Tag: ایمبولینس

  • ایمبولینس منشیات کی اسمگلنگ میں  استعمال ہونے لگی

    ایمبولینس منشیات کی اسمگلنگ میں استعمال ہونے لگی

    حیدرآباد : پولیس نے ایمبولینس میں منشیات کی اسمگلنگ ناکام بناتے ہوئے مین پوری و دیگر منشیات برآمد کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں ایمبولینس منشیات کی اسمگلنگ میں استعمال ہونے لگی، بلدیہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایمبولینس سے مین پوری و دیگر منشیات برآمد کرلی۔

    پولیس نے ملزم شاہد کو گرفتارکر کے مقدمہ درج کرلیا اور بتایا مین پوری، خام مال،چرس ودیگر سامان سے بھری بوریاں برآمد ہوئیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی منشیات کی مقدارکا تعین ہوسکتا ہے۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں ایمبولینس کے ذریعے منشیات کی اسمگلنگ کا انکشاف

    کراچی میں ایمبولینس کے ذریعے منشیات کی اسمگلنگ کا انکشاف سامنے آیا تھا، پولیس نے ایمبولینس کے خفیہ خانے میں چھپائی گئی منشیات کی اسمگلنگ ناکام بنا دی تھی۔

    کراچی میں موچکو پولیس نے حب ریور روڈ لکی چورنگی کے قریب کارروائی کے دوران بلوچستان سے کراچی منشیات کی اسمگلنگ ناکام بنا کر لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کی تھی۔

  • ایمبولینس کو راستہ نہ دینے پر کار ڈرائیور پر لاکھوں کا جرمانہ

    ایمبولینس کو راستہ نہ دینے پر کار ڈرائیور پر لاکھوں کا جرمانہ

    ایمبولینس کو راستہ نہ دینے پر پولیس نے کار ڈرائیور پر ڈھائی لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کرتے ہوئے اسکا ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کردیا۔

    سوشل میڈیا پر بھارتی ریاست کیرالہ سے ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا گیا تھا کہ ایک ایمبولینس کار کے پیچھے موجود ہے، تاہم کار ڈرائیور اسے جان بوجھ کر راستہ دینے سے گریزاں ہے، صاف لگ رہا تھا کہ ڈرائیور نے ایمبولینس کے آگے نکلنے میں رکاوٹ بننے کی کوشش کی۔

    مذکورہ واقعہ 7 نومبر کو چلاکوڈے میں پیش آیا، جس میں کار ڈرائیور نے مبینہ طور پر ایمرجنسی وہیکل کو راستہ دینے سے گریز کیا جو کہ اس کا حق تھا، ایمبولینس اس وقت تھریسور میڈیکل کالج جارہی تھی۔

    ایمبولینس میں موجود پیرامیڈیکس نے ڈیش کیم سے اس واقعے کو ریکارڈ کرلیا، جس میں دیکھا گیا کہ ایک دو رویہ سڑک پر تقریباً 2 منٹ تک ایمبولینس سلور رنگ کے کار کے پیچھے رہی مگر ڈرائیور نے اسے راستہ نہ دیا۔

    بار بار ایمبولینس کی جانب سے سائرن بجانے کے باوجود کار ڈرائیور کے کان پر جوں تک نہ رینگی بلکہ صاف ظاہر ہورہا تھا کہ کار ڈرائیور جان بوجھ کر ایمبولینس کو نکلنے کا راستہ نہیں دے رہا۔

    بھارتی ریاست کیرالا کی پولیس نے تھریسور سے تعلق رکھنے والے ڈرائیور کے اس اقدام پر نہ صرف اس پر بھاری جرمانہ عائد کیا بلکہ اس کا لائسنس بھی منسوخ کردیا ہے۔

