Tag: ایمانوئل میکرون

  • ’’میکرون کاغذ پر فلسطینی ریاست تسلیم کریں گے، ہم زمین پر یہودی ریاست قائم کر دیں گے‘‘

    ’’میکرون کاغذ پر فلسطینی ریاست تسلیم کریں گے، ہم زمین پر یہودی ریاست قائم کر دیں گے‘‘

    تل ابیب: اسرائیل کے وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے کہا ہے میکرون اور ان کے دوست کاغذ پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کریں گے اور ہم یہاں زمین پر یہودی ریاست قائم کر دیں گے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع نے ایمانوئل میکرون اور دیگر یورپی رہنماؤں کو دھمکی دی ہے کہ اگر انھوں نے فلسطینی ریاست کو تسلم کرنے کا اعلان کیا تو وہ مغربی کنارے پر یہودی ریاست قائم کر دیں گے۔

    یسرائیل کاٹز کا کہنا تھا کہ حماس ’’مجبور‘‘ ہے کہ وہ امریکی ایلچی وٹکوف کی تجویز کو قبول کرے یا پھر اپنے خاتمے ہی کو چُنے۔

    مقبوضہ علاقوں میں 22 نئی بستیوں کے قیام کے اعلان کے بعد اب وزیر دفاع نے کہا ہے کہ اسرائیل مغربی کنارے میں ’’ یہودی ریاست اسرائیل‘‘ قائم کرے گا، کاٹز نے اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں مزید کہا کہ یہ حماس جیسی تنظیموں کے لیے فیصلہ کن جواب ہے جو ہمیں نقصان پہنچانے اور اس سرزمین پر ہماری گرفت کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔


    غزہ کو اسرائیل کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا تو مغرب ساکھ کھو دے گا، میکرون نے خبردار کر دیا


    انھوں نے کہا یہ میکرون اور ان کے دوستوں کے لیے بھی ایک واضح پیغام ہے، کہ وہ کاغذ پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کریں گے اور ہم یہاں زمین پر یہودی ریاست قائم کریں گے۔

    واضح رہے کہ فرانسیسی صدر میکرون نے جمعہ کے روز کہا ہے کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا صرف اخلاقی ذمہ داری نہیں بلکہ ایک سیاسی مطالبہ بھی ہے۔

    میکرون نے سنگاپور میں وزیر اعظم لارنس وونگ کے ساتھ ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اگر اسرائیل آنے والے دنوں میں غزہ کے انسانی بحران سے متعلق کوئی قدم نہیں اٹھاتا تو یورپیوں کو اسرائیل کے بارے میں اپنے اجتماعی مؤقف کو سخت کر دینا چاہیے، اور اسرائیل پر پابندیاں عائد کرنی چاہیئں۔

  • ایمانوئل میکرون کا خصوصی دورہ، سعودی حدود میں پہنچتے ہی طیارے کو فضائیہ نے حصار میں لے لیا

    ایمانوئل میکرون کا خصوصی دورہ، سعودی حدود میں پہنچتے ہی طیارے کو فضائیہ نے حصار میں لے لیا

    ریاض: فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، فرانسیسی صدر کے طیارے کو سعودی فضائیہ کے طیاروں نے اپنے حصار میں لیا۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں، سعودی فضائی حدود میں داخل ہونے پر فرانسیسی صدر کے طیارے کو سعودی فضائیہ کے طیاروں نے اپنے حصار میں لے لیا۔

    رائل فضائیہ کے ایف فیفٹین طیاروں نے صدر میکرون کے طیارے کو ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے تک اپنے حصار میں رکھا، سعودی ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، اور نیشنل گارڈ کے اہلکاروں نے انھیں سلامی پیش کی۔

    سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے درمیان دو طرفہ تعلقات سمیت علاقائی اور عالمی امور کے علاوہ اقتصادی، ثقافتی، ماحولیاتی پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اسرائیل نے لبنان میں جنگ بندی معاہدے کی کتنی بار خلاف ورزی کی؟ فرانسیسی رپورٹ میں شرمناک انکشاف

