Tag: ایمرجنسی

  • صدر ٹرمپ نے واشنگٹن ڈی سی میں ایمرجنسی نافذ کر دی

    صدر ٹرمپ نے واشنگٹن ڈی سی میں ایمرجنسی نافذ کر دی

    امریکا (11 اگست 2025): صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں پبلک سیفٹی ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں پبلک سیفٹی ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے اٹارنی جنرل پام بونڈی کو ڈی سی پولیس کا کنٹرول سونپ دیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے اس ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ امریکی دارالحکومت میں نیشنل گارڈ کے 800 دستے تعینات کر رہے ہیں اور واشنگٹن کے محکمہ پولیس کو وفاقی کنٹرول میں دے رہے ہیں تاکہ لاقانونیت کا مقابلہ کیا جا سکے۔

    صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہمارے دارالحکومت کو پر تشدد گروہوں اور خونخوار مجرموں نے چھین لیا ہے۔ اس لیے میں واشنگٹن ڈی سی میں امن و امان اور عوامی تحفظ کی بحالی میں مدد کے لیے نیشنل گارڈ کو تعینات کر رہا ہوں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ امریکی فوج بھی بھیجیں گے جب کہ امریکی وزیر دفاع ہیگستھ نے کہا کہ وہ واشنگٹن کے باہر سے نیشنل گارڈ کے اضافی دستے بلانے کے لیے تیار ہیں۔

    ٹرمپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ واشنگٹن جو پہلے بہت خوبصورت شہر ہوا کرتا تھا، اب افسوس ایک گندا شہر بن گیا ہے۔ انہوں نے شہر میں گڑھوں اور دیواروں پر گرافٹی کو شرمناک قرار دیا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر نے واشنگٹن ڈی سی سے بے گھر افراد کو منتقل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ واشنگٹن ڈی سی آج آزاد ہوگا۔ جرائم، بربریت اور بدکردار عناصر کا مکمل خاتمہ کر کے واشنگٹن کو دوبارہ عظیم بنایا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ آج ڈی سی کی آزادی کا دن ہے، ہم اپنا کیپیٹل واپس لیں گے۔ جرائم کے خاتمے کا آغاز دارالحکومت سے ہوگا اور پھر ملک بھر میں کریک ڈاؤن ہوگا۔

    دوسری جانب صدر ٹرمپ کی جانب سے واشنگٹن ڈی سی میں پبلک سیفٹی ایمرجنسی کے نفاذ اور بے گھر افراد کو بے دخل کرنے کے فیصلے کے خلاف شہری وائٹ ہاؤس کے سامنے جمع ہو گئے۔

    https://urdu.arynews.tv/donald-trump-vows-to-evict-homeless-from-washington-dc/

  • امریکا میں پھر آگ لگ گئی، ایمرجنسی نافذ، عوام کو انخلا کا حکم

    امریکا میں پھر آگ لگ گئی، ایمرجنسی نافذ، عوام کو انخلا کا حکم

    امریکا میں ایک بار پھر آگ بھڑک اٹھی ہے جس کے باعث ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور لاکھوں افراد نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق لاس اینجلس میں حالیہ آتشزدگی سے بڑی تباہی کے بعد امریکا کو ایک اور تباہی کا سامنا ہے اور اس بار تباہی کے شعلے ریاست کیرولائنا میں بھڑکے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق شمالی کیرو لائنا کی کاؤنٹی میں جنگل کی آگ تیزی سے بھڑک اٹھی ہے اور اس نے سینکڑوں ایکڑ رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

    اس بڑھتی آگ نے مقامی افراد کو انخلا پر مجبور کر دیا ہے جبکہ جنوبی کیرولائنا کے گورنر نے اس ریاست میں بڑھتی ہوئی جنگل کی آگ کے جواب میں ایمرجنسی کا اعلان کر دیا ہے۔

    نیو جرسی فاریسٹ فائر سروس سینکڑوں میل شمال میں وارٹن اسٹیٹ فاریسٹ میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے۔

    اس سے قبل گزشتہ سال ستمبر میں شمالی کیرولائنا کا مغربی علاقہ سمندری طوفان ہیلین کی زد میں آیا تھا۔ اس طوفان نے 5,000 میل (8,046 کلومیٹر) ریاست کے زیر انتظام سڑکوں کو نقصان پہنچایا یا متاثر کیا اور شمالی کیرولینا میں 7,000 نجی سڑکوں، پلوں کو نقصان پہنچایا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/united-states-fire-40000-acres-land-displacing-100000-people/

  • بکواس فلمیں دیکھتے ہو اچھی بھی دیکھ لو، کنگنا رناوت کی ویڈیو وائرل

    بکواس فلمیں دیکھتے ہو اچھی بھی دیکھ لو، کنگنا رناوت کی ویڈیو وائرل

    بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے پاپا رازی (فوٹو گرافرز) کو اپنی فلم دیکھنے کا مشورہ دے دیا۔

    فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ کنگنا رناوت کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ پاپا رازی کو فلم دیکھنے کا مشورہ دیتی دکھائی دے رہی ہیں۔

    وائرل ویڈیو میں پاپا رازی اداکارہ سے پوچھتے ہیں کہ ’آپ کو فلم کیسی لگی۔؟‘ کنگنا پوچھتی ہیں کہ ’مجھے تو بہت اچھی لگی، آپ لوگوں نے دیکھ لی؟‘

    پاپا رازی کہتے ہیں کہ نہیں دیکھی ہے جس پر کنگنا کہتی ہیں کہ ایسی بکواس فلمیں دیکھتے ہو تبدیلی کے لیے اچھی فلم بھی دیکھ لو۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل کنگنا رناوت کی فلم ’ایمرجنسی‘ کو آخرکار سنیما گھروں میں ریلیز کرنے کی اجازت مل گئی اب فلم 17 جنوری 2025 کو بڑے پردے کی زینت بنے گی۔

     اداکارہ کی اس فلم کو 14 جون 2024 کو سینیما میں ریلیز ہونا تھا، لیکن فلم کی ریلیز مختلف جاری تنازعات کی وجہ سے ملتوی کر دی گئی تھی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ایمرجنسی بھارتی جمہوریت کی تاریخ کے سب سے متنازعہ واقعات میں سے ایک ہندوستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم، مسز اندرا گاندھی کے سیاسی کیریئر کے گرد گھومتی ہے جن کی پالیسیوں نے انڈیا کی تاریخ کو تبدیل کیا تھا۔

    فلم ایمرجنسی میں کنگنا ناصرف مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں بلکہ انہوں نے اس فلم کی ہدایت کار، مصنف اور پروڈیوسر کی ذمہ داریاں بھی نبھائی ہیں۔

    اس فلم میں انوپم کھیر، ملند سومن، ماہیما چوہدری، اور شریاس تلپڑے سمیت دیگر کاسٹ بھی شامل ہیں، فلم میں  شریاس تلپڑے نے اٹل بہاری واجپائی کا کردار ادا کیا ہے، جب کہ انوپم کھیر نے جے پرکاش نارائن کا کردار ادا کیا ہے۔

  • کنگنا رناوت کی متنازع فلم ’ایمرجنسی‘ کی ریلیز ایک بار پھر ملتوی

    کنگنا رناوت کی متنازع فلم ’ایمرجنسی‘ کی ریلیز ایک بار پھر ملتوی

    ممبئی: معروف بالی وڈ اداکارہ و سیاستدان کنگنا رناوت کی متنازع فلم ’ایمرجنسی‘ کی ریلیز کو ایک بار پھر ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق کنگنا رناوت کی فلم ’ایمرجنسی‘ گزشتہ ایک ہفتے سے مختلف تنازعات کی وجہ سے خبروں میں ہے۔ تاہم اب فلمسازوں نے ایک بار پھر اس کی ریلیز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    فلم 6 ستمبر 2024 کو سینما گھروں میں نمائش کیلیے پیش کی جانی تھی لیکن اب اس کی نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ اس کی ریلیز کو پہلے بھی متعدد بار ملتوی کیا جا چکا ہے۔