  • سعودی عرب: عازمین حج کیلئے ایئر ایمبولینس سروس کا آغاز

    سعودی عرب: عازمین حج کیلئے ایئر ایمبولینس سروس کا آغاز

    سعودی عرب میں وزارت حج و دیگر سرکاری اداروں کی جانب سے حج انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جبکہ لاکھوں کی تعداد میں عازمین حج مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔

    سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کی رپورٹ کے مطابق سعودی ہلال احمر اتھارٹی نے مسجد الحرام کے اطراف ٹاورز سے ایئرایمبولینس سروس کا آغاز کردیا ہے۔

    وزیر صحت اور اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین فہد الجلال بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزارت کی جانب سے اُٹھایا جانے والا یہ اقدام حج 2024 کے دوران عازمین کی سیفٹی، ان کی جان بچانے اور صحت خدمات کے حوالے سے مملکت کی تیاریوں کا حصہ ہے۔

    حج کے دوران چلائے جانے والے یہ سروس ایک مربوط صحت نظام کا حصہ ہے جو ہنگامی کال موصول ہونے اور سروس فراہم کرنے سے شروع ہوکر مریض کے خصوصی صحت مرکز تک منتقل کرنے پر ختم ہوتی ہے۔

    ایئرایمبولینس سروس مختلف مقامات پر مریضوں تک تیزی سے پہنچنے، ہنگامی طبی خدمات کی فراہمی، اور مریضوں کو مختصر وقت میں صحت مراکز تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

    اتھارٹی کی جانب سے رواں سال حج کے دوران تمام زخمیوں اور مریضوں تک پہنچنے کیلیے مسجد الحرام اور حج مقامات کے قریبی علاقے میں سات ہیلی کاپٹر فراہم کردیئے ہیں۔

    مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کے اطراف کے علاقے میں سروس کا آغاز کیا گیا ہے جسے عازمین حج تک پہنچنے کے لیے ایک اسٹریٹجک مقام سمجھا جاتا ہے۔

    واضح رہے کہ مکہ مکرمہ میں پرمٹ کے بغیر کسی کوداخل ہونے کی اجازت نہیں جبکہ مکہ مکرمہ جانے والوں کے پرمٹ کی چیکنگ کا عمل جاری ہے۔

    مکہ مکرمہ میں موٹر سائیکلوں کے داخلے پر پابندی عائد

    انتظامیہ کی جانب سے مکہ مکرمہ شہر کے مرکزی مقامات کے علاوہ منی جانے والے راستوں پر متعدد چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں۔

  • ایمبولینس کو راستہ نہ دینا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی

    ایمبولینس کو راستہ نہ دینا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی

    ریاض: سعودی ہلال احمر اور حکام کا کہنا ہے کہ سڑک پر ایمبولینس کو راستہ نہ دینا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے، ایمبولینس کو ترجیحی بنیاد پر گزرنے کا موقع دینا ضروری ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی ہلال احمر اور محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ ایمبولینسوں کو راستہ نہ دینا ٹریفک خلاف ورزی ہے، اتوار 26 مارچ سے خود کار نظام کے تحت خلاف ورزی ریکارڈ کرنا شروع کردی گئی ہے۔

    ہلال احمر کا کہنا ہے کہ نئی پابندی ٹریفک سلامتی کو یقینی بنانے اور جانوں کے تحفظ کی خاطر لگائی گئی ہے۔

    ادارے کی جانب سے کہا گیا کہ رائے عامہ سے اپیل کی جا چکی ہے کہ ایمبولینس کو ترجیحی بنیاد پر گزرنے کا موقع دیا جائے، ایمبولینس کے پیچھے گاڑیاں نہ دوڑائی جائیں، یہ بھی ٹریفک خلاف ورزی ہے۔

    بیان میں کہا گیا کہ موجودہ مرحلے میں خلاف ورزی خود کار سسٹم کے تحت دو حوالوں سے ریکارڈ ہوگی، ایک تو ایمبولینس کو آگے بڑھنے سے روکا جائے دوسرے یہ کہ ایمبولینس کا تعاقب کیا جائے۔