    ولئ عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر فرانسیسی صدر کا دورہ مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے، سعودی وژن ٹوئنٹی تھرٹی اور فرانس ٹوئنٹی تھرٹی کے ساتھ ہم آہنگ ہونے کے لیے مشترکہ عزم ہے۔ تین روزہ سرکاری دورے کا مقصد فرانس اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانا بھی ہے۔

    العربیہ کی خبر کے مطابق میکرون گزشتہ دنوں شروع ہونے والے ریاض میٹرو، مشہور ثقافتی اور تاریخی مقام الولا کا دورہ بھی شامل ہے جسے یونیسکو نے عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیا ہے۔

  • فرانس میں‌ پہلی بار کم عمر ہم جنس پرست وزیر اعظم منتخب

    فرانس میں‌ پہلی بار کم عمر ہم جنس پرست وزیر اعظم منتخب

    پیرس: ایمانوئل میکرون کا نامزد کردہ ہم جنس پرست سیاست دان گیبریئل اتال فرانس کا وزیر اعظم بن گیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس کے وزیر تعلیم گیبریئل اتال ملک کے نئے وزیر اعظم بن گئے، 34 سالہ گیبریئل فرانس کے اب تک کے سب سے کم عمر اور پہلے ہم جنس پرست وزیر اعظم ہیں اور اسے انھوں نے کبھی نہیں چھپایا۔

    سابق وزیر اعظم ایلزبتھ بورن کے استعفے کے بعد صدر ایمانوئل میکرون نے گیبریل اتال کو نیا وزیر اعظم نامزد کر دیا تھا، سابق وزیر اعظم الزبتھ بورن 20 ماہ عہدے پر رہنے کے بعد مستعفی ہوئیں، ان کے وزارت عظمیٰ کا دور دو سال سے بھی کم عرصے پر محیط رہا۔

    سیاسی ماہرین میکرون کی اتال کے انتخاب کو یورپی پارلیمانی الیکشن سے قبل اپنی مقبولیت بڑھانے کی ایک کوشش قرار دے رہے ہیں۔

    گیبریئل اتال فرانسیسی حکومت کے ترجمان کے طور پر سامنے آئے تھے اور پھر تیزی سے مقبول ہو کر وزیر تعلیم بنے، ایک سروے میں وہ ایمانوئل میکرون کی انتظامیہ کے سب سے زیادہ مقبول وزیر قرار پائے تھے۔

    الزبتھ بورن نے پیر کو امیگریشن قانون پر سیاسی ہنگامہ آرائی کے بعد استعفیٰ دیا، حکومت نے اس قانون کے ذریعے غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے کے اختیار میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

  • دہشت گردی سے لڑنے کا مطلب یہ نہیں اسرائیل غزہ کو مسمارکر دے، فرانسیسی صدر انٹرویو میں برس پڑے

    دہشت گردی سے لڑنے کا مطلب یہ نہیں اسرائیل غزہ کو مسمارکر دے، فرانسیسی صدر انٹرویو میں برس پڑے

    پیرس: فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے غزہ پر صہیونی فورسز کی مسلسل بمباری پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی سے لڑنے کا مطلب یہ نہیں کہ اسرائیل غزہ کو مسمار ہی کر دے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے اسرائیل سے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی سے لڑنے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اسرائیل غزہ کو ہموار کر کے رکھ دے۔

    اسرائیل کی غزہ میں ظلم کی تمام حدیں پار کرنے پر فرانسیسی صدر بھی بولنے پر مجبور ہو گئے ہیں، ٹی وی فرانس فائیو براڈ کاسٹر کے ساتھ ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا دہشت گردی کے خلاف لڑائی کا مقصد غزہ کو مسمار کرنا ہرگز نہیں ہو سکتا، ہم اس نظریے کی حمایت نہیں کر سکتے کہ شہری آبادی پر بلا امتیاز حملے ہوں۔

    انھوں نے کہا دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں فلسطینی شہریوں پر اندھا دھند حملے نہیں ہونے چاہئیں، فرانسیسی صدر نے اسرائیل سے فوری جنگ بندی کا بھی مطالبہ کیا، اور کہا کہ اس کا رد عمل غیر مناسب ہے اسے فوری طور پر ختم ہونا چاہیے، کیوں کہ ہر زندگی اہم ہے۔

    غزہ میں اسرائیلی مظالم جاری، فلسطینی شہدا کی تعداد 20 ہزار تک پہنچ گئی

    واضح رہے کہ 7 اکتوبر کو حماس کے حملے کے بعد سے اسرائیل غزہ کی پٹی پر مسلسل بمباری کر رہا ہے، جس میں 20,000 سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے تھے، اور 52,586 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔

  • اسرائیل غزہ کے بچوں اور خواتین کو قتل کرنا بند کرے، فرانسیسی صدر کا سخت مطالبہ

    اسرائیل غزہ کے بچوں اور خواتین کو قتل کرنا بند کرے، فرانسیسی صدر کا سخت مطالبہ

    پیرس: فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے اسرائیل سے سخت مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں بچوں اور خواتین کو قتل کرنا بند کر دے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے بی بی سی کو انٹرویو میں کہا اسرائیل کو غزہ میں بچوں اور خواتین کو قتل کرنا بند کرنا چاہیے، بمباری کا کوئی جواز نہیں ہے۔

    میکرون کا کہنا تھا ’’جنگ بندی سے اسرائیل ہی کو فائدہ ہوگا، ہم اسرائیل کے اپنے تحفظ کے حق کو تسلیم کرتے ہیں لیکن ہم ان پر زور دیتے ہیں کہ وہ غزہ میں بمباری بند کر دیں۔‘‘

    فرانسیسی صدر نے کہا عام شہریوں پر بمباری کی جا رہی ہے، بمباری سے بچے، عورتیں، اور بوڑھے مارے جا رہے ہیں، اس کی کوئی وجہ نہیں ہے، جنگ بندی اسرائیل کے مفاد میں بھی ہے۔

    ہر دس منٹ میں ایک بچہ مر رہا ہے، غزہ میں بمباری فوری روکی جائے: سربراہ ڈبلیو ایچ او

    میکرون نے ایک سوال کے جواب میں یہ امید بھی ظاہر کی کہ غزہ میں جنگ بندی کے مطالبے میں امریکا ور برطانیہ سمیت دیگر ممالک بھی شامل ہوں گے۔ اس سے قبل انسانی امداد کی ایک کانفرنس میں خطاب میں میکرون نے کہا تھا کہ غزہ کے شہریوں کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے اس لیے جنگ بندی ضروری ہے تاکہ ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

    فرانسیسی صدر کے بیان پر اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی رہنماؤں کو اسرائیل کی نہیں بلکہ حماس کی مذمت کرنی چاہیے۔ اسرائیل کی جانب سے ایک بیان میں ڈھٹائی کا اظہار کیا گیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون کے مطابق فوجی اہداف پر حملہ کرتا ہے اور شہریوں کی ہلاکتوں کو کم کرنے کے لیے اقدامات بھی کرتا ہے، جیسا کہ حملوں سے پہلے وارننگ جاری کرنا اور لوگوں کے انخلا کا مطالبہ کرنا۔

  • فرانسیسی صدر میکرون کو اقتدار سے محرومی کا خطرہ لاحق

    فرانسیسی صدر میکرون کو اقتدار سے محرومی کا خطرہ لاحق

    پیرس: فرانسیسی صدر امانوئیل میکرون نے پارلیمان میں اکثریت کھو دی۔

    تفصیلات کے مطابق فرانسیسی صدر میکرون پارلیمینٹ میں اکثریت کھو بیٹھے، پارلیمنٹ میں مکمل اکثریت کے لیے میکرون کو 289 سیٹیں درکار ہیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس کے پارلیمانی انتخابات میں کوئی بھی جماعت واضع اکثریت حاصل نہیں کر سکی ہے۔

