Tag: ایلون مسک

  • فیس بک، انسٹا گرام کی بندش پر ایلون مسک نے ’ایکس‘ پر کیا کہا؟

    فیس بک، انسٹا گرام کی بندش پر ایلون مسک نے ’ایکس‘ پر کیا کہا؟

    معروف سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ کے مالک ایلون مسک نے سروسز معطل ہونے پر فیس بک اور انسٹا گرام پر طنز کے تیر چلا دیے۔

    ایلون مسک نے منگل کے روز ’ایکس‘ پر میٹا کی ملکیت فیس بک اور انسٹاگرام کی عالمی بندش کے حوالے سے اپنا نقطہ نظر شیئر کیا ہے۔ انھوں نے ‘ایکس‘ پر چند پینگوئنز کی تصویر شیئر کی ہے۔

    اس پوسٹ میں فیس بک، انسٹاگرام اور تھریڈز کے لوگو والے پینگوئن اپنے سامنے کھڑے ’ایکس‘ والے پینگوئن کو حیرت کے ساتھ دیکھ ررہے ہیں۔

    اس پوسٹ کے ساتھ ایلون نے اپنی ملکیت ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’اگر آپ یہ پوسٹ پڑھ رہے ہیں تو اس کی وجہ صرف یہ ہے کہ ہمارے سرورز کام کر رہے ہیں۔‘‘

    واضح رہے کہ اس سے قبل سوشل میڈیا ویب سائٹس اور ایپلی کیشنز کی بندش پر پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا مؤقف بھی سامنے آیا تھا۔

    ترجمان پی ٹی اے نے واضح کیا تھا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم میٹا کو عالمی سطح پر بندش کا سامنا ہے جس کی وجہ سے پاکستان میں بھی صارفین اس مسئلے سے متاثر ہوئے ہیں۔

    ترجمان نے کہا کہ صارفین کو فیس بک، انسٹاگرام، میسنجرلاگ ان اور پروفائلز تک رسائی میں مشکلات ہیں۔

    دوسری جانب سروسز ڈاؤن ہونے پر فیس بک انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ سائٹ میں تکنیکی خرابی کے باعث فیس بک ڈاؤن ہوا، صارفین پریشان نہ ہوں مسئلہ جلد حل ہو جائےگا۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں میٹا سروسز فیس بک، انسٹا، میسنجر ڈاؤن اور اکاؤنٹس سائن آؤٹ ہو گئے تھے۔ فیس بک اور انسٹاگرام صارفین کو سیشن ایکسپائرڈ کا نوٹس موصول ہوا تھا۔ صارفین کا فیس بک اور انسٹا اکاؤنٹ سائن ان نہیں ہو پا رہا تھا۔

  • سابق بھارتی سی ای او نے ایلون مسک پر مقدمہ دائرکردیا! کروڑوں ڈالرز کا مطالبہ

    سابق بھارتی سی ای او نے ایلون مسک پر مقدمہ دائرکردیا! کروڑوں ڈالرز کا مطالبہ

    ایکس کے مالک ایلون مسک پر بھارتی نژاد پراگ اگروال و دیگر سابق عہدیداروں نے مقدمہ دائر کرتے ہوئے کروڑوں ڈالر ادا کرنے کا مطالبہ کردیا۔

    ٹوئٹر (موجودہ ایکس) کے سابق سی ای او پراگ اگروال سمیت 3 سابق عہدیداروں نے ایلون مسک پر 123.8 کروڑ ڈالرز کی عدم ادائیگی پر مقدمہ دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مقدمے میں درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ ایلون مسک ان کے واجبات ادا کرنے سے کترا رہے ہیں۔

    یہ مقدمہ پراگ اگروال، چیف فنانشل آفیسر نیڈ سیگل، ٹوئٹر کے سابق قانونی اور پالیسی کے سربراہ وجے گڈے اور سابق جنرل کونسل شان ایجڈ نے دائر کیا ہے۔

