Tag: ایمریٹس

  • جہاز میں پاور بینک لے جانے والوں کو خبردار کردیا گیا

    جہاز میں پاور بینک لے جانے والوں کو خبردار کردیا گیا

    متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور دنیا کی بہترین ائیر لائن ایمریٹس نے اپنی پروازوں میں کسی بھی قسم کے پاور بینک کا استعمال ممنوع قرار دے دیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ پابندی کا اطلاق رواں برس یکم اکتوبر 2025 سے ہوجائے گا، تاہم ایمریٹس میں سفر کرنیوالے مسافروں کو یکم اکتوبر تک چند مخصوص شرائط پر جہاز میں پاور بینک لے جانے کی اجازت ہوگی۔

    رپورٹس کے مطابق ان مخصوص شرائط میں دوران سفر پاور بینک سے ڈیوائسز چارج نہ کرنے، 100 واٹ آورز سے بھی کم کا پاور بینک لے جانے، حتیٰ کہ ہوائی جہاز کے پاور سورس کا استعمال کرتے ہوئے پاور بینک چارج نہ کرنے جیسی شرائط شامل کی گئی ہیں۔

    رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ حالیہ برسوں کے دوران جہاز میں پاور بینک استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایوی ایشن انڈسٹر ی کی پروازوں میں لیتھیم بیٹری کو لے کر واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

    واضح رہے کہ پاور بنک کو خاص طور پر لیتھیم آئن یا لیتھیم پولیمر بیٹریوں کا استعمال کرتے ہوئے ڈیوائس کو دوبارہ چارج کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، بیٹریاں الیکٹرولائٹ محلول میں suspend lithium ion پر مشتمل ہوتی ہیں، ان بیٹریوں کے زیادہ چارج یا خراب ہو جانے کے نتیجے میں ‘تھرمل رن وے’ ہو سکتا ہے۔

    ایمریٹس میں ملازمتیں، اہلیت اور معیار

    رپورٹس کے مطابق تھرمل رن وے کی صورت میں بیٹری سیل کے اندر حرارت کی پیداوار، گرمی کو ختم کرنے کی صلاحیت سے زیادہ ہو جاتی ہے جس سے درجہ حرارت میں تیزی سے اور بے قابو حد تک اضافہ ہوتا ہے، نتیجتاً آگ، دھماکے اور زہریلی گیسوں کا اخراج جیسے خطرناک نتائج سامنے آسکتے ہیں۔

  • ایمریٹس کی چار ممالک کیلیے پروازوں کی معطلی میں توسیع

    ایمریٹس کی چار ممالک کیلیے پروازوں کی معطلی میں توسیع

    متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی ’ایمریٹس‘ نے چار ممالک کے لئے پروازوں کی معطلی میں 22 اور 30 جون تک توسیع کردی ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی ایمریٹس کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ اردن (عمان) اور لبنان (بیروت) کے لیے پروازیں اتوار 22 جون تک معطل کردی گئی ہیں۔

    اس کے علاوہ ایران (تہران) اور عراق (بصرہ، بغداد) کے لیے پروازوں کی معطلی میں پیر 30 جون تک توسیع کردی گئی ہے۔

    یاد رہے گزشتہ روز خطے کی موجودہ صورتحال کے باعث فلائی دبئی نے بھی چھ ملکوں کیلیے پروازوں کی منسوخی میں 16 جون تک توسیع کردی تھی۔

    فلائی دبئی نے ایران، عراق، اسرائیل، اردن، لبنان اور شام کیلیے پروازیں 15 اور 16 جون کو منسوخ کی گئی ہیں۔

    واضح رہے کہ ایران نے صبح سویرے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل حملوں کی نئی لہر کا آغاز کر دیا ہے، اسرائیل کا شہر حیفہ دھماکوں اور سائرن کی آوازوں سے گونج اٹھا۔