    میکرون اپنی دو سو نواسی نشستوں پر اکثریت بحال نہیں رکھ سکے، 44 سالہ میکرون کو اقتدار کو جاری رکھنے کے لیے انتخاب کے اس مرحلے میں ٹیکس میں کٹوتی، ویلفیئر اصلاحات اور ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافہ کرنا تھا۔

    میکرون کی جماعت 577 میں‌ سے 245 نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔ فرانسیسی وزیرِ اعظم الزبتھ بورن نے انتخابی نتائج کو ملک کے لیے خطرناک قرار دیتے ہوئے صدر میکرون کو اتحادی تلاش کرنے کا مشورہ دے دیا۔

    واضع رہے میکرون رواں سال اپریل میں دوسری مدت کے لیے صدر منتخب ہوئے تھے۔

  • دنیا بھر میں لوگ فرانسیسی صدر کی تصاویر نذر آتش کرنے لگے

    دنیا بھر میں لوگ فرانسیسی صدر کی تصاویر نذر آتش کرنے لگے

    اسلام آباد: فرانسیسی صدر کے خلاف دنیا کے مختلف شہروں ميں مظاہرے جاری ہیں، لوگوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے ایمانویل میکرون کی تصاویر بھی نذر آتش کیں۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا کے مختلف شہروں میں فرانسیسی صدر میکرون کے توہین آمیز بیان کے خلاف مظاہرے شروع ہو گئے ہیں، مظاہرین صدر میکرون کی تصویریں بھی جلا رہے ہیں۔

    فلسطین اور لبنان کے مختلف شہروں ميں مظاہروں کے دوران مسلمانوں نے فرانسیسی پرچم کو نذر آتش کیا اور میکرون کی تصویریں بھی جلا دیں، شام میں بھی فرانسیسی صدر کے خلاف مظاہرے ہوئے۔

    ادھر پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان سمیت عالمی مسلم رہنماؤں نے بھی فرانسیسی صدر کے بیان کے خلاف سخت ردِ عمل ظاہر کیا ہے، ترک صدر اردگان نے کہا تھا کہ فرانس کے صدر کا دماغ خراب ہوگیا ہے، اسے اپنے دماغ کا علاج کرانا چاہیے۔

    فرانسیسی صدر نے جان بوجھ کر اسلام پر حملہ کر کے اسلامو فوبیا کی حوصلہ افزائی کی: وزیر اعظم

    ایران کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے فرانسیسی صدر کے توہین آمیز بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ آسمانی ادیان کے خلاف فرانسیسی صدر کی دشمنی نمایاں ہوگئی ہے۔

    پاکستان کے وزير اعظم عمران خان نے بھی فرانس کے صدر میکرون کے بیان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فرانسیسی صدر کا بیان قابل مذمت ہے، فرانسیسی صدر نے جان بوجھ کر اسلام پر حملہ کر کے اسلاموفوبیا کی حوصلہ افزائی کی۔

  • فرانس نے کرونا وائرس کے خلاف پہلی فتح حاصل کرلی، لاک ڈاؤن سے متعلق بڑا اعلان

    فرانس نے کرونا وائرس کے خلاف پہلی فتح حاصل کرلی، لاک ڈاؤن سے متعلق بڑا اعلان

    پیرس: فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے ملک بھر میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق فرانسیسی صدر نے ملک بھر میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام شہری کام پر واپس آ سکتے ہیں، ریسٹورنٹس اور کیفے کو بھی آج سے دوبارہ کھولنے کی اجازت ہوگی۔

    فرانس نے اپنے شہریوں کو دیگر یورپی ممالک کے سفر کی بھی اجازت دے دی ہے، آج سے متعدد دیگر یورپی ممالک نے بھی لوگوں کے آمد و رفت کے لیے سرحدیں کھول دی ہیں۔

    اپنے ٹی وی خطاب میں ایمانوئل میکرون نے کہا کہ فرانس نے کرونا وائرس کے خلاف پہلی فتح حاصل کر لی ہے، پورے ملک میں ہم کرونا وبا کے خلاف نیا ورق الٹنے جا رہے ہیں، تاہم وائرس کے لوٹنے کا خطرہ بھی لاحق ہے۔

    انھوں نے کہا کہ 22 جون سے اسکول بھی دوبارہ کھل جائیں گے، تاہم ہائی اسکول نہیں کھولے جائیں گے۔

    کرونا کی عالمگیر وبا نے 80 لاکھ انسانوں کو متاثر کر دیا

    خیال رہے کہ یورپی کمیشن نے آج سے تمام بیرونی سرحدیں کھولنے کی حوصلہ افزائی کی تھی، تاہم چند ہی ممالک نے سرحدیں کھولنے کا اعلان کیا ہے، آج سے بیلجیئم، کروشیا، سوئٹزر لینڈ اور جرمنی نے اپنی سرحدیں مکمل طور پر کھول دی ہیں، چیک ری پبلک نے 26 ریاستوں کو تو سفر کی اجازت دے دی ہے تاہم بیلجیئمم، پرتگال، سویڈن اور برطانوی شہریوں پر بدستور پابندی عائد ہے۔

    واضح رہے کہ فرانس میں کرونا وائرس سے ہلاکتیں 29,407 ہو چکی ہیں اور مجموعی کیسز کی تعداد 1 لاکھ 57 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

  • ایمزون میں آتشزدگی: ہمارا گھر جل رہا ہے، ایمانوئل میکرون

    ایمزون میں آتشزدگی: ہمارا گھر جل رہا ہے، ایمانوئل میکرون

    پیرس/براسیلیا :فرانسیسی صدر نے دنیا کے پھیپھڑوں کی حیثیت رکھنے والے ایمزون جنگل میں بھڑکنے والی آگ کو ’عالمی بحران‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایمزون کی آتشزدگی جی 7 اجلاس کا اہم ایجنڈا ہونا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق رین فاریسٹ کی خاصیت رکھنے والے یہ جنگل یعنی جہاں بارشیں سب سے زیادہ ہوتی ہیں، دنیا میں موجود برساتی جنگلات کا 60 فیصد حصہ ہیں، سائنسدانوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر ایمزون میں ہونے والی آتشزدگی پر جلد قابو نہ پایا گیاتو موسمیاتی تبدیلیوں خلاف کی جانے والی کوششیں پر مضر اثرات مرتب ہوں گے۔

    فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پرکیے گئے ٹویٹ میں کہا کہ ’ہمارا گھر جل رہا ہے‘۔

    واضح رہے کہ رواں ہفتے کے اختتام پر فرانسیسی صدر جی سیون سمٹ کی میزبانی کریں گے جس میں دنیا کی سب سے اہم و مضبوط معاشی طاقتیں شریک ہوں گی۔

    انہوں نے جی سیون ممالک کو رین فارسٹ ایمزون کی صحت سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ مسئلہ اقوام عالم کےلیے تشویش کا باعث ہے‘۔

    فرانسیسی صدر نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ دنیا کےی 20 فیصد آکسیجن پیدا کرنے والا اور پھیپھڑوں کی حیثیت رکھنے والاسب سے بڑا برساتی جنگل ایمزون جل رہا ہے ’جی سیون ممبران کو چاہیے کہ اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر زیر بحث لائیں‘۔

    دوسری جانب برازیلین صد رنے ایمزون کے جنگلات میں آتشزدگی سے سیاسی فوائد حاصل کرنے کےفرانسیسی صدر کے الزام پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فرانسیسی صد رنے جی سیون سمٹ میں ایمزون کی آتشزدگی پر گفتگو کرنے کا کہا جس میں برازیل کو شامل نہیں کیا’یہ کالونیل مائنڈ سیٹ کی عکاسی کرتا ہے‘۔

    ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں برس ایمزون کے جنگل میں جنوری سے اگست تک 72 ہزار843 مرتبہ آگ بھڑک چکی ہےجو کہ گزشتہ سال کی نسبت 85 فیصد زیادہ ہے۔ جبکہ 2018 40 ہزار اور 2016 میں 68 ہزار مرتبہ لگی تھی۔

    خیال رہے کہ پیرو کے روز ایمزون کے جنگل میں ہولناک آگ بھڑکنے کے بعد 2700 کلومیٹر دور واقع شہر ساؤ پالو میں بھی دھوئیں کے گھنے و کالے بادلوں کے باعث اندھیرا چھاگیاتھا۔

    ایمزون کے جنگلات دنیا کی فضا کو آکسیجن فراہم کرنے میں اپنا 20 فیصد حصہ ڈالتے ہیں اورانہیں دنیا کے پھیپھڑوں سے تشبیہ دی جاتی ہے۔

    خیال رہے کہ ایمزون کا جنگل 30 لاکھ اقسام کے درختوں، پودوں ، جانوروں اور دس لاکھ مقامی باشندوں(جنگلی قبائل) کا گھر ہے۔

    سوشل میڈیا پر جاری تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جنگلات میں لگنے والی آگ کے سبب برازیل میں دھویں کے بادل چھائے ہوئے ہیں جنہوں نے کئی شہروں کو اندھیرے میں ڈبو دیا ہے۔

  • ایران دوبارہ جوہری پروگرام شروع نہیں کرسکے گا‘ ڈونلڈ ٹرمپ

    ایران دوبارہ جوہری پروگرام شروع نہیں کرسکے گا‘ ڈونلڈ ٹرمپ

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران دوبارہ جوہری پروگرام شروع نہیں کرسکے گا، اگر اس نے ایسا کیا تو بڑا مسئلہ کھڑا ہوجائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ سے فرانسیسی صدرایمانوئل میکرون نے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو متنبہ کرتے ہوئے کہا 2015 کے عالمی جوہری معاہدے کے برخلاف جوہری پروگرام شروع کیا تو ایران کے لیے بڑے مسائل پیدا ہوجائیں گے۔

    امریکی صدر نے ایران کے ساتھ چھ عالمی طاقتوں کے کیے گئے جوہری معاہدے کو دیوانگی قرار دیا۔

    دوسری جانب فرانس کے صدرایمانوئل میکرون دورہ امریکہ میں ڈونلڈ ٹرمپ پرزور دے رہے ہیں کہ جوہری معاہدے کی پاسداری کریں اور اس کو ختم نہ کریں۔

    فرانسیسی صدر سے ملاقات کے بعد صحافیوں نے سوال کیا کہ کیا ایران جوہری معاہدے کے خاتمے کے بعد اپنا جوہری پروگرام دوبارہ شروع کردے گا جس پرامریکی صدر نے کہا کہ ایسا کرنا ایران کے لیے اتنا آسان نہیں ہوگا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ جوہری پروگرام دوبارہ شروع نہیں کرسکیں گے، اگر انہوں نے دوبارہ شروع کیا تو ان کے لیے بڑے مسائل پیدا ہوجائیں گے۔

    ادھر فرانسیسی صدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا وہ سمجھتے ہیں کہ ایران کے ساتھ ایک جوہری معاہدہ کیا جا سکتا ہے۔

    ایمانوئل میکرون کا کہنا تھا کہ ہم استحکام چاہتے ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ ہم ایران کے ساتھ معاہدے کا راستہ نکال سکتے ہیں۔


    ڈونلڈ ٹرمپ نےایران کاجوہری معاہدہ ختم کرنےکا فیصلہ مؤخرکردیا

    یاد رہے کہ رواں سال 13 جنوری کو امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے ایران کا جوہری معاہدہ ختم کرنے کا فیصلہ موخر کرتے ہوئے کہا تھا کہ آخری بار ایرانی جوہری معاہدے کی توثیق کررہے ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور حکومت میں فرانسیسی صدر پہلے سربراہ مملکت ہیں جو باضابطہ سرکاری دورے پرامریکہ کا دورہ کررہے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