Tag: ایمرجنسی نافذ

  • نیو یارک، موسلا دھار بارشوں سے سیلاب کا خطرہ، ایمرجنسی نافذ

    نیو یارک، موسلا دھار بارشوں سے سیلاب کا خطرہ، ایمرجنسی نافذ

    نیو یارک سٹی کے اطراف میں موسلا دھار بارشوں کے باعث سیلاب کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے، جس کے سبب ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق نیو یارک، نیو جرسی اور کنیٹیکٹ سے گزرنے والا طوفان سُست رفتاری سے آگے کی جانب بڑھ رہا ہے اور وہاں بارشیں ابھی مزید کچھ گھنٹے جاری رہیں گی۔

    رپورٹس کے مطابق شدید بارشوں اور اچانک سیلاب کے خطرے کے باعث نیو جرسی کے گورنر فِل مرفی نے ہنگامی صورتِ حال ایمرجنسی نافذ کر دی ہے اور لوگوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا کہا ہے۔

    مغربی میڈیا کا کہنا ہے کہ میساچیوسٹس سے لے کر ورجینیا تک سیلاب کی وارننگ جاری کی گئی ہے جبکہ پانی کے چڑھاؤ میں 2 سے 3 انچ فی گھنٹہ اضافہ ہو رہا ہے۔

    امریکا کے ایسٹ کوسٹ میں ہوا میں نمی کا تناسب بہت زیادہ ہے اور ہوا بھی کم چل رہی ہے جس کی وجہ سے طوفان ایک ہی جگہ پر معمول سے زیادہ دیر تک اٹکا ہوا ہے۔

    ٹرمپ کا سیلابی مقامات کا دورہ:

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے میلانیا ٹرمپ کے ساتھ ریاست ٹیکساس میں سیلابی مقامات کا دورہ کیا، اور مقامی حکام کی تعریف کی، تاہم امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ مقامی حکام شہریوں کو سیلاب کے سلسلے میں بر وقت خبردار کرنے میں ناکام رہے تھے۔

    امریکی صدر ٹرمپ نے جمعہ، 11 جولائی کو ٹیکساس میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، اور وہاں ریسکیو اہلکاروں سے ملاقات کی، انھوں نے کہا یہ امریکی تاریخ کا بد ترین سیلاب تھا جس میں انتظامیہ نے بہترین کام کیا، میں ان کی کارکردگی کو سراہتا ہوں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سیلاب خوف ناک تھا، اس طرح کا واقعہ پہلے کبھی نہیں ہوا، پہلے کبھی ٹیکساس میں ایسی تباہی نہیں ہوئی، انتظامیہ نے فرائض کو بہترین انداز میں انجام دیا ہے، کوسٹ گارڈز نے 169 بچوں کی جان بچائی، ابھی بھی بہت سے بچے لا پتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے، سیلاب میں جانی نقصان پر افسوس ہے۔

    سعودی عرب: سورج آج خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوگا

    امریکی میڈیا کے مطابق صدر نے دورے کے موقع پر ریاستی اور مقامی حکام کی بھرپور تعریف کی، اس کے باوجود کہ مقامی حکام شہریوں کو اس حوالے سے بر وقت خبردار کرنے میں ناکام رہے تھے کہ پانی کی ایک مہلک دیوار ان کی طرف چلی آ رہی ہے، جس کی وجہ سے مقامی حکام پر تنقید بڑھتی جا رہی ہے۔

  • ایران کا جوابی حملہ، اسرائیل میں ایمرجنسی نافذ

    ایران کا جوابی حملہ، اسرائیل میں ایمرجنسی نافذ

    ایران کے اسرائیل پر جوابی حملے کے بعد اسرائیل میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، شہریوں کو محفوظ علاقوں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم سمیت دیگر اہم رہنما محفوظ مقامات پر منتقل ہوچکے ہیں۔ اسرائیل میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

    اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ اسرائیلی شہریوں کو طویل عرصے تک پناہ گاہوں میں رہنا پڑ سکتا ہے، شہری فوج کی ہدایات پر عمل کریں۔

    واضح رہے کہ ایران نے جوابی وار کرتے ہوئے اسرائیل پر 100 ڈرونز سے حملہ کردیا ہے، اسرائیلی فوج کی جانب سے ایرانی حملے کی تصدیق کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیلی حملے کے جواب میں ایران کی جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل پر 100 ڈرونز سے حملہ کردیا۔

    اسرائیلی فوج کی جانب سے ایرانی ڈرون حملے کی تصدیق کردی گئی اور کہا ہے کہ تقریباً 100 اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

    یاد رہے آج صبح اسرائیل نے ایران پرفضائی حملہ کیا تھا، تہران میں پاسداران انقلاب کے صدر دفتر کواسرائیل نے نشانہ بنایا تھا۔

    ایران کے سرکاری میڈیا نے اسرائیلی حملے میں پاسداران انقلاب کے کمانڈر حسین سلامی ایران کی جوہری ایجنسی کے سابق ڈائریکٹر فریدون عباسی اورآزاد یونیورسٹی کے سربراہ محمد مہدی تہرانچی کی شہادت کی تصدیق کردی۔

    ایرانی قیادت کا اعلیٰ ترین سیکیورٹی اجلاس جاری ہے اور ملک بھر میں ہنگامی حالت کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملوں سے متعدد رہائشی علاقے متاثر ہوئے ہیں اور ایران کی فضائی حدود پروازوں کیلئے بند کردی گئیں۔

    اسرائیل اور امریکا کو بھاری قیمت چکانی پڑے گی، بریگیڈئیر جنرل ابوالفضل

    روسی میڈیا کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فضائی حملے میں تہران میں واقع کئی منزلہ عمارت منہدم ہوگئی۔

    واضح رہے اسرائیل نے گزشتہ روزایران پر حملے کی دھمکی دیتے ہوئے امریکی اور یورپی حکام کو بھی آگاہ کر دیا تھا۔

  • راولپنڈی میں ایمرجنسی نافذ، پانی کے غیر ضروری استعمال پر مقدمات درج ہوں‌ گے

    راولپنڈی میں ایمرجنسی نافذ، پانی کے غیر ضروری استعمال پر مقدمات درج ہوں‌ گے

    راولپنڈی میں خشک سالی کے باعث پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے واٹر اینڈ سینیٹیشن ادارے (واسا) نے شہر میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی دارالحکومت سے متصل شہر راولپنڈی میں خشک سالی کے باعث پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔ اس کے باعث واسا نے شہر میں ایمرجنسی کا نفاذ کرتے ہوئے پانی کے غیر ضروری استعمال پر مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے دو شہریوں کے چالان کر دیے ہیں۔

    ایم ڈی واسا محمد سلیم اشرف کا کہنا ہے کہ خشک سالی کے باعث دستیاب پانی کی تقسیم مشکل ہو گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے بھی قلیل بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ فروری اور مارچ میں بارشیں نہ ہوئیں، تو پانی کا مسئلہ مزید سنگین ہوگا۔

    ایم ڈی واسا نے کہا کہ آبادی میں مسلسل اضافے اور کمرشل سرگرمیوں سے پانی کے ذخائر میں کمی ہو رہی ہے۔ خشک سالی کے باعث ڈیموں اور زیر زمین پانی شدید متاثر ہوا ہے جب کہ پانی کی طلب اور سپلائی بھی شدید متاثر ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی کی طلب 68 ملین گیلن پانی یومیہ ہے جب کہ دستیاب پانی صرف 51 ملین گیلن یومیہ ہے۔ زیر زمین پانی کا لیول بھی 700 فٹ نیچے چلا گیا ہے۔ اس وقت پانی کی ضرورت راول ڈیم، خان پور ڈیم اور ٹیوب ویلز سے پوری کی جا رہی ہے۔

    محمد سلیم نے یہ بھی انکشاف کیا کہ راول ڈیم سے پانی کے اخراج کے باعث لیول تیزی سے گر رہا ہے اور پانی کی سطح کم ہو کر 1669 فٹ تک آ گئی ہے اور یہاں صرف 45 دن کیلیے پانی کا ذخیرہ موجود ہے۔

