Tag: ایم کیو ایم لندن

  • ایم کیو ایم لندن کا جاوید لنگڑا نئی دہلی میں انتقال کرگیا

    ایم کیو ایم لندن کا جاوید لنگڑا نئی دہلی میں انتقال کرگیا

    ایم کیو ایم لندن کا کارکن جاوید لنگڑا نئی دہلی میں انتقال کرگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایم کیو ایم لندن کا جاوید لنگڑا 92 آپریشن کے بعد بھارت فرار ہوگیا تھا،وہ دہشت گردی سمیت درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھا۔

    جاوید لنگڑا کراچی کے علاقے لائنز ایریا سمیت دیگر علاقوں میں دہشت گردی کی سنگین وارداتوں میں ملوث تھا۔

    ذرائع کے مطابق سابق ایم کیو ایم لندن کے عہدیدار نے بھی تصدیق کی ہے اور بتایا کہ جاوید لنگڑا ڈائیلاسز پر تھا اور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھا، گزشتہ رات اسے دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔

  • ایم کیو ایم لندن سے تعلق رکھنے والا ٹارگٹ کلر مقابلے کے بعد گرفتار

    ایم کیو ایم لندن سے تعلق رکھنے والا ٹارگٹ کلر مقابلے کے بعد گرفتار

    کراچی: پولیس نے ایم کیو ایم لندن سے تعلق رکھنے والے ٹارگٹ کلر کو مبینہ مقابلے کے بعد گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں اینٹی اسٹریٹ کرائم ٹاسک فورس کا ملزمان سے مقابلہ ہوا، پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کی شناخت آصف عرف گوگا اور نواز کے ناموں سے ہوئی ہے، گرفتار زخمی ملزم آصف عرف گوگا کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے، ملزم آصف ٹارگٹ کلنگ، قتل، چوری، ڈکیتی وارداتوں میں ملوث ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزم نے کورنگی صنعتی ایریا میں پولیس افسر کو قتل کرنے کی کوشش کی تھی، ملزم آصف کی فائرنگ سے پولیس افسر شدید زخمی ہوا تھا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کورنگی مہران ٹاؤن میں 8 رکنی ڈکیت گینگ چلا رہا تھا، ملزم اپنے گینگ کے کارندوں کو ڈکیتی وارداتوں کیلئے اسلحہ فراہم کرتا تھا۔

    پولیس نے مزید بتایا کہ ملزم ساتھیوں کے ہمراہ کورنگی صنعتی ایریا اور ندی سے گزرنے والے شہریوں کو لوٹتا تھا، گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔

  • ایم کیو ایم لندن کے دہشت گرد حامد پیا کے اہم انکشافات

    ایم کیو ایم لندن کے دہشت گرد حامد پیا کے اہم انکشافات

    کراچی : ایم کیوایم لندن کے دہشت گرد حامد پیا کے اہم انکشافات پرمبنی بیان سامنے آگیا ، جس میں اس نے بتایا کہ 1993 سے لے کر مفروری تک کیا کچھ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں رینجرز اور سٹی ڈسٹرکٹ کے تھانے عیدگاہ کے ہاتھوں گرفتار ہونے والا مبینہ دہشت گرد حامد عرف پیا پولیس اہلکاراور سیاسی مخالفین کی ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث نکلا۔

    گرفتار ایم کیوایم لندن کے دہشت گرد نے اپنے بیان میں بڑے انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ 1993 سے لے کر مفروری تک کیا کچھ کیا۔

    حامد عرف پیا نے کہا کہ 1993میں ایم کیو ایم حقیقی میں شامل ہوا تھا، آفاق احمد کے کہنے پر ہڑتالیں کرتے اور دکانیں بند کراتے تھے، پولیس موبائلوں اور دکانوں پرفائرنگ کرتے تھے۔

    گرفتار دہشت گرد کا کہنا تھا کہ حقیقی میں تھاتو ایم کیو ایم کے بندے مارتے تھے، ایم کیو ایم میں شمولیت کی تو پھرحقیقی کے بندے مارے، پولیس اہلکارفاروق کوبھی مارا۔

    ملزم نے مزید بتایا کہ پولیس مقابلے میں گولی لگی جس سے ٹانگ کاٹنی پڑی، سونے کی دکانیں اور ٹرک لوٹے، ڈکیتیوں کی متعدد وارداتیں کیں۔

    حامد نے مزید کہا کہ پشاورسے آنے والا اسلحہ لیاری میں دیتا جو دہشت گردی کیلئےاستعمال ہوتاتھا ، حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کریں گے۔

  • ایم کیو ایم لندن کا انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار

    ایم کیو ایم لندن کا انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار

    کراچی : ایم کیو ایم لندن کے انتہائی مطلوب دہشت گرد حامد پیا کو گرفتار کرلیا گیا ، ملزم 1994 سے اپریل 2014 تک ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں رینجرزاورڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے عیدگاہ میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کے انتہائی مطلوب دہشت گرد حامد پیا کو گرفتار کرکے دستی بم برآمد کرلیا۔

    ترجمان رینجرز نے بتایا کہ حامدپیا 2009 تک ایم کیو ایم حقیقی کے لئےکام کر تارہا، 2009 کے بعد ملزم ایم کیو ایم لندن گروپ میں شامل ہو گیا، ملزم کراچی میں لسانی، سیاسی اورمخالفین کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے جبکہ ڈکیت گروہ کا سرغنہ بھی رہا ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزم 1994 سے اپریل 2014 تک ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہا ہے اور پولیس اہلکار کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کا بھی اعتراف کیا۔

    رینجرز نے کہا کہ ملزم نے2007سے 2008تک اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کراچی میں وارداتیں کیں، مختلف علاقوں میں بینک ڈکیتیاں کیں اور 4 جیولری شاپس سے 123 تولہ سونا لوٹا جبکہ قیمتی سامان سے بھر ے کنٹینرز کو بھی لوٹا۔

    ترجمان کے مطابق ملزم کا لیاری گینگ وار کے ساتھ بھتہ وصولی میں بھی ملوث ہونےکا انکشاف سامنے آیا ، ملزم ایم کیو ایم لندن اور لیاری گینگ وار کو ہتھیار فراہم کرتا تھا جبکہ درجنوں کلاشنکوف، ایل ایم جی اور ہزاروں ایمو نیشن بھی سپلائی کی، یہ ہتھیار کراچی میں دہشت گردی کے لئے استعمال ہوتے رہے۔

    ملزم 2014 سے سکھر، پشاور، اسلام آبادمیں روپو ش رہ چکاہے، اس کے خلاف مختلف تھانو ں میں11ایف آئی آرزبھی درج ہیں تاہم ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور ملزم کو قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

  • ایم کیو ایم لندن کا اشتہاری ٹارگٹ کلر گرفتار، ملزم کا دوران تفتیش اہم انکشاف

    ایم کیو ایم لندن کا اشتہاری ٹارگٹ کلر گرفتار، ملزم کا دوران تفتیش اہم انکشاف

    کراچی: سی ٹی ڈی کے شعبہ تفتیش نے ایم کیو ایم لندن کے اشتہاری ٹارگٹ کلر دانش کالا عرف منصوری کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے شعبہ تفتیش کی خفیہ اطلاع پر اہم کارروائی میں ایم کیو ایم لندن کا اشتہاری ٹارگٹ کلر دانش کالا عرف منصوری کو گرفتار کرلیا گیا۔

    انچارج سی ٹی ڈی چوہدری صفدر کے مطابق کارروائی سرجانی ٹاؤن بلال کالونی فور کے چورنگی پر کی گئی جہاں سے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

    ملزم نے پولیس کو بیان میں بتایا کہ 2014 میں لسانی فسادات اور قتل و غارت گری عروج پر تھی، سیکٹرآفس کی جانب سے بلوچوں کو قتل کرنے کی ہدایات ملی، ہم نے لیاری گینگ وار کے عبد الوحید اور دانش اچہم کو گولی مار کر قتل کیا۔

    انچارج سی ٹی ڈی نے کہا کہ واقعےکا مقدمہ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا تھانے میں درج ہوا تھا، ملزم دانش کالا مقدمے میں اشتہاری ہو کر حیدرآباد میں روپوش رہا،  ملزم جیسے ہی کراچی واپس آیا خفیہ اطلاع پر گرفتار کرلیا۔

  • ایم کیو ایم لندن گروپ سے تعلق رکھنے والا مبینہ دہشت گرد گرفتار

    ایم کیو ایم لندن گروپ سے تعلق رکھنے والا مبینہ دہشت گرد گرفتار

    کراچی : پی ایس پی سیکٹر انچارج عبدالحمید عرف ندیم مولانا سمیت کئی افراد کے قتل میں ملوث ایم کیو ایم لندن کے مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کراچی نے سرجانی ٹاون میں کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن گروپ سے تعلق رکھنے والا مبینہ دہشت گرد بلال انیس عرف بلا کو گرفتار کرلیا.

    ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ مبینہ دہشت گرد بلال انیس عرف بلا کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا، ملزم پی ایس پی سیکٹر انچارج عبدالحمید عرف ندیم مولانا کی ٹارگٹ کلنگ کا مفرور ملزم ہے۔

    گرفتار ملزم نے دوران تفتیش سنسنی خیز انکشافات کئے، ملزم ایم کیو ایم کے تربیت یافتہ دہشتگرد اور ٹارگٹ کلنگ ٹیم کا اہم رکن ہے اور ٹارگٹ کلنگ ٹیم ساوتھ افریقہ سے دہشت گرد آصف عبداللہ چلاتا ہے، ساوتھ افریقہ سے قتل کی ہدیات دی جاتی تھی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ 2017ء میں آصف عبداللہ نے لندن سے ملنے والی ہدایت پر5 رکنی ٹیم بنائی، ٹیم میں بلال انیس سمیت رحیم ،دانش ،اویس اور رضوان شامل تھے، ساوتھ افریقہ سے سیکٹر انچارج پی ایس پی عبدالحمید عرف ندیم مولانا کو قتل کی ہدایت دی گئی۔

    سی ٹی ڈی نے کہا کہ جس کے بعد ٹیم کے ہمراہ ریکی کرکے قطر اسپتال کے قریب عبدالحمید وعرف ندیم مولانا اور راشد لعل کو قتل کیا، قتل کے الزام میں ساتھی راشد اور دانش گرفتار ہوگئے تھے۔

    ملزم نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ میں اس کیس پر تاحال مفرور تھا، کیس میں مجھ سمیت دونوں گرفتار ملزمان کو 26،26سال سزا ہوئی، قتل میں لندن کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے آصف عبداللہ نے شاباشی دی اور رقم بھجوائی۔

    ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ بلال انیس نے 2014ء میں بھی قتل کا انکشاف کیا، ملزم کئی واردات میں پولیس کو مطلوب تھا اور تین مرتبہ جیل جاچکا ہے تاہم گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

  • کراچی میں  ایم کیو ایم لندن کی ریلی نکالنے پر بانی ایم کیو ایم سمیت 90 افراد کے خلاف مقدمہ درج

    کراچی میں ایم کیو ایم لندن کی ریلی نکالنے پر بانی ایم کیو ایم سمیت 90 افراد کے خلاف مقدمہ درج

    کراچی :‌ کورنگی کراسنگ کے قریب ایم کیو ایم لندن کی ریلی ریلی نکالنے پر بانی ایم کیو ایم سمیت 90 افراد افراد پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ کے قریب ایم کیو ایم لندن کی ریلی کے معاملے پر زمان ٹاؤن تھانے میں بانی ایم کیو ایم سمیت درجنوں افراد پرمقدمہ درج کرلیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ موقع پر موجود ایم کیو ایم لندن کے 4 کارکنان کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    سرکار مدعیت میں درج مقدمےمیں 89افراد کو نامزدکیا گیا ہے ، مقدمے میں بلوہ ،راستہ بلاک کرنےسمیت دیگردفعات شامل کی گئی ہے۔

    مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ 90 کے قریب موٹرسائیکل اور کار سوارکورنگی کراسنگ کے قریب سڑک بلاک کرکے کھڑے تھے اور بانی ایم کیو ایم کی حمایت میں نعرے بازی کی جا رہی تھی، جن کو منتشر کرنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے ہنگامہ آرائی شروع کردی اور نعرے لگاتے ہوئے فرار ہوگئے۔

    مقدمہ مدعی اسسٹنٹ سب انسپکٹر ناصر جمال کا کہنا تھا کہ اہلکاروں کی مدد سے موقع پر ہی 4 ملزمان محمد علی ، ساجد ، جاوید اور سلیم شامل کو گرفتار کیا، ایف آئی آر میں 39 نامزد اور 50 صورت شناس عناصرکو شامل کیا گیا ہے۔

    مدعی مقدمہ کے مطابق ریلی نکال کر ہنگامی آرائی بانی ایم کیو ایم کی ایماء پر کی گئی ہے، معاملے کی تحقیقات تفتیشی افسر کے سپرد کر دی گئی ہے۔

    یاد رہے ایم کیو ایم لندن کی جانب سے کورنگی میں نکالی جانے والی ریلی کے بعد کراچی میں بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ اور سیکیورٹی اداروں کو ایم کیو ایم لندن کیخلاف سخت کارروائیوں کا حکم جاری کردیا گیا ہے، احکامات ملتے ہی متعلقہ افسران کی جانب سے کراچی کے علاقے کورنگی کی ریلی میں شریک ایم کیوایم لندن کے کارکنان کی گرفتاریوں کا آغاز کردیا تھا۔

  • کراچی: ایم کیو ایم لندن کا انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر جنید بلڈاگ گرفتار

    کراچی: ایم کیو ایم لندن کا انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر جنید بلڈاگ گرفتار

    کراچی: رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنا پر کورنگی مہران ٹاؤن میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کا خطرناک دہشت گرد جنید بلڈاگ گرفتار کر لیا۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم جنید حمید عرف بلڈاگ 36 سے زائد افراد کی ٹارگٹ کلنگ اور درجنوں افراد کو زخمی کرنے میں ملوث ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نے کراچی آپریشن کے اہم کردار ایس پی شاہ محمد شاہ کو بھی ہدف بنا کر قتل کیا۔

