Tag: ایل او سی

  • ایل او سی پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال گولہ باری، حوالدار منظور عباسی شہید

    ایل او سی پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال گولہ باری، حوالدار منظور عباسی شہید

    راولپنڈی: لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز نے ایک بار پھر بلا اشتعال گولہ باری کی، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے ایک جوان نے جام شہادت نوش کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز نے ایل او سی پر بلا اشتعال گولہ باری کی، جس کے نتیجے میں حوالدار منظور عباسی شہید ہو گئے۔

    آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے بٹل، ستوال، خنجر، نکیال اور جندروٹ سیکٹر پر سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی۔

    پاک فوج کے ادارے نے بتایا کہ بھارتی فوج نے شہری آبادی پر مارٹر اور راکٹ فائر کیے، جب کہ فوجی چوکیوں پر بلا اشتعال گولہ باری بھی کی۔

    بھارتی فوج کی گولہ باری سے حوالدار منظور عباسی شہید ہو گئے، جب کہ ایک خاتون اور 2 بچیوں سمیت 4 افراد زخمی ہوئے۔

    دوسری طرف پاک فوج نے بھی بھرپور اور مؤثر جوابی کارروائی کی اور بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا، پاک فوج کی جوابی کارروائی سے بھارتی چوکی کو شدید نقصان پہنچا۔

  • وزیراعظم عمران خان کی چھمب سیکٹرکے قریب دھماکے کی شدید مذمت

    وزیراعظم عمران خان کی چھمب سیکٹرکے قریب دھماکے کی شدید مذمت

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے چھمب سیکٹر کے قریب دھماکے میں ہونے والی شہادتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے چھمب سیکٹر کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کی اور شہید جوانوں کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

    وزیراعظم پاکستان نے دھماکے میں زجمی ہونے والے جوانوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔

    ایل او سی پر چھمب سیکٹر کے قریب دھماکا، 5 جوان شہید

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر چھمب سیکٹر کے قریب دھماکا ہوا تھا جس میں پاک فوج کے پانچ جوان شہید ہوئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ دھماکے سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نتیجہ ہے، آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ یہ واقعہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

  • شہباز شریف کا ایل او سی پر شہید فوجی جوانوں کو خراج عقیدت

    شہباز شریف کا ایل او سی پر شہید فوجی جوانوں کو خراج عقیدت

    اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے لائن آف کنٹرول پر دھماکے میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ مادرِ وطن پر قربان ہونے والے شہدا قوم کا فخر ہیں۔

    شہباز شریف نے کہا کہ فوجی جوانوں کی قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان کا دفاع مضبوط ہے، پاک وطن کے شہدا نے ہر مرحلے پر قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔

    لیگی رہنما نے کہا ہم شہیدوں کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں، اور قوم و وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے پاک فوج کے ساتھ ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایل او سی پر چھمب سیکٹر کے قریب دھماکا، 5 جوان شہید

    خیال رہے کہ آج لائن آف کنٹرول پر چھمب سیکٹر کے قریب دھماکا ہوا جس میں پاک فوج کے پانچ جوان جامِ شہادت نوش کر گئے جب کہ ایک فوجی اہل کار زخمی ہو گیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دھماکے سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نتیجہ ہے، اور واقعہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    دھماکے میں شہید ہونے والوں میں صوبیدار محمد صادق، سپاہی محمد طیب، سپاہی زوہیب، سپاہی غلام قاسم اور شیر زمان شامل تھے۔

  • ایل او سی پر چھمب سیکٹر کے قریب دھماکا، 5 جوان شہید

    ایل او سی پر چھمب سیکٹر کے قریب دھماکا، 5 جوان شہید

    راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر چھمب سیکٹر کے قریب دھماکا ہوا جس میں پاک فوج کے پانچ جوان جامِ شہادت نوش کر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایل او سی پر چھمب سیکٹر کے قریب دھماکے میں پاک فوج کے 5 جوان شہید جب کہ ایک زخمی ہوا ہے۔

    شہدا میں صوبیدار محمد صادق، سپاہی محمد طیب، سپاہی زوہیب، سپاہی غلام قاسم اور شیر زمان شامل ہیں۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ چھمب سیکٹر پر ہونے والے دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ دھماکے سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نتیجہ ہے، آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ واقعہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

  • جنگ بندی کی بھارتی خلاف ورزیوں کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں، پاکستان

    جنگ بندی کی بھارتی خلاف ورزیوں کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں، پاکستان

    اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن پرجنگ بندی کی بلااشتعال خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل نے کہا کہ بھارتی فوج کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری کے ساتھ شہری آبادی کو بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنا رہی ہے۔

    ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنانا انتہائی افسوس ناک، انسانی وقار، عالمی قوانین اور انسانی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

    ڈاکٹرمحمد فیصل نے کہا کہ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں علاقائی امن وسلامتی کے لیے خطرہ ہیں اور بھارت کے لیے ان کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھارتی فورسز نے کنٹرول لائن کے سیکٹر رکھ چکری میں جنگی بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پندرہ سالہ لڑکے طاہر حفیظ کو شہید اور اس کی نو سالہ بہن طاہرہ زخمی کردیا تھا۔

    ایل او سی: پاک فوج کا بھارتی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب، پانچ بھارتی فوجی ہلاک

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھارتی فوج نے ایل او سی کی شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کرکے خاتون اور بچوں سمیت چھ پاکستانیوں کو زخمی کردیا تھا، پاک فوج نے جوابی کارروائی میں پانچ بھارتی فوجی مار گرائے۔

  • ایل او سی پر بھارتی فورسز کی فائرنگ، خاتون اور لڑکا شہید

    ایل او سی پر بھارتی فورسز کی فائرنگ، خاتون اور لڑکا شہید

    راولپنڈی: بھارتی فوج نے ایل او سی سیکٹرز پر سیز فائر کی ایک بار پھر خلاف ورزی کی، اور اشتعال انگیزی کرتے ہوئے ایک خاتون اور ایک لڑکے کو شہید کر دیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے ایک بار پر لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی ہوئی ہے، بھارتی فوجیوں نے فائرنگ کرتے ہوئے ایک خاتون سمیت دو پاکستانیوں کو شہید کر دیا۔

    بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والوں میں 45 سال کی نسرین بی بی اور 12 سال کا محمد زاہد شامل ہیں۔

    پاک فوج کے ترجمان ادارے کا کہنا ہے کہ بھارتی فائرنگ سے سونیا بی بی شدید زخمی ہوئیں، بھارتی فوج نے تتہ پانی اور کوٹ کٹیرا سیکٹرز میں آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایل او سی: پاک فوج کا بھارتی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب، پانچ بھارتی فوجی ہلاک

    آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی اور بھارتی پوسٹوں کو نشانہ بنایا، جب کہ تتہ پانی اور کوٹ کٹیرا میں وقفے وقفے سے فائرنگ جاری ہے۔

    یاد رہے کہ ایک ماہ قبل بھارتی فوج نے ایل او سی کی شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے خاتون اور بچوں سمیت چھ پاکستانیوں کو زخمی کر دیا تھا جس پر پاک فوج نے جوابی کارروائی میں پانچ بھارتی فوجی مار گرائے تھے۔

  • پاکستان کی بھارت کی جانب سے کراس ایل او سی تجارت معطل کرنے کی مذمت

    پاکستان کی بھارت کی جانب سے کراس ایل او سی تجارت معطل کرنے کی مذمت

    اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان بھارت کی جانب سے کراس ایل او سی تجارت کی یکطرفہ معطلی کی مذمت کرتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل نے کہا کہ پاکستان سے مشاورت کے بغیر کراس ایل او سی تجارت کی معطلی افسوس ناک ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کشمیر سے متعلق اس سی بی ایم کی یکطرفہ معطلی ظاہر کرتی ہے کہ بھارت پیچھے ہٹنے کی کوشش کررہا ہے۔

    ڈاکٹرمحمد فیصل نے کہا کہ کراس ایل او سی تجارت دونوں ملکوں کے درمیان فعال اعتماد سازی کے اقدامات میں سے ایک ہے جو سفارتی کوششوں کے بعد عمل میں لائی گئی۔

    ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارتی ایکشن بے بنیاد الزامات پر مبنی ہے کہ یہ طریقہ کار اسمگلنگ، نارکوٹکس، جعلی کرنسی اور دہشت گردی کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، پاکستان اس کے غلط استعمال سے متعلق بھارتی الزامات کو مسترد کرتا ہے۔

    ڈاکٹرمحمد فیصل نے بھارت پر زور دیا کہ وہ ایسے یکطرفہ اقدامات سے گریز کرے اور اختلافات کو تنازعے سے تعاون کی طرف منتقلی کے تناظرمیں تعمیری بات چیت کے ذریعے حل کرے۔

  • ایل او سی پر سیزفائر کی خلاف ورزی : بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی

    ایل او سی پر سیزفائر کی خلاف ورزی : بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی

    اسلام آباد : پاکستان نے یکم اور دو اپریل کو بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کر کے شدید احتجاج کیا، ترجمان دفتر خارجہ محمد فیصل نے مطالبہ کیا کہ بھارت2003 کے سیز فائر سمجھوتے پر عمل درآمد یقینی بنائے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بھارت کی طرف سے یکم اور دو اپریل کو سیز فائر کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کر کے شدید احتجاج کیا ہے ۔

    بدھ کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق طلبی ڈی جی ساؤتھ ایشیاءڈاکٹر محمد فیصل نے کی ،بھارت کی طرف سے کم اور دو اپریل کو سیز فائر کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیاگیا۔

    احتجاجی مراسلے میں کہا گیا کہ بھارتی قابض افواج نے لائن آف کنٹرول سے ملحقہ علاقوں جندروٹ نیزہ پیر رکھ چکڑی سیکٹرز میں بلا اشتعال فائرنگ کی،پاکستان بھارت کی طرف سے جمگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی مذمت کرتا ہے۔

    بھارتی فائرنگ کے نتیجہ میں یکم اپریل کو 4 معصوم شہری زخمی ہوئے جن میں محمد یوسف محمد شہزاد اکبر جان اور کوثر پروین شامل ہیں جبکہ دو اپریل کو بھارتی فائرنگ کے نتیجہ میں ایک شہری محمد عتیق جو جگل پال کا رہائشی تھا شہید ہوگیا اور3 خواتین زخمی ہوئیں جن میں فریدہ بیگم، عظمت بیگم اور رحمت بی بی شامل ہیں۔

    ترجمان کے مطابق اسی دن بھارتی فوج نے بگسر سیکٹر میں شہریوں کی بس کو بھی نشانہ بنایا، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی فائرنگ نہ صرف سیز فائر سمجھوتے کی خلاف ورزی بلکہ اخلاقیات کے بھی خلاف ہے۔

    ایل او سی پر بھارتی فورسز مسلسل شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہیں، جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنانا انسانی اقدار اور عالمی قوانین کے خلاف ہے، بھارت کی طرف سے سیز فائر خلاف ورزی کا سلسلہ 2017 سے جاری ہے، بھارت 2003 کے سیز فائر سمجھوتے پر عمل درآمد یقینی بنائے۔

  • بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ‘ 3 جوان شہید

    بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ‘ 3 جوان شہید

    راولپنڈی: ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے تین جوان شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے راولا کوٹ سیکٹر میں رکھ چکری کے مقام پر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید ہوگئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک جوان زخمی بھی ہوا جبکہ پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی میں بھارت کی جانب سے ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی فائرنگ سے صوبیدار محمد ریاض، حوالدار عزیز اور سپاہی شاہد منصب شہید ہوئے۔

    بھارتی فوج کی ایل او سی چکوٹھی سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ، 2 شہری شہید

    اس سے قبل گزشتہ ماہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں خاتون سمیت 2 شہری شہید ہو گئے تھے۔

    آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں چکوٹھی سیکٹر پر 4 پاکستانی شہری بھی زخمی ہوئے۔

    بھارتی فوج کی ایل او سی کی شہری آبادی پر فائرنگ، دو افراد زخمی

    یاد رہے کہ 6 مارچ کو بھی ایل او سی کے باغسر سیکٹر پر بھارتی فورسز نے اندھا دھند فائرنگ کی تھی، شہری آبادی پر فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

  • بھارتی فوج کی ایل او سی چکوٹھی سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ، 2 شہری شہید 4 زخمی

    بھارتی فوج کی ایل او سی چکوٹھی سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ، 2 شہری شہید 4 زخمی

    راولپنڈی: لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی ہے، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے چکوٹھی سیکٹر پر فائرنگ کی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر آئے روز بلا اشتعال فائرنگ کے واقعات سامنے آ رہے ہیں، آج چکوٹھی سیکٹر پر بھارتی فوج نے فائر کھول دیے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز کی فائرنگ سے خاتون سمیت 2 شہری شہید ہو گئے۔

    آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں چکوٹھی سیکٹر پر 4 پاکستانی شہری بھی زخمی ہوئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں غلام حسین اور نوشاد بی بی شامل ہیں جب کہ زخمیوں میں راجا محمود، غلام محمد، زاہدہ بی بی اور محمد ذاکر شامل ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارتی فوج کی ایل او سی کی شہری آبادی پر فائرنگ، دو افراد زخمی

    یاد رہے کہ 6 مارچ کو بھی ایل او سی کے باغسر سیکٹر پر بھارتی فورسز نے اندھا دھند فائرنگ کی تھی، شہری آبادی پر اس فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

    بھارتی فوج کی جانب سے نیزہ پیر، پانڈو، خنجر منور، پٹل اور باغسر سیکٹرز میں بلا اشتعال فائرنگ کی گئی تھی جس کے جواب میں پاک فوج کی جانب سے بھی کارروائی کی گئی اور دشمن کی گنوں کو خاموش کر دیا گیا۔