Tag: ایل او سی

  • بھارتی فوج کی حاجی پیر سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ، حوالدار ناصر حسین شہید

    بھارتی فوج کی حاجی پیر سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ، حوالدار ناصر حسین شہید

    اسلام آباد: بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول حاجی پیر سیکٹر پر ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ کی، بھارتی فائرنگ سے 33 سالہ حوالدار ناصر حسین شہید ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول حاجی پیر سیکٹر پر پھر بلا اشتعال فائرنگ کی ہے۔ بھارتی بلا اشتعال فائرنگ سے 33 سالہ حوالدار ناصر حسین شہید ہوگیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق حوالدار ناصر حسین شہید کا تعلق نارووال سے تھا، ناصر حسین 16 سال سے پاک فوج میں خدمات انجام دے رہے تھے۔

    بھارتی فوج نے ایک روز قبل جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حاجی پیر سیکٹر پر ہی بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں سپاہی غلام رسول شہید ہوگئے تھے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق شہید سپاہی غلام رسول کا تعلق بہاولنگر سے تھا۔

    گزشتہ ماہ 27 اگست کو بھی بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی کے نکرون سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں بچی سمیت 2 شہری شہید ہوگئے تھے، فائرنگ سے 3 شہری زخمی اور 3 گھر بھی تباہ ہوئے تھے۔

  • پاکستانی ڈاکٹرز کا ایل او سی کے قریب اسپتال بنانے کا اعلان

    پاکستانی ڈاکٹرز کا ایل او سی کے قریب اسپتال بنانے کا اعلان

    لاہور : پاکستانی ڈاکٹر پروفیسر جاوید اکرم نے ایل او سی کے قریب اسپتال بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ایل او سی پر بھارتی فائرنگ، گولہ باری سے لوگوں کو نقصان ہورہا ہے ، ایل او سی پرزخمی ہونے والوں کے لئے اسپتال کی بہت ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی ڈاکٹرز کے وفد نے آزادکشمیر میں ایل او سی پر دورے کے بعد بڑا فیصلہ کیا ، پروفیسر جاوید اکرم نے ایل او سی کے قریب اسپتال بنانے کا اعلان کردیا ہے۔

    جاوید اکرم نے کہا ایل او سی کے قریب فوج کے تعاون سے اسپتال بنانے جا رہے ہیں، مستقبل میں بہت کشمیریوں کی بڑی تعداد آزاد کشمیر آنے والی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایل او سی پر بھارتی فائرنگ، گولہ باری سےلوگوں کونقصان ہورہا ہے، ایل او سی پرزخمی ہونےوالوں کےلئےاسپتال کی بہت ضرورت ہے، اسپتال میں11،11ڈاکٹرز پر مشتمل 3شفٹیں بنائی جائیں گی۔

    پروفیسر جاوید اکرم نے مزید کہا کہ ایل اوسی پرایک چھوٹا سا اسپتال ہےجوکہ انتہائی نہ کافی ہے، اسپتال میں سرجری، آپریشنز سمیت دیگر بڑی سہولتیں موجودہونگی، ایل او سی کے قریب اسپتال بنانے کے لیے جگہ دیکھ آئے ہیں۔

    یاد رہے پاکستانی ڈاکٹرز نے کشمیریوں کے علاج کے لیے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) عبور کرنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا مظلوم کشمیریوں کی مدد اور علاج کے لیے مقبوضہ کشمیر جانا چاہتے ہیں، پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ بھارت ڈاکٹرز کی ٹیم کو کشمیریوں کو علاج معالجہ کرنے دے۔

    بعد ازاں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا تھا کہ پاکستانی ڈاکٹرز کا مقبوضہ کشمیر جانے کا اعلان مثبت قدم ہے۔

  • پاکستان کا ایل او سی کی نگرانی کرنے والے یو این مشن کومضبوط کرنے کا مطالبہ

    پاکستان کا ایل او سی کی نگرانی کرنے والے یو این مشن کومضبوط کرنے کا مطالبہ

    نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ 5 اگست کے بعد بڑھتی بھارتی اشتعال انگیزی میں یواین ایم او جی آئی پی کا کردار مزید اہم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل میں امن مشنز کی کارکردگی پرمباحثے میں ایل او سی کی نگرانی کرنے والے یو این مشن کو مضبوط کرنے کا مطالبہ کردیا۔

