Tag: ایلون مسک

  • ایلون مسک نے ٹوئٹر کی چڑیا آزاد کردی

    ایلون مسک نے ٹوئٹر کی چڑیا آزاد کردی

    معروف امریکی کمپنی ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد دلچسپ ٹوئٹ کیا ہے۔

    غیرملکی میڈیا کے مطابق ایلون مسک نے 44 ارب ڈالر میں ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھال لیا، ٹوئٹر کنٹرول لینے کے بعد ایلون مسک نے سابق سی ای او اگروال اور سی ایف او سیگال کو فارغ کردیا۔

    ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد انہوں نے ایک مختصر  ٹوئٹ کیا جس میں لکھا کہ ’’ پرندہ آزاد ہوگیا‘‘۔

    اس کے علاوہ ایلون مسک نے اپنی ٹوئٹر پروفائل کو بھی بدل دیا ہے اور خود کو چیف Twit لکھا ہے جبکہ لوکیشن ٹوئٹر ہیڈ آفس درج کی ہے۔

    ایلون مسک کی اس ذو معنی ٹوئٹ صارفین کی توجہ کا مزکر اس لیے بنی کیوںکہ ٹوئٹر کے ’لوگو‘ پر نیلے رنگ کا پرندہ ہے۔

    صارف نے ایلون مسک کے اس ٹوئٹ پر ری ٹوئٹ میں ایک تصویر  شئیر کی، جس میں ایلون مسک ٹوئٹر کی چڑیا’لوگو‘ کو اڑا رہے ہیں۔

    https://twitter.com/drefanzor/status/1585841644292648960?s=20&t=jGeAnzPkf7M6jByqU78FLg

    جب کہ ایک اور صارف نے ویڈیو شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گاڑی میں بیٹھا شخص ایک کے بعد ایک پرندہ اڑا رہا ہے، اس شخص کے چہرے پر ایڈٹ کے ذریعے ایلون مسک کی تصویر لگائی گئی ہے۔

  • ویڈیوز: ایلون مسک نے روس یوکرین جنگ کو ’پہلی ڈرون جنگ‘ قرار دے دیا

    ویڈیوز: ایلون مسک نے روس یوکرین جنگ کو ’پہلی ڈرون جنگ‘ قرار دے دیا

    ایلون مسک نے یوکرین میں جاری روس یوکرین جنگ کو ’ڈرون وار 1‘ قرار دے دیا۔

    دنیا کے سب سے دولت مند شخص، اسپیس ایکس (SpaceX) اور ٹیسلا موٹرز کے سی ای او ایلون مسک نے یوکرین جنگ کو (پہلی عالمی جنگ کی طرح) ’ڈرونز کی پہلی جنگ‘ قرار دے دیا۔

    برطانوی اخبار دی انڈیپنڈنٹ نے سرخی جمائی کہ ’قاتل ڈرون یوکرین پر بالادستی کے لیے لڑ رہے ہیں۔‘ اخبار کے لنک کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے ایلون مسک نے لکھا: ’Drone War I‘۔

    اخبار نے لکھا کہ یہ سائز میں چھوٹے اور کسی بھی فضائی دفاع کو توڑ کر اندر داخل ہو سکتے ہیں اور بڑی تباہی مچا سکتے ہیں، اور اس کے ساتھ ساتھ یہ سستے بھی ہیں۔

    یوکرین پر روسی ڈرونز کی بارش، امریکا کا اہم قدم

    اخبار کے مطابق یوکرین پر روس کے حملے میں، ان قاتل ڈرونز نے اپنی ساکھ کو ایک طاقت ور اور کم خرچ ہتھیار کے طور پر مستحکم کر لیا ہے، جو اہداف کو تلاش اور تباہ کر سکتے ہیں۔

    قاتل ڈرون اس قسم کی دہشت پھیلاتا ہے جو فوجیوں اور شہریوں کے عزم کو یکساں طور پر ناکام بنا سکتا ہے۔