    درخواست گزاروں کی جانب سے کہا گیا کہ ایلون مسک کا خیال ہے کہ قواعد ان پر لاگو نہیں ہوتے اور وہ اپنی دولت اور طاقت کا استعمال کرتے ہوئے ہر شخص کو دبا سکتے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق ایکس (سابق ٹوئٹر) کے سابق چیف ایگزیکٹیو پراگ اگروال نے مقدمے میں 5.74 کروڑ ڈالرز جبکہ سابق چیف فنانشل آفیسر نیڈ سیگل نے 4.45 کروڑ ڈالرز واجبات دینے کا کہا ہے۔

    واضح رہے کہ ایلون مسک نے اکتوبر 2022 میں ٹوئٹر کو 44 ارب ڈالرز کی خطیر رقم میں میں خریدا تھا۔ بعدازاں انھوں نے سابق چیف ایگزیکٹیو پراگ اگروال سمیت دیگر عہدیداروں کو برطرف کر دیا تھا۔

    مسک نے ان پر الزام عائد کیا تھا وہ اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جعلی اکاؤنٹس کی تعداد کی وجہ سے انھیں اور ٹوئٹر کے سرمایہ کاروں کو گمراہ کر رہے ہیں۔

  • دنیا کے امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز کس نے حاصل کیا؟

    دنیا کے امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز کس نے حاصل کیا؟

    ٹیسلا کے بانی ایلون مسک کو پیچھے چھوڑ کر ایمیزون کے بانی جیف بیزوز نے دنیا کے امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس نے دنیا کی امیر ترین شخصیات کی سالانہ فہرست کا اجرا کردیا۔

    انڈیکس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایلون مسک کو 2024 میں اب تک تقریباً 31 بلین ڈالرز کا نقصان ہوا ہے جبکہ رواں سال 23 بلین ڈالرز اضافے کے بعد جیف بیزوز دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔

    اس فہرست میں جیف بیزوز اور ایلون مسک کے بعد لگژری اشیا بنانے والے گروپ ایل وی ایم ایچ، لوئی وٹان کے چیف ایگزیکٹو برنارڈ آرنلٹ کا نمبر ہے۔

    حالیہ برسوں کی اگر بات کی جائے تو ان تینوں نے ہی اس درجہ بندی میں سرفہرست مقام حاصل کیا ہے، جو اسٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ اور دیگر معاشی اعداد و شمار پر مبنی ہے۔

    فرانس میں اسقاط حمل کو آئینی تحفظ مل گیا

    ایمیزون کے بانی جیف بیزوز کی مجموعی دولت 200 بلین ڈالرز ہے جو کہ ٹیسلا کے سربراہ کے 198 بلین ڈالرز کی دولت سے کہیں زیادہ ہے۔

  • چینی سائنسدانوں نے ایلون مسک کی ’برین چپ‘ کو چیلنج کردیا

    چینی سائنسدانوں نے ایلون مسک کی ’برین چپ‘ کو چیلنج کردیا

    بیجنگ : چینی سائنسدانوں نے اسپیس ایکس اور ایکس کے مالک ایلون مسک کی کمپنی کی تیار کردہ کمپیوٹر چپ کو چیلنج کر دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چینی سائنسدانوں نے ایلون مسک کی کمپنی نیورالنگ کی جانب سے انسانی دماغ کے لیے تیار کردہ کمپیوٹر برین چپ کو چیلنج کیا ہے۔

    دوسری جانب چینی سائنسدانوں نے اس سے بھی زیادہ بہتر وائرلیس کمپیوٹر انٹر فیس تیار کرکے انسانی دماغ میں نصب کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    چینی سائنسدانوں کے مطابق ان کی تیار کردہ ڈیوائس کا تجربہ ایک انسانی مریض میں کیا گیا ہے جس کی حالت تیزی سے بہتر ہو رہی ہے اور گزشتہ سال اکتوبر میں انسانی کلینیکل ٹرائل کے دوران اس مریض کے دماغ میں یہ ڈیوائس نصب کی گئی تھی۔