    گرفتار دہشت گرد جنید حمید عرف جنید بلڈاگ پولیس کو انتہائی مطوب تھا، ملزم ایم کیو ایم لندن کے دہشت گرد رئیس مما کا قریبی ساتھی اور کورنگی میں ٹارگٹ کلنگ گروپ کا سرغنہ بھی رہا ہے۔

    گرفتار دہشت گرد نے 11 اگست 2011 میں کورنگی چکرا گوٹھ میں پولیس بس پر حملے میں ملوث ہونے کا بھی اعتراف کیا، جس میں 4 پولیس اہل کار شہید جب کہ 26 اہل کار زخمی ہو گئے تھے۔

    ملزم نے ساتھیوں سمیت کراچی آپریشن کے اہم کردار شاہ محمد شاہ کو ڈاکٹر دلشاد سمیت ہدف بنا کر شہید کیا تھا، ملزم 2013 کے بعد سے بلوچستان کے علاقے جھل مگسی میں روپوش تھا اورپولیس کو قتل، اقدام ِ قتل، جلاؤ گھیراؤ اور دہشت گردی کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم کو مزید کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

  • ایم کیو ایم لندن کورنگی سیکٹر کا مفرور سابقہ یونٹ انچارج گرفتار

    ایم کیو ایم لندن کورنگی سیکٹر کا مفرور سابقہ یونٹ انچارج گرفتار

    کراچی: سی ٹی ڈی شعبہ تفتیش نے خفیہ اطلاع پر ایم کیو ایم لندن کورنگی سیکٹر کے مفرور سابقہ یونٹ انچارج وصی خان کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق انچارج سی ٹی ڈی چوہدری صفدر نے بتایا کہ ایم کیو ایم لندن کے ایک سابقہ یونٹ انچارج وصی خان عرف کاشف کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم 2019 سے 2014 ک یونٹ 74 کا انچارج رہا۔

    ملزم وصی خان عرف کاشف نے دوران تفتیش اہم انکشافات کیے، اس نے بتایا کہ اسے تمام ہدایات سیکٹر انچارج رئیس مما کی طرف سے ملتی تھی، اور وہ قتل کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا۔

    انچارج سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم وصی خان نے بتایا کہ اس نے 2010 میں سی ٹی ڈی اہلکار دانش کو فائرنگ کر کے زخمی کیا، 2012 میں جلیبی چوک پر فائرنگ کر کے ایم کیو ایم حقیقی کے 2 لڑکوں کو قتل کیا۔

    2013 کورنگی سی ایریا میں اے ایس آئی حاجی ندیم کو قتل کیا، 2013 لانڈھی یونٹ 80 کے ساتھ ایم کیو ایم حقیقی کے کئی کارکنوں کو قتل کیا، 2013 کربلا گراؤنڈ لانڈھی میں 2 لڑکوں کو قتل کیا۔

    2013 میں پولیس اہلکار ندیم قادری کے گھر میں گھس کر فائرنگ کی، گولیاں لگنے سے پولیس اہل کار ندیم زخمی اور بھتیجا ہلاک ہوا، 2014 میں ابراہیم حیدری میں موبائل پر فائرنگ کر کے 2 اہل کاروں کو شہید کیا۔

    چوہدری صفدر کے مطابق ملزم اس سے قبل ہینڈ گرنیڈ اور قتل کے مقدمات میں جیل جا چکا ہے، گرفتار ملزم سے ایم کیو ایم لندن سیٹ اپ کے متعلق تفتیش کی جا رہی ہے۔

  • کراچی : ایم کیو ایم لندن سے تعلق رکھنے والا مفرور ٹارگٹ کلر گرفتار

    کراچی : ایم کیو ایم لندن سے تعلق رکھنے والا مفرور ٹارگٹ کلر گرفتار

    کراچی : محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کراچی سے ایم کیو ایم لندن سے تعلق رکھنے والا مفرور ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کراچی میں انفارمیشن بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن سے تعلق رکھنے والا مفرور ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتار ملزم کو سائٹ اے کے علاقے نورس چورنگی سےگرفتار کیا گیا اور ٹارگٹ کلر کی شناخت فراز عرف چیتا کے نام سے کی گئی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم کا تعلق قصبہ علی گڑھ سیکٹر کی ٹارگٹ کلر ٹیم سے ہے، ملزم کا ساتھی فراز عرف فجو قتل اور اقدام قتل کے مقدمات میں گرفتار ہے۔

    سی ٹی ڈی نے مزید کہا کہ دوران تفتیش ملزم نے پولیس کانسٹیبل شاہد، جاوید ،اسد خان کے قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