راشد منہاس روڈ پر شاپنگ مال میں آتشزدگی کی تحقیقاتی رپورٹ جاری کردی گئی، آر جے مال میں پبلک سیفٹی سسٹم، ایمرجنسی ایگزٹ موجود نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصلات کے مطابق فائر بریگیڈ حکام نے سانحے کی ابتدائی رپورٹ جاری کردی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آر جے مال میں پبلک سیفٹی سسٹم دستیاب نہیں تھا۔ فائر سیفٹی فائٹنگ کا سامان اور ایمرجنسی ایگزٹس بھی موجود نہیں تھے۔
رپورٹ کے مطابق فائر بریگیڈ ڈیپارٹمنٹ کو آگ لگنے کی اطلاع بروقت نہیں دی گئی۔ جب فائر بریگیڈ پہنچی تو 3 اور 4 منزلیں بری طرح جل رہی تھیں۔ فائربریگیڈ جائے وقوع پر پہنچیں تو شدید دھویں نے پورے مال کو لپیٹ میں لیا ہوا تھا۔
فائر بریگیڈ عملے کو آگ بجھانے میں کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ فائر بریگیڈ ڈیپارٹمنٹ، کے ایم سی ، ریسکیو 1122 اور پاک نیوی کے فائر ٹینڈر نے بھی آپریشن میں حصہ لیا۔
جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سمیر نامی شہری نے 6 بجکر 29 منٹ پر آگ لگنے کی اطلاع دی۔ آگ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ عملے نے آپریشن شروع کیا۔ فوری آپریشن کر کے زیریں منزل کی تمام 20 دکانوں کو محفوظ کیا گیا۔
دوسری منزل پر تمام 65 دکانیں اور دفاتر کو محفوظ کیا گیا۔ گراؤنڈ اور پہلی منزل پر 210 دکانوں والے حصے کو بھی محفوظ بنایا گیا۔ اسی منزل پرموجود فوڈ کورٹ مکمل طور پر جل گیا۔ 65 دفاتر پرمشتمل تیسرے فلور کے بڑے حصے کو بھی محفوظ کیا گیا،
فائربریگیڈ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چوتھی منزل پر65 دفاتر میں سے بڑا حصہ جل گیا۔ عمارت کی پانچویں اور چھٹی منزل کو مکمل طور پر محفوظ کیا گیا۔ آگ لگنے سے تمام منزلوں پر شدید دھواں بھر گیا تھا۔
دفاترمیں پھنسے45 ملازمین کو فائر فائٹنگ ٹیم نے دروازے توڑ کر نکالا۔ بے ہوش اور بری حالت میں موجود ملازمین کو ایمرجنسی میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ طبی امداد کے دوران 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔
فائربریگیڈ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پھنسے ہوئے افراد کی موت دھویں اور دم گھٹنے کے باعث ہوئی۔ اس وقت مالی نقصانات کا صحیح اندازہ نہیں لگایا جاسکتا۔ فائر بریگیڈ ڈیپارٹمنٹ کی بروقت کارروائی سے متعدد دکانوں کا سامان بچ گیا۔