Tag: ایم ڈی اے

  • سندھ حکومت نے ایم ڈی اے کے ایڈیشنل ڈی جی کو عہدے سے ہٹا دیا

    سندھ حکومت نے ایم ڈی اے کے ایڈیشنل ڈی جی کو عہدے سے ہٹا دیا

    کراچی:سندھ حکومت نے ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) کے ایڈیشنل ڈی جی کو عہدے سے ہٹا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے ایڈیشنل ڈی جی، ایم ڈی اے سہیل خان کو عہدے سے برطرف کر دیا، سہیل خان نے سیلاب متاثرین کی آڑ میں سرکاری زمین پر قبضہ کیے جانے کی نشان دہی کی تھی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرین کو الاٹ کی گئی جگہ کی بجائے سرکاری اراضی پر آباد کیا جا رہا تھا، اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈی جی ایم ڈی اے نے متعدد بار سندھ حکومت کو خط بھیجا۔

    خط میں سہیل خان نے لکھا کہ لوگوں کو الاٹ کی گئی زمین پر لینڈ مافیا کی جانب سے سیلاب متاثرین کو آباد کیا جا رہا ہے۔ تاہم، متعدد بار خط لکھنے کے باوجود بھی سندھ حکومت کی جانب سے نوٹس نہیں لیا گیا۔

    اور اب سندھ حکومت نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سہیل خان ہی کو ان کے عہدے سے فارغ کر دیا ہے۔

  • کراچی کی قیمتی اراضی کوڑیوں کے مول ٹھکانے لگانے کا منصوبہ ناکام

    کراچی کی قیمتی اراضی کوڑیوں کے مول ٹھکانے لگانے کا منصوبہ ناکام

    کراچی: وزیر بلدیات ناصر شاہ اور ڈی جی ایم ڈی اے نے کراچی کی قیمتی اراضی کوڑیوں کے مول ٹھکانے لگانے کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق افسران اور مافیا کی ملی بھگت سے ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی 30 ایکڑ اراضی نجی کوآپریٹو سوسائٹی کو الاٹ کی جا رہی تھی، معاملہ کا پتا چلنے پر وزیر بلدیات سندھ نے نوٹس لیا۔

    قیمتی اراضی کوڑیوں کے مول ٹھکانے لگانے کے منصوبے میں ملوث افسران کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے، ذرائع محکمہ بلدیات کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں ڈی جی ایم ڈی اے عمران عطا سومرو کو فوری تحقیقات کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

    وزیر بلدیات کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل نے کارروائی کرتے ہوئے ایم ڈی اے کے ڈائریکٹر اسٹیٹ اور ڈائریکٹر ٹاﺅن پلاننگ کو عہدوں سے برطرف کر دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گورننگ باڈی سے منظوری لیے بغیر نیشنل ہائی وے پر واقع اراضی کینجھر جھیل نامی کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کو الاٹ کرنے کا منصوبہ تھا۔

    قیمتی اراضی کو غیر قانونی طور پر فروخت کرنے کے خلاف ایڈیشنل ڈی جی ایم ڈی اے ناصر خان اور دیگر افسران کے خلاف بھی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، محکمہ بلدیات کے محکمہ جاتی نوٹ شیٹ میں اراضی کی جعلی الاٹمنٹ کو ظاہر کر کے منظوری دی گئی تھی۔

    ایم ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی وے پر مذکورہ زمین مستقبل میں ہاؤسنگ اسکیم کے لیے مختص کی گئی تھی۔

    وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ الزام ثابت ہونے پر مزید افسران برطرف کیے جائیں گے۔

  • کراچی: برسوں سے تکمیل کی منتظر ہاؤسنگ اسکیمز کے سلسلے میں خوش خبری

    کراچی: برسوں سے تکمیل کی منتظر ہاؤسنگ اسکیمز کے سلسلے میں خوش خبری

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں برسوں سے تکمیل کی منتظر ہاؤسنگ اسکیمز سے متعلق ایم ڈی اے نے فیصلہ کیا ہے کہ انھیں جلد آپریشنل کیا جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملیر ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) کے آفس میں ڈائریکٹر جنرل محمد سہیل کی صدارت میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اراضی کی مافیا سے واگزاری سمیت مختلف ہاؤسنگ اسکیمز سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

    نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ ، گھروں کی تعمیر سے متعلق اہم خبر آگئی

    اجلاس میں ایم ڈی اے کی اراضی سے مافیا کا قبضہ ختم کرانے کے لیے آپریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے، مافیا کے خلاف جوائنٹ آپریشن میں پولیس اور رینجرز سے مدد لی جائے گی، ایم ڈی اے کی مختلف اسکیموں پر قبضہ کر کے گوٹھ آباد اسکیمیں بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    ملیر کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ

    اجلاس میں کراچی والوں کے لیے ہاؤسنگ اسکیمز کو جلد آپریشنل کرنے کا اعلان بھی کیا گیا، اور شاہ لطیف ٹاؤن اسکیم، نیو ملیر ہاؤسنگ اسکیم، تیسر ٹاؤن اسکیم 45 کو جلد مکمل کر کے الاٹمنٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس میں ایم ڈی اے کے ایڈہاک اور کنٹریکٹ ملازمین کے لیے بھی خوش خبری دی گئی، ان ملازمین کو مستقل کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، 6 رکنی کمیٹی ملازمین کو مستقل کرنے کے لیے سفارشات تیار کر کے حکومت سندھ کو پیش کرے گی۔