Tag: ایم آر آئی مشین

  • ایم آر آئی مشین نے قریب کھڑے شخص کو کھینچ لیا، دوران علاج ہلاک

    ایم آر آئی مشین نے قریب کھڑے شخص کو کھینچ لیا، دوران علاج ہلاک

    نیویارک : امریکا کے ایک اسپتال میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک 61 سالہ شخص ایم آر آئی مشین میں کھنچ جانے کے باعث  جان کی بازی ہار گیا۔

    لانگ آئی لینڈ میں واقع نساؤ کاؤنٹی پولیس ڈیپارٹمنٹ کے پریس ریلیز کے مطابق یہ واقعہ بدھ کی دوپہر نیویارک کے ایک طبی مرکز (ویسٹبری میں واقع "نساؤ اوپن ایم آر آئی”) میں پیش آیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارےکی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ مذکورہ شخص ایک بڑی دھاتی چین پہنے ہوئے بغیر اجازت اس کمرے میں داخل ہوگیا جہاں ایم آر آئی مشین چل رہی تھی۔

    اچانک وہ شخص ایم آر آئی مشین کی جانب کھنچتا چلاگیا جس کے باعث اسے شدید جسمانی چوٹیں آئیں اور حالت تشویشناک ہونے پر اسے فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ اگلے دن، گزشتہ روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

    واضح رہے کہ ایم آر آئی مشین ایک انتہائی طاقتور مقناطیسی کشش پیدا کرتی ہے، جو جسم کے اندر کی تصاویر بنانے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ جب یہ شخص دھاتی چین کے ساتھ مشین کے قریب گیا تو زبردست کشش کی وجہ سے وہ اچانک مشین کی طرف کھنچتا چلا گیا۔

    اس سلسلے میں امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے عوام الناس کیلیے ہدایات جاری کی ہیں جس میں کہا ہے کہ یاد رکھیں !! ایم آر آئی مشین کی مقناطیسی طاقت کی وجہ سے کسی بھی قسم کی دھات کو اس کے پاس لے کر جانا خطرناک ہوتا ہے لہٰذا لازمی احتیاط کریں۔

    رپورٹ کے مطابق ایم آر آئی مشین میں جانے سے پہلے مریضوں کو عموماً مخصوص لباس پہننے کو کہا جاتا ہے اور ان سے یہ بھی پوچھا جاتا ہے کہ آیا ان کے جسم میں کوئی دھاتی پیس، ایمپلانٹ یا زیور تو نہیں۔

     

  • خیبرپختونخوا میں ایم آرآئی مشین کے غائب ہونے کا انوکھا اور حیرت انگیز واقعہ

    خیبرپختونخوا میں ایم آرآئی مشین کے غائب ہونے کا انوکھا اور حیرت انگیز واقعہ

    پشاور : ایوب ٹیچنگ اسپتال سے ایم آر آئی مشین کی مبینہ چوری کا معاملہ کے پی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے نوٹس لے لیا، اتنی بڑی اور وزنی مشین کوزمین کھاگئی یا آسمان نگل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں ایم آرآئی مشین کے غائب ہونے کا انوکھا اور حیرت انگیز واقعہ سامنے آیا۔

    اتنی بڑی اور وزنی مشین کوزمین کھا گئی یا آسمان نگل گیا، ایوب ٹیچنگ اسپتال سے ایم آرآئی مشین کی مبینہ چوری کا معاملہ کے پی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے نوٹس لے لیا۔

    اجلاس میں سیکرٹری اور ڈی جی صحت کی غیرحاضری پر کمیٹی ارکان نے برہمی کا اظہار کیا۔

    چیئرمین کمیٹی مشتاق غنی نے محکمہ صحت کے اہلکاروں کو اجلاس سے نکال دیا اور کہا ہم یہ ماننے کو تیار نہیں کہ ایم آر آئی مشین گم ہوئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اتنے اہم اجلاس میں سیکرٹری اور ڈی جی صحت کی غیر حاضری ناقابل برداشت ہے، آئندہ کسی افسر کی غیرحاضری برداشت نہیں کریں گے۔

    خیال رہے سال 2023 کی آڈٹ رپورٹ میں بھی ایوب میڈیکل کمپلیکس میں دو کروڑ روپے کی مالی بے ضابطگیاں سامنے آئی تھیں۔

    اس حوالے پی ٹی آئی رہنما مشتاق غنی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ایوب میڈیکل کمپلیکس کی بدقسمتی ہے یہاں کوئی مستقل اسٹاف نہیں آتا، ایوب میڈیکل کمپلیکس میں بی او جی سسٹم ہے،صوبائی حکومت کاعمل دخل محدود ہے۔

    مشتاق غنی کا کہنا تھا کہ ایوب میڈیکل کمپلیکس کی آڈٹ رپورٹ پی اےسی میں دیکھی جائے گی، جو بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں اب ہم انہیں چھوڑیں گے نہیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی چاہتے ہیں ایسی بے ضابطگیوں کا سدباب ہو، بے ضابطگیوں میں ملوث افراد سے ریکوری کی جائے گی۔

    رہنما پی ٹی آئی کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں لوٹ مار کا بازار گرم ہے، کے پی میں ایسی صورت حال نہیں، کے پی میں گڈ گورننس ہے اور کوئی کرپشن نہیں، کرپشن کرنے والوں کوسزا دے کر ریکوری کی جاتی ہے۔