Tag: ایم فل اور پی ایچ ڈی

  • جامعہ کراچی میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کی فیسوں میں تیسری بار اضافہ ،  طلبا پریشان

    جامعہ کراچی میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کی فیسوں میں تیسری بار اضافہ ، طلبا پریشان

    کراچی : جامعہ کراچی میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کی فیسوں میں مسلسل تیسرے اضافے سے طلبا پریشان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی میں پوسٹ گریجویٹ پروگرامز کی فیسوں میں مسلسل تیسرے سال بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔

    یونیورسٹی انتظامیہ نے ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کی فیس میں مزید 10 فیصد اضافہ کرتے ہوئے تعلیمی اخراجات طلبہ کی پہنچ سے دور کر دیے ہیں۔

    سال 2023 میں فی سمسٹر ایم فل کی فیس 38,500 روپے جبکہ پی ایچ ڈی کی فیس 44,000 روپے تھی۔ تاہم، گزشتہ سال یہ فیسیں دگنی سے بھی زیادہ ہو کر ایک لاکھ روپے سے تجاوز کر گئیں۔

    رواں سال ایم فل کی فی سمسٹر فیس بڑھا کر 1 لاکھ 32 ہزار روپے کر دی گئی ہے، جبکہ پی ایچ ڈی کی فیس 1 لاکھ 65 ہزار روپے تک جا پہنچی ہے۔

    فیسوں میں اس تسلسل سے ہونے والے اضافے پر طلبہ اور ان کے والدین نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تعلیم پہلے ہی مہنگی ہو چکی ہے، اور اس اضافے سے اعلیٰ تعلیم غریب اور متوسط طبقے کے لیے مزید ناقابلِ رسائی بنتی جا رہی ہے۔

    اس حوالے سے وائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکٹر خالد عراقی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال 10 فیصد فیس بڑھانے کی منظوری پہلے ہی یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ سے دی جا چکی ہے۔ ان کے مطابق فیسوں میں یہ اضافہ "مارکیٹ ویلیو” اور سرکاری فنڈنگ میں کمی کے باعث ناگزیر ہو گیا ہے۔

    یونیورسٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ محدود بجٹ اور بڑھتے ہوئے تعلیمی اخراجات کے پیش نظر انتظامیہ کو یہ اقدام اٹھانا پڑا، تاہم فیسوں میں نرمی یا اسکالرشپ کے لیے کوئی متبادل پالیسی فی الحال متعارف نہیں کرائی گئی۔

  • رقم  دگنی ،  ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلباء کیلئے بڑی خوشخبری

    رقم دگنی ، ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلباء کیلئے بڑی خوشخبری

    لاہور : ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلبا کو تحقیق کی مد میں ملنے والی رقم کو دگنا کر دیا گیا جبکہ ریسرچ پیپر شائع کرنے پر ایک سال کی فیس کے برابر اعزازیہ بھی ملے گا۔

    تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے طلبا کی ریسرچ گرانٹ میں 100فیصد اضافے کا فیصلہ کرلیا گیا ، فیصلہ پروفیسر جاوید اکرم کی زیر صدارت ایم فل پی ایچ ڈی کمیٹی اجلاس میں کیا گیا۔

    ایم فل، پی ایچ ڈی طلبہ کو تحقیق کی مد میں ملنے والی رقم کو دگنا کر دیا ہے، جس کے تحت ایم فل کے لیے ریسرچ گرانٹ سوا لاکھ سے بڑھا کر ڈھائی لاکھ اور پی ایچ ڈی کے لیے ریسرچ گرانٹ پونے 4لاکھ سےبڑھاکر ساڑھے 7لاکھ روپے کردی گئی۔

    اس کے علاوہ طلبہ کو ریسرچ پیپر شائع کرنے پر ایک سال کی فیس کے برابر اعزازیہ بھی ملے گا۔