    پاکستانی سفیر نے کہا کہ یواین ایم او جی آئی پی کو ایل او سی کی بھارتی خلاف ورز ی کی سخت نگرانی کرنی چاہیے، 5 اگست کے بعد بڑھتی بھارتی اشتعال انگیزی میں یواین ایم او جی آئی پی کا کردار مزید اہم ہے۔

    ملیحہ لودھی نے مزید کہا کہ یواین ایم او جی آئی پی کی رپورٹنگ ذمہ داریوں میں بھی اضافہ ہونا چاہیے۔

    مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم پرپاکستان کبھی خاموش نہیں رہےگا، ملیحہ لودھی

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس سے ملاقات کر کے انہیں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم سے آگاہ کیا تھا۔

    ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں صورت حال بتدریج بگڑتی جا رہی ہے، بھارت کےغیر قانونی اقدامات نے کشمیرمیں سنگین بحرانوں کو جنم دیا۔

    پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے، مقبوضہ کشمیرمیں بڑے انسانی المیے کے پیدا ہونے کا خدشہ ہے، مقبوضہ کشمیرمیں نافذ کرفیو نے معمولات زندگی کو مفلوج کر دیا۔

  • کھوئی رٹہ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ، بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی

    کھوئی رٹہ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ، بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی

    اسلام آباد: بھارتی فوج کی ایل او سی پر سیز فائر کی شدید اور مسلسل خلاف ورزیوں پر ایک بار پھر بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی کی گئی ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا گیا، اس موقع پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ بھی تھمایا گیا۔

    ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر پاکستان نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے ایل او سی کے کھوئی رٹہ سیکٹر میں گزشتہ روز بلا اشتعال فائرنگ کی جس سے چار معصوم شہری زخمی ہوئے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی فوج تسلسل سے شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے، بھارت کی جانب سے 2017 سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں تیزی آئی ہے، بھارت 2 سال میں 1970 بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کر چکا ہے۔

    دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنانا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، بھارت کی جنگ بندی کی خلاف ورزی علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے، اس سے تزویراتی غلط فہمی پیدا ہو سکتی ہے۔

    پاکستان نے بھارت پر زور دیا کہ 2003 کی جنگ بندی مفاہمت کا احترام کرے، بھارت اپنی افواج کو جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد کی ہدایت کرے، ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارت امن برقرار رکھے، اور امن مشن کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کردار ادا کرنے دے۔

  • بھارت کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا: وزیر اعظم

    بھارت کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا: وزیر اعظم

    راولپنڈی: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت کی کسی بھی مہم جوئی اور جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا.

    پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آج وزیر اعظم اورآرمی چیف نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا. دورہ یوم دفاع وشہدا پرکشمیریوں سے یک جہتی کے لیے تھا.

    اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت جان بوجھ کر آزاد کشمیرکے غیرمسلح شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے، مقبوضہ کشمیرکے معصوم شہریوں پرظلم وستم ڈھائے جارہے ہیں، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں.

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت پران کے ساتھ کھڑا ہے، ہماری کوششیں بھارت کا سفاک چہرہ سامنے لانے کے لئے ہیں، مسلح افواج ہرخطرے کا جواب دینے کے لئے تیار ہے. بھارت کی ہر مہم جوئی کا جواب دیا جائے گا.

    اس موقع پر وفاقی وزرا شاہ محمودقریشی، پرویز خٹک اورچیئرمین کشمیرکمیٹی فخرامام وزیر اعظم کے ہمراہ تھے. آئی ایس پی آر کے مطابق وزیرا عظم کو ایل اوسی کی تازہ صورت حال سےآگاہ کیا گیا.

    اس موقع پر انھوں نے بھارتی گولہ باری سے متاثرہ مقامی شہریوں سےبھی بات کی، وزیراعظم نے شہدا کے اہل خانہ، زخمیوں سے بات چیت میں، ان کی حوصلہ افزائی کی، ساتھ ہی ایل اوسی پرتعینات جوانوں، افسروں کے بلند حوصلے اور عزم کوسراہا.

  • پاکستانی ڈاکٹرز کا کشمیریوں کے علاج کے لیے ایل او سی عبور کرنے کا اعلان

    پاکستانی ڈاکٹرز کا کشمیریوں کے علاج کے لیے ایل او سی عبور کرنے کا اعلان

    لاہور: پاکستانی ڈاکٹرز نے کشمیریوں کے علاج کے لیے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) عبور کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق یو ایچ ایس اور پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیکل نے مشترکہ اعلامیہ کے مطابق ڈاکٹرز نے کشمیریوں کے علاج کے لیے ایل او سی عبور کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    پاکستانی ڈاکٹرز نے اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کو خط لکھا جس میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں صحت عامہ کی ابتر صورت حال ہے، تشویش ناک حالت میں مبتلا مریضوں کو بھی کشمیر سے باہر نیہں بھیجا جارہا ہے۔

    خط کے متن کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بچوں کی خوراک، ادویات کی سپلائی بھی نہیں دی جارہی ہے، مظلوم کشمیریوں کی مدد اور علاج کے لیے مقبوضہ کشمیر جانا چاہتے ہیں۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ مظلوم کشمیریوں کی مدد اور علاج کے لیے مقبوضہ کشمیر جانا چاہتے ہیں، پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا ہے کہ بھارت ڈاکٹرز کی ٹیم کو کشمیریوں کو علاج معالجہ کرنے دے۔

    مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کا معصوم بچے پر تشدد، بھارتی صحافی نے پول کھول دی

    خط کے متن کے مطابق یو این سیکیورٹی کونسل کے ریفرنس نمبر 2417 کے مطابق اجازت دی جائے۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل 26 روز سے لاک ڈاؤن کے باعث عوام گھروں میں محصور اور حریت قیادت قید ہے، جگہ جگہ بھارتی فورسز کے ناکوں کے باعث مریضوں کو ادویات اور اسپتال جانے کی بھی اجازت نہیں ہے۔

    اس کے علاوہ بھارتی فورسز اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والے نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گنوں اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال بھی کررہی ہیں۔

  • غیر ملکی میڈیا نمایندوں کا ایل او سی کا دورہ، آئی ایس پی آر کی بریفنگ

    غیر ملکی میڈیا نمایندوں کا ایل او سی کا دورہ، آئی ایس پی آر کی بریفنگ

    راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر نے غیر ملکی میڈیا کے نمایندوں کو لائن آف کنٹرول کا دورہ کرایا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آج غیر ملکی میڈیا کے نمایندوں کے ایک گروپ کو ایل او سی کا دورہ کرایا گیا جہاں میڈیا نمایندوں کوایل او سی کی صورت حال سے آگاہی دی گئی۔

    آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکی میڈیا نمایندگان کو بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    میڈیا نمایندوں کو بھارت کی جانب سے شہریوں کو نشانہ بنانے سے متعلق بھی بتایا گیا، اس دوران غیر ملکی میڈیا نمایندوں نے آزادانہ مقامی شہریوں سے بات چیت بھی کی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو اور لاک ڈاؤن ہے، وادی میں اب بھارتی ظلم و جبر پوری دنیا کے سامنے آ چکا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: جوانوں اور افسروں کا بلند حوصلہ قابل قدر ہے: آرمی چیف

    دوسری طرف آج آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اسٹرائیک کور کی فارمیشن کا دورہ کیا، اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ہمارے جوانوں اور افسروں کا بلند حوصلہ قابل قدر ہے۔

    سپہ سالار نے کہا کہ اسٹرائیک کور کا جنگ میں فیصلہ کن اور اہم کردار ہوتا ہے، اسٹرائیک کور کی پیشہ ورانہ تیاریاں اور تربیت کا معیار قابل تحسین ہے۔

  • شہزاد رائے کا کشمیریوں سے بھرپور اظہار یک جہتی کا عزم، ایل او سی کے دورے کا اعلان

    شہزاد رائے کا کشمیریوں سے بھرپور اظہار یک جہتی کا عزم، ایل او سی کے دورے کا اعلان

    کراچی: ممتاز گلوکار اور سماجی کارکن شہزاد رائے نے وزیراعظم کی کال پر کشمیری عوام سے بھرپور  اظہار  یک جہتی کا اعلان کر دیا.

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سفیر خیر سگالی شہزاد رائے نے کہا ہے کہ فاطمہ جناح اسکول کی 2500 طالبات مقبوضہ وادی کے باسیوں سے اظہار  یک جہتی کریں گی.

    شہزاد رائے نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جمعہ کو 12 بجے باہر نکلیں اور اپنی سپورٹ ظاہر کریں. گلوکار نے 6 ستمبرکو ایک شہید کے گھرجانے اور جلد ایل او سی کا دورہ کرنے کا اعلان کیا ہے.

    خیال رہے کہ وزیر اعظم نے قوم کے نام اپنے خصوصی خطاب میں اعلان کیا تھا کہ عوام ہر ہفتے جمعے کے روز کشمیر کے عوام سے یک جہتی کا اظہار کریں.

    مزید پڑھیں: جمعے کو ملک بھر میں 12 سے ساڑھے 12 بجے تک ٹریفک روک دی جائے گی

    خیال رہے کہ جمعے کے روز کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کا ابتدائی پروگرام تیار کر لیا گیا ہے، ملک بھر میں 12 سے ساڑھے 12 بجے تک ٹریفک روک دی جائے گی۔

    اس دن مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کے شکار مظلوموں کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔

  • بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفترخارجہ طلبی، ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں پراحتجاج

    بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفترخارجہ طلبی، ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں پراحتجاج

    اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کر کے ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج کیا.

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی ساؤتھ ایشیا و سارک ڈاکٹرمحمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشن کو طلب کیا، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ بھی دیا گیا.

    دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے بھارتی فوج کی نیکرن، چیری کوٹ سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج کیا.

    ترجمان کے مطابق بھارتی فائرنگ سے 45 سالہ عبدالجلیل، 3 سالہ نوشین شہید ہوئی، بلا اشتعال فائرنگ سے 4 شہری بھی زخمی ہوئے.

    مزید پڑھیں: بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ: بچی سمیت دو شہری شہید، تین زخمی

    بھارتی فوج مسلسل شہری آبادی پرگولہ باری کررہی ہے، بھارت کی طرف سےجنگ بندی کی خلاف ورزی سلامتی کے لئے خطرہ ہے.

    دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی خلاف ورزیوں سے تزویراتی غلط فہمی پیدا ہوسکتی ہے، بھارت یو این کو سلامتی کونسل قراردادوں کےمطابق کردار ادا کرنے دے.

    خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے صورت حال کشیدہ ہے.

  • کشمیریوں سے اظہار یکجہتی، جاوید میانداد کا ایل اوسی کا دورہ کرنے کا اعلان

    کشمیریوں سے اظہار یکجہتی، جاوید میانداد کا ایل اوسی کا دورہ کرنے کا اعلان

    کراچی: سابق کپتان جاوید میانداد نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ایل او سی کا دورہ کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم جاوید میانداد نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے لائن آف کنٹرول کے دورے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امن کا پیغام لے کر جاؤں گا۔

    جاوید میانداد نے اپنے ویڈیو پیغام میں کھیل اور سیاست سے وابستہ شخصیات کو ساتھ چلنے کی دعوت دی۔

    لیجنڈ کرکٹر کا کہنا تھا کہ ظلم و ستم کا نشانہ بننے والے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاج کروں گا، دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر پر ہونے والے مظالم کی جانب کروانا چاہتا ہوں۔

    جاوید میانداد نے کہا کہ جو میرے ساتھ چلنا چاہتا ہے، آئے ساتھ چلے، کشمیریوں کی جدوجہد کبھی ختم نہیں ہوسکتی، دنیا میں نئے ملک بنتے رہیں گے، جس طرح پاکستان کو بننے سے کوئی نہیں روک سکا، اسی طرح کشمیر کو آزاد ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا اظہار کرنے کے لیے ایل او سی کا دورہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے باکسر عامر خان منگل کو لندن سے اسلام آباد پہنچیں گے۔

    خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 22 روز سے جاری کرفیو سے عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے اور اب غذائی قلت کے خطرات بھی منڈلانے لگے ہیں۔

    پانچ اگست کو مودی سرکار کی جانب سے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو منسوخ کرکے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت اور نیم خود مختاری ختم کردی گئی تھی۔