    ایم ڈی واسا نے کہا کہ خشک سالی کے باعث پانی کے کم استعمال کیلیے آگہی مہم بھی شروع کی ہے۔ پانی کے غیر ضروری استعمال پر مقدمات کا اندراج کرینگے۔ گھروں میں گاڑیاں دھونے اور پانی بلا وجہ ضائع کرنے پر واسا نے 2 شہریوں کے چالان کیے ہیں جب کہ کمرشل مارکیٹ میں بھی دو شہریوں کا چالان کیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ خان پور ڈیم کی صفائی کے باعث 22 فروری تک پانی کی فراہمی معطل رہے گی۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ پانی کا استعمال کم کریں اور واسا کے ساتھ تعاون کریں۔

  • پی آئی اے کی پرواز میں جلنے کی بو آنے پر ایمرجنسی نافذ

    پی آئی اے کی پرواز میں جلنے کی بو آنے پر ایمرجنسی نافذ

    کراچی: پی آئی اے کی دبئی سے اسلام آباد جانے والی پرواز کے طیارے میں اشیا خورونوش کی جگہ پر جلنے کی بو کی اطلاع ملی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دھوئیں کی اطلاع کے باعث طیارے کو کافی دیر تک دبئی ائر پورٹ پر روکا گیا۔ اسموک کی اطلاع ملنے پر طیارے کے اطراف ایمرجنسی ڈیکلئیر کی گئی۔

    ایمرجنسی کے باعث فائر بریگیڈ اور ایمبولینسز سمیت متعلقہ انتظامات کیے گئے، عملے کی جانب سے کافی دیر جانچ پڑتال کے بعد جہاز کو کلئیر کیا گیا۔

    مذکورہ پرواز کافی تاخیر کے بعد اسلام آباد کے لیے روانہ ہوئی، ایئر لائن ترجمان نے پرواز میں اسموک کی طلاع اور پرواز کی تاخیر سے روانگی کی تصدیق کی ہے۔

  • ایکواڈور میں بدنام گینگ لیڈر جیل سے فرار، ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ

    ایکواڈور میں بدنام گینگ لیڈر جیل سے فرار، ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ

    جنوبی امریکی ملک ایکواڈور میں بدنام گینگ لیڈر کے جیل سے فرار ہونے کے بعد ملک بھر میں 60 روز کے لیے ایمرجنسی لگادی گئی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی امریکی ممالک ایکواڈور میں بدنام زمانہ منشیات فروخت کرنے والا گینگ کا سرغنہ ڈولف ماتھیاس ولامار عرف ’فیتو‘ کے ہائی سیکیورٹی جیل سے فرار ہوگیا جس کے بعد ملک میں افراتفری مچ گئی۔

    خبر رساں ادارےکے مطابق ایکواڈور کے صدر ڈینیئل نوبوا نے ’فیتو‘ کی تلاش کے لیے ایکواڈور کی سڑکوں اور جیلوں میں افواج کو 60 دن کے لیے متحرک کرنے کا اعلان کیا۔

     ایکواڈور کے صدر ڈینیئل نوبوا کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں روزانہ رات 11:00 سے صبح 5:00 بجے تک کرفیو بھی نافذ ہوگا، ایمرجنسی کے تحت کسی بھی جگہ اجتماع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    ایمرجنسی کا اعلان ایکواڈور کے صدر ڈینیئل نے کیا، صدر نے کہا یہ منشیات فروش دہشت گرد گروہ ہمیں ڈرانا چاہتے ہیں، ہم ان کے مطالبات نہیں مانیں گے، تب تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ہم ایکواڈور کے تمام شہریوں کو امن واپس نا لوٹا دیں ۔

    واضح رہے کہ ایکواڈور کے بدنام زمانہ گینگسٹر منشیات فروشی سمیت جیل میں جان لیوا فسادات میں کرانے میں ملوث تھا۔

  • بھارت میں ٹرین حادثہ، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

    بھارت میں ٹرین حادثہ، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

    بھارتی ریاست بہار میں افسوسناک ٹرین حادثہ پیش آیا ہے، جس کے باعث قریبی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نارتھ ایسٹ ایکسپریس ٹرین دہلی سے مسافروں کو لے کر ریاست آسام جارہی تھی کہ حادثے کا شکار ہوگئی۔

    میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مسافر ٹرین میں سیکڑوں مسافر سوار تھے، جبکہ ٹرین بہار کے شہر بکسر میں رگھوناتھ پور ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹری سے اتر گئی۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں 4 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں سے بعض کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

    مقامی انتظامیہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ہیں جبکہ زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، ریسکیو حکام کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت نازک ہے، ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔

    ریاست آسام کے وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ حادثے کی وجہ جاننے کے لئے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہیں، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

  • ’نیویارک میں ایمرجنسی نافذ‘

    ’نیویارک میں ایمرجنسی نافذ‘

    امریکی ریاست نیویارک میں ہونے والی مسلسل موسلا دھار بارشوں کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہوگیا، سیلابی ریلوں کی وارننگ کے بعد نیویارک میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

    بین الاقوامی خبررساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی ریاست نیو یارک میں پچھلے 5 روز سے جاری بارشوں کے بعد نیویارک شہر کے کئی حصوں میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے، سڑکوں، پلوں پرسیلابی پانی جمع ہوگیا جبکہ میٹرو اسٹیشنز میں بھی سیلابی پانی داخل ہو گیا۔ جس کے باعث گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہوگئی ہے۔

    موسلا دھار بارشوں کے باعث نظام زندگی بری طرح متاثر ہوگیا ہے، مسلسل بارشوں سے پانی کھڑے ہونے کی وجہ سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔

    گورنر نے امریکی ریاست نیویارک میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے، نیویارک میں جمعے اور ہفتے کو مزید بارشوں اور سیلابی ریلوں کی وارننگ جاری کی گئی۔

    شدید بارشوں کے باعث جان ایف کینیڈی ائیرپورٹ پر ابھی سے 3 انچ پانی کھڑا ہو گیا ہے، دن کے اختتام تک شہر میں 7 انچ پانی کھڑا ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

    اطلاعات کے مطابق ٹرانسپورٹ کا نظام بھی بری طرح متاثر ہے، نیو یارک شہر کا انفرا اسٹرکچر اتنے زیادہ پانی کو ہینڈل نہیں کر پا رہا، جس کے نتیجے میں افرا تفری کی صورتحال پیدا ہورہی ہے۔

    محکمہ موسمیات کی جانب سے وارننگ جاری کی گئی ہے کہ نیو یارک میں بڑے پیمانے پر معمولات زندگی متاثر ہوسکتے ہیں۔

  • منکی پاکس: کراچی سمیت ملک کے دیگر ایئر پورٹس پر ہیلتھ ایمرجنسی نافذ

    منکی پاکس: کراچی سمیت ملک کے دیگر ایئر پورٹس پر ہیلتھ ایمرجنسی نافذ

    کراچی: ملک میں منکی پاکس کے پھلاؤ اور روک تھام کے لیے ائرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے نئی ایس او پیز جاری کردی ہیں۔

    اے آر وائی کے مطابق ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے منکی پاکس سے بچاؤ کیلئے کراچی سمیت ملک کے دیگر آپریشنل ایئر پورٹس پر ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردیں گئی ہے۔

    ایس او پیز  کے مطابق تمام اے ایس ایف کا عملہ اب سے فوری طور پر فیس ماسک پہنے گا اس کے علاوہ مسافروں کی تلاشی اور سامان چیکنگ کے دوران دستانے پہننا بھی لازمی ہے۔

    دوسری جانب ایئرپورٹ میں داخلے کیلئے عارضی پاسز کا اجرا بھی روک دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں اب تک منکی پاکس کے 2 کنفرم کیسز راولپنڈی / اسلام آباد میں سامنے آچکے ہیں اور حکومت نے اس حوالے سے الرٹ جاری کردیا ہے۔

    ادارہ قومی صحت نے وفاقی اور صوبائی حکام کو منکی پاکس کے مشتبہ کیسز سے متعلق ہائی الرٹ جاری کیا ہے اور ملک کے تمام داخلی راستوں اور ائیر پورٹس پر مسافروں کی سخت نگرانی کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

  • بلوچستان میں سیلابی صورتحال ، کوئٹہ کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

    بلوچستان میں سیلابی صورتحال ، کوئٹہ کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

    کوئٹہ :بلوچستان میں سیلابی صورتحال کے باعث کوئٹہ کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں سیلاب نے تباہی مچا دی ہے ، جس کے باعث صوبائی حکومت نے کوئٹہ شہر کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نےاسپتالوں میں ایمرجنسی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ، جس میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کو اسپتالوں میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    کوئٹہ کے نواحی علاقوں میں موسلادھاربارشوں سے متاثرہ علاقوں میں صورتحال مزید گھمبیر ہوگئی ہے۔

    مشیر داخلہ ضیا لانگو اور ڈی جی پی ڈی ایم اے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں ، ضیا لانگو نے کہا ہے کہ بارش جاری رہی تو ڈیمز سے پانی کا اخراج شروع کردیا جائے گا۔

    خیال رہے طوفانی بارشوں کے بعد بلوچستان کے ندی نالے بپھر گئے اور 18 ڈیمز ٹوٹ گئے جب کہ بلوچستان میں مون سون سیزن کی تباہی میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد بھی بڑھ کر 234 ہو گئی ہے۔

    حکومت بلوچستان نے فلڈ ریلیف اینڈری ہیبلیٹیشن فنڈ قائم کردیا ہے، فنڈ کے قیام کا مقصد بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ لوگوں کیلئےعطیات کا حصول ہے۔

    فلڈ ریلیف فنڈ کے لئے عطیات اسٹیٹ بینک اور نیشنل بینک کی تمام برانچوں میں جمع کرائےجاسکتے ہیں۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہے کہ بلوچستان کودوستوں اورہمدردوں کےتعاون توجہ کی ضرورت ہے، امید ہے مخیر حضرات بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کو آگے آئیں گے۔

  • کراچی میں طوفانی بارش کی پیش گوئی ، تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

    کراچی میں طوفانی بارش کی پیش گوئی ، تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

    کراچی : محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں بارشوں کے دوسرے ہیوی اسپیل کے پیش نظر تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی اور جناح اسپتال میں کنٹرول روم قائم کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی اور جنوبی سندھ میں بارشوں کے دوسرے ہیوی اسپیل کا الرٹ جاری کردیا گیا۔

    ہیوی اسپیل کے پیش نظر محکمہ صحت نے سندھ کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام اسپتالوں کے سربراہوں کو ڈسٹرکٹ لیول پر کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

    محکمہ صحت نے ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپتالوں میں ادویات اور ضروری آلات کی فراہمی کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے اور ایمبولینس سروسز کو فعال رکھا جائے۔

    خلیجی بنگال سے مون سون کا طاقتور سسٹم موسلا دھار بارش کا سبب بنے گا، جس سے کراچی کے علاوہ ٹھٹھہ ، بدین ، تھرپارکر اور عمرکوٹ میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

    محکمہ موسمیات کی ایڈوائس پرکراچی سمیت سندھ کے تمام سرکاری اسپتالوں میں اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

    دوسری جانب آج سے ہونے والے ممکنہ ہیوی اسپیل کی پیش گوئی کے پیش نظر صوبہ کے سب بڑے سرکاری اسپتال میں کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے۔

    جناح اسپتال تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ڈیوٹی لگادی گئی جبکہ اسپتال کے داخلی اور خارجی راستوں کو کلیر رکھنے کا پلان بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔

    انتظامیہ جناح اسپتال کے مطابق تمام عملہ شیڈول کے مطابق دیگر فرائض کے لیے دستیاب ہوگا۔

    ہیلتھ کیئر کمیشن نے بھی ہنگامی ایڈوائزری جاری کردی ہے ، جس میں کہا ہے کہ شہر کے تمام نجی اسپتال رین ایمرجنسی کے انتظامات مکمل کریں۔

    ہیلتھ کیئر کمیشن نے سندھ کے دیگر اضلاع کے اندر بھی تمام نجی اسپتالوں کو الرٹ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ کراچی میں بالخصوص تمام نجی اسپتال 24گھنٹے ایمرجنسی سروس فراہم کریں اور تمام نجی اسپتال اپنے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی حاضری یقینی بنائیں۔