Tag: ایمانوئیل میکرون

  • ایمانوئیل میکرون کی نومنتخب برطانوی وزیراعظم کو دورہ فرانس کی دعوت

    ایمانوئیل میکرون کی نومنتخب برطانوی وزیراعظم کو دورہ فرانس کی دعوت

    پیرس: فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے برطانیہ کے نومنتخب وزیراعظم بورس جانسن کو دورہ فرانس کی دعوت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے برطانیہ کے نومنتخب وزیر اعظم بورس جانسن کو اگلے چند روز میں فرانس آنے کے لیے مدعو کیا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فرانسیسی صدر اور برطانیہ کے نو منتخب وزیر اعظم بورس جانسن کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی، اس دوران فرانسیسی صدر نے بورس جانسن کو برطانوی حکومت کا سربراہ بننے پر مبارکباد دی۔

    اسی دوران ایمانوئیل میکرون نے بورس جانسن کو اگلے چند روز میں فرانس آنے کے لیے مدعو بھی کیا۔

    فرانس عرصے سے یورپی یونین اور برطانیہ کی یونین سے رخصتی کے معاملہ کو خوش اسلوبی سے طے کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے اور متعدد بار سابق وزیر اعظم تھریسامے سے اس سے متعلق بات چیت کرچکا ہے۔

    یاد رہےبرطانوی حکمران جماعت کنزرویٹو پارٹی کے سربراہ بورس جانسن برطانیہ کے نئے وزیراعظم بن چکے ہیں، بورس جانسن نے ملکہ برطانیہ سے ملاقات کی اورپھروزارت اعظمی کا منصب سنبھالا۔

    برطانوی وزیراعظم کے سرکاری رہائش گاہ اوردفترٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ کے باہر گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں بورس جانسن کا کہنا تھا کہ بغیرکسی اگرمگرکے برطانیہ اکتیس اکتوبرکویورپی یونین سے الگ ہوجائے گا۔

    کنزرویٹو پارٹی کے سربراہ اورنئے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن دومرتبہ لندن کے مئیر رہ چکے ہیں جبکہ مسلمانوں اور تارکین وطن کیخلاف سخت ریمارکس پرتنقید کا نشانہ بن چکے ہیں۔

  • فرانسیسی صدر کا عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ، دورہ فرانس کی دعوت

    فرانسیسی صدر کا عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ، دورہ فرانس کی دعوت

    پیرس: فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے وزیر اعظم عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور دورہ فرانس کی دعوت دی، اس دوران دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر زور دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے ٹیلی فونک کال کی، فرانسیسی صدر نے انتخابات میں کامیابی پر وزیراعظم کو مبارکباد بھی دی۔

    ٹیلی فونک گفتگو کے دوران فرانسیسی صدر نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر زور دیا۔ توانائی، آبی وسائل، تجارت اور معاشی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

    ایرانی صدر کا عمران خان کو ٹیلی فون، دورہ ایران کی دعوت

    ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششیں قابل ستائش ہیں، ایمانوئیل میکرون نے عالمی امور پرمل کرکام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

    اس دوران وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ فرانس کے ساتھ باہمی تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں، انہوں نے فرانسیسی صدر کو افغانستان میں قیام امن پر بریف کیا اور علاقائی صورت حال خصوصاً بھارت کے ساتھ تعلقات سے بھی آگاہ کیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کردار ادا کرے۔

    خیال رہے کہ گفتگو کے دوران صدر میکرون نے وزیراعظم عمران خان کو فرانس کے دورے کی دعوت دی جسے عمران خان نے قبول کرلی۔

  • فرانسیسی صدر 3 اگست کو برطانوی وزیراعظم سے ملاقات کریں گے

    فرانسیسی صدر 3 اگست کو برطانوی وزیراعظم سے ملاقات کریں گے

    پیرس: فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے سے 3 اگست کو ملاقات کریں گے، اس دوران بریگزٹ معاملے پر خصوصی گفتگو ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق بریگزٹ معاملے پر خصوصی گفتگو کے لیے فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے سے ملاقات کریں گے، یہ ملاقات فرانس کے شہر تولوں کے قریب صدارتی سیاحتی مرکز میں ہوگی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مذکورہ ملاقات سے متعلق کسی سرکاری ایجنڈے کا بظاہر اعلان نہیں کیا گیا لیکن گفتگو میں بریگزٹ معاملے کو فوقیت حاصل رہے گی۔

    قبل ازیں 31 جولائی منگل کو برطانوی وزیر خارجہ جریمی ہنٹ اپنے فرانسیسی ہم منصب ژاں ایو لیدریاں سے بھی پیرس میں اسی معاملے پر بات چیت کر چکے ہیں۔


    تھریسامے بریگزٹ منصوبے پرحمایت حاصل کرنے آسٹریا پہنچ گئی


    علاوہ ازیں برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے گذشتہ ماہ 27 جولائی کو بریگزٹ ڈیل سے متعلق معاملات طے کرنے کے لیے آسٹریا پہنچی تھیں، جہاں انہوں نے آسٹرین چانسلر اور وزیراعظم سے ملاقات بھی کی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ تھریسا مے نے آسٹریا میں چانسلر کرز اور چیک ری پبلک کے وزیر اعظم اینڈریج بابس سے بھی بریگزٹ ڈیل کے حوالے سے بات چیت کی تھی۔

    یاد رہے کہ اس پیش رفت سے ایک روز قبل برطانیہ کی وزیر اعظم نے یورپی یونین سے علیحدگی کے حوالے مذاکرات خود کرنے کا اعلان کیا تھا، جبکہ وزیر برائے بریگزٹ کو بریگزٹ کے حوالے سے ملک کے داخلی معاملات پر توجہ دینے کی ذمہ دی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ٹرمپ کی ماحول دشمن پالیسیوں پر فرانسیسی صدر کی تنقید

    ٹرمپ کی ماحول دشمن پالیسیوں پر فرانسیسی صدر کی تنقید

    واشنگٹن: فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے اپنے دورہ امریکا کے دوران کانگریس میں صدر ٹرمپ کی ماحول دشمن پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جس پر ارکان کانگریس خوشی سے نہال ہوگئے۔

    فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے گزشتہ ہفتے امریکا کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امریکی کانگریس سے بھی خطاب کیا۔

    کانگریس میں اپنے خطاب کے دوران فرانسیسی صدر نے امریکی صدر ٹرمپ کی کئی پالیسیوں کو ہدف تنقید بنایا جس پر کانگریس کے ارکان بہت خوش ہوئے اور ان کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے ان کے لیے بے تحاشہ تالیاں بجائیں۔

    صدر میکرون نے صدر ٹرمپ کی ماحول دشمن پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح جہالت سے نمٹنے کے لیے ہمارے پاس تعلیم ہے، اسی طرح ہماری زمین کو لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمارے پاس سائنس ہے۔

    خیال رہے کہ صدر ٹرمپ نے برسر اقتدار آتے ہی امریکا میں جاری کئی سائنسی تحقیقات کا بجٹ کم کردیا تھا اور اس کے بدلے نئی صنعتیں لگانے اور روزگار دینے پر زور دیا تھا۔

    امریکی صدر کی اس پالیسی کے بعد فرانسیسی صدر نے امریکی سائنس دانوں کو فرانس آنے اور سائنسی منصوبوں پر کام کرنے کی دعوت دی تھی۔

    امریکی کانگریس میں میکرون نے مزید کہا کہ کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ ہنگامی طور پر صنعتوں کا قیام اور ملازمتیں دینا زیادہ ضروری ہے، بہ نسبت اس کے کہ قومی معیشت کو زمین کو لاحق سب سے بڑے خطرے یعنی کلائمٹ چینج کے مطابق کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ میں اس ضرورت کو سمجھتا ہوں لیکن ہمیں اپنی معیشت کو ایسا بنانا ہوگا جس سے یہ کاربن کا اخراج کم سے کم کرے اور ماحول دوست ہو۔

    یہاں ان کا اشارہ صدر ٹرمپ کے نئی صنعتیں لگانے کی طرف ہے جس میں کوئلے کی تلاش کے لیے ڈرلنگ بھی شامل ہے۔ گو کہ یہ کام نئی ملازمتیں پیدا کرنے اور معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے تو بہترین ہے تاہم اس کی قیمت ماحول کی خرابی ہوگی۔

    مزید پڑھیں: ٹرمپ ماحول کے لیے دشمن صدر؟

    کوئلے کا استعمال خاص طور پر ماحول کے لیے زہر قاتل ہے جو کاربن خارج کر کے فضا میں موجود زہریلی گیسوں میں اضافہ کرے گا، مقامی سطح پر آلودگی میں اضافہ کرے گا جبکہ مجموعی طور پر گلوبل وارمنگ میں بھی اضافہ کرے گا۔

    صدر میکرون نے کہا کہ سمندروں کو آلودہ کرنے سے، کاربن کی مقدار کم نہ کرنے سے اور نظام میں موجود حیاتیاتی تنوع کو تباہ کرنے سے ہم اپنی زمین کا قتل کر رہے ہیں۔ ’ اس بات کو سجھیں کہ ہمارے پاس رہنے کے لیے کوئی دوسرا سیارہ موجود نہیں‘۔

    فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ امریکا ایک دن کاربن میں کمی کے پیرس معاہدے میں دوبارہ شمولیت اختیار کرے گا۔

    سنہ 2016 میں 195 ممالک کی جانب سے دستخظ کیے جانے والے پیرس معاہدے میں کاربن کے اخراج میں کمی کا عہد کیا گیا تھا۔

    معاہدے کے وقت سابق صدر اوباما کی ہدایت پر امریکا بھی اس معاہدے کا اہم حصہ تھا، تاہم صدر ٹرمپ نے اس معاہدے کو امریکی معیشت پر بوجھ قرار دیتے ہوئے جون 2017 میں اس سے علیحدگی کا اعلان کردیا تھا۔

    فرانسیسی صدر میکرون نے امریکا کی پناہ گزینوں کے خلاف پالیسی کو بھی ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ہم نیشنل ازم کا راستہ اپناتے ہوئے باقی دنیا کے لیے اپنے ملک کے دروازے بند کرسکتے ہیں، اس سے عارضی طور پر ہمارے شہریوں کے خوف دور ہوسکتے ہیں۔ ’لیکن ہمیں ان خطرات کا سامنا کرنا ہوگا جو بالکل ہمارے سامنے کھڑے ہیں‘۔

    انہوں نے کہا، ’خطرات کا سامنا کرنے سے ہم مضبوط بنیں گے، خطرات کا سامنا ہی ہمیں خطرات سے نمٹنے کے قابل بنائے گا۔ نیشنل ازم کا نعرہ لگا کر علیحدگی اختیار کرلینا کسی بھی طریقے سے درست نہیں‘۔

    صدر میکرون کی اس تقریر پر کانگریس کا فلور تالیوں اور خوشی بھری آوازوں سے گونج اٹھا۔ ارکان کانگریس نے صدر میکرون کو کھڑے ہو کر تعظیم بھی دی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