Tag: ایم کیو ایم لندن

  • دہشت گردوں کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ پر 14 مقدمات درج

    دہشت گردوں کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ پر 14 مقدمات درج

    کراچی: دہشت گردوں کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ کے معاملے پر سی ٹی ڈی نے 14 مقدمات درج کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقدمات ایم کیو ایم لندن، القاعدہ اور لشکر جھنگوی کے خلاف درج کیے گئے ہیں۔

    انچارج سی ٹی ڈی نے کہا کہ سپاہ صحابہ، جماعت الدعوۃ، سپاہ محمد کے خلاف بھی منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے پر مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

    [bs-quote quote=” تحریک طالبان پاکستان کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ” style=”style-8″ align=”left” author_name=”راجہ عمر خطاب” author_job=”انچارج سی ٹی ڈی”][/bs-quote]

    راجہ عمر خطاب کا کہنا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے، دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے والے دیگر افراد کے خلاف بھی مقدمات درج کیے ہیں۔

    انچارج سی ٹی ڈی نے کہا کہ مینڈیٹ ملنے کے بعد مقدمات درج کیے ہیں، اب کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ بھی ان دہشت گردوں کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ کے مقدمات درج کیا کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے نے بھی سی ٹی ڈی سندھ کو کچھ انکوائریز بھجوائی تھیں، سی ٹی ڈی نے انکوائریز مکمل کرنے کے بعد کالعدم تنظیموں کے خلاف مقدمات درج کیے۔

    راجہ عمر خطاب نے مزید کہا کہ انکوائریز کالعدم جماعتوں اور دیگر کے خلاف ہیں۔

  • کراچی : پرویز محمود قتل کیس میں ملوث تین ملزمان عدم ثبوت پر بری

    کراچی : پرویز محمود قتل کیس میں ملوث تین ملزمان عدم ثبوت پر بری

    کراچی : انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ڈاکٹر پرویز محمود قتل کیس میں ملوث ایم کیو ایم لندن سے تعلق رکھنے والے ملزمان کو عدم ثبوت کی بنا پر بری کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سینٹرل جیل میں انسداد دہشت گردی کمپلیکس میں قائم خصوصی عدالت نے جماعت اسلامی کے سابق ٹاؤن ناظم ڈاکٹر پرویز محمود قتل کیس کا محفوظ فیصلہ سنادیا۔

    ہفتہ کو جماعت اسلامی کے سابق ٹاؤن ناظم ڈاکٹر پرویز محمود قتل کیس کی سماعت کے موقع پر مقدمے کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ملزمان مسعود عرف کالا، آصف عرف آلٹو، بابر عرف موٹا کو عدم ثبوت کی بنا پر بری کردیا۔

    مفرور ملزمان میں عمران نیازی، طاہر قادیانی، زبیر عرف پپا، عبدالرحمن، سابقہ سیکٹر انچارج فیصل،جوائنٹ سیکٹر انچارج ریحان، فیضان الیاس، سمیر نائی، شکیل موٹا شامل ہیں پولیس کا الزام تھا کہ گرفتار ملزمان نے ڈاکٹر پرویز محمود کی ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کیا ہے۔

    یاد رہے کہ جماعت اسلامی کے مقامی رہنما اور لیاقت آباد ٹاؤن کے ناظم کو 17 ستمبر 2012 کے روز نارتھ ناظم آباد میں فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں: جماعت اسلامی رہنما  پرویز محمود کے قتل میں ملوث ایم کیو ایم لندن کا کارکن عدالت میں پیش

    ڈاکٹر پرویز اپنی گاڑی میں جارہے تھے کہ حیدری کے قریب واقع کے ڈی اے چورنگی پر نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کردی۔ حادثے میں پرویز محمود کے ہمراہ ان کے دوست خلیق اللہ بھی جاں بحق ہوئے تھے۔

    سابق ٹاؤن انچارج کو زخمی حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا تھا البتہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے تھے۔ جماعت اسلامی نے اُن کے قتل کا الزام ایم کیو ایم پر عائد کیا تھا۔

  • کراچی : سی ٹی ڈی نے ایم کیو ایم لندن کے دو ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا

    کراچی : سی ٹی ڈی نے ایم کیو ایم لندن کے دو ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا

    کراچی : سی ٹی ڈی نے کارروائی کرکے ایم کیوایم لندن کے دو ٹارگٹ کلر گرفتار کرلیے، رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرکے مشکوک افراد اور گھروں کی تلاشی لی۔

    تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے کراچی میں خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرکے دو ٹارگٹ کلر گرفتار کرلیے اس حوالے سے سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتارملزمان کا تعلق ایم کیوایم لندن سے ہے۔

    ملزمان کی شناخت عاقب گولڈن اور عامربھیا کےنام سے ہوئی، عاقب گولڈن ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردوں کو اسلحہ فراہمی میں ملوث ہے، ایس پی سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم عامر بھیا ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث ہے، ملزم عامر بھیا، تاج محمد اور محمد آصف کو قتل کرچکا ہے، اس کے علاوہ ملزم عامربھیا جلاؤ گھیراؤ کی وارداتوں میں بھی ملوث رہا ہے۔

    اس کے علاوہ رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرکے مشکوک افراد اور گگھروں کی تلاشی لی، ذرائع کے مطابق مذکورہ آپریشن لائنزایریا، شارع قائدین اور پریڈی اسٹریٹ کے علاقوں میں کیا جارہا ہے، آپریشن میں12رینجرز کی گاڑیاں اور موٹر سائیکل سوار اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔

    آپریشن کے دوران مشکوک افراد اور مشکوک گھروں کی تلاشی لی گئی، اس موقع پر مخصوص مقامات کے داخلی وخارجی راستے بند کردیے گئے۔ علاوہ ازیں پولیس اور رینجرز اہلکاروں نے گلبہار، حاجی مرید گوٹھ میں مشترکہ سرچ آپریشن کیا، پولیس اور رینجرز نے علاقے کو گھیرےمیں لے کر گھر گھر تلاشی لی، ایس ایس پی عارف اسلم سرچ آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں۔

  • رینجرز کے چھاپے : ایم کیو ایم  لندن کے دو کارندوں سمیت 15 ملزمان گرفتار

    رینجرز کے چھاپے : ایم کیو ایم لندن کے دو کارندوں سمیت 15 ملزمان گرفتار

    کراچی: رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کے دو کارندوں سمیت15افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کرلیا۔ملزمان پر سنگین نوعیت کے مقدمات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز نے کامیاب کارروائی کرکے ایم کیو ایم لندن کے دو کارندوں سمیت 15ملزمان گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    اس حوالے سے ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ رینجرز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیا د پرفائر بریگیڈ ناظم آباد اور سیکٹرالیون ایف نیو کراچی میں کارروائی میں دو انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلرز محمد خالد عرف مودی اور معراج الدین عرف ماجو گرفتارکیا۔

    ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم (لندن) سے ہے،ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم خالد سر سید تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر عرفان حیدر اور نیو کراچی تھانہ کے سینئر انویسٹی گیشن آفیسرشہباز علی کے قتل میں ملوث ہے،ملزمان ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، کھالیں چھیننے، زبردستی فطرانہ اکٹھا کرنے، فائر نگ، شٹر ڈان ہڑتالیں کروانے اور روڈ بلاک کرنے میں ملوث ہیں۔

    ملزم محمد خالد یونٹ نمبر137اے نارتھ کراچی کا ممبر رہا 2012میں سیکٹر ممبر بن گیا،ملزم 2008میں شاہ نواز بھٹو کالونی نارتھ کراچی میں ایم کیو ایم اور اے این پی کے درمیان جھگڑے میں ملوث ہے۔

    ملزم معراج 2011 ایم کیو ایم (الطاف) میں شمولیت اختیار کی اور یونٹ نمبر33F ایوب گوٹھ گڈاپ ٹاوٴن کا ممبر رہا،ملزم معراج عبداللہ عرف ڈاکٹر(پی ایم ایل۔ف)اور اختر گبول کے قتل میں ملوث ہے ،ملزم احسن آباد گڈاپ ٹاوٴن میں 30 پلاٹوں پر چائنہ کٹنگ میں ملوث ہے۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق رینجرز نے سہراب گوٹھ، مبینہ ٹاؤن، کھارادر، گارڈن، عید گاہ اور نبی بخش کے علاقے میں کارروائی میں13ملزمان کو گرفتارکیا۔ گرفتار ملزمان ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن، اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔

  • کراچی، رینجرز کی انٹیلی جنس معلومات پر کارروائی، ایم کیو ایم لندن کا بھتہ خور گرفتار

    کراچی، رینجرز کی انٹیلی جنس معلومات پر کارروائی، ایم کیو ایم لندن کا بھتہ خور گرفتار

    کراچی: رینجرز نے انٹیلی جنس معلومات پر لانڈھی میں کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کے بھتہ خور کو گرفتار کرلیا، کلری پولیس نے عزیر بلوچ گروپ کے کمانڈر کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز نے انٹیلی جنس معلومات پر لانڈھی میں کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری میں ملوث ملزم تاشقین علی کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم ایم کیو ایم لندن یونٹ 86 لانڈھی کا یونٹ انچارج رہ چکا ہے، ملزم نے فیکٹریوں، مارکیٹوں سے بھتہ وصولی کا اعتراف کیا۔

    رینجرز کے مطابق ملزم نے اپنے یونٹ کے علاقے کو 7 پول میں تقسیم کیا ہوا تھا، ہر پول میں 8 سے 10 لڑکے بھتہ لیتے تھے۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ ایم کیو ایم لندن کو فعال رکھنے میں مصروف تھا، ملزم سے غیرقانونی اسلحہ، ایمونیشن اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا۔

    کلری پولیس کی کارروائی، عزیر بلوچ گروپ کا کمانڈر گرفتار

    دوسری جانب کلری پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے عزیر بلوچ گروپ کے کمانڈر شریف بلوچ کو گرفتار کرلیا، ملزم سے دستی بم اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

    پولیس کے مطابق گرفتار ملزم بھتہ خوری اور قتل کی وارداتوں میں ملوث تھا، ملزم شریف بلوچ روپوش تھا کافی عرصے بعد علاقے میں واپس آیا تھا۔

  • کراچی، تفتیشی اداروں نے سلیم بیلجیم گروپ کے کارندوں کو بے نقاب کردیا

    کراچی، تفتیشی اداروں نے سلیم بیلجیم گروپ کے کارندوں کو بے نقاب کردیا

    کراچی: تفتیشی اداروں نے سلیم بیلجیم گروپ کے کارندوں کو بے نقاب کردیا، متحدہ پاکستان کے احتجاج میں بم دھماکے اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما امین الحق کو قتل کرنے کی سازش کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ سلیم بیلجیم گروپ کے کارندوں کو بے نقاب کردیا، متحدہ لندن کے دہشت گردوں کو ملک دشمن قوم پرست جماعتوں کی جانب سے بم فراہم کرنے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    تفتیشی حکام نے بتایا کہ 2 ریموٹ کنٹرول بموں میں سے ایک گلستان جوہر میں استعمال کیا گیا، ایک ریموٹ کنٹرول بم سے پریس کلب کے باہر ایم کیو ایم پاکستان کے احتجاج میں دھماکا کیا جانا تھا۔

    تفتیشی حکام کے مطابق دہشت گردوں کو بم کس نے فراہم کیا اس کی تفتیش ملزمان سے جیل میں جاری ہیں، ملزمان کی جانب سے رینجرز کے لیے بڑے ماموں کا کوڈ ورڈ استعمال کیا جاتا تھا۔

    مزید پڑھیں: کراچی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ایم کیو ایم لندن کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا، 8 ملزمان گرفتار

    ملزم رضا سولجر نے گرفتاری کے روز ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما امین الحق کو قتل کرنا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق سلیم بیلجیم گروپ کو کراچی میں قوم پرستوں کی معاونت حاصل رہی، سلیم بیلجیم برطانوی نمبروں سے رابطے کرتا تھا، کارروائی کے مقام پر تمام ٹیم ارکان ایک انٹرنیٹ ڈیوائس سے رابطوں میں آجاتے تھے۔

    تفتیشی حکام کے مطابق تحقیقاتی اداروں کو اس سلسلے کی مزید کڑی میں اعظم، سجاد چوہدری، اسد عرف عمر، جنید عرف اویس کی تلاش ہے، آصف پاشا کی کراچی سمیت سندھ بھر میں تلاش جاری ہے جبکہ ملزمان کو ہر واردات میں الگ اسلحہ استعمال کرنے کی ہدایات دی گئی تھیں۔

