Tag: ایل ڈی اے

  • احتساب عدالت کا احد چیمہ کے خلاف تفتیش بند کرنے کا حکم

    احتساب عدالت کا احد چیمہ کے خلاف تفتیش بند کرنے کا حکم

    لاہور: احتساب عدالت نے سابق ڈی جی لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی احمد چیمہ کے خلاف تفتیش بند کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نے ایل ڈی اے سٹی میں مبینہ کرپشن کیس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ سمیت 10 ملزمان کے خلاف انویسٹی گیشن بند کرنے کا حکم دے دیا۔

    احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے نیب کی انویسٹی گیشن بند کرنے کی درخواست بھی منظور کی تھی۔نیب نے احد چیمہ سمیت دیگر ملزمان کے خلاف ایل ڈی اے سٹی کیس کی تفتیش بند کرنے کی استدعا کی تھی۔

    خیال رہے کہ ملزمان پر ایل ڈی اے سٹی میں کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن کرنے کا الزام تھا اور اس کیس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو ڈیڑھ سال گرفتار رہے۔

    نیب لاہور نے 21 فروری 2018 کو احد چیمہ کو غیر قانونی طور پر پلاٹ الاٹ کرنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات پر گرفتار کیا تھا۔

    لاہور ہائی کورٹ نے احد چیمہ کی ایل ڈی اے سٹی کیس میں ضمانت منظور کر رکھی ہے۔

  • ایل ڈی اے کے تحت سڑکوں کی تعمیر ومرمت جلد مکمل کی جائے،عثمان بزدار

    ایل ڈی اے کے تحت سڑکوں کی تعمیر ومرمت جلد مکمل کی جائے،عثمان بزدار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ایل ڈی اے کے تحت سڑکوں کی تعمیر ومرمت جلد مکمل کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ایل ڈی اے میں اجلاس ہوا جس میں عثمان بزدار نے کہا کہ کرونا کے پیش نظر ایل ڈی اے نے ادائیگیوں کو 30 اپریل تک مؤخر کیا،یہ اقدام شہریوں کو ریلیف دینے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جناح اسپتال کے سامنے اسٹیل بریج کو جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ ایل ڈی اے ایپ لانچ ہونے سے شہریوں کو دفاتر نہیں آنا پڑےگا۔

    سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ فردوس مارکیٹ انڈر پاس کاسنگ بنیاد اس ماہ میں رکھا جائے گا، اس منصوبے پر 2 ارب روپے لاگت آئے گی،برکت مارکیٹ سے جناح اسپتال سگنل فری کوریڈور بنایا جائےگا۔

    انہوں نے ایل ڈی اے کے تحت سڑکوں کی تعمیر ومرمت اور سڑکوں پر روڈز سائن لگانے کے کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہر کام کے لیے وزیراعلیٰ کی جانب دیکھنا درست نہیں، آپ کام کریں،نتائج دیں، پوری سپورٹ آپ کے ساتھ ہے، عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہر وہ کام کیا جائے جس کی ضرورت ہے۔

    سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ شاہکام چوک پر فلائی اوور تعمیر پر جلد کام شروع کیا جائے، ارفع کریم آئی ٹی ٹاور سے ملحقہ اراضی کا بہترین استعمال یقینی بنایاجائے۔انہوں نے مزید کہا کہ لاہور میں واٹرسپلائی،سیوریج کے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

  • ہاؤسنگ سوسائٹیز کو مسمار کرنے کے بجائے انہیں قانونی حیثیت دی جائے، عدالت کا حکم

    ہاؤسنگ سوسائٹیز کو مسمار کرنے کے بجائے انہیں قانونی حیثیت دی جائے، عدالت کا حکم

    لاہور : لاہور ہائیکورٹ نے تمام ہاؤسنگ سوسائٹیز کو ایل ڈی اے میں رجسٹر کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے قرار دیا ہے کہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کو مسمار کرنے کے بجائے انہیں قانونی حیثیت دی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس علی اکبر قریشی نے کیس کی سماعت کی، عدالت نے حکم میں کہا ایل ڈی اے کی جانب سے پنجاب بھر کی غیرقاںونی قرار دی گئی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو ایک ماہ میں لیگل کیا جائے۔

    درخواست گزار نےمؤقف اختیار کیا گیا کہ ایل ڈی اے نے متعدد ہاؤسنگ سوسائٹیز کو غیر قانونی قرار دے کر ان سے بنیادی سہولتیں چھین لی ہیں۔ ایل ڈی اے اگر بروقت ایکشن لیتا تو غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز بن ہی نہیں سکتی تھیں۔

    جسٹس علی اکبر قریشی نے قرار دیا کہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کو مسمار کرنے کے بجائے انہیں قانونی حیثیت دی جائے، چیف سیکرٹری پنجاب تمام ہاؤسنگ سوسائٹیز کو لیگل کرنے کے لیے اعلی سطح کمیٹی تشکیل دیں۔

    چیف سیکرٹری نے یقین دہائی کرائی عدالتی حکم پر من وعن عمل ہوگا جبکہ ڈی جی ایل ڈی اے نے کہا ہاؤسنگ سوسائٹیز کے مالکان سےمل کرقواعدوضوابط بنا لیتے ہیں۔

    عدالت نے حکم پرہر ہفتے عمل درآمد رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