلیو ٹک کی تصدیق کے عمل کے دوبارہ آغاز کو فی الحال روک دیا گیا ہے، توقع ہے کہ اداروں کے لیے لوگوں کے مقابلے میں مختلف رنگ (بلیو ٹکس) استعمال کیے جائیں گے۔

    خیال رہے کہ حال ہی میں ٹویٹر نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹ کو بحال کردیا تھا جس پر تنقید کی جارہی تھی۔

    ٹرمپ کا اکاؤنٹ بحال کرنے سے پہلے ایک سروے کیا گیا تھا، اس پول میں 15 ملین سے زیادہ لوگوں نے ووٹ دیا جن میں سے 51.8 فیصد لوگوں نے ٹرمپ کے اکاؤنٹ کو بحال کرنے کی حمایت کی۔

    48.2 فیصد لوگوں نے اکاؤنٹ دوبارہ شروع نہ کرنے کے حق میں ووٹ دیا تھا، اکثریت کی رائے کے بعد ٹرمپ کا اکاؤنٹ بحال کردیا گیا تھا۔

  • ٹوئٹر کا کمپنی کے دفاتر عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان

    ٹوئٹر کا کمپنی کے دفاتر عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان

    ایلون مسک کے الٹی میٹم کے بعد سینکڑوں ٹوئٹر ملازمین دستبردار ہوگئے ،ٹوئٹر نے کمپنی کے دفاتر آج سے عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کردیا۔

    برطانوی میڈیا کےمطابق ٹوئٹر کی جانب سے سرکولر میں لکھا گیا عارضی طور پر دفاتر بند کئے ہیں اکیس نومبر سے آفسز دوبارہ کھول دئیے جائینگے۔

    برطانوی میڈیا کا کہناہےکہ ٹوئٹرنےکمپنی دفاتر عارضی طور پر بند کرنے کی وجوہات واضح نہیں کیں جب کہ دفاتر بند کرنے کی رپورٹ پر ردعمل دینے سے بھی گریز کیا۔

    واضح رہے کہ سینکڑوں ملازمین نے نئے باس ایلون مسک کے الٹی میٹم کے بعد استعفوں کی بھر مار ہوگئی، ایلون مسک نے ٹوئٹر کے ملازمین کو ای میل میں الٹی میٹم دیا تھا کہ زیادہ گھنٹے کام کرنے کا عہد کریں یا پھر نوکری چھوڑ دیں۔

  • ایلون مسک نے سابقہ محبوبہ ایمبر ہرڈ کا اکاؤنٹ حذف کردیا؟

    ایلون مسک نے سابقہ محبوبہ ایمبر ہرڈ کا اکاؤنٹ حذف کردیا؟

    ایلون مسک کے ٹوئٹر خریدنے کے بعد ان کی سابقہ محبوبہ ہالی وڈ اداکارہ ایمبر ہرڈ کا ٹوئٹر سے اکاؤنٹ غائب ہوگیا۔ جس کے بعد خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ اداکارہ نے خود ہی اپنا اکاؤنٹ حذف کردیا۔

    امبر ہرڈ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ایک ایسے وقت میں غیر فعال ہوا ہے جب کہ ان کے سابق مبینہ محبوب ایلون مسک ٹوئٹر کے نئے مالک بنے۔

    اب جیسے ہی لوگ امبر ہرڈ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو تلاش کرتے ہیں تو صارفین کو پیغام موصول ہوتا ہے کہ مذکورہ اکاؤنٹ موجود نہیں ہے۔

    اداکارہ کا اکاؤنٹ ٹوئٹر سے غائب ہونے پر سوشل میڈیا صارفین کی رائے ملی جلی ہے، کچھ کا کہنا ہے کہ سابق محبوب کے مالک بنتے ہی اداکارہ نے ٹوئٹر کو خیرباد کہہ دیا جب کہ کئی ’صارفین یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ ایلون مسک نے خود ایمبر کا اکاؤنٹ حذف کردیا‘۔

    غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایلون مسک کے ٹوئٹر سنبھالنے کے بعد اداکارہ کا اکاؤنٹ غائب ہوا، اس حوالے سے نا ہی ٹوئٹر کا کوئی بیان سامنے آیا اور نا اداکارہ نے کچھ بتایا۔

    خیال رہے کہ امریکی اداکار جونی ڈیپ کی سابقہ اہلیہ ایمبر ہرڈ نے 2018 میں اعتراف کیا تھا کہ ان کے ایلون مسک سے کچھ عرصے تک قریبی تعلقات رہے تھے اور طلاق کے بعد شوہر سے علیحدگی کا غم ختم کرنے کے لیے ان کے 2016 سے 2017 تک ایلون مسک سے تعلقات رہے۔

    جبکہ ایلون مسک نے نیویارک ٹائمز کو دیے گئے انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ ان کے امبر ہرڈ کے ساتھ کبھی تعلقات نہیں رہے۔

  • علی ظفر کی تجاویز ایلون مسک کے دل کو بھا گئیں

    علی ظفر کی تجاویز ایلون مسک کے دل کو بھا گئیں

    کراچی: معروف گلوکار علی ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کو بہتر بنانے کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں جو ٹویٹر کے نئے مالک ایلون مسک کو بے حد پسند آئیں۔

    ٹویٹر کے سربراہ ایلون مسک اور پاکستانی گلوکار علی ظفر کے درمیان ٹویٹر پلیٹ فارم کو مزید بہتر بنانے پر گفتگو ہوئی، دراصل ایلون مسک نے ٹویٹر کو بہتر بنانے کے لیے مشورے مانگے جس پر علی ظفر سمیت دنیا بھر کے صارفین نے مختلف مشورے دیے۔

    علی ظفر نے اپنی تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ تخلیق کاروں کو لائیکس اور فالوورز کی جنگ سے نکل کر زیادہ سے زیادہ مراعات دی جائیں۔ انہیں اپنی الگ آن لائن ڈیجیٹل دنیا قائم کرنے کی آزادی دی جائے، جہاں وہ جو مرضی تخلیق کریں، مختلف چیزوں کو سیکھیں اور نت نئی تخلیق کریں، اپنے ہم خیال لوگوں سے مل کر سیکھیں اور اس سے کمائیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ٹویٹر کے الگورتھمز کو بھی بہتر بنایا جائے تاکہ مختلف ممالک کے ہم خیال لوگ ایک جگہ جمع ہوسکیں اور ایک دوسرے سے اپنا مواد شیئر کرسکیں اور اسی مناسبت سے سرمایہ کار ان پر سرمایہ کاری کرسکیں۔

    جیسے کہ امریکا میں بیٹھا ہوا شخص صرف امریکا سے ٹویٹ کیا جانے والا مواد ہی نہ دیکھے، بلکہ جاپان میں تخلیق کیا جانے والا مواد بھی اس تک پہنچے۔

    ٹویٹر کے سربراہ ایلون مسک علی ظفر کے خیالات اور تجاویز سے متاثر اور متفق دکھائی دیے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ درست ہے کہ الگورتھمز کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، جاپان میں نصف سے زائد نوجوان صارفین کے پاس حیرت انگیز اور منفرد مواد ہے لیکن وہ جاپان سے باہر کبھی نہیں دیکھا گیا۔

  • یورپ میں ٹوئٹر کی چڑیا ہمارے قوانین کے مطابق اڑے گی، یورپی یونین

    یورپ میں ٹوئٹر کی چڑیا ہمارے قوانین کے مطابق اڑے گی، یورپی یونین

    یورپ: یورپی یونین کےانٹرنل مارکیٹ کمشنر نے کہا ہے کہ یورپ میں ٹوئٹر کی چڑیا ای یو قوانین کے مطابق اڑے گی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یورپی یونین کے انٹرنل مارکیٹ کمشنر نے ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک کو متنبہ کیا ہے کہ یورپ میں ٹوئٹر کو ای یو بلاک کے قوانین کو مدنظر رکھنا ہوگا۔

    واضح رہے کہ ٹوئٹر کا چارج سنبھالنے کے بعد معروف امریکی کمپنی ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے ٹوئٹ کیا تھا کہ چڑیا آزاد ہوگئی ہے۔

    ٹویٹر کا مالک بنتے ہی ایلون مسک نے بھارتی چیف ایگزیکٹو کو نکال باہر کیا

    ایلون مسک نے 44  ارب ڈالر میں ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد انہوں نے پہلا کام یہ کیا کہ ٹویٹر کے بھارتی نژاد سی ای او پراگ اگروال کو نکال باہر کیا۔

     

  • ٹویٹر کا مالک بنتے ہی ایلون مسک نے بھارتی چیف ایگزیکٹو کو نکال باہر کیا

    ٹویٹر کا مالک بنتے ہی ایلون مسک نے بھارتی چیف ایگزیکٹو کو نکال باہر کیا

    واشنگٹن: ٹیسلا کے مالک ایلون مسک سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کے بھی مکمل طور پر مالک بن گئے اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے پہلا کام یہ کیا کہ ٹویٹر کے بھارتی نژاد سی ای او پراگ اگروال کو نکال باہر کیا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ایلون مسک نے مالک بننے کے فوری بعد ٹویٹر کے سی ای او پراگ اگروال اور سی ایف او نیڈ سیگل کو کمپنی سے برطرف کر دیا گیا ہے، یہی نہیں بلکہ انہیں کمپنی کے صدر دفتر (ہیڈ کوارٹر) سے بھی باہر نکال دیا گیا ہے۔

    ایلون مسک نے رواں سال 13 اپریل کو ٹویٹر کی خریداری کا اعلان کیا تھا، انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو 54.2 ڈالر فی شیئر کے حساب سے 44 بلین ڈالر میں خریدنے کی پیشکش کی تھی لیکن پھر اسپیم اور جعلی اکاؤنٹس کی وجہ سے انہوں نے اس معاہدے کو مؤخر کر دیا۔

    بعد ازاں 8 جولائی کو مسک نے معاہدہ توڑنے کا فیصلہ کیا، اس کے خلاف ٹویٹر نے عدالت سے رجوع کیا تھا لیکن پھر اکتوبر کے اوائل میں مسک نے اپنا مؤقف تبدیل کرتے ہوئے دوبارہ معاہدہ مکمل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

    اس دوران ڈیلاویئر کی عدالت نے 28 اکتوبر تک ڈیل مکمل کرنے کا حکم دیا، ایلون مسک نے ایک روز قبل یعنی 27 اکتوبر کو ٹویٹر کے دفتر پہنچ کر سب کو حیران کر دیا تھا۔

    مسک نے ٹویٹر کے سی ای او پراگ اگروال، چیف فنانشل آفیسر (سی ایف او) نیڈ سیگل اور قانونی امور کی پالیسی کے سربراہ وجے گاڈے کو باہر کا راستہ دکھا دیا ہے۔

    مسک نے ان پر الزام لگایا ہے کہ وہ انہیں اور ٹویٹر کے سرمایہ کاروں کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جعلی اکاؤنٹس کی تعداد کے حوالہ سے گمراہ کر رہے تھے۔

    ذرائع کے مطابق جب ایلون مسک کا ٹویٹر کے ساتھ سودا مکمل ہوا تو اگروال اور سیگل دفتر میں موجود تھے، اس کے بعد انہیں دفتر سے باہر نکال دیا گیا تاہم اس حوالے سے ٹویٹر، ایلون مسک یا کسی عہدیدار کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایلون مسک کی ٹویٹر میں آمد کے ساتھ ہی کمپنی کے ملازمین کی نوکریاں ختم ہو سکتی ہیں، واشنگٹن پوسٹ نے انٹرویوز اور دستاویزات کے حوالے سے بتایا تھا کہ ٹویٹر خریدنے کے بعد مسک کمپنی کے 75 فیصد ملازمین کو برطرف کر سکتے ہیں۔