    سائنسدانوں نے بتایا کہ ان کی ڈیوائس نیورالنک کی برین چپ کے مقابلے میں زیادہ بہتر ہے کیونکہ اس سے نیورونز کو نقصان پہنچنے کا خطرہ نہیں ہوتا۔

    انہوں نے کہا کہ اس طرح کی ڈیوائسز سے مکمل طور پر مفلوج افراد کو رابطے کرنے اور صحت یاب ہونے میں مدد ملتی ہے جبکہ اس میں کوئی بیٹری نہیں بلکہ اسے ایک ہائی فریکوئنسی کیمرہ استعمال کرکے نیئر فیلڈ وائرلیس پاور سے چارج کیا جاتا ہے۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل ایلون مسک کی کمپنی نیورالنک نے انسان کے دماغ میں پہلی کمپیوٹر چپ کو نصب کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

  • ایلون مسک کی کمپنی نے پہلے انسان میں برین چپ لگا دی

    ایلون مسک کی کمپنی نے پہلے انسان میں برین چپ لگا دی

    ایلون مسک کی کمپنی ’نیورالنک‘ نے دنیا میں پہلے انسان میں پہلی برین چپ لگا دی۔

    تفصیلات کے مطابق ارب پتی شخصیت اور ایکس کے مالک ایلون مسک نے اتوار کو ایکس پر ایک ٹویٹ میں بتایا کہ نیورالنک نے انسان میں پہلی برین چپ لگائی ہے۔

    ایلون مسک کا کہنا تھا کہ اسٹارٹ اپ نیورالنک نے پہلی بار ایک انسانی مریض میں برین چپ لگائی ہے، مریض فالج کا شکار تھا جو اپنے خیالات کے ذریعے اب برین چپ کی مدد سے آلات کو قابو کر سکے گا، ان کا کہنا تھا کہ مریض امپلانٹ کے بعد اب رو بہ صحت ہے، اور امپلانٹ کے ابتدائی نتائج مثبت ہیں، چپ کے ذریعے دماغ کے اندر نیورونز کی سرگرمی (نیورون اسپائک) نظر آنے لگی ہے۔

    امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے گزشتہ سال اس کمپنی کو انسانوں پر برین چپ امپلانٹ کی جانچ کرنے کے لیے پہلے ٹرائل کی اجازت دی تھی۔ اب چِپ ٹرائل میں نیورون اسپائک کی حوصلہ افزا نشان دہی ہو رہی ہے، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے مطابق اسپائکس دراصل نیورونز کی سرگرمی ہے، یعنی ایسے خلیات جو دماغ کے اردگرد اور جسم کو معلومات بھیجنے کے لیے برقی اور کیمیائی سگنل استعمال کرتے ہیں۔

    ایلون مسک کی یہ کمپنی دراصل دماغ اور کمپیوٹر کے درمیان بغیر تار والے انٹرفیس (نقطہ اتصال) کی آزمائش کر رہی ہے، تاکہ یہ دیکھا جا سکا کہ پیوندکاری اور سرجیکل روبوٹ کا استعمال محفوظ ہے۔ اس تجربے میں انٹرفیس کی کارکردگی جانچی جا رہی ہے جو بازوؤں اور ٹانگوں کے فالج (quadriplegia) والے مریضوں کو خیالات کے ذریعے ڈیوائسز کو کنٹرول کرنے کے قابل بنائے گا۔

    نیورالنک نے ستمبر میں امپلانٹ ٹرائل کا اعلان کیا تھا، کمپنی نے کہا تھا کہ کمپنی کا تیار کردہ ایک روبوٹ آپریشن کے ذریعے ’نہایت باریک‘ دھاگوں کی پیوندکاری کرے گا جو مریض کے دماغ میں سگنل منتقل کرنے میں مدد کریں گے۔

  • موبائل فون کو اب سیلولر ٹاورز کی ضرورت کیوں نہیں رہے گی؟

    موبائل فون کو اب سیلولر ٹاورز کی ضرورت کیوں نہیں رہے گی؟

    موبائل فون ٹیکنالوجی میں ایک اور جدت آگئی جس کے بعد موبائل فونز سیلولر ٹاورز کے بغیر بھی کام کریں گے کیونکہ موبائل سگنلز اب خلاء سے ملا کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹیسلا، اسپیس ایکس اور ایکس (ٹوئٹر) جیسی کمپنیوں کے مالک ایلون مسک نے ایک نیا منصوبہ شروع کیا ہے جس کے تحت اسمارٹ فونز کو سگنلز کیلئے سیلولر ٹاورز کی ضرورت نہیں رہے گی۔

    دور دراز علاقوں میں سیلولر اور انٹرنیٹ رابطے کو بڑھانے کے لیے ایلون مسک کی اسپیس ایکس نے اسمارٹ فونز کو براہ راست زمین کے نچلے مدار میں گردش کرنے والے سیٹلائٹس سے جوڑنے کا منصوبہ شروع کیا ہے۔

    کمپنی نے 2 جنوری کو فالکن 9 خلائی جہاز پر اسٹار لنک سیٹلائٹس کا ابتدائی سیٹ لانچ کیا تھا۔ سیٹلائٹس کو خاص طور پر غیر ترمیم شدہ اسمارٹ فونز سے براہ راست منسلک کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ موبائل سگنلز بہتر انداز سے مل سکیں۔

    سیٹلائٹ

    اکیس میں سے مجموعی طور پر 6 اسٹار لنک سیٹلائٹس کو فالکن 9 راکٹ کے ذریعے کیلیفورنیا کے وینڈنبرگ اسپیس فورس بیس سے لانچ کیا گیا تھا۔

    اپنے ابتدائی مرحلے میں کمپنی نے صلاحیت کی جانچ شروع کرنے کے لئے ایک عارضی تجرباتی لائسنس حاصل کیا۔

    یہ سیٹلائٹ ڈائریکٹ ٹو سیل صلاحیتیں پیش کرنے کے لیے تیار ہیں، جس سے اسمارٹ فونز پر سیٹلائٹ براڈ بینڈ تک براہ راست رسائی کے امکانات پیدا ہوں گے۔

    ایلون مسک کی اسپیس ایکس اس سال سیلولر آپریٹرز کے ساتھ شراکت داری میں خلا سے ٹیکسٹنگ کی سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے اور 2025 میں صوتی اور ڈیٹا کنکٹیویٹی کو قابل بنانے کے منصوبے کو مزید وسعت دے گی۔

    امریکا میں اسپیس ایکس کے موبائل پارٹنر ٹی موبائل کے اسپیکٹرم کو ابتدائی ڈائریکٹ ٹو اسمارٹ فون ٹیسٹ کے لیے استعمال کیا جائے گا جبکہ کمپنی نے آسٹریلیا، کینیڈا، چلی، جاپان، نیوزی لینڈ اور سوئٹزرلینڈ کے موبائل آپریٹرز کے ساتھ بھی شراکت داری کی ہے۔

  • برازیل کی خاتون اوّل ایلون مسک پر برس پڑیں

    برازیل کی خاتون اوّل ایلون مسک پر برس پڑیں

    ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ ہیک ہونے پر برازیل کے صدر کی اہلیہ نے ایلون مسک کو کھری کھری سنادیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اکاؤنٹ ہیک ہونے کی ذمے داری نہ لینے پربرازیل کی خاتون اول روزانجیلا دا سلوا نے کمپنی کے مالک ایلون مسک پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

    انہوں نے کہا کہ ایلون مسک اس سنگین واقعے کو توجہ نہیں دیتے جو نہ صرف مجھے متاثر کرتا ہے بلکہ ان کے پلیٹ فارم پر ہر روز ہزاروں خواتین اس سے متاثر ہوتی ہیں۔

