Tag: ایمرجنگ ایشیا کپ

  • ویمنز ایمرجنگ ایشیا کپ اچانک ملتوی کرنے کا اعلان

    ویمنز ایمرجنگ ایشیا کپ اچانک ملتوی کرنے کا اعلان

    ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقویٰ نے ویمنز ایمرجنگ ایشیا کپ اچانک ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 3 جون سے سری لنکا میں ہونے والا ویمنز ایمرجنگ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ ملتوی کردیا گیا ہے۔

    اےسی سی نے ویمنز امرجنگ ایشیاکپ ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ سری لنکا میں خراب موسم اور چکن گونیا وائرس کے باعث ٹورنامنٹ ملتوی کیا گیا ہے۔

    اے سی سی کا کہنا ہے کہ ویمنز امرجنگ ایشیاکپ کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، ہم تمام حصہ لینے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں کی حمایت کے لیے ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

    ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) صدر محسن نقویٰ نے کہا کہ سری لنکا کرکٹ بورڈ کی جانب سے موسم کی صورتحال کی وجہ سے ٹورنامنٹ ملتوی کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔

    صدر اے سی سی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ اے سی سی نوجوان خواتین کو مواقع فراہم پر یقین رکھتی ہے اور مہارت میں بہتری اور مقابلے فراہم پر یقین رکھتے ہیں، جلد نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

  • افغانستان نے ایمرجنگ ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

    افغانستان نے ایمرجنگ ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

    مسقط: افغانستان اے نے ایمرجنگ ایشیا کپ ٹی20 کے فائنل میں سری لنکا اے کو باآسانی شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔

    ایمرجنگ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے حتمی مقابلے میں افغانستان اے نے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی، افغان ٹیم نے 134 رنز کا ہدف 11 گیندوں قبل حاصل کیا، صدیق اللہ اتل نے 55 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

    افغانستان کی طرف سے کریم جنت نے 33 اور درویش رسولی نے 24 رنز بنائے، سری لنکا کی طرف سے سہان آراچیگے، دوشن ہیمانتھا اور ایشان ملنگا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل سری لنکا اے نے پہلے کھیل کر 7 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے، ساہان آراچیگے کی 64 رنز کی اننگزرائیگاں گئی۔

    افغانستا کے بولرز نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے حریف کو کم اسکور تک محدود رکھا، بلال سمیع نے 3 اور اللہ محمد غضنفر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

  • رواں سال کے کرکٹ ٹورنامنٹس کا شیڈول جاری

    رواں سال کے کرکٹ ٹورنامنٹس کا شیڈول جاری

    ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے رواں سال کے کرکٹ ٹورنامنٹس کا شیڈول جاری کردیا۔

    ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق رواں سال جولائی میں ویمنزٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ منعقد گا، جس میں پاکستان سمیت بھارت اور کوالیفائر ون ٹیم شامل ہوگی، ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کی دیگر ٹیموں میں بنگلادیش، سری لنکا اور کوالیفائر ٹو ٹیم بھی شرکت کرے گی۔

    اے سی سی کے مطابق رواں سال کے اکتوبر میں مینز ٹی ٹوٹئنی ایمرجنگ ایشیا کپ جبکہ دسمبر میں مینز انڈر نائنٹین ون ڈے ایشیا کپ بھی شیڈول ہے۔

    ایمرجنگ ایشیاکپ میں بھارت، پاکستان، سری لنکا اور ایک کوالیفائر ٹیم شریک ہوں گی،  انڈر نائینٹین ایشیاکپ میں پاکستان اور بھارت سمیت 8 ٹیمیں شرکت کریں گی۔

    اے سی سی کےمطابق 27 جنوری سے 11 فروری تک تھائی لینڈ میں ٹی ٹوئنٹی چیلنجر کپ کھیلا جائے گا، 10 سے 18 فروری کے درمیان ملائیشیا میں اے سی سی ویمنز پریمیئر ٹی ٹوئنٹی کپ بھی ہوگا۔

  • ملک کے حالات اور مہنگائی سے نڈھال عوام کے چہروں پر  مسرت کی شفق!

    ملک کے حالات اور مہنگائی سے نڈھال عوام کے چہروں پر مسرت کی شفق!

    پاکستان کے عوام تاریخ کی بدترین مہنگائی کا سامنا کر رہے ہیں جس میں روز افزوں اضافہ اور بڑھتی ہوئی بیروزگاری نے معاشی اور مختلف معاشرتی مسائل کو بھی جنم دیاہے. لیکن ملک میں کئی ماہ سے جاری سیاسی افراتفری اور انتشار کے باعث عوام کے متفکر چہروں پر گزشتہ روز (‌23 جولائی) کچھ دیر کو سہی خوشی کے رنگ ضرور نظر آئے۔ لیکن یہ خوشی سیاست کے ایوانوں سے نہیں بلکہ کھیلوں کے میدان سے آئی ہے .ایک طرف اسکواش کے کھیل میں فتح ہمارا مقدر بنی ہےاور دوسری جانب پاکستان نے ایمرجنگ ایشیا کپ فائنل میں روایتی حریف بھارت کو ہرایا ہے۔

    پاکستان جو کرکٹ، ہاکی، اسکواش، اسنوکر سمیت کھیلوں کے کئی مقابلوں میں عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز رکھتا ہے اور 1994 تو وہ تاریخی سال تھا جب پاکستان نے بیک وقت چار کھیلوں کے عالمی چیمپئن ہونے کا تاج اپنے سر پر سجایا تھا لیکن پھر کارکردگی خراب ہوتی چلی گئی اور ہم کھیلوں کے شعبے میں تنزلی کا شکار ہوتے چلے گئے۔ کرکٹ میں تو پاکستان کی کارکردگی بہتر رہی لیکن ہمارے قومی کھیل ہاکی اور پاکستان کی پہچان اسکواش پر تو سمجھو جیسے طویل خزاں چھا گئی۔ اسکواش کے ذریعے روشن خان نے اپنے نام کی طرح جس طرح پاکستان کا نام روشن کیا اسی طرح ان کے بیٹے جہانگیر خان نے سبز ہلالی پرچم کو بلند رکھا اور ان کے بعد جان شیر خان کی صورت میں‌ نئی روشنی اس میدان میں جگمگائی۔ یہ وہ ادوار تھے کہ جب ان میں سے کوئی پاکستانی فیصلہ کن میچ میں اسکواش کورٹ میں اترتا تھا تو پھر ٹرافی اٹھائے بغیر وطن واپس نہیں آتا تھا۔ لیکن 1994 میں آخری بار چیمپئن بننے کے بعد یہ زمین بنجر ہوگئی۔ اس عرصہ میں‌ کئی کھلاڑی آئے اور گئے لیکن اسکواش کے بنجر میدان کو زرخیز نہ کر سکے۔ 23 جولائی 2023 اس لیے یادگار رہے گا کہ اس روز 37 سال بعد پاکستان ورلڈ جونیئر اسکواش کا چیمپئن بنا۔

    اس بار بھی پاکستان کا پرچم بلند کرنے والا خان یعنی حمزہ خان ہے جس نے آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں مصر کے محمد ذکریا کو تین ایک سے زیر کیا۔ حمزہ سے قبل 1986 میں سابق چیمپئن جان شیر خان نے یہ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا جب کہ 2008 میں پاکستان کی جانب سے عامر اطلس نے ورلڈ جونیئر کا فائنل کھیلا تھا۔ اسکواش کے فائنل کے دوران کمنٹیٹر حمزہ خان کے بہترین کھیل پر داد اور ان کے ٹیلنٹ کو سراہتے رہے۔ ان کی جیت پر ایک کمنٹیٹر نے کہا حمزہ خان شو میں خوش آمدید، آج پاکستانی اسکواش کی واپسی ہوئی ہے۔ اس تاریخی موقع پر ضروری ہے کہ اسکواش کی جو پنیری دہائیوں بعد پنپنی ہے اس کی نشوونما کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں اور وزارت کھیل جامع منصوبہ بندی کرے تاکہ یہ خوشی عارضی ثابت نہ ہو بلکہ حمزہ خان مستقبل کا جہانگیر اور جان شیر ثابت ہو۔

    پاکستان کو اسی روز خوشی کی دوسری خبر سری لنکا سے ملی جہاں کولمبو میں پاکستان اے ٹیم نے ایمرجنگ ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو دھول چٹا کر نہ صرف ٹرافی اٹھائی بلکہ اپنے اعزاز کا بھی کامیابی سے دفاع کیا۔ فائنل میں جب بھارت نے ٹاس جیتا تو یہی سمجھا کہ پہلے بولنگ کر کے ان کی ٹیم شاید ٹرافی جیت لینے کا خواب پورا کرلے گی لیکن ان کا یہ خواب پورا نہیں ہوسکا۔

    کولمبو میں بھی پاکستانی شاہینوں نے 2017 کی چیمپئنز ٹرافی کی طرح راؤنڈ میچ میں بھارت سے شکست کا دباؤ نہیں لیا بلکہ جب پاکستانی اوپنر میدان میں اترے تو ان کے تیور کچھ اور ہی اشارہ دے رہے تھے اور صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے پراعتماد اننگ کا آغاز کر کے اسے ثابت بھی کر دیا۔ دونوں نے 121 رنز کا ابتدائی آغاز فراہم کیا اور جب درمیانے اوور میں آدھی ٹیم کے پویلین لوٹنے پر خطرات کے بادل قومی ٹیم کے سر پر منڈلائے تو طیب طاہر نے اپنی شاندار بیٹنگ سے بھارتیوں کے ہوش و حواس اڑا دیے۔ پاکستان کے 353 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم کے اوسان ایسے خطا ہوئے کہ پوری ٹیم ہی 40 اوورز میں 224 رنز پر میدان بدر ہوگئی۔

    ان کرکٹرز نے نہ صرف اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کیا بلکہ 2017 کی یاد بھی تازہ کر دی جب سرفراز احمد کی قیادت میں گرین شرٹس نے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارتی سورماؤں کا غرور خاک میں ملایا تھا۔ پاکستانی عوام بالخصوص روایتی حریف بھارت کو یوں بڑے مارجن سے فائنل جیسے مقابلے میں دھول چٹانے پر اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں‌ کے گُن گاتے نظر آرہے ہیں‌ اور بہت مسرور دکھائی دیتے ہیں۔ پاکستان کی سینیئر ٹیم بابر اعظم کی قیادت میں رواں سال ایشیا کپ اور ورلڈ کپ بھی کھیلے گی۔ گرین شرٹس کی موجودہ کارکردگی دیکھ کر جہاں دنیائے کرکٹ پاکستان کو ایونٹس کے فیورٹ میں شامل کر رہے ہیں وہیں پوری قوم بھی دعا گو ہے کہ وہ پہلے ایشیا کپ جیت کر اس میں رکاوٹیں پیدا کرنے والے بھارت کو کرارا جواب دے اور اس کے بعد بھارت جاکر ورلڈ کپ کی ٹرافی لائے اور دنیائے کرکٹ پر اپنی حکمرانی ثابت کرے۔

  • سنڈے کیسا گزرا؟ عرفان پٹھان نے دلچسپ ٹوئٹ کردی

    سنڈے کیسا گزرا؟ عرفان پٹھان نے دلچسپ ٹوئٹ کردی

    کراچی: ایمرجنگ ایشیا کپ میں پاکستان کے ہاتھوں بھارتی ٹیم کی شکست پر سابق فاسٹ بولر عرفان پٹھان نے دلچسپ ٹویٹ کر دی۔

    اتوار کو پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو بڑے مارجن سے شکست دے کر ایمرجنگ ایشیا کپ کا کامیابی سے دفاع کیا۔

    بھارت کے سابق فاسٹ بولر عرفان پٹھان نے ٹوئٹ میں پاکستان کی ایمرجنگ ٹیم کو دل سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’’میرا سنڈے بہت زبردست گزرا‘‘۔

    https://twitter.com/IrfanPathaan_/status/1683162088133337089?s=20

    سابق فاسٹ بولر نے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’میں نے پورے میچ کے دوران سونے کو ترجیح دی کیونکہ میں میچ کا نتیجہ جانتا تھا اور میں بھارتی ٹیم کی شکست پر افسردہ نہیں ہوں کیونکہ اب تو عادت سی ہے ایسے جینے میں‘‘۔

    پاکستان نے بھارت کو ہرا کر ایمرجنگ ایشیا کپ جیت لیا

    واضح رہے کہ گزشتہ روز اے سی سی مینز ایمرجنگ ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 128 رنز سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کر لیا تھا۔

  • ایمرجنگ ایشیا کپ: کراچی کنگز کے محمد مسرور شاہینز کے ہیڈ کوچ مقرر

    ایمرجنگ ایشیا کپ: کراچی کنگز کے محمد مسرور شاہینز کے ہیڈ کوچ مقرر

    کراچی کنگز کے فیلڈنگ کوچ محمد مسرور کو ایمرجنگ ایشیا کپ کے لیے قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے کولمبو میں ہونے والے اے سی سی ایمرجنگ ایشیا کپ  کے لیے کراچی کنگز کے محمد مسرور کو پاکستان شاہینز کا ہیڈ کوچ اور کراچی کنگز کے فزیو تھیراپسٹ امیتاز احمد خان کو شاہینز کا فزیو تھیراپسٹ مقرر کر دیا ہے۔

     واضح رہے کہ ایمرجنگ ایشیا کپ 14 سے 23 جولائی تک کھیلا جائے گا اور قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث پاکستان شاہینز کے کپتان ہوں گے۔

    ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیمیں شریک ہوں گی اور مجموعی طور پر 15 میچز کھیلے جائیں گے۔

     پاکستان شاہینز اپنا پہلا میچ میں 14 جولائی کو نیپال کے خلاف کھیلے گی جبکہ 16 جولائی کو انڈیا اے، اور 18 جولائی کو سری لنکا اے کا چیلنج درپیش ہوگا۔

    اسکواڈ میں کپتان محمد حارث، عمیر بن یوسف نائب کپتان، عماد بٹ، ارشد اقبال، حسیب اللہ، کامران غلام، مہران ممتاز،  مبصر خان، محمد وسیم جونیئر، قاسم اکرم، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، شاہنواز دھانی، سفیان مقیم اور طیب طاہر شامل ہیں۔ ریزرو کھلاڑیوں میں عبدالواحد بنگلزئی، محمدعباس آفریدی، محمد جنید اور روحیل نذیر شامل ہیں۔

    پاکستان شاہینز کے گروپ اے میں انڈیا اے، نیپال اور سری لنکا کی ٹیمیں شامل ہیں۔

    گروپ بی میں افغانستان اے، عمان، بنگلہ دیش اور یو اے ای کی ٹیمیں شامل ہیں، ٹورنامنٹ میں گروپ سے دو ٹاپ ٹیمیں سیمی کے لیے کوالیفائی کریں گی

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Pakistan Cricket (@therealpcb)