    گزشتہ روز پنجاب اور ہریانہ ہائیکورٹ میں گروندر سنگھ اور جگموہن سنگھ کی طرف سے فلم کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت ہوئی۔

    سماعت کے دوران درخواستوں گزاروں نے استدعا کی کہ سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیٹ (سی بی ایف سی) کی طرف سے ’ایمرجنسی‘ کو دیا گیا سنسر سرٹیفکیٹ منسوخ کیا جائے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ فلم کو سینما گھروں میں ریلیز کرنے سے قبل ممتاز سکھ شخصیات کو اس کا جائزہ لینے کی اجازت دی جائے۔

    واضح رہے کہ سی بی ایف سی نے شکایت موصول ہونے پر فلم کے متعدد متنازع حصوں کو حذف کیا ہے لیکن اس کی سرٹیفیکیشن اب بھی زیرِ غور ہے۔

    ایڈیشنل سالیسٹر جنرل آف انڈیا ستیہ پال جین نے عدالت کو بتایا کہ فلم کو قواعد و ضوابط کے مطابق سرٹیفیکیٹ دیا جائے گا، اگر کسی کو کوئی شکایت ہے تو وہ بورڈ کو ارسال کرے۔

  • ہیٹی: ہزاروں قیدیوں کے جیل سے فرار کے بعد ایمرجنسی نافذ کردی گئی

    ہیٹی: ہزاروں قیدیوں کے جیل سے فرار کے بعد ایمرجنسی نافذ کردی گئی

    ہیٹی میں گزشتہ روز جیل توڑ کر لگ بھگ 4 ہزار قیدی فرار ہوگئے تھے، جس کے بعد دارالحکومت میں رات کے کرفیو کے ساتھ ہی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیر اعظم کو ہٹانے کی کوشش کے تحت مسلح گروہوں نے اپنی پرتشدد کارروائیوں میں اضافہ کردیا ہے، جس کے بعد حالات مزید کشیدہ ہوگئے ہیں۔

    گینگ لیڈروں کے مطابق وہ وزیر اعظم ایریل ہنری کو طاقت کے ذریعے استعفیٰ دینے پر مجبور کریں گے، جو فی الوقت ملک میں موجود نہیں ہیں۔ موجودہ حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے حکام نے آئندہ چند روز کے لیے ایمرجنسی نافذ کردی ہے، جبکہ رات کے دوران کرفیو بھی نافذ رہے گا۔

    واضح رہے کہ ملک میں جاری تشدد کے سلسلے میں اواخر ہفتہ میں سب سے بڑی جیل پر حملہ کیا گیا، جس میں کم از کم وہ تین قیدی بھی ہلاک ہو گئے، جو بظاہر فرار ہونے کی کوششوں میں مصروف تھے۔

    اطلاعات کے مطابق اتوار کے روز بھی جیل کے دروازے کھلے تھے، جہاں کوئی سکیورٹی اہلکار موجود نہیں تھا، جبکہ قیدیوں کے بہت سے اہل خانہ اپنے پیاروں سے ملنے کے لیے بھی وہاں پہنچے۔

    اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ ہیٹی کی نیشنل پولیس کے پاس ملک کے 11 ملین سے زیادہ باشندوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے تقریباً صرف 9,000 افسران موجود ہیں۔

    غیر اخلاقی تصاویر وائرل، خاتون افسر کا امریکی پولیس پر مقدمہ

    کینیا کی پولیسنگ مشن آپریشن کی قیادت کرنے کے لیے تیار ہوا تھا۔ تاہم ہیٹی میں اقوام متحدہ اور مغربی قیادت کی تعیناتیوں کو شک کی نگاہ سے دیکھا جانے لگا۔

  • طوفان کا خطرہ: ایمرجنسی کی صورت میں مددگار 15 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے

    طوفان کا خطرہ: ایمرجنسی کی صورت میں مددگار 15 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے

    سمندری طوفان بیپر جوائے کے تناظر میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کئی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی اور ایڈیشنل آئی جی کراچی کے سیکیورٹی ڈویژن کو احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔

    حکام کا بتایا ہے کہ سیکیورٹی ڈویژن نے اربن فلڈنگ ریسکیویونٹ ایس ایس یو ہیڈکوارٹرز میں الرٹ جاری کردیا، خصوصی یونٹ تربیت یافتہ ایس ایس یو کمانڈوز پر مشتمل ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ یہ خصوصی یونٹ شہر میں ممکنہ بارشوں اور ہنگامی حالات کے پیش نظربنایا گیا ہے، اربن فلڈنگ ریسکیو یونٹ 24 گھنٹے ایمرجنسی کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

    حکام نے بتایا کہا یونٹ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، یہ یونٹ چھوٹی کشتیوں اور جدید سازو سامان سے مکمل طور پر لیس  ہے۔

    آئی جی اور ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا ہے کہ شہری ایمرجنسی کی صورت میں مددگار 15 پر فوری رابطہ کر سکتے ہیں۔

  • موسلا دھار بارشیں اور سیلاب: ضلع سوات میں ایمرجنسی نافذ

    موسلا دھار بارشیں اور سیلاب: ضلع سوات میں ایمرجنسی نافذ

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان کی ہدایت پر سیلاب کے پیش نظر ضلع سوات میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ متاثرین کی مدد اور بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق شدید بارشیں اور سیلاب کے بعد صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع سوات میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، ایمرجنسی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان کی خصوصی ہدایت پر نافذ کی گئی۔

    صوبائی محکمہ ریلیف نے ایمرجنسی کے نفاذ کا باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا، اعلامیے کے مطابق سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے 30 اگست تک ایمرجنسی نافذ العمل رہے گی۔

    وزیر اعلیٰ محمود خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیاں تیز کی جائیں، کھانے پینے سمیت تمام اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ متعلقہ ضلعی انتظامیہ ہر متاثرہ شخص تک رسائی یقینی بنائے، متاثرہ خاندانوں کے نقصانات کا ازالہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی، متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے ضلعی انتظامیہ کو احکامات دیے گئے۔

    وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت متاثرین کے ساتھ ہے، سیلاب متاثرین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، متاثرین کی مدد اور بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

  • سری لنکا: عبوری صدر نے آتے ہی ایمرجنسی نافذ کر دی

    سری لنکا: عبوری صدر نے آتے ہی ایمرجنسی نافذ کر دی

    کولمبو: سری لنکا کے عبوری صدر نے بھی آتے ہی ایمرجنسی کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا میں ایمرجنسی کا نفاذ کر دیا گیا، قائم مقام صدر رانیل وکرمے سنگھے نے ملک میں جاری معاشی بد حالی کے درمیان عوام کے غصے سے بچنے اور امن و امان کی صورت حال کو قابو رکھنے کے پیشِ نظر ملک میں ایک بار پھر سے ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔

    سری لنکا گزشتہ کئی مہینوں سے شدید اقتصادی اور سیاسی بحران سے نبرد آزما رہا ہے، ملک خوراک، ایندھن اور ادویات سمیت دیگر ضروری اشیا کی شدید قلت جیسے مسائل سے دو چار ہے، ان وجوہ کے سبب ملک میں اب بھی شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔

    مشکلات کی وجہ سے عوام میں سیاسی قیادت کے خلاف اس قدر غم و غصہ اور ناراضی ہے کہ اس کے نتیجے میں صدر گوٹابایا راجا پاکسے کو ملک سے فرار ہونے پر مجبور ہونا پڑا۔

    سری لنکا میں معاشی بحران؛ ہوٹل کا مالک پاپڑ فروخت کرنے پر مجبور

    گزشتہ ہفتے ملک سے فرار ہونے کے بعد انھوں نے پارلیمنٹ کو اپنا استعفیٰ بھیجا، جسے گزشتہ جمعے کے روز تسلیم کر لیا گیا، ان کے استعفے کے بعد وزیر اعظم کے طور پر خدمات انجام دینے والے وکرمے سنگھے نے عبوری صدر کے طور پر حلف اٹھایا ہے۔

    سری لنکن عوام اب نئے صدر رانیل کو بھی گھر بھیجنے کے لیے احتجاج کر رہے ہیں۔

  • کراچی: بارش میں ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت

    کراچی: بارش میں ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت

    کراچی: کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے بارش میں ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی اور اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں کاموں کی نگرانی کریں۔

    انہوں نے کہا کہ ڈپٹی اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ بلدیاتی اداروں ، ٹریفک پولیس،کے الیکٹرک سے رابطہ رکھیں،کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔

    افتخار شلوانی کا کہنا تھا کہ بارش کا پانی تیزی سے نکالا جائے ،نشیبی علاقوں میں شہریوں کی مدد پر توجہ دی جائے۔

    دوسری جانب میئر کراچی وسیم اختر نے بارش کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ برساتی پانی کی نکاسی فوری نکاسی کو یقینی بنایا جائے۔

    وسیم اختر کا کہنا تھا کہ کے ایم سی کے زیر انتظام انڈر پاسز پر نظر رکھی جائے، سٹی وارڈنز کو مختلف مقامات پر تعینات کر دیا گیا۔ میئر کراچی نے کہا کہ شہری بجلی کے کھمبو ں اور تنصیبات سے دور رہیں۔

    کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، موسم خوشگوار

    واضح رہے کہ کراچی میں مون سون کے تیسرے اسپیل کا آغاز گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کے ذریعے ہوگیا جس کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔

  • عمان: معاشی مشکلات کا شکار کاروباری افراد کے لیے اہم اقدام

    عمان: معاشی مشکلات کا شکار کاروباری افراد کے لیے اہم اقدام

    مسقط: کرونا وائرس کی وجہ عالمی معاشی بحران کو مدنظر رکھتے ہوئے عمان میں ایمرجنسی بلا سود قرضوں کی فراہمی کی منظوری دے دی گئی، قرضے دینے کے لیے چھوٹے پیمانے پر کاروبار کرنے والے افراد کو ترجیح دی جائے گی۔

    عمان نیوز ایجنسی کے مطابق عمان کے سلطان ہیثم بن طارق نے شاہی فرمان کے ذریعے ایمرجنسی بلا سود قرضوں کی توثیق کردی، یہ قرضے ان افراد کے لیے ہیں جو کرونا وائرس کی وجہ سے معاشی طور پر مشکلات کا شکار ہیں۔

    ایمرجنسی قرضوں کی فراہمی کا فیصلہ عمان کی سپریم کمیٹی کی طے کردہ ریگولیشنز کے بعد کیا گیا ہے۔

    قرضے کاروباری خواتین و مرد حضرات کو فراہم کیے جائیں گے، خصوصی ترجیح ان افراد کو دی جائے گی جو ریادہ کارڈ ہولڈر ہوں گے، جو اپنے کاروبار کے مالک ہوں گے، یا پھر عمان ڈویلپمنٹ بینک لون کے بینفشری ہوں گے۔

    گورنمنٹ کمیونیکیشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ آن لائن بیان میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے معاشی مشکلات کو دیکھتے ہوئے سپریم آرڈر جاری کیے گئے ہیں جس کے تحت کرونا وائرس سے معاشی طور پر متاثر افراد کو بلا سود قرضے دیے جائیں گے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ قرضوں کی فراہمی کے لیے چھوٹے اور درمیانے پیمانے پر کاروبار کرنے والے افراد کو ترجیح دی جائے گی۔

    عمان کے سلطان کی جانب سے منظوری دیے جانے کے بعد جلد ایمرجنسی بلا سود قرضوں کی فراہمی شروع ہوجائے گی۔