    ایران اسرائیل جنگ سے متعلق تازہ ترین خبریں یہاں پڑھیں

    الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر مسلسل میزائل داغنے کا سلسلہ جاری ہے، کئی علاقوں میں عوام کو فضائی حملے سے باخبر رکھنے کے لیے سائرن بجائے جا رہے ہیں۔

    حیفہ پاور پلانٹ پر میزائل حملے کے نتیجے میں وسطی اسرائیل میں بجلی بند

    اسرائیلی فوج نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ اس وقت فضائیہ خطرہ ختم کرنے کے لیے جہاں ضروری ہو، وہاں ایرانی میزائلوں کو روکنے اور جوابی حملے کرنے میں مصروف عمل ہے۔

  • ایمریٹس اور فلائی دبئی کا لبنان کیلیے پروازوں سے متعلق اہم اعلان

    ایمریٹس اور فلائی دبئی کا لبنان کیلیے پروازوں سے متعلق اہم اعلان

    متحدہ عرب امارات کی دو بڑی فضائی کمپنیوں ایمریٹس اور فلائی دبئی نے لبنان میں جنگی صورتحال کے باعث فلائٹ آپریشن کی معطلی میں توسیع کردی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فلائی دبئی کے ترجمان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ دبئی ایئرپورٹ سے بیروت کے لیے پروازیں 7 اکتوبر تک منسوخ کی گئی ہیں۔

    واضح رہے کہ ایمریٹس اور فلائی دبئی نے لبنان کیلیے منگل 24 ستمبر کو فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    فلائی دبئی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ لبنان کی صورتحال کو دیکھ رہے ہیں،صورتحال کے مطابق اپنی پروازوں کے شیڈول میں تبدیلی کریں گے۔

    ترجمان کے مطابق مسافروں اور کیبن کریو کی سیفٹی ہماری اولین ترجیح ہے۔ مسافر، ری بکنگ یا ٹکٹ کی قیمت کی واپسی کے لیے فلائی دبئی کے کال سینٹر یا ٹریول ایجنٹ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

    دوسری جانب اسرائیل نے لبنان میں ’محدود زمینی کارروائی‘ کے منصوبے پر عمل کرتے ہوئے جنوبی لبنان میں دراندازی کی جس کے جواب میں لبنانی فوج نے بھی جوابی حملے شروع کردیئے۔

    رپورٹ کے مطابق اسرائیلی میڈیا نے اس بات کا عندیہ دیا تھا کہ اسرائیل نے لبنان پر جارحیت کیلئے زمینی حملے کی تیاری شروع کرنے سے قبل باقاعدہ امریکہ کو مطلع کیا تھا۔

    اسرائیل کی جانب سے کارروائی کرتے ہوئے جنوبی لبنان پر آرٹلری اور ٹینکوں سے حملے کیے، جنوبی لبنان میں دراندازی پر لبنانی فوج نے بھی اسرائیل پر جوابی حملے شروع کردیئے۔

    معروف ایئرلائن کا کرایوں میں کمی کا اعلان

    اسرائیلی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیل نے شمالی سرحدی علاقوں کو فوجی زون قرار دے دیا، جس کے جواب میں حزب اللہ نے اعلان کیا ہے کہ ہم اسرائیلی حملوں کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔

  • ایمریٹس نے دبئی کا سفر کرنے والے مسافروں کو خوشخبری سنادی

    ایمریٹس نے دبئی کا سفر کرنے والے مسافروں کو خوشخبری سنادی

    متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی قومی فضائی کمپنی ’ایمریٹس‘ نے دبئی کا سفرکرنے والوں کو خوشی کی خبر سنادی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایمریٹس کا سفر کرنے والے ان مسافروں کو فائیو سٹار ہوٹل میں مفت رہائش کی سہولت دینے کی پیشکش کی گئی ہے جن کا قیام 24 گھنٹے یا اس سے زیادہ ہوگا۔

    ایمریٹس ایئرلائنز کے نائب صدر اور چیف کمرشل آپریشنز آفیسر عدنان کاظم کے مطابق موسم گرما کے دوران دبئی آنے والوں کو سالانہ تفریحی اور شاپنگ فیسٹیولز (دبئی سمر سرپرائزز) میں شرکت اور خریداری کے بے شمار مواقع ملیں گے۔

    عرب میڈیا کے مطابق یکم جولائی سے 21 جولائی 2024 تک فرسٹ کلاس یا بزنس کلاس کا ریٹرن ٹکٹ خریدنے والے مسافر دبئی کے فائیو سٹار ہوٹل جے ڈبلیو میریٹ مارکوئس میں دو رات کے مفت قیام کی سہولت حاصل کرسکیں گے۔

    ایمریٹس نے پریمیم یا اکانومی کلاس کے مسافروں کے لیے بھی ایک رات کے مفت قیام کی پیشکش کا اعلان کیا ہے۔

    ایمریٹس ایئر لائن کی جانب سے یہ خصوصی پیشکش 4 جولائی سے 15 ستمبر 2024 کے درمیان سفر کرنے والے تمام مسافروں کے لیے تمام ریٹرن ٹکٹوں پر قابل عمل ہوگی۔

    یہ سہولت حاصل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ دبئی آنے والے مسافر اپنی آمد سے کم از کم 96 گھنٹے پہلے ایئرلائنز کو ای میل پر اپنی تمام تفصیلا ت دیں گے، ایئرلائن ای میل کے ذریعے جے ڈبلیو میریٹ ہوٹل میں رہائش کی کنفرمیشن فراہم کرے گی۔

    یو اے ای اور عمان میں یکم محرم کو تعطیل کا اعلان

    خصوصی پیشکش ایمریٹس ایئرلائنز کی ویب سائٹ، موبائل ایپ یا ایمریٹس ایئر کے آفس یا ٹریول ایجنٹس کے ذریعے ٹکٹ خریدنے پر بھی دی جائے گی۔

  • ایمریٹس اور فلائی دبئی نے ایک اور خوشخبری سنادی

    ایمریٹس اور فلائی دبئی نے ایک اور خوشخبری سنادی

    متحدہ عرب امارات کی قومی فضائی کمپنی ایمریٹس اور فلائی دبئی نے اپنے فضائی نیٹ ورک کا دائرہ 280 اسٹیشنوں تک وسیع کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے الامارات الیوم کی رپورٹ کے مطابق قومی فضائی کمپنی کے نیٹ ورک میں 6 براعظموں کے 151 مقامات شامل ہیں جبکہ دنیا کے 70 سے زائد ممالک میں کارگو خدمات ہیں۔

    فلائی دبئی 58 ممالک میں 129 مقامات تک اپنی سروس فراہم کرتی ہے، ان میں 75 سے زائد ایسے مقامات بھی شامل ہیں جو پہلے دبئی سے براہ راست فضائی روابط میں شامل نہیں تھے۔

    امارات کی قومی فضائی کمپنی اس وقت 151 انٹرنیشنل سٹیشنز تک اپنی رسائی ممکن بناچکی ہے، ایئرلائن نے کوڈ شیئرنگ اور پارٹنر شپ کے معاہدے کیے ہیں۔

    ایمریٹس اپنے مسافروں کو نئی منزلوں تک پہنچانے کے لیے اپنے نیٹ ورک میں 29 مقامات پر آپریشنز شروع کرنے جارہی ہے، کینیڈا کے مانٹریال ایئرپورٹ اور ٹوکیو کے ھانیدا ایئرپورٹ کے لیے بھی پروازوں کا آغاز کیا ہے۔

    ایمریٹس اسکاٹ لینڈ کے دارالحکومت ایڈنبرا کے لیے بھی 4 نومبر سے فضائی آپریشن شروع کرنے جارہی ہے، یہ سکاٹ لینڈ کے لیے دوسری یومیہ پرواز ہوگی اس سے قبل گلاسگو کے لیے یومیہ پروازیں چلائی جا رہی تھیں۔

    دبئی اور لاگوس کے درمیان یومیہ پرواز چلائی جائے گی۔ اسی طرح نائجیریا کے بڑے شہروں کو دبئی سے جوڑا جائے گا۔ ایمریٹس یکم اکتوبر سے نائجیریا کے لیے اپنی خدمات دوبارہ شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

    ایک اور طیارے کو شدید جھٹکے، کئی مسافر زخمی

    فلائی دبئی کی اگر بات کی جائے تو رواں سال کے آغاز سے ہی سعودی عرب کے شہر الجوف اور بحیرہ احمر کے علاوہ کینیا کے ممباسا، ملائیشیا کے لنکاوی اور پینانگ کے لیے فضائی سروس کا آغاز کرچکی ہے۔

  • ایمریٹس سے سفر کرنے والوں کے لیے بڑی خبر آگئی

    ایمریٹس سے سفر کرنے والوں کے لیے بڑی خبر آگئی

    دبئی : ایمریٹس ائیرلائن سے سفر کرنے والوں کے لیے بڑی خبر آگئی ، صدر ایمریٹس ائیرلائن ٹم کلارک نے مسافروں کے نام پیغام دیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر ایمریٹس ائیرلائن ٹم کلارک نے ایمریٹس سے سفر کرنے والوں کے نام خط لکھا، جس میں کہا کہ یو اے ای میں طوفان کے باعث رواں ہفتہ آپریشنل طورپرسب سے مشکل رہا۔

    ٹم کلارک کا کہنا تھا کہ 16 اپریل کو متحدہ عرب امارات میں 75 سالوں میں سب سے زیادہ بارش ہوئی، بارشوں نے صارفین اور جہاز کے عملے کے ہوائی اڈے تک پہنچنے میں رکاوٹ ڈالی۔

    خط میں کہا گیا کہ منگل کو موسم کی خرابی سے بچنے کیلئے درجنوں پروازوں کا رخ موڑ ا، اگلے 3 دنوں میں ہمیں تقریباً 400 پروازیں منسوخ کرنی پڑیں۔

    ٹم کلارک نے مزید کہا کہ دبئی جانے والوں چیک معطل ،ٹکٹوں کی فروخت پر پابندی لگانی پڑی، ہوائی اڈے اور رابطہ سینٹر ٹیموں کو دوبارہ بکنگ کیلئے اضافی وسائل فراہم کیے۔

    صدر ائیرلائن کا کہنا تھا کہ بڑی تعداد میں محصورمسافروں کیلئےاضافی پروازیں لگائیں ، آج صبح تک ہماری پروازوں کا باقاعدہ شیڈول بحال کردیا گیا، ہوائی اڈے کے ٹرانزٹ ایریا میں پھنسے مسافروں کی دوبارہ بکنگ کرلی۔

  • ایمریٹس ایئر لائن کا دبئی سے فلائٹ آپریشن مکمل بحال

    ایمریٹس ایئر لائن کا دبئی سے فلائٹ آپریشن مکمل بحال

    ایمریٹس ایئر لائن نے غیر معمولی موسمی حالات کے بعد دبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے فلائٹ آپریشن مکمل طور پر بحال کردیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق فضائی آپریشن کی مکمل بحالی کے بعد مسافروں کو نئی بکنگ کرانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

    یو اے ای کی ایئر لائن کی جانب سے مسافروں کو ایئرپورٹ روانہ ہونے سے قبل رابطہ کرکے معلومات حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    ایمریٹس ایئر لائن کے مطابق ’جن مسافروں کی پروازیں منسوخ ہوئی ہیں وہ رابطہ کر کے نئی بکنگ کرائیں۔‘ ایئرلائن نے صرف اُن مسافروں کو ایئرپورٹ جانے کا کہا ہے جن کی بکنگ کنفرم ہو چکی ہے۔

    ایئر لائن کا کہنا ہے کہ ’دو دن پروازوں کے تعطل کے بعد دبئی ایئر پورٹ پر مسافروں کا رش ہے، جس کے باعث پروازیں تاخیر کا شکار ہوسکتی ہیں۔‘

    دبئی میں پھنسے پاکستانی کرکٹرز سے پاکستانی قونصل جنرل نے رابطہ کرلیا

    واضح رہے کہ ایمریٹس ایئرلائن کی جانب سے غیر معمولی موسمی حالات کے باعث دبئی سے آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا تھا جو دو دن کے بعد بحال کردیا گیا ہے۔

  • متحدہ عرب امارات میں ہزاروں نوکریوں کا اعلان

    متحدہ عرب امارات میں ہزاروں نوکریوں کا اعلان

    متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ایئر لائن میں 5 ہزار نئی نوکریوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ایئر لائن ایمریٹس نے کیبن کریو اور دیگر متعلقہ عہدوں پر 5000 نئی ملازمتوں کا اعلان کیا ہے۔

    اطلاعات کے مطابق یہ ملازمتیں ایئر ہوسٹنگ کے علاوہ ہوا بازی کے دیگر شعبوں سے متعلق ہیں۔ یہ اعلان ایمریٹس کی جانب سے اس سال عالمی بھرتی مہم کا حصہ ہے۔

    ایمریٹس ایئر لائن کے مطابق A350 طیاروں کا ایک نیا بیڑا خریدنے جارہے ہیں، اس کے لئے نئی بھرتیاں کی جائیں گی، کوئی بھی فلائٹ اٹینڈنٹ اور دیگر ملازمتوں کے لیے درخواست بھیج سکتا ہے، اہلیت کے معیار کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

    ملازمت کے خواہشمندوں کے لیے ٹیم ورک کے حوالے سے ذہنیت تیار کرنا ضروری ہے۔ خواہشمندوں کو متحدہ عرب امارات کے ورک ویزا کی اہلیت کے معیار کو بھی پورا کرنا ہوگا۔

    ایئر لائن کے مطابق اس کی بھرتی ٹیمیں اس سال دنیا بھر میں 460 مقامات پر امیدواروں کی اسکریننگ اور انٹرویوز کا آغاز کرنے جارہی ہیں۔

    یو اے ای : ویزا اور اقامہ کے حوالے سے وارننگ جاری

    ایمریٹس نے گزشتہ سال بھی کیبن کریو کے لیے 8000 افراد کو نوکریاں فراہم کی تھیں، اگست 2023 تک ایمریٹس کے کیبن کریو کی تعداد 21,500 تک پہنچ گئی تھی۔

  • ایمریٹس کا مسافروں کیلئے بڑی سہولت کا اعلان

    ایمریٹس کا مسافروں کیلئے بڑی سہولت کا اعلان

    دبئی : متحدہ عرب امارات کی قومی فضائی کمپنی ایمریٹس نے اپنے مسافروں کیلیے ایک بڑی سہولت کا اعلان کیا ہے جس کے تحت انہیں دوران سفر پسند کا کھانا فراہم کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ایمریٹس ایئر لائن کی جانب سے یورپ اور دیگر ممالک کی پروازوں میں کھانے کے لیے پری آرڈر سروس کی سہولت میں توسیع کا اعلان کیا گیا ہے۔

    عرب ذرائع ابلاغ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل ایئرلائن کی جانب سے تجرباتی طور پر یہ سروس برطانیہ کی پروازوں میں شروع کی گئی تھی۔

    مسافروں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملنے کے بعد اس میں توسیع کرتے ہوئے دیگر ممالک کے لیے بھی جاری کیا جا رہا ہے۔

    ترجمان ایمریٹس ایئر کا کہنا ہے کہ نئی سروس کو اب وارسا، وینس، روم، بولوگنا، پراگ، ویانا، ماسکو، استنبول، ڈبلن، ہیمبرگ، سینٹ پیٹرزبرگ، برسلز، میڈرڈ اورماریشس کے لیے بھی شروع کیا جا رہا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق پری آرڈر سروس بزنس کلاس کے مسافروں کو فراہم کی جائے گی جو اپنی پرواز سے 14 دن یا 24 گھنٹے قبل بھی پیشگی مین کورس کا انتخاب کرسکتے ہیں جو انہیں پرواز میں فراہم کی جائے گی۔

  • ایمریٹس کی مسافروں کے لیے ایک اور سہولت

    ایمریٹس کی مسافروں کے لیے ایک اور سہولت

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی ایئر لائن ایمریٹس نے مسافروں کے لیے ایک اور سہولت دیتے ہوئے ڈیجیٹل بورڈنگ پاس کا اجرا کردیا۔

    اردو نیوز کے مطابق ایمریٹس ایئر لائن کی جانب سے 15 مئی سے ڈیجیٹل بورڈ نگ پاس کا اجرا شروع کیا جا رہا ہے، مسافروں کی سہولت کے لیے ڈیجیٹل بورڈنگ پاس جاری کیا جا رہا ہے۔

    ایئر لائن کی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل نمبر 3 سے سفر کرنے والے ای میل یا ایس ایم ایس کے ذریعے بورڈنگ پاس حاصل کرسکتے ہیں۔

    وہ مسافر جو آن لائن بورڈنگ کی کارروائی مکمل کرتے ہیں وہ ایپل والٹ یا گوگل والٹ کے ذریعے اپنا بورڈنگ پاس ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں، علاوہ ازیں امارات ایئر کی ایپ کے ذریعے بھی ڈیجیٹل بورڈنگ پاس حاصل کیا جا سکتا ہے۔

    سامان کے حوالے سے ایئر لائن کی جانب سے کہا گیا کہ بیگج ٹیگ مسافروں کو ای میل یا امارات ایئر کی ایپ پرارسال کر دیے جائیں گے جن کا اندراج بکنگ کے وقت کیا گیا ہو۔

    ایئر لائن کی جانب سے ڈیجیٹل سسٹم کو استعمال اور اسے عام کرنے کا مقصد مسافروں کو ہر قسم کی سہولت فراہم کرنا ہے، ڈیجیٹل بورڈنگ پاس سے مسافروں کو یہ محفوظ رکھنا مشکل نہ ہوگا، اس کے برعکس روایتی بورڈنگ پاس کی حفاظت کرنا ہوتی تھی یا بعض اوقات مسافر راویتی بورڈنگ کارڈ گم کردیتے تھے۔

    ڈیجیٹل بورڈنگ کارڈ سے دبئی ڈیوٹی فری شاپ سے خریداری کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے جبکہ بورڈنگ کے لیے موجود اہلکار کیو آر کوڈ اسکین کر کے مسافر کے بارے میں جملہ معلومات حاصل کر سکے گا۔

    امارات ایئر لائن کے ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ڈیجیٹل کارڈ کے ساتھ راویتی بورڈنگ کارڈ کا اجرا بھی جاری رہے گا جو ان مسافروں کے لیے ہوگا جو فیملی اور چھوٹے بچوں کے ساتھ سفر کر رہے ہوں، علاہ ازیں مخصوص افراد یا دیگر فضائی کمپنیوں سے ان کے سفر جاری ہوں۔

    ایسے مسافر جن کے پاس اسمارٹ فون نہ ہو یا، ان کا انٹرنیٹ کام نہیں کر رہا ہو، یا دیگر وجوہات کا سامنا ہو اس صورت میں وہ مسافر روایتی بورڈنگ کارڈ جاری کروا سکتے ہیں۔