    اس سے قبل بھی 11 دسمبر کو برازیل کے صدر کی اہلیہ کا اکاؤنٹ ہیک کر کے اس پر فحش تصاویر اور صدر کے لیے تنقیدی پیغامات لکھ دیئے گئے تھے۔

    برازیل کی خاتون اول نے رواں ہفتے (ایکس) کمپنی پر مقدمہ کرنے کی دھمکی بھی دی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ اکاؤنٹ منجمد کرنے، پوسٹس کو ہٹانے اور اکاؤنٹ تک دوبارہ رسائی حاصل کرنے میں مدد کرنے کی درخواستوں پر جواب دینے کا عمل انتہائی سست روی کا شکار تھا۔

    پاکستان کا اقوام متحدہ سے دہشتگردوں کے پاس جدید امریکی فوجی اسلحے کی تحقیقات کا مطالبہ

    دوسری جانب ایکس کمپنی کے مالک ایلون مسک کا رد عمل بھی سامنے آگیا ہے جس میں اُن کا کہنا تھا کہ ان کی کمپنی پر کوئی الزام نہیں ہے، یہ واضح نہیں کہ کیسے کوئی یہ اندازہ لگا رہا ہے کہ اس کے ای میل کا پاس ورڈ کمپنی کی ذمے داری ہے۔

  • ’یہود دشمنی‘ پر برطانوی وزیر اعظم نے ایلون مسک کی سرزنش کر دی

    ’یہود دشمنی‘ پر برطانوی وزیر اعظم نے ایلون مسک کی سرزنش کر دی

    لندن: برطانوی وزیر اعظم رشی سونک نے ایلون مسک کو ’یہود دشمنی‘ پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    برطانوی میڈیا اسکائی نیوز کے مطابق برطانوی وزیر اعظم رشی سونک نے ارب پتی ایلون مسک کی سرزنش کی ہے، اور کہا ہے کہ وہ ’یہود‘ دشمنی کی ہر شکل کی مذمت کرتے ہیں۔

    ایلون مسک نے رواں ماہ ایک سوشل میڈیا صارف کی پوسٹ کے جواب میں لکھا تھا ’’آپ نے اصل سچ کہا ہے۔‘‘ صارف نے لکھا تھا کہ یہودی سفید فام لوگوں سے نفرت کرتے ہیں۔

    ایلون مسک نے پچھلے برس ٹوئٹر خریدا تھا، اس کے بعد سے انھیں اس پلیٹ فارم پر یہود دشمنی پر مبنی ٹوئٹس کو برداشت کرنے کے الزامات کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے۔

    بلومبرگ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رشی سونک نے اتنا تو کہا کہ وہ ہر قسم کی یہود دشمنی کی مذمت کرتے ہیں لیکن انھوں نے ایلون مسک پر براہ راست تنقید نہیں کی، اسکائی نیوز کے مطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے انھیں ایلون مسک کی سخت مذمت سے روکا گیا۔

    برطانوی وزیر اعظم نے کہا میں یہود دشمنی کی ہر شکل کی مذمت کرتا ہوں، اور اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ ایلون مسک ہیں یا کوئی ایسا راہگیر جو اپنے پاس سے گزرتے ہوئے کسی دوسرے شخص کے بارے میں بدگوئی کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہود دشمنی اپنی تمام شکلوں میں مکمل طور پر اور سراسر غلط ہے۔

  • ایلون مسک کا غزہ کے لیے بڑا اعلان

    ایلون مسک کا غزہ کے لیے بڑا اعلان

    ایلون مسک نے ’ایکس‘ کی کمائی غزہ اور اسرائیل کے اسپتالوں کو دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس کے مالک اور ارب پتی ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ ایکس جنگ زدہ غزہ کی پٹی اور اسرائیل کے اسپتالوں میں اشتہارات اور سبسکرپشن سے حاصل ہونے والی آمدنی عطیہ کرے گا۔

