Tag: ایم کیو ایم پاکستان

  • ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے آج  اہم اعلانات متوقع

    ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے آج اہم اعلانات متوقع

    کراچی: ایم کیوایم پاکستان آج اہم پریس کانفرنس کرے گی، جس میں حلقہ بندیوں، نگراں حکومت اور صوبائی الیکشن کمشنرپر تحفظات پر اہم اعلانات متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان آج صبح گیارہ بجے اہم پریس کانفرنس کرے گی، ذرائع نے بتایا کہ پریس کانفرنس میں حلقہ بندیوں، نگراں حکومت کے روئیے اور صوبائی الیکشن کمشنر پر تحفظات کے حوالے سے شدید احتجاجی رویہ اپناتے ہوئے اہم اعلانات کیے جائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا اجلاس مرکزی الیکشن آفس پاکستان ہاؤس میں کنوینیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں سیاسی صورتحال، انتخابات، حلقہ بندیوں اور ان پر اعتراضات اور اس پر قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں نگراں سندھ حکومت اور صوبائی الیکشن کمشنر کے حوالے سے تشویش کا اظہار بھی کیا گیا اور حلقہ بندیوں پر تحفظات رکھنے والی دیگر جماعتوں کے ساتھ رابطوں اور مشترکہ حکمت عملی بنانے پر بھی مشاورت ہوئی۔

    ذرائع ایم کیو ایم کے مطابق رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں تین بلدیاتی ترامیم کے حوالے سے دیگر جماعتوں سے رابطے تیز کرنے پر بھی تفصیلی مشاورت کی گئی۔

  • ’ایک بار سندھ ہمارے حوالے کردو پی پی کی ضمانت ضبط کروادیں گے‘

    ’ایک بار سندھ ہمارے حوالے کردو پی پی کی ضمانت ضبط کروادیں گے‘

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ایک بار سندھ ہمارے حوالے کردو پی پی کی ضمانت ضبط کروادیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایم کیو ایم رہنما مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 15 سال کی حکمرانی اور 22 ہزار ارب خرچ کرنے کے باوجود بلاول بھٹو سندھ کی ایک ماڈل یوسی کی مثال نہیں دے سکتے۔

    انہوں نے کہا کہ ایک دفعہ یہ صوبہ پانچ سال کے لیے ہمارے حوالے کردیا جائے تو پیپلزپارٹی کی لاڑکانہ سمیت پورے صوبے میں ضمانت ضبط کروادیں گے۔

    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم اتنا کام کریں گے کہ پورے صوبے سے ان کو فارغ کردیں گے اور ان کو دوبارہ موقع نہیں ملے گا۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی کی 22 سیٹیں ایم کیو ایم جیتے گی، چھ ماہ میں شہر کی شکل بدل دیں گے۔

    ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی الیکشن لڑنا نہیں بلکہ خریدنا چاہتی ہے، 21 جنوری کے جلسے میں 8 فروری کے الیکشن کا رزلٹ آجائے گا۔

  • ایم کیو ایم پاکستان کی عام انتخابات کے حوالے سے تیاریاں تیز،  انتخابی دفاتر کھولنے کا   فیصلہ

    ایم کیو ایم پاکستان کی عام انتخابات کے حوالے سے تیاریاں تیز، انتخابی دفاتر کھولنے کا فیصلہ

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان نے ایک سے دو روز میں کراچی میں انتخابی دفاتر کھولنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایم کیو ایم قیادت نے سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کو عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی ایم کیو ایم پاکستان نے عام انتخابات کے حوالے سے تیاریاں تیز کردی اور سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کو عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت جاری کی۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ ایم کیو ایم نے ایک سے دو روز میں کراچی میں انتخابی دفاتر کھولنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ، کراچی میں سو سے زائد انتخابی دفاتر کھولے جائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے آئندہ دو ماہ میں تین جلسے کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے لیاری میں بھی انٹری ڈالنے پر غور شروع کردیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق 4 نومبر کو برنس روڈ پر عوامی رابطہ مہم کے حوالے سے پروگرام کیا جائے گا اور 26 نومبر کو ایم کیو ایم کورنگی میں میدان سجائے گی جبکہ کورنگی کے بعد انتخابی مہم کے حوالے سے دو دسمبر کو گلشن اقبال اور اسکے بعد لیاری میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ رواں ہفتے ایم کیوایم میں مختلف برادریاں اور اہم سماجی شخصیات بھی شمولیت اختیار کریں گی۔

  • دھرتی ماں صرف پاکستان ہے کوئی صوبہ نہیں، خالد مقبول صدیقی

    دھرتی ماں صرف پاکستان ہے کوئی صوبہ نہیں، خالد مقبول صدیقی

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان کے صوبے دھرتی ماں نہیں ہوسکتے اگر کوئی دھرتی ماں ہے تو وہ صرف پاکستان ہے

    یہ بات انہوں نے لیاقت آباد میں ایم کیو ایم پاکستان کے زیر اہتمام جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ ہم اپنےحصے کی آزادی اور اپنے حصے کا پاکستان اپنے کندھوں پراٹھا کر یہاں لائے تھے۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آج ایک بار پھر ایم کیو ایم جبر کیخلاف کھڑی ہے، آج ایم کیو ایم آمریت اور جاگیردارانہ نظام کیخلاف لیاقت آباد میں کھڑی ہے، پاکستان کا ضمیر جواب دے کہ جو 2 سو لوگ لاپتہ ہیں وہ کون ہیں، جو ہزاروں معصوم لوگ بلا جواز مارے گئے ان کو انصاف کون دے گا؟۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں مزید دیوارسے لگایا گیا تو اب یہ دیوار اس قابل نہیں، یہ گر جائے گی، پاکستان کو تینوں صوبے مل کر 16 سو 40 ارب دیتے ہیں، صرف کراچی ہی 1 ہزار 40 ارب پاکستان کے خزانوں میں دے دیتا ہے۔

    خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ صوبوں کو بھی ایک ایڈمنسٹریٹو یونٹ سمجھتی ہے، پاکستان بنانے، بچانے اور چلانے کی ذمہ داری لیاقت آباد والوں پر آرہی ہے، اب ایوان اور بیلٹ فیصلہ نہیں کرے گا تو روڈ کی طاقت سے فیصلہ کرنے کو تیار ہیں۔

  • ن لیگ سے ناراض مفتاح اسماعیل کو ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت کی دعوت

    ن لیگ سے ناراض مفتاح اسماعیل کو ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت کی دعوت

    کراچی: سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو متحدہ رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیو ایم میں شمولیت کی دعوت دیدی۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیو ایم میں شمولیت کی دعوت مفتاح اسماعیل سے ملاقات میں دی، دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات دو روز قبل مفتاح اسماعیل کی رہائش گاہ پر ہوئی تھی۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات میں معاشی و سیاسی بحران، خصوصا کراچی کے حالات اور عام انتخابات کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔

    ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے اس موقع پر اچھے لوگوں کی ایک ٹیم بنا ضروری ہے،  ایک مشترکہ قومی ایجنڈے کی ملک کو ضرورت ہے، مفتاح اسماعیل سے ملاقات میں اسی قومی ایجنڈے پر بات ہوئی۔

    ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ مفتاح اسماعیل نے ان حالات میں مشترکہ قومی ایجنڈے کی ضرورت کو ناگزیز قرار دیا، مفتاح کو کہا کہ اس وقت ایم کیو ایم سے بہتر پلیٹ فارم نہیں جو قومی ایجنڈے، قومی یکجہتی، کراچی میں تمام اکائیوں کو ملانے کی بات کررہا ہے۔

    ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کو اپنائیں گے، بنائیں گے، بچائیں گے تو سمجھیں پاکستان کو بنایا، بچایا اور اپنایا، مفتاح اسماعیل کو معاشی ویژن بہت وسیع ہے، مفتاح نے کہا ہے کہ وہ سوچ بچار کرکے کوئی جواب دیں گے، ہماری مستقبل میں بھی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

  • لاپتا شہری کو 6 سال بعد 500 روپے دے کر چھوڑ دیا گیا، ججز کے اصرار پر بھی کچھ نہیں بتایا

    لاپتا شہری کو 6 سال بعد 500 روپے دے کر چھوڑ دیا گیا، ججز کے اصرار پر بھی کچھ نہیں بتایا

    کراچی: شہر قائد میں چھ سال قبل اٹھا کر لاپتا کیے جانے والے سرکاری ملازم محمد جاوید خان کو پانچ سو روپے دے کر سڑک پر چھوڑ دیا گیا، سندھ ہائی کورٹ میں ججز کے اصرار پر بھی انھوں نے کچھ نہیں بتایا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں محمد جاوید خان سمیت 7 لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی، 6 سال قبل لاپتا ہونے والے سیاسی جماعت ایم کیو ایم کے لاپتا کارکن محمد جاوید خان عدالت میں پیش ہوئے۔

    جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو نے بازیاب ہو کر آنے والے محمد جاوید سے استفسار کیا کہ کہاں لے کر گئے تھے آپ کو، محمد جاوید نے عدالت میں بیان دیا کہ میری آنکھوں پر پٹی بندھی ہوئی تھی، مجھے نہیں پتا کہ کہاں تھا۔

    جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو نے ریمارکس میں کہا کہ بتا دیں تاکہ دیگر لاپتا افراد کا بھی کچھ بھلا ہو جائے، جسٹس کوثر سلطانہ نے استفسار کیا کہ آپ سے کیا پوچھ گچھ کی گئی ہے، کچھ تو بتائیں عدالