Tag: ایم ڈی بیت المال

  • ایم ڈی بیت المال کا عہدہ آصف زرداری کے ترجمان کو ملنے کا امکان

    ایم ڈی بیت المال کا عہدہ آصف زرداری کے ترجمان کو ملنے کا امکان

    اسلام آباد: حکومت کی جانب سے ایم ڈی بیت المال کا عہدہ پیپلز پارٹی کو دیے جانے کا امکان ہے۔

    ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے ایم ڈی پاکستان بیت المال کا اعزازی عہدہ پیپلز پارٹی کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    پیپلز پارٹی کی جانب سے سابق صدر آصف زرداری کے ترجمان عامر فدا پراچہ کو عہدے کے لیے نامزد کر دیا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ عامر فدا پراچہ آئندہ ہفتے منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال کے عہدے کا چارج لیں گے۔

    ایم ڈی بیت المال کا عہدہ پی ٹی آئی کے ملک ظہیر کھوکھر کے استعفے سے خالی ہوا تھا، ماضی میں زمرد خان، بیرسٹر عابد وحید شیخ اور سینیٹر عون عباس پبی پاکستان بیت المال کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

    عامر فدا پراچہ سابق صدر آصف علی زرداری کے ترجمان ہیں، انھیں آصف علی زرداری نے مارچ 2018 میں اپنا ترجمان مقرر کیا تھا۔

    خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے ظہیر عباس کھوکھر گزشتہ ماہ مئی میں ایم ڈی بیت المال کے عہدے سے مستعفی ہوئے ہیں، انھیں سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپریل 2021 میں بیت المال کے مینجنگ ڈائریکٹر کی پوسٹ پر تعینات کیا تھا۔

  • کوئٹہ، برف باری میں جوتے پالش کرنے والے بچے کو مالی مدد فراہم کردی گئی

    کوئٹہ، برف باری میں جوتے پالش کرنے والے بچے کو مالی مدد فراہم کردی گئی

    کوئٹہ: صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں برف باری میں جوتے پالش کرنے والے بچے کو مالی مدد فراہم کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ایم ڈی بیت المال کا کہنا ہے کہ بچے اسد اللہ کے والد محمد شفیع کو مالی مدد فراہم کردی گئی ہے، بچے کا اداراہ ہذا کے زیر انتظام اسکول میں داخلہ بھی کرادیا گیا ہے۔

    ایم ڈی بیت المال کے مطابق بچے کو یونیفارم، جوتے، کتابیں، اسکول بیگ مہیا کیا گیا ہے، بچے کو ماہانہ وظیفہ اور دیگر سہولتیں بھی دی جائیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ بچے کی گریجویشن تک تعلیمی اخراجات ادارہ برداشت کرے گا، واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر بیت المال کی ٹیم بچے کے گھر پہنچی تھی۔

    یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے کوئٹہ کے ایک کمسن بچے کی ویڈیو نے درد دل رکھنے والے ہر شخص کو افسردہ کردیا تھا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شدید سرد موسم میں بچہ فٹ پاتھ پر بیٹھا ہے اور اس کے سامنے جوتے پالش کرنے کا برش اور دیگر سامان رکھا ہوا ہے۔

    خیال رہے کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں شدید سردی کی لہر جاری ہے ایسے میں شدید برفباری کے دوران روزگار کمانے کے لیے باہر نکلے ہوئے ننھے بچے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