    مسک نے ایکس پوسٹ میں لکھا ’’ایکس کارپوریشن غزہ میں جنگ سے متعلق اشتہارات اور سبسکرپشن سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی اسرائیل کے اسپتالوں اور غزہ میں ریڈ کراس کو عطیہ کرے گی۔‘‘

    ایک صارف نے مسک کے عطیات دینے کے فیصلے کی تعریف کی لیکن ان سے یہ بھی پوچھا کہ وہ اس بات کو کیسے یقینی بنائیں گے کہ یہ رقم حماس تک نہ پہنچے۔

    کوئی بھی اسرائیلی شہری حماس اسرائیل معاہدے کے خلاف اپیل کر سکتا ہے

    مسک نے جواب دیتے ہوئے کہا ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے، یہ فنڈز ریڈ کراس کے ذریعے جائیں گے اور ہم اس کو ٹریک کریں گے، ہمیں نسل، مذہب یا کسی اور چیز سے قطع نظر بے گناہوں کا خیال رکھنا چاہیے۔

  • ایلون مسک کی فلسطینیوں کے حق میں پوسٹ کرنے والوں کو دھمکی

    ایلون مسک کی فلسطینیوں کے حق میں پوسٹ کرنے والوں کو دھمکی

    دنیا کے امیرترین شخص اور ایکس کے مالک ایلون مسک نے فلسطینیوں کے حق میں پوسٹ کرنے والوں کا اکاؤنٹ معطل کرنے کی دھمکی دے دی۔

    اسرائیلی بربریت اور  فلسطینی نسل کشی پر شدید الفاظ میں مذمت کرنے والے ایلون مسک نے ایکس پر فلسطینیوں کے حق میں دو جملے لکھنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

    گزشتہ دنوں ہی بزنس ٹائیکون ایلون مسک نے سیٹلائٹ کے ذریعے انٹرنیٹ فراہم کرنے والی اپنی کمپنی اسٹارلنک کے ذریعے غزہ میں انٹرنیٹ فراہم کرنےکا اعلان کیا تھا اس کے بعد ایکس پر ہی انہوں نے اسرائیلی بربریت اور  فلسطینی نسل کشی پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے  ہوئے کہا تھا کہ نسل کشی کرنا کسی کے لیے بھی  قابلِ قبول عمل نہیں ہے۔۔

    تاہم اب ایلون مسک نے ایکس (ٹوئٹر) پر جاری کردہ بیان میں کہا کہ جو کوئی بھی ایکس پر فلسطینوں کا مقبول نعرہ ’’ دریا سے سمندر تک‘‘ یا ’’ نوآبادیات کا خاتمہ‘‘ لکھے گا اس کا اکاؤنٹ معطل کردیا جائے گا۔

    ایلون مسک نے دعویٰ کیا کہ ان دونوں جملوں کا اشارہ یہودیوں کی نسل کشی کی جانب ہے اس لیے کسی کو انہیں استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اس طرح کے جملوں کے استعمال کے نتیجے میں ایکس اکاؤنٹ کو معطل کردیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ ’من النہر فی البحر‘ کا نعرہ فلسطینی اپنی آزادی کے لیے بلند کرتے ہیں جس کا مطلب دریائے اردن کے کنارے سے لے کر بحیرہ روم تک ہے۔ تاہم ان دو مقامات کے بیچ میں اسرائیلی علاقے ہیں اور اسرائیل کے حامیوں کا کہنا ہے کہ اس نعرے کا مطلب اسرائیل کا خاتمہ ہے۔

    ایلون مسک کے فیصلے پر ہیومن رائٹس واچ کے ڈائریکٹر عمر شاکر شدید تنقید کی ہے، انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ پرامن اور جائز تقریر پر صارفین کو خاموش کرنے کی دھمکی دینا ایلون مسک کی نچلی سطح ہے۔