Tag: ایمریٹس

  • ایمریٹس اور اتحاد ایئر ویز میں معاہدہ، سیاحوں کے لیے مزید سہولت

    ایمریٹس اور اتحاد ایئر ویز میں معاہدہ، سیاحوں کے لیے مزید سہولت

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی ایئر لائنز ایمریٹس اور اتحاد ایئر ویز نے ایک نیا معاہدہ کیا ہے جس کے تحت مسافروں کو کسی بھی ایئر پورٹ سے آنے جانے کی اجازت ہوگی۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ایئر لائنز ایمریٹس اور اتحاد ایئر ویز نے ملک میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ایک معاہدہ کیا ہے جس کے تحت مسافر سنگل ٹکٹ کے ذریعے ایک سے زیادہ مقامات سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔

    اس معاہدے کے تحت مسافر دبئی یا ابو ظہبی کے لیے سنگل ٹکٹ بک کر سکیں گے اور کسی دوسرے ایئر پورٹ سے واپس آسکیں گے، مسافروں کو آزادی حاصل ہوگی کہ وہ اپنی سہولت کے تحت اپنے سفر کا پلان بنا سکیں۔

    ایمریٹس کے صدر ٹم کلارک نے کہا کہ ہمیں اتحاد ایئر ویز کے ساتھ دوبارہ کام کر کے خوشی ہو رہی ہے۔ دونوں ایئر لائنز عرب امارات آمد اور روانگی کے لیے بہترین آپشنز دے رہی ہیں جس سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔

    اس معاہدے کے تحت ابتدائی طور پر یورپ اور چین سے آنے والے مسافروں کو سہولت دی جائے گی۔

    اتحاد ایئر ویز کے سی ای او انتونو آلدو نیوز کا کہنا تھا کہ ہمارے معاہدے سے مسافروں کو سہولت ہوگی کہ وہ ایک ٹکٹ پر دبئی اور ابو ظہبی کے سفر سے لطف اندوز ہو سکیں، مسافروں کے لیے یہ ہر لحاظ سے بہترین آپشن ہے۔

    جمعرات کو ایمریٹس کے چیف کمرشل آفیسر عدنان کاظم اور اتحاد کے چیف آپریٹنگ آفیسر محمد البلوکی نے دبئی میں اس معاہدے پر دستخط کیے۔

    دونوں ایئر لائنز کی شراکت امارات میں سیاحت کو فروغ دینے اور اسے سیاحت کے لیے چوٹی کے ممالک کی صف میں کھڑا کرنے کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔

  • ایمریٹس کی ایک اور شہر کے لیے پروازیں بحال

    ایمریٹس کی ایک اور شہر کے لیے پروازیں بحال

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی ایئر لائن ایمریٹس جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے لیے اپنی پروازیں دوبارہ شروع کر رہی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق ایمریٹس ایئر لائن 2 اپریل سے ٹوکیو کے ہنیڈا ایئر پورٹ کے لیے اپنی سروسز دوبارہ شروع کر رہی ہے۔

    ایمریٹس کے جدید بوئنگ 777 میں سے ایک کے ذریعے آپریٹ کیے جانے والے گیم چینجر طیارے کی پرواز ای کے 312 دبئی سے 7 بج کر 50 منٹ پر روانہ ہوگی اور 10 بج کر 35 منٹ پر ہنیڈا پہنچے گی۔

    واپسی کی پرواز ای کے 313 ہنیڈا ایئر پورٹ سے 12 بج کر 5 منٹ پر روانہ ہوگی اور 6 بج کر 20 منٹ پر دبئی پہنچے گی۔

    وام کے مطابق ایمریٹس کی پرواز کی بحالی جاپان میں وبا کے بعد سفر اور سیاحت کی بحالی کے لیے ایئر لائن کے مسلسل تعاون کو ظاہر کرتی ہے۔

    ایمریٹس کی ہنیڈا میں بحالی سے مارکیٹ میں ایئر لائن کے آپریشنز کو مزید فروغ ملے گا۔

