Tag: ایم کیو ایم احتجاج

  • ایم کیو ایم آج الیکشن کمیشن دفاترکے باہر احتجاجی مظاہرے کرے گی

    ایم کیو ایم آج الیکشن کمیشن دفاترکے باہر احتجاجی مظاہرے کرے گی

    کراچی : نامزد مئیر  وسیم اختر نے کہا ہے کہ  حکومت سندھ اپنی چالبازیوں کے ذریعے مئیر، ڈپٹی مئیر اور ڈسٹرکٹ چیئرمین کے انتخابات کو  گھسیٹ کر عدالت لے جاتی ہے اور کبھی الیکشن کمیشن اس گیند کو عدالت کی کورٹ میں پھینک دیتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب پر نامزمئیر ، ڈپٹی مئیر اور بلدیاتی امیدواران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ ’’ مئیر، ڈپٹی مئیر اور ڈسٹرکٹ چیئرمین کے انتخابات کو ملتوی کئے جانے کے خلاف آج کراچی سمیت سندھ کے شہری علاقوں حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص، نوابشاہ  میں تمام بلدیاتی امیدواران صوبائی الیکشن کمیشن کے باہر پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ میئر، ڈپنی مئیر اور ڈسٹرکٹ چیئرمین کے انتخابات کو ایک سازش کے تحت  مسلسل تاخیر کی جارہی ہے اور سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اس عمل میں رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں۔

    انہوں نے سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ میئر ، ڈپٹی میئر اور ڈسٹرکٹ چیئرمین کے انتخاب ملتوی کئے جانے کا از خود نوٹس لیں اور فی الفور انتخابات کا حکم جاری کریں ۔ انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سمیت تمام ارباب اختیار سے مطالبہ کیا کہ خدارا کراچی اور سندھ دشمنی بند کی جائے اور میئر ، ڈپٹی میئر اور ڈسٹرکٹ چیئرمین کے انتخابات فی الفور کرائے جائیں۔

     

  • متحدہ کارکنوں کی گمشدگی، حکام سے جواب طلب

    متحدہ کارکنوں کی گمشدگی، حکام سے جواب طلب

    کراچی: سندھ ہائی کورٹ نےایم کیو ایم کے دو کارکنوں کی گمشدگی کیخلاف درخواست پرڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ پولیس اور ہوم سیکریٹری سے جواب طلب کرلیا۔ کراچی کے علا قے پاور ہاوس میں پولیس کی گرفتاریوں کے خلاف عوام کی جانب سے احتجاج اور سڑکیں بلاک کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نےایم کیو ایم کے دو کارکنوں کی گمشدگی کیخلاف درخواست پرحکام سے جواب طلب کرلیا۔ لاپتہ کارکنان کے اہلخانہ نے سندھ ہائی کورٹ میں موقف اختیار کیا کہ عزیر اور محمود کو چوبیس اکتوبر کو گرفتار کیا گیا تھا۔ عزیر کو گارڈن اور محمود کوکھارادر سے حراست میں لیا گیا تھا۔

    درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی کہ زیر حراست افرادنے کوئی جرم کیا ہے تواُنھیں متعلقہ عدالت میں پیش کرنےکاحکم دیا جائے۔ عدالت نےحکام سےجواب طلب کرتے ہوئےسماعت بیس نومبر تک ملتوی کردی۔

    دوسری جانب کراچی کے علا قے پاورہاؤس میں پولیس کی جانب سے گرفتاریوں کے خلاف شہریوں نے سڑکیں بلاک کر کے مظاہرہ کیا اور شکوہ کیا کہ پولیس چاردیواری کاتقدس پامال کررہی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پاور ہاوس اور اطراف کے علاقوں میں رینجرز کی جانب سے چھاپے اور گرفتاریوں کے کیخلاف آج صبح علاقہ مکینوں نے روڈ بلاک کردی جس کے باعث ٹریفک معطل ہوگیا ۔ مشتعل افراد نے ٹائر نظر آتش کئیے اور رینجرز و پولیس کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ علاقے میں صورتحال پر قابو پانے کیلئے پولیس اور رینجرز کی بھاری تعینات کی گئی۔

    آخری اطلاعات آنے تک مظاہرین سڑکوں پر موجود تھے اور اپنے پیاروں کی رہائی کے لئے احتجاج جاری رکھے ہو ئے تھے۔