    ہلال احمر نے بیان میں اس یقین کا اظہار کیا کہ تمام لوگ جانوں کی سلامتی کی خاطر نئی پابندی پر عمل درآمد کو یقینی بنانے میں تعاون کریں گے۔

  • سندھ حکومت کو ناکارہ ہونے والی ایمبولینسوں کا خیال آگیا

    سندھ حکومت کو ناکارہ ہونے والی ایمبولینسوں کا خیال آگیا

    حکومت سندھ کی نااہلی کی خبریں میڈیا میں چلنے کے بعد صوبائی حکومت ہوش میں آگئی، ٹھٹہ میں موجود تمام ایمبولینسز کو متعلقہ اضلاع میں روانہ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ 6 ماہ سے سول اسپتال ٹھٹھہ میں کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری ایمبولینسیں کھڑے کھڑے تباہ وبرباد ہورہی تھیں، ریسکیو 1122 اور 1036 کو دی جانے والی ایمبولینس 6 ماہ سے سول اسپتال کے اندر میدان میں کھڑی ہونے سے زنگ آلود اور ناکارہ ہو رہی تھیں۔

    سندھ حکومت کے ریسکیو پروگرام 1122 اور 1036 کی 52 زیرو میٹر ایمبولینسز جو گزشتہ کئی ماہ سے کھلے آسمان کے نیچے کھڑی ہیں، جس کی وجہ سے شہری بھی ان سے مستفید نہیں ہورہے تھے۔

    1122کی تمام ایمبولینس زیرو میٹر تھیں جنہیں تاحال ریسکیو عمل کے لئے استعمال نہیں کیا گیا تھا عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے عوام کی فلاح کے لیے خریدی گئی سرکاری ایمبولینسز استعمال ہونے بجائے دھوپ اور دھول مٹی سے ناکارہ ہوکر تباہ ہو رہی تھیں۔

    بتایا جاتا ہے کہ شکارپور کے لیے5، میرپورخاص کہ لیے 17، گھوٹکی 10، کشمور اور کندھ کوٹ 10شکارپور5 اور شہید بینظیر آباد 10 ایمبولینسیں روانہ کی جانی تھیں جسے حکومت ٹھٹھہ میں چھوڑ کر بھول گئی تھی۔

  • کراچی کے پوش علاقے میں ایمبولینس کے ذریعے ڈکیتی کی واردات

    کراچی کے پوش علاقے میں ایمبولینس کے ذریعے ڈکیتی کی واردات

    کراچی : شہر قائد کے پوش علاقے میں  ایمبولینس میں سوار ملزمان پھل فروش کو لوٹ کر فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے پوش علاقے میں ایمبولینس کے ذریعے ڈکیتی کی واردات ہوئی ، جہاں ایمبولینس میں سوار ملزمان بڑے ہتھیار کے ساتھ پھل فروش کو لوٹ کر فرارہوگئے۔

    متاثرہ شخص نے بتایا ایمبولینس میں مسلح ملزمان آئے اور ٹھیلا لگانے سے منع کیا ، جس کے بعد مسلح شخص مجھےکچھ فاصلے پر لے کر گیا اور پیسے چھین لیے۔

    ایمبولینس میں اسٹریٹ کرائم کی واردات کی فوٹیج اے آروائی نیوز کو موصول ہوگئی ہے۔

    متاثرہ پھل فروش نے قانونی کارروائی کیلئے پولیس سےرابطہ کرکے کلفٹن تھانے میں ڈکیتی کی واردات کی رپورٹ درج کرادی۔

    یاد رہے رواں سال فروری میں شہر قائد میں ایمبولینس کے ذریعے منشیات کی اسمگلنگ کا انکشاف سامنے آیا تھا ، پولیس نے ایمبولینس کے خفیہ خانے میں چھپائی گئی منشیات کی اسمگلنگ ناکام بنا دی تھی۔

  • ایمبولینس کے پیچھے دیوانہ وار بھاگتا گھوڑا، ایمبولینس میں کون تھا؟

    ایمبولینس کے پیچھے دیوانہ وار بھاگتا گھوڑا، ایمبولینس میں کون تھا؟

    محبت اور خلوص کا رشتہ صرف انسانوں ہی نہیں بلکہ جانوروں میں بھی پایا جاتا ہے، اور جانوروں میں انسانوں سے کہیں زیادہ خالص ہوتا ہے، ایسے ہی ایک گھوڑے کی محبت نے سوشل میڈیا صارفین کی آنکھیں نم کردیں۔

    سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ایک گھوڑا دیوانہ وار ایمبولینس کے پیچھے دوڑ رہا ہے، جب اس کی حقیقت صارفین کو پتہ چلی تو وہ دنگ رہ گئے۔

    یہ ویڈیو بھارت کے ضلع ادے پور کی ہے جہاں ایک بیمار گھوڑی کو جب ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تو گھوڑا بھی اس کے پیچھے 8 کلومیٹر تک دوڑتا چلا گیا۔

    گھوڑا بیمار گھوڑی کا بھائی ہے، جب اس نے دیکھا کہ اس کی بہن کو ایمبولینس کے ذریعے کہیں منتقل کیا جارہا ہے تو وہ بھی اس کے پیچھے بھاگتا چلا گیا۔

    ایمبولینس کا ڈرائیور بھی گھوڑے کی بیمار گھوڑی کے لیے والہانہ محبت دیکھ کر حیران رہ گیا اور راستے میں ایمبولینس کی رفتار آہستہ رکھی تاکہ وہ بھی ایمبولینس کے پیچھے اسپتال تک پہنچ جائے۔

    سوشل میڈیا صارفین گھوڑے کی محبت دیکھ کر دنگ رہ گئے اور مختلف جذباتی تبصرے کیے۔

  • کراچی میں ایمبولینس کے ذریعے منشیات کی اسمگلنگ کا انکشاف

    کراچی میں ایمبولینس کے ذریعے منشیات کی اسمگلنگ کا انکشاف

    کراچی: شہر قائد میں ایمبولینس کے ذریعے منشیات کی اسمگلنگ کا انکشاف سامنے آیا ، پولیس نے ایمبولینس کے خفیہ خانے میں چھپائی گئی منشیات کی اسمگلنگ ناکام بنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں موچکو پولیس نے حب ریور روڈ لکی چورنگی کے قریب کارروائی کے دوران بلوچستان سے کراچی منشیات کی اسمگلنگ ناکام بنا کر لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کرلی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ خفیہ اطلاع پر ایک ایمبولینس کو روکا ، جو بلوچستان اوتھل سے کراچی اسمگل کی جارہی تھی، تلاشی کے دوران 20 پیکٹوں میں چھپائی گئی منشیات برآمد ہوئی ، منشیات ایمبولینس کے خفیہ خانے میں چھپائی گئی تھی۔

    پولیس نے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر کے ڈرائیور گرفتار کرکے موچکو پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔

    یاد رہے ایکسائز پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن کے ایک خالی پلاٹ سے بھاری مقدار میں ہیروئن، چرس، آئس برآمد کی تھی۔

  • بھارت: گایوں کے لیے انوکھی ایمبولینس سروس

    بھارت: گایوں کے لیے انوکھی ایمبولینس سروس

    لکھنؤ: بھارتی ریاست اتر پردیش کی حکومت نے شدید بیمار گایوں کے لیے ایمبولینس سروس شروع کرنے کی تیاری کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں گایوں کے لیے ایمبولینس سروس شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، یہ اپنی نوعیت کی ملک کی پہلی ایمبولنس سروس ہوگی، جسے ابھینو ایمبولنس کا نام دیا گیا ہے۔

