Tag: ایم کیوایم لندن

  • کراچی، ایم کیوایم لندن کے دو ٹارگٹ کلرز گرفتار

    کراچی، ایم کیوایم لندن کے دو ٹارگٹ کلرز گرفتار

    کراچی : کرائم برانچ نے متحدہ قومی موومنٹ لندن سے تعلق رکھنے والے 2 ٹارگٹ کلرز کو حراست میں لے لیا ہے ملزمان نے دوران ہڑتال پولیس موبائل پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے الفلاح میں کرائم برانچ ٹو نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے قتل، بھتہ خوری اور جلاؤ گھیراؤ میں مطلوب دو خطرناک ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کر لیا ہے۔

    ایس ایس پی کرائم برانچ طارق مغل نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ دونوں ٹارگٹ کلرز کا تعلق ایم کیو ایم کے لندن گروپ سے ہے جنہوں نے 2011 میں دورانِ ہڑتال پولیس موبائل پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار آفتاب شاہ شہید ہوگیا تھا جب کہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔

    دونوں دہشت گردی مزید کارروائی کی تیاری کررہے تھے، پولیس

    ایس ایس پی کرائم برانچ کا کہنا ہے کہ کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد کی گئی جس میں بتایا گیا تھا کہ دونوں دہشت گرد علاقے میں موجود ہیں اور کسی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

    ایس ایس پی طارق مغل نے بتایا کہ ملزمان متحدہ قومی موومنٹ لندن گروپ کے الفلاح یونٹ کے ذمہ داران ہیں اور دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں بھی مطلوب تھے۔

  • متحدہ لندن کے 14 کارکنان جوڈیشل ریمانڈ پرجیل روانہ

    متحدہ لندن کے 14 کارکنان جوڈیشل ریمانڈ پرجیل روانہ

    کراچی: عزیز آباد میں ہنگامہ آرائی کرنے کے الزام میں گرفتار متحدہ قومی موومنٹ لندن کے درجنوں کارکنان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، حیدرآباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 14 کارکنوں کو جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیج دیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز عزیز آباد کے علاقے لیاقت علی خان چوک پر ہنگامہ آرائی، وال چاکنگ اور جھنڈے لگانے کے الزام میں گرفتار متحدہ قومی موومنٹ لندن کے 15 کارکنان کے خلاف عزیز آباد پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔

    مقدمہ سرکارکی مدعیت میں عزیز آباد تھانے میں درج کیا گیا ہے جس میں بلوہ، ہنگامہ آرائی اوراشتعال انگیزی کی دفعات لگائی گئی ہیں۔

    یاد رہے کہ جمعے کو متحدہ لندن کے کارکنوں نے یاد گارشہداء پر حاضری سے روکنے پر نائن زیرو کےاطراف سڑک بلاک کرکے احتجاج کیا تھا۔

    دریں اثناء حیدر آباد پکا قلعہ میں ہنگامہ آرائی کے الزم میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے متحدہ لندن کے 14 کارکنان کو جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیج دیا۔

    ملزمان پر ہنگامہ آرائی اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یوم شہدا کے موقع پر حیدر آباد میں پکا قلعہ پر مہاجر شہداء کی قبروں پر جانے والے ایم کیو ایم لندن کے کارکنان کے خلاف پولیس نے دہشت گردی ایکٹ اور ہنگامہ آرائی کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا۔ مقدمے میں پولیس نے 14 کارکنان کو گرفتار کیا۔

  • ایم کیو ایم رہنماؤں کی گرفتاریاں قابل مذمت ہیں، رہا کیا جائے، ندیم نصرت

    ایم کیو ایم رہنماؤں کی گرفتاریاں قابل مذمت ہیں، رہا کیا جائے، ندیم نصرت

    لندن : ایم کیوایم لندن کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر ندیم نصرت نے رہنماؤں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے گرفتار رہنماؤں کی فی الفور رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم لندن کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر ندیم نصرت نے کہا ہے کہ رہنماؤں کی گرفتاری قابل مذمت ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کو پرامن سیاسی سرگرمیاں کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے، ندیم نصرت نے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ارکان پروفیسر حسن ظفر عارف، کنور خالد یونس ، امجداللہ اور ظفر راجپوت کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر حسن ظفر ایک سینئر پروفیسر ہیں، کنور خالد یونس تین مرتبہ رکن سندھ اسمبلی رہ چکے ہیں انہیں کسی قانونی جواز کے بغیر گرفتار کیاگیا ہے۔

    ندیم نصرت نے مطالبہ کیا کہ پروفیسر حسن ظفر،کنور خالد یونس کو فی الفور رہا کیا جائے ،انہوں نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے اس ظلم پر صدائے احتجاج بلند کرنے کا مطالبہ کیا، اپنے ایک جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ریاستی طاقت کے ذریعے ایم کیو ایم کوختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

    ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ارکان پروفیسر حسن ظفر عارف اور کنور خالد یونس کی گرفتاری کھلا ظلم ہے، کالعدم تنظیمیں کھلے عام سرگرمیاں کررہی ہیں،پی ٹی آئی نے اسلام آباد کو بند کرنے کا اعلان کیاہے لیکن اس کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔

    انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ارکان کو یادگار شہداء پر حاضری سے روکا جارہا ہے اور انہیں پریس کانفرنس کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ،پروفیسر حسن ظفر ایک سینئر پروفیسر ہیں، کنور خالد یونس تین مرتبہ رکن سندھ اسمبلی رہ چکے ہیں انہیں کسی قانونی جواز کے بغیر گرفتار کیاگیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی جمہوریت کی علمبردار بنتی ہے اس کی سندھ حکومت کے دور میں ایک بار پھر ایم کیو ایم کی جمہوری اور سیاسی آزادیوں کو سلب کیا جارہا ہے۔

    آپریشن صرف ایم کیو ایم کو کچلنے کیلئے کیا جارہا ہے اور ایم کیو ایم کو دیوار سے لگایاجارہا ہے، ندیم نصرت نے مطالبہ کیا کہ پروفیسر حسن ظفر،کنور خالد یونس کو فی الفور رہا کیا جائے۔

    ایم کیو ایم کے رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری کا سلسلہ بند کیا جائے ، ایم کیو ایم کے خلاف ریاستی طاقت کا استعمال بند کیا جائے، انسانی حقوق کی تنظیمیں اس ظلم پر صدائے احتجاج بلند کریں۔