  • متحدہ لندن کے جنوبی افریقہ کے بعد سعودی عرب کے سیٹ اپ کا انکشاف

    متحدہ لندن کے جنوبی افریقہ کے بعد سعودی عرب کے سیٹ اپ کا انکشاف

    کراچی : شہرقائد سے گرفتاریاسین عرف چھوٹا ڈان ٹارگٹ کلر نے بتایا ہے کہ سعودی عرب میں مقیم مطلوب ٹارگٹ کلرعالم بنگالی ہدایتیں اورسہولتیں دیتا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ لندن کےجنوبی افریقہ کے بعد سعودی عرب کے سیٹ اپ کا انکشاف ہوا، ابراہیم حیدری سے گرفتار یاسین عرف چھوٹا ڈان ٹارگٹ کلر نے مزید اہم رازآشکار کیے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے ملزم متحدہ لندن کے ٹارگٹ کلر عالم بنگالی کےلیے کام کرتارہا اور یاسین عرف چھوٹاڈان سانحہ چکراگوٹھ کےبعد سعودی عرب فرارہوا، سعودی عرب میں مقیم مطلوب ٹارگٹ کلرعالم بنگالی نے ملزم کوسہولتیں دیں۔

    ملزم نے قتل اور اغواسمیت 14 وارداتیں کیں اور متحدہ لندن سے علیحدگی کے بعدپی ایس پی میں شمولیت اختیارکی جبکہ 2010 میں کورنگی روڈ پر کلاشکوف سے پولیس پر فائرنگ کا بھی اعتراف کیا۔

    پولیس کے مطابق ملزم کوسعودی عرب سے عالم بنگالی ہدایتیں دیتا تھا۔

    مزید پڑھیں : کراچی: سی ٹی ڈی نے 4 ٹارگٹ کلرز گرفتار کر لیے

    یاد رہے گذشتہ ہفتے کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ نے کراچی کے علاقے سرجانی میں مختلف کارروائیوں میں 4 ٹارگٹ کلرز گرفتار کیا تھا ، ٹارگٹ کلرز کا تعلق ایم کیو ایم لندن اور جماعت اسلامی سے بتایا گیا تھا۔

    ایس پی سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ گرفتار ٹارگٹ کلرز نے تفتیش کے دوران 8 سے زائد ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔

    اس سے قبل رینجرز اور پولیس نے ایم کیو ایم لندن کے کارکن سلیم بیلجئم کی ٹارگٹ کلنگ ٹیم کا اہم دہشت گرد گرفتار کیا تھا ، کارروائی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی، ملزم دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث تھا۔

  • کراچی: سی ٹی ڈی نے 4 ٹارگٹ کلرز گرفتار کر لیے

    کراچی: سی ٹی ڈی نے 4 ٹارگٹ کلرز گرفتار کر لیے

    کراچی: کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ نے کراچی کے علاقے سرجانی میں مختلف کارروائیوں میں 4 ٹارگٹ کلرز گرفتار کر لیے۔ ٹارگٹ کلرز کا تعلق ایم کیو ایم لندن اور جماعت اسلامی سے بتایا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے مختلف کارروائیوں میں کراچی میں ٹارگٹ کلنگ میں ملوث چار افراد کو گرفتار کر لیا ہے، ملزمان کے خلاف تھانوں میں کئی مقدمات درج ہیں۔

    [bs-quote quote=”ٹارگٹ کلر محمد عرفان کا تعلق جماعت اسلامی سے ہے۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”سی ٹی ڈی”][/bs-quote]

    ایس پی سی ٹی ڈی نے بتایا کہ تین ٹارگٹ کلرز نعمت علی، سلمان ہاشمی اور ناصر کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے، جب کہ ٹارگٹ کلر محمد عرفان کا تعلق جماعت اسلامی سے ہے۔

    سی ٹی ڈی افسر کا کہنا تھا کہ ٹارگٹ کلر محمد عرفان نے 5 سے زائد افراد کو ٹارگٹ کر کے قتل کیا، جب کہ ایم کیو ایم لندن سے تعلق رکھنے والے ٹارگٹ کلرز نے 2009 میں فائرنگ کر کے جماعت اسلامی کے کارکن کو قتل کیا تھا۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلرز نے 2010 میں بھی جماعت اسلامی کے کارکن محمد اظہر کو قتل کیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی میں‌ پولیس کا ایکشن، ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ’چڈا، ببلو اور پیرجی‘ گرفتار

    ایس پی سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ گرفتار ٹارگٹ کلرز نے تفتیش کے دوران 8 سے زائد ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔

    یاد رہے کہ 8 مارچ کو سندھ پولیس نے مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود سے قتل کی متعدد وارداتوں میں ملوث متحدہ لندن کے دو ٹارگٹ کلرز سمیت تین ملزمان کو گرفتار کیا تھا جن کی شناخت عباس عرف چڈا، مسعود عرف ببلو اور شہادت عرف پیرجی کے ناموں سے کی گئی تھی۔

  • کراچی میں‌ پولیس کا ایکشن، ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ’چڈا، ببلو اور پیرجی‘ گرفتار

    کراچی میں‌ پولیس کا ایکشن، ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ’چڈا، ببلو اور پیرجی‘ گرفتار

    کراچی: سندھ پولیس نے مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود سے قتل کی متعدد وارداتوں میں ملوث متحدہ لندن کے دو ٹارگٹ کلرز سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا جن کی شناخت عباس عرف چڈا، مسعود عرف ببلو اور شہادت عرف پیرجی کے ناموں سے ہوئی۔

    ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر کراچی کے علاقے مبینہ ٹاؤن سےمتحدہ لندن کے ٹارگٹ کلر کو ساتھی  سمیت گرفتار کرلیا جن کی شناخت عباس عرف چڈا اور مسعود عرف ببلو کے ناموں سے ہوئی۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش ٹارگٹ کلنگ کی متعددوارداتوں کااعتراف کیا، عباس یونٹ 99 کا ٹارگٹ کلر تھا جس کی شاندہی پر اُس کے ساتھی مسعود ببلو کو حراست میں لیا گیا۔

    مزید پڑھیں: پی ایس پی رہنما کے قتل کا معمہ حل، سوتیلی ماں ملوث نکلی، آڈیو میسج کی مدد سے ملزمہ گرفتار

    اُن کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے کلاشنکوف کی درجنوں گولیاں، ایک دستی بم، غیرقانونی اسلحہ، پرس اور موبائل فون برآمد ہوا جسے فرانزک ٹیسٹ کے لیے بھیجا جائے گا۔

    دوسری جانب سی آئی اے پولیس نے شاہراہ فیصل پر فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے مولانا امجد دین پوری کے قتل میں ملوث شہادت عرف پیرجی کو گرفتار کرلیا۔

    ایس پی فدا حسین کا کہنا تھا کہ ملزم نے شاہراہ فیصل پر مولانا امجد دین پوری ، سولجر بازار میں 2 پولیس اہلکاروں کو قتل کیا علاوہ ازیں شہادت عرف پیر جی نے سنی تحریک کے 2 کارکنان کو بھی ساتھیوں کے ساتھ مل کر قتل کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی: ٹارگٹ کلنگ اور 170 سے زائد ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث گینگ وار کا کارندہ وقاص منجن گرفتار

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ملزم نےساتھیوں کے کے ساتھ مل کر مختلف علاقوں میں ڈکیتیوں کی متعدد وارداتیں کیں جبکہ سی آئی اے نے بینک ڈکیتی میں ملوث ملزم آصف کو بھی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کرلیا۔

  • پی ایس پی ٹاؤن آفس پر حملے میں ملوث ایم کیو ایم لندن کا ٹارگٹ کلر گرفتار

    پی ایس پی ٹاؤن آفس پر حملے میں ملوث ایم کیو ایم لندن کا ٹارگٹ کلر گرفتار

    کراچی : رینجرز اور پولیس نے ایم کیو ایم لندن کے کارکن سلیم بیلجئم کی ٹارگٹ کلنگ ٹیم کا اہم دہشت گرد گرفتار کرلیا، کارروائی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی، ملزم دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز اور پولیس نے مشترکہ ایکشن لیتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کے گرفتار ٹارگٹ کلر سلیم بیلجئم کی ٹیم کے اہم کارندے کو حراست میں لے لیا، گرفتار ملزم غفران احمد ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کامیاب مشترکہ کارروائی کی، ملزم نے23دسمبر کو پی ایس پی ٹاؤن آفس پر حملے کی سہولت کاری کی۔

    مزید پڑھیں: کراچی  سے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ایم کیو ایم لندن کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا، 8 ملزمان گرفتار

    ملزم نے پی ایس پی ٹاؤن آفس پر حملے کے لئے ریکی کی ، ترجمان رینجرز کا مزید کہنا ہے کہ ٹاؤن آفس پر فائرنگ میں پی ایس پی کے دو عہدیدار جاں بحق ہوئے تھے، ٹارگٹ کلنگ ٹیم کے8ملزمان پہلے ہی پولیس کی تحویل میں ہیں۔