    ریاستی ڈیری ڈیولپمنٹ کے وزیر لکشمی نارائن چودھری نے اتوار کو کہا کہ اتر پردیش حکومت شدید بیمار گایوں کے لیے 24 گھنٹے ایمبولینس سروس شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے، اور اس منفرد اقدام کے لیے 515 ایمبولینسیں تیار ہیں۔

    وزیر نے متھرا میں میڈیا کو بتایا کہ 112 ایمرجنسی سروس نمبر کی طرح، یہ نئی سروس سنگین طور پر بیمار گایوں کے فوری علاج کی راہ ہموار کرے گی۔

    انھوں نے بتایا کہ درخواست موصول ہونے پر 15 سے 20 منٹ کے اندر ایک ویٹرنری ڈاکٹر اور دو معاونین کے ساتھ ایک ایمبولینس مطلوبہ مقام پر پہنچ جائے گی۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ اس اسکیم کے تحت شکایات وصول کرنے کے لیے لکھنؤ میں ایک کال سینٹر قائم کیا جائے گا، جس کا آغاز دسمبر میں ہوگا۔

    واضح رہے کہ چند دن قبل بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں دودھ نہ دینے پر ایک مالک نے اپنی بھینس کے خلاف تھانے میں جا کر مقدمہ درج کروا کر لوگوں کو حیران کر دیا ہے۔

    مدھیہ پردیش کے ضلع بھینڈ میں 45 سالہ شخص نے پولیس کو بتایا کہ وہ بھینس کے دودھ نہ دینے کی وجہ سے گزشتہ کچھ روز سے بہت پریشان ہے اور اب گاؤں والوں سے مشاورت کے بعد اس مسئلے کے حل کے لیے تھانے آیا ہے۔

    شہری بھینس کو بھی تھانے لے گیا تھا، اس نے پولیس کو بتایا کہ میں جب بھی بھینس کا دودھ نکالنے کی کوشش کرتا ہوں تو یہ مارتی ہے، جس سے مجھے شک ہے کہ کسی نے میری بھینس پر جادو کروایا ہے۔

  • جدہ: مریض ایمبولینس لے کر فرار

    جدہ: مریض ایمبولینس لے کر فرار

    ریاض: سعودی عرب کے شہر جدہ میں ایک مریض ایمبولینس لے کر فرار ہوگیا، ایمبولینس چوری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں جدہ کے کنگ عبد العزیز اسپتال کا ایک مریض سعودی ہلال احمر کی ایمبولینس چوری کر کے فرار ہوگیا۔

    سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے چوری کی واردات ریکارڈ ہوگئی، موقع پر موجود لوگوں نے اسے روکنے کی کوشش کی تھی تاہم مریض ایمبولینس لے جانے میں کامیاب ہوگیا۔

    اسپتال کے ایک گارڈ نے بھی ایمبولینس کو لے جانے سے روکنے کی کوشش کی تھی، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گارڈ گاڑی کے نیچے آنے سے بال بال بچ گیا۔

    سعودی ہلال احمر کے ترجمان عبد اللہ ابو زید نے بتایا کہ ہلال احمر کی ایمبولینس کی چوری کا واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ہلال احمر کی میڈیکل ٹیم نے ایک مریض کو اسپتال منتقل کیا۔

    اسی دوران واردات کرنے والا مریض ایمبولینس پر سوار ہوا اور سکیورٹی گارڈز کی مزاحمت کے باوجود ایمبولینس لے کر فرار ہوگیا۔

    ابو زید نے بتایا کہ مریض نے گیٹ سے نکلنے کے بعد گاڑی اسپتال سے متصل ایک اسٹیشن پر چھوڑ دی تھی، اسٹیشن کی انتظامیہ نے اس کی اطلاع پولیس کو دی جس کے بعد ایمبولینس کو واپس لے جایا گیا۔