    یوکرین کی جانب سے مسلسل یہ الزام لگایا جا رہا ہے کہ روس شاہد اور مہاجر 6 نامی ایرانی ڈرونز استعمال کر رہا ہے، سی این این کی جرنلسٹ کلریسا ورڈ نے ٹوئٹر پر بتایا کہ چند ہفتے قبل انھیں جنوبی یوکرین میں گرایا گیا ایک ایرانی ساختہ مہاجر ڈرون دکھایا گیا تھا، تاہم کریملن نے کہا ہے کہ اس آپریشن میں روس صرف روسی ہتھیار ہی استعمال کر رہا ہے۔

    کیف پر روسی ڈرون حملوں کے بعد یوکرینی وزیر خارجہ نے یورپی یونین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران پر مزید پابندیاں لگائے۔

  • ایلون مسک نے یوکرین کو انٹرنیٹ کی فراہمی کے لیے 80 ملین ڈالر خرچ کر ڈالے

    ایلون مسک نے یوکرین کو انٹرنیٹ کی فراہمی کے لیے 80 ملین ڈالر خرچ کر ڈالے

    واشنگٹن: اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے یوکرین کو غیر معینہ مدت تک اسٹار لنک انٹرنیٹ سروس کی فراہمی سے معذرت کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایلون مسک کا کہنا ہے کہ ان کے ادارے اسپیس ایکس نے یوکرین میں اسٹار لنک کو فعال کرنے اور اس کی مدد کرنے کے لیے تقریباً 80 ملین ڈالر خرچ کر دیے ہیں۔

    ایلون مسک نے کہا ان کی راکٹ فرم اسپیس ایکس غیر معینہ مدت کے لیے یوکرین کی اسٹار لنک انٹرنیٹ سروس کو فنڈ نہیں دے سکتی، کیوں کہ اسٹار لنک پر ہرماہ تقریباً 20 ملین ڈالر خرچ ہو رہے ہیں، جو کہ بہت مہنگا ہے۔

    واضح رہے کہ ایلون مسک نے ایک میں تجویز پیش کی تھی کہ یوکرین روس کے کریمیا کے الحاق کو قبول کرے اور روس کے زیر قبضہ یوکرینی علاقوں میں ریفرنڈم کی اجازت دے۔

    کریملن نے اس تجویز کا مثبت جواب دیا تھا لیکن جرمنی میں یوکرین کے سفیر آندریج میلنک نے ٹوئٹ میں اس کے خلاف رد عمل ظاہر کیا، اور انھیں اس معاملے سے دور رہنے کے لیے کہا۔

    جمعے کو سفیر کے تبصرے کا جواب دیتے ہوئے ایلون مسک نے کہا کہ ہم ان کے مشورے پر عمل کر رہے ہیں۔

    ایلون مسک نے اسٹار لنک سسٹم بنانے والی اپنی خلائی کمپنی کا ذکرکرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ اسپیس ایکس ماضی کے اخراجات کو پورا کرنے کے لیے نہیں کہہ رہا ہے، لیکن وہ موجودہ سسٹمز کو غیر معینہ مدت تک فنڈ نہیں دے سکتا۔

  • پرسکون نیند کے لیے ایلون مسک کا مشورہ کتنا کارآمد ہے؟

    پرسکون نیند کے لیے ایلون مسک کا مشورہ کتنا کارآمد ہے؟

    دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے بہترین نیند کے لیے ایک کارآمد مشورہ دیا جس پر سوشل میڈیا پر حسب معمول مزاحیہ اور طنزیہ تبصروں کا طوفان آگیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے سوشل میڈیا صارفین کو بہترین نیند کے لیے ایک آزمودہ مشورہ دیا ہے۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایلون مسک نے پرسکون اور بہترین نیند کے لیے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ نیند بہتر بنانے کے لیے اپنے بیڈ کے سر والے حصے کو 3 یا 5 سینٹی میٹر اونچا کریں اور سونے سے 3 گھنٹے قبل کچھ نہ کھائیں۔

    اس ٹویٹ کے جواب میں مسٹر بِیسٹ نامی ایک یوٹیوبر نے ایلون مسک سے پوچھا کہ کیا کوئی مجھے بتانا چاہے گا کہ یہ دو چیزیں مجھے کیسے مدد دیں گی؟

    جس کے جواب میں ایلون مسک نے کہا کہ یہ اس لیے اچھا ہے کہ آپ رات کو ہلکی تیزابیت محسوس کر رہے ہوتے ہیں، جو نیند کے معیار پر اثر انداز ہوتی ہے۔

    خیال رہے کہ سنہ 2021 کی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایلون مسک رات کو 6 گھنٹے کی پرسکون نیند لیتے ہیں، ایلون مسک کے مطابق انہوں نے کم سونے کی کوشش کی تھی لیکن اس وجہ سے ان کی کام کرنے کی صلاحیت پر اثر پڑتا ہے۔

    ایلون مسک کے اس ٹویٹ کے بعد ٹویٹر پر دلچسپ تبصرے بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں، ایک صارف نے لکھا کہ بہتر نیند کے لیے ضروری ہے کہ آپ ارب پتی ہوں، تاکہ آپ کو اپنے بِل ادا کرنے کے لیے محنت نہ کرنی پڑے۔

    کرپٹو ڈاٹ کام نامی ایک ہینڈل نے کہا کہ اس کے علاوہ سونے سے پہلے اپنے کرپٹو کے پورٹ فولیو کو بھی نہ چیک کریں۔

    ایک اور صارف نے کہا کہ بہتر نیند کے لیے ٹویٹر کو 44 بلین ڈالر میں نہ خریدیں اور پھر معاہدہ ختم کر دیں۔

  • جونی ڈیپ کو جرمانے کی ادائیگی، ایمبر ہیئرڈ قیمتی ترین تحفہ فروخت کریں گی

    جونی ڈیپ کو جرمانے کی ادائیگی، ایمبر ہیئرڈ قیمتی ترین تحفہ فروخت کریں گی

    ہالی ووڈ کے معروف اداکاروں جونی ڈیپ اور ان کی سابق اہلیہ ایمبر ہیئرڈ کے درمیان ہتک عزت کا مقدمہ کچھ عرصے سے شہ سرخیوں میں تھا، مقدمے میں جونی ڈیپ کو فتح ہوئی اور عدالت نے ان کی سابق اہلیہ کو حکم دیا کہ وہ ڈیپ کو 10.35 ملین ڈالر کی خطیر رقم ادا کریں۔

    ہالی ووڈ رپورٹس کے مطابق ایمبرکے لیے بھاری جرمانے کے عدالتی حکم کی تکمیل کسی صورت ممکن نہیں کیوں کہ اگر وہ اپنی تمام فلموں سے ملنے والے معاوضے کو جمع کرلیں تب بھی وہ اتنا بھاری جرمانہ ادا نہیں کرسکتیں۔

    اس تمام صورتحال کو مدنظررکھتے ہوئے ایمبر ہیئرڈ نے اپنی زندگی کے سب سے قیمتی تحفے کو فروخت کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    ایمبر کو یہ بیش قیمت تحفہ ان کے سابق محبوب اور دنیا کے ارب پتی افراد میں سے ایک ایلون مسک نے دیا تھا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اداکارہ نے ہرجانے کی رقم بھرنے کے لیے اپنے سابق محبوب کی نشانی ٹیسلا ایکس برقی کار کو بھی فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی مالیت تقریباً 1 لاکھ 30 ہزار ڈالر ہے۔

    ٹیسلا کی یہ کار ایک بار چارج ہونے پر 628 کلو میٹر کا فاصلہ 1200 ہارس پاور کے ساتھ طے کر سکتی ہے۔

    دریں اثنا عدالت نے جونی ڈیپ کو بھی حکم جاری کیا ہے کہ وہ اپنی سابق اہلیہ کو 20 لاکھ ڈالر ادا کریں کیوں کہ ایمبر نے ڈیپ اور ان کے ایک وکیل ایڈم ویلڈمین پر ان کے الزامات کو ریکارڈ کر کے تمسخر اڑانے پر مقدمہ بنایا تھا۔

  • ایلون مسک نے ٹوئٹر کتنے میں خریدا؟

    ایلون مسک نے ٹوئٹر کتنے میں خریدا؟

    سان فرانسسکو: ٹوئٹر نے دنیا کے امیر ترین شخص امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ٹیسلا اور نجی خلائی کمپنی اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک کی پیش کش کو قبول کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو فروخت کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایلون مسک نے 2 ہفتے قبل  ٹوئٹر کو خریدنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے لئے 44 ارب ڈالرز ادا کرنے کی پیشکش کی تھی، تاہم ٹوئٹر بورڈ نے ایلون مسک کی اس پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ کو فروخت کرنے سے انکار کردیا تھا۔

    لیکن گزشتہ روز اچانک خبر آئی کہ ٹوئٹر بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ایلون مسک کی پیش کش قبول کرتے ہوئے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ کو فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ٹویٹر نے ارب پتی کاروباری شخص کو 44 ارب ڈالر مالیت کے معاہدے میں کمپنی کی فروخت کی تصدیق کردی ہے۔

    معاہدے کے مطابق ایلون مسک ٹوئٹر کی خریداری کے لیے 54.20 ڈالر فی شیئر رقم ادا کریں گے۔ معاہدے کے بعد ایلون مسک ٹوئٹر کے واحد  شیئر ہولڈر بن گئے ہیں۔ یہ دنیا بھر میں اب تک کی کسی بھی پرائیویٹ کمپنی کو خریدنے کا سب سے بڑا سودا ہے۔

    ٹوئٹر بورڈ کے چیئرمین بریٹ ٹیلر نے اپنے بیان میں کہا کہ ادارے نے’’ایلون کی تجویز کا جائزہ لینے کے بعد سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ یہ ٹویٹر کے حصص یافتگان (شیئر ہولڈرز) کے لیے آگے بڑھنے کا بہترین راستہ ہے۔

    ایلون مسک نے کمپنی کی ملکیت لینے کا اعلان کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ وہ نئے فیچرز کے ساتھ ٹوئٹر کو مزید بہتر بنائیں گے۔ ’’آزادیِ اظہار ایک فعال جمہوریت کی بنیاد ہے، ٹویٹر’ڈیجیٹل اسکوائر‘ ہے جہاں انسانیت کے مستقبل کے لیے اہم معاملات پر بحث ہوتی ہے‘‘۔

    یہ بھی پڑھیں: ایلون مسک نے ٹوئٹر ٹیم میں شامل ہونے سے انکار کر دیا

    ٹیسلا انکارپوریٹڈ اور اسپیس ایکس کی کامیابی میں کارفرما کھرب پتی نے ٹویٹر کمپنی کے کاروباری ماڈل میں تبدیلیوں کے لیے بہت سی تجاویز بھی پیش کی ہیں، ان میں کمپنی کے سان فرانسیسکو میں واقع ہیڈکوارٹر کو بے گھر افراد کی پناہ گاہ میں تبدیل کرنا، ٹویٹس کے لیے ایڈٹ کا بٹن شامل کرنا، پریمیم صارفین کو خودکار تصدیقی نمبر دینا شامل ہے۔

    خیال رہے کہ مسک اس سے قبل بھی ٹویٹر کے 9 فی صد سے زیادہ حصص کے مالک تھے اور وہ اس کے سب سے بڑے انفرادی شیئر ہولڈر تھے، انھوں نے اس ماہ کے اوائل میں اس فرم کا ایک بڑا حصہ خریدا تھا، واضح رہے کہ ٹویٹر کے شریک بانی جیک ڈورسی ایلون مسک کے دوست ہیں۔

  • ایلون مسک نے ٹوئٹر ٹیم میں شامل ہونے سے انکار کر دیا

    ایلون مسک نے ٹوئٹر ٹیم میں شامل ہونے سے انکار کر دیا

    ٹیسلا کمپنی کے سی ای او ایلون مسک نے ٹوئٹر ٹیم میں شامل ہونے سے انکار کر دیا۔

    دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک ٹوئٹر کے سب سے زیادہ شیئرز خرید چکے ہیں، انھیں بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل ہونا تھا، تاہم اب انھوں نے بورڈ میں شامل ہونے سے انکار کر دیا ہے۔

    ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو پراگ اگروال نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ایلون مسک سب سے زیادہ شیئر خریدنے کے بعد مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹر میں شامل ہونے جا رہے ہیں۔

    تاہم اب انھوں نے ایک ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ اسپیس ایکس کے بانی نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا ہے، پراگ اگروال نے ٹوئٹ میں ٹوئٹر ٹیم کو کی گئی ای میل کا اسکرین شاٹ پوسٹ کیا، جس میں لکھا گیا تھا کہ 9 اپریل کو آفیشلی ایلون مسک ان کے بورڈ کا حصہ بنے، لیکن اسی دن ہی ایلون نے ٹیم میں شامل ہونے سے انکار کر دیا۔

    ایلون مسک نے ٹویٹر کے کتنے ارب ڈالرز کے شیئرز خرید لیے؟

    ای میل میں ٹیم میں ایلون مسک کی عدم شمولیت کی وجہ نہیں بتائی گئی، تاہم لکھا گیا کہ مسک ان کے سب سے بڑے شئیر ہولڈر ہیں اور وہ ہمیشہ ان کے ان پٹ کی قدر کریں گے۔

    انھوں نے کہا کہ ہمارے مقاصد اور ترجیحات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، جو فیصلہ ہم کرتے ہیں اس پر عمل درآمد کرنا بھی صرف ہمارے ہاتھ میں ہے، کسی اور کے نہیں۔

  • مہنگائی نے دنیا کے امیر ترین انسان کو بھی پریشان کردیا

    مہنگائی نے دنیا کے امیر ترین انسان کو بھی پریشان کردیا

    ویسے تو پاکستانیوں کو ہر روز ہی یہ سننا پڑتا ہے کہ دنیا بھر میں مہنگائی میں اضافہ ہوچکا ہے اسی وجہ سے ان کے لیے بھی پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کیا جارہا ہے، تاہم حقیقت یہی ہے اور اس کا ثبوت یہ ہے کہ مہنگائی نے دنیا کے امیر ترین انسان ایلون مسک کو بھی پریشان کردیا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی مہنگائی نے دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کو بھی مشکلات سے دو چار کر دیا ہے۔

    ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ بڑھتےہوئے افراط زر کی وجہ سے اسٹار لنک کی خدمات کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہوچکا ہے۔

    اعلامیے کے مطابق دنیا بھرمیں تیزی سے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے تناظرمیں اسپیس ایکس نے مئی 2022 سے اپنی سیٹلائٹ انٹرنیٹ کی ماہانہ سبسکرپشن فیس 99 ڈالرسے بڑھا کر110 ڈالرکرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    کمپنی کی جانب سے سبسکرپشن اور ڈش ہارڈ ویئر کی قیمتوں میں اضافے کی بابت صارفین کو بہ ذریعہ ای میل آگاہ بھی کردیا گیا ہے۔

    اسپیس ایکس نے ماہانہ سبسکرپشن فیس کے علاوہ اسٹار لنک سیٹلائٹس سے جوڑنے والے ڈش اور دیگر ہارڈ ویئرکی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا ہے جس کے بعد نئے صارفین کو انٹرنیٹ سروسز حاصل کرنے کے لیے 100 ڈالر کی اضافی ادائیگی کرنی پڑے گی۔

    اس سے قبل نئے کنکشن کے لیے استعمال کنندگان کو 499 ڈالرز دے کر اسٹار لنک ڈش کو خریدنا پڑتا تھا تاہم اب اس کے لیے 599 ڈالرز ادا کرنے پڑیں گے، تاہم ایسے صارفین جو پہلے ہی آرڈر کر چکے ہیں جو اب 499 کی جگہ 549 ڈالرز ادا کریں گے۔

    خیال رہے کہ ایلون مسک نے اس ماہ کے آغاز میں کہا تھا کہ حالیہ مہنگائی کی وجہ سے لاجسٹک اور خام مال کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہوچکا ہے، اور اسپیس ایکس کی کوریج اور استعداد کارمیں اضافے کے لیے قیمتوں میں اضافہ کرنا ضروری ہوگیا ہے۔

  • ایلون مسک کا پیوٹن کو چیلنج، جو جیت گیا یوکرین اس کا

    ایلون مسک کا پیوٹن کو چیلنج، جو جیت گیا یوکرین اس کا

    دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک اور ٹیسلا موٹرز کے مالک ایلون مسک نے روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کو فائٹ کے لیے چیلنج کر کے داؤ پر یوکرین کا ملک لگا دیا ہے۔

    جو جیتا یوکرین اس کا، روسی صدر کو دیے گئے ایلون مسک کے اس چیلنج نے دنیا بھر میں لوگوں کو حیران کر دیا ہے، یوکرین جنگ کے خاتمے کا دنیا کے امیر ترین شخص کی جانب سے یہ ایک انوکھا لیکن انتہائی غیر سنجیدہ حل ہے۔

    اسپیس ایکس کے بانی نے فائٹ کا یہ چیلنج اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے دیا ہے، ایلون مسک نے ٹوئٹ میں لکھا کہ یوکرین میں امن سے زیادہ کچھ قیمتی نہیں، جو جیتا یوکرین اس کا۔

    ایلون مسک نے اس پیغام کو روسی زبان میں بھی ٹوئٹ کیا اور کریملن کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کو ٹیگ کیا ہے۔

    یہ ٹوئٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے سامنے آئے، ایک صارف نے روسی صدر اور ایلون مسک کا موازنہ کرتے ہوئے ایک خاکہ پیش کیا، اور لکھا کہ یہ چیلنج صرف 10 سیکنڈ کا ہوگا۔

    یوکرین میں انٹرنیٹ منقطع، ایلون مسک کا بڑا قدم

    صارف نے پیوٹن اور ایلون مسک کی عمر اور قد کی پیمائش بھی کی، لکھا کہ ایلون مسک قد میں بھی روسی صدر سے بڑے ہیں اور 19 سال چھوٹے ہونے کی وجہ سے جسمانی طاقت میں بھی زیادہ ہیں۔ دل چسپ بات یہ ہے کہ اس پر ایلون مسک نے بھی کمنٹ کیا اور صارف سے اتفاق کیا۔

    واضح رہے کہ روسی حملے کے بعد یوکرین میں جب انٹرنیٹ کا نظام منقطع ہوا، تو یوکرینی وزیر کی درخواست پر ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس نے یوکرین کو انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی، اس سلسلے میں کمپنی نے اسٹار لنک سروس ایکٹیو کیا۔

  • یوکرین میں انٹرنیٹ منقطع، ایلون مسک کا بڑا قدم

    یوکرین میں انٹرنیٹ منقطع، ایلون مسک کا بڑا قدم

    دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک اور ٹیسلا موٹرز کے مالک ایلون مسک نے یوکرین میں انٹرنیٹ منقطع ہونے پر اسٹار لنک ایکٹیو کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایلون مسک نے یوکرین میں انٹرنیٹ متاثر ہونے کے بعد اسٹار لنک ایکٹیو کر دیا ہے، دراصل یوکرین کے وزیر نے ٹوئٹر پر ان سے درخواست کی تھی۔

    روسی حملے کے بعد یوکرین میں انٹرنیٹ کا نظام منقطع ہو چکا ہے، یوکرینی وزیر کی درخواست پر ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس نے انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی۔

    ایلون مسک نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ اسٹار لنک سروس اب یوکرین میں ایکٹیو ہے، مزید ٹرمینلز بھی کھولے جا رہے ہیں۔

    اس ٹویٹ سے قبل یوکرین کے وزیر برائے ٹرانسفارمیشن نے ایلون مسک سے انٹرنیٹ کی فراہمی کی درخواست کی تھی، انھوں نے ٹویٹ میں ایلون مسک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جس دوران آپ مریخ کو فتح کرنے کی کوششوں میں ہیں، وہاں روس یوکرین پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

    انھوں نے لکھا کہ ایسے میں جب آپ کے راکٹ خلا پر لینڈ کر رہے ہیں، روسی راکٹ یوکرینی عوام پر حملہ آور ہیں، ہم آپ سے یوکرین کو اسٹار لنک اسٹیشن فراہم کرنے کی گزارش کر رہے ہیں۔

    انھوں نے مزید لکھا کہ ایلون مسک سمجھدار روسیوں سے کہیں کہ اپنی حکومت کے حملوں کے خلاف آواز اٹھائیں۔