  • ایمرٹس کے لیے دنیا کی محفوظ ترین ایئر لائن کا اعزاز

    ایمرٹس کے لیے دنیا کی محفوظ ترین ایئر لائن کا اعزاز

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی ایئر لائن ایمرٹس مسلسل دوسرے سال دنیا کی محفوظ ترین ایئر لائن قرار پائی ہے، ابو ظہبی کی فضائی کمپنی اپنے سائز کی وجہ سے عالمی فہرست میں جگہ نہیں بنا سکی۔

    اماراتی ویب سائٹ کے مطابق دبئی کے فلیگ شپ کیریئر ایمرٹس کو مسلسل دوسرے سال دنیا کی محفوظ ترین ایئر لائن کا درجہ مل گیا، ایئر لائن نے 95 اسکور حاصل کیا۔

    جیٹ ایئر لائن کریش ڈیٹا ایویلیو ایشن سینٹر کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا کہ کے ایل ایم کو 93.31 فیصد کے اسکور کے ساتھ دنیا کی دوسری محفوظ ترین ایئر لائن قرار دیا گیا۔

    امریکی ایئر لائنز جیٹ بلیو اور ڈیلٹا ایئر لائنز کو بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر رکھا گیا جبکہ ایزی جیٹ نے پانچویں پوشین حاصل کی۔

    رپورٹ کے مطابق خلیجی ممالک میں اتحاد ایئر ویز سرفہرست رہی، ابو ظہبی کی فضائی کمپنی اپنے سائز کی وجہ سے عالمی فہرست میں جگہ نہیں بنا سکی۔ یورپ میں ایزی جیٹ، ٹرانس ایویا، ایئر یورپ، فن ایئر، کے ایل ایم اور نارویجن کو براعظم کی محفوظ ترین ایئر لائن کا درجہ دیا گیا۔

    انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے اس سے قبل پیشن گوئی کی تھی کہ وبا کی وجہ سے 2022-2020 کے دوران عالمی ایئر لائن انڈسٹری کا نقصان 201 بلین ڈالر تک پہنچ جائے گا۔

    ڈائریکٹر جنرل ولی والش نے کہا تھا کہ ایئر لائنز کے لیے کرونا وائرس کے بحران کی شدت بہت زیادہ ہے، اس مدت کے دوران ان کا کل نقصان 200 بلین ڈالر تک پہنچ سکتا ہے۔

  • ایمرٹس ایئر لائن کا کرایوں میں 50 فیصد رعایت کا اعلان

    ایمرٹس ایئر لائن کا کرایوں میں 50 فیصد رعایت کا اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے 50 ویں قومی دن کے موقع پر ایمرٹس ایئر لائن نے مختلف مقامات کے لیے کرایوں میں رعایت کا اعلان کیا ہے۔

    اس میں ایک پیشکش ان افراد کے لیے ہے جو اگر بچوں کے ساتھ سفر کر رہے ہوں تو ان کے کرایوں میں 50 فیصد رعایت ملے گی۔

    ایمریٹس کے مطابق ویک اینڈ کے لیے عموماً کرایے 13 سو 95 درہم سے شروع ہوتے ہیں جن میں رعایت کی گئی ہے۔

    علاوہ ازیں لندن، بینکاک، کویت، نیویارک اور ماریشس کے لیے فضائی ٹکٹوں پر بھی خصوصی رعایت دی گئی ہے۔

    ایمریٹس ہالیڈیز کے ساتھ پیکج بک کروانے پر مسافر ہوٹلوں کی بکنگ پر بھی 50 فیصد رعایت سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

  • امارات ایئر لائن کا سعودی عرب اور سینٹ پیٹرز برگ کے لیے دوبارہ پروازیں شروع کرنے کا اعلان

    امارات ایئر لائن کا سعودی عرب اور سینٹ پیٹرز برگ کے لیے دوبارہ پروازیں شروع کرنے کا اعلان

    ابو ظہبی: امارات ایئر لائن نے اعلان کیا ہے کہ وہ 11 ستمبر سے سعودی عرب اور 8 اکتوبر 2021 سے روسی شہر سینٹ پیٹرز برگ کے لیے دوبارہ اپنی سروسز شروع کرے گی۔

    اماراتی ویب سائٹ کے مطابق امارات ایئر لائن ہفتے سے سعودی عرب کے لیے 24 ہفتہ وار پروازیں شروع کرے گی جن میں دارالحکومت ریاض، جدہ اور دمام کے لیے روزانہ پروازیں جبکہ مدینہ کی تین ہفتہ وار پروازیں شامل ہیں۔

    ریاض کے لیے پروازیں 16 ستمبر سے دوگنی ہوجائیں گی جبکہ ستمبر کے آخر تک دوسرے گیٹ ویز پر تعداد بڑھانے کے منصوبے بھی جاری ہیں۔

    8 اکتوبر سے دبئی اور روسی شہر سینٹ پیٹرز برگ کے درمیان پروازیں ہفتے میں 4 بار چلیں گی، ایئر لائن 21 اکتوبر سے روزانہ کی پروازوں میں اپنی سروسز بڑھا دے گی۔

    تمام پروازیں بوئنگ 777 پر 3 کلاس ترتیب میں چلیں گی، امارات کی پرواز ای کے 173 اور 174 پیر، بدھ اور جمعہ کو چلے گی جبکہ ای کے 175 اور 176 منگل، جمعرات، ہفتے اور اتوار کو آپریٹ ہوں گی۔

  • کرونا ویکسین یا ہر ہفتے 150 درہم

    کرونا ویکسین یا ہر ہفتے 150 درہم

    ابوظبی: دنیا بھر میں کرونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے کرونا ویکسی نیشن جاری ہے، ایسے میں متحدہ عرب امارات میں ایک اہم فیصلہ سامنے آیا ہے۔

    امارات کی قومی فضائی کمپنی ایمریٹس نے اپنے عملے سے کہا ہے کہ وہ پہلی فرصت میں کرونا ویکسین لگوا لیں یا ہر ہفتے ڈیڑھ سو درہم ادا کریں۔

    فضائی کمپنی ایمریٹس کا کہنا ہے کہ یہ پابندی کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے مؤثر اور محفوظ ترین وسیلے ویکسین کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے لگائی گئی ہے۔

    امارات ایئر نے بیان میں کہا کہ جن کارکنان نے اب تک کرونا ویکسین نہیں لی ہے انھیں یکم اپریل 2021 سے اپنے خرچ پر ہر ہفتے پی سی آر کرانا ہوگا۔

    بیان کے مطابق امارات ایئر کے 5 ہزار کارکنان اب تک کرونا ویکسین لے چکے ہیں، جن میں پائلٹس، ایئر ہوسٹس اور دیگر فضائی عملہ شامل ہے، جب کہ الامارات گروپ کے کارکنان بھی ہزاروں کی تعداد میں ویکسین لگوا چکے ہیں۔

    یاد رہے کہ دبئی میں کرونا ٹیسٹ کی فیس 150 درہم کے لگ بھگ ہے، اس فیس میں لیبارٹری ٹیسٹ، رزلٹ رپورٹ سمیت تمام اخراجات شامل ہیں۔

    الامارات گروپ نے ویکسین کی سہولت کلینکس میں مہیا کر رکھی ہے جب کہ ویکسین سینٹرز میں بھی یہ سہولت دستیاب ہے۔

  • کرونا وائرس: فضائی آپریشنز معمول پر آنے میں 4 سال لگ سکتے ہیں؟

    کرونا وائرس: فضائی آپریشنز معمول پر آنے میں 4 سال لگ سکتے ہیں؟

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی ایمریٹس ایئر لائن کے صدر ٹم کلارک کا کہنا ہے کہ کمپنی کے آپریشنز معمول پر آنے میں 4 سال کا عرصہ لگ سکتا ہے، آئندہ 6 سے 9 ماہ انتہائی مشکل ہوں گے۔

    متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی ایمریٹس ایئر لائن کے صدر ٹم کلارک نے کہا ہے کہ کمپنی کے آپریشنز کو کچھ حد تک معمول پر آنے میں 4 سال کا عرصہ لگ سکتا ہے۔

    ٹم کلارک کا کہنا تھا کہ سال 23-2022 اور 24-2023 تک حالات کچھ حد تک معمول پر آنا شروع ہوں گے اور کمپنی ماضی کی طرح ایک مرتبہ پھر اپنے آپریشن مکمل طور پر بحال کرنے کے قابل ہوگی۔

    ایمریٹس پہلے ہی اپنے کئی ملازمین کو برطرف کرنے کا اعلان کر چکی ہے، ایمریٹس کمپنی 1 لاکھ ملازمین پر مشتمل ہے اور 270 بڑے جہازوں کی مالک ہے۔

    کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث کمپنی نے اپنے آپریشن مارچ کے آخر میں معطل کر دیے تھے، جو صرف بیرون ممالک میں پھنسے مسافروں کی واپسی کے لیے دو ہفتوں بعد بحال کیے گئے۔

    ایمریٹس کے صدر ٹم کلارک کا کہنا ہے کہ کچھ فضائی کمپنیاں کرونا سے پیدا ہونے والے معاشی حالات کا مقابلہ نہ کرنے کے باعث بند ہو جائیں گی، آئندہ 6 سے 9 ماہ انتہائی مشکل ہوں گے، اس سے پہلے کبھی ہمیں ایسی خوفناک صورتحال کا سامنا نہیں رہا۔

    دوسری جانب انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ سنہ 2020 میں بین الاقوامی فضائی کمپنیوں کو 314 ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑے گا۔ یوں گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال محصولات میں مزید 55 فیصد کمی ہو جائے گی۔

    ٹم کلارک کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں فضائی کمپنیاں معاشی مسائل سے دو چار ہیں جس کی وجہ سے جہازوں کی خریداری بھی متاثر ہو رہی ہے۔

  • برطانیہ سے دبئی، براہ راست فضائی پروازوں کے نئے روٹس

    برطانیہ سے دبئی، براہ راست فضائی پروازوں کے نئے روٹس

    لندن : کاؤنٹیز سے دبئی کے لیے براہ راست پروازوں کے لیے تین نئے طیاروں بوئنگ 700-300 کے ساتھ آپریشن کا آغاز جلد کیا جائے گا۔

    اس بات کا اعلان متحدہ عرب امارات کی قومی ایئرلائن نے کیا جس کے تحت دبئی کو برطانیہ کی مختلف کاؤنٹیز کے ساتھ براہ راست پروازوں کے ذریعے منسلک کردیا جائے گا۔

    ایئرلائن کے مطابق ان طیاروں کی آمد سے برطانیہ سے دبئی کے لیے سات روٹس پر ایک ہفتے میں بلا تعطل 133 پروازیں اڑان بھرنے لگیں گی جس کا آغاز 8 جون 2018 سے کیا جائے گا۔

    اس مقصد کے لیے حاصل کیے گئے تین نئے طیاروں میں 6 فرسٹ کلاس، 42 بزنس کلاس اور 306 اکنامومی کلاس نشستیں موجود ہیں اور کرایہ نہایت مناسب رکھا گیا ہے۔

    سب سے خاص بات ان نان اسٹاپ پروازوں کے لیے لندن کے ہیتھرو، گیٹوک اور اسینسٹڈ ایئرپورٹ، برمنگھم، مانچسٹر اور نیوکاسٹل ایئرپورٹ کو منتخب کیا گیا ہے۔

    ترجمان ایئرلائن کے مطابق برطانیہ کے بڑے شہروں میں دبئی کے لیے پروازیں موجود تھیں تاہم کاؤنٹیز کے رہائشیوں کو براہ راست پرواز کا حصول ناممکن تھا جسے مد نظر رکھتے ہوئے نئی پروازوں کا فیصلہ کیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو تفریحی اور معاشی سرگرمیوں کے لیے جوڑے رکھنا اولین ترجیح ہے جسے مد نظر رکھتے ہوئے نئی فضائی گذرگاہوں اور پروازوں کا آغاز کرنے جا رہے ہیں اور قوی امید ہے اچھا ردعمل دیکھنے کو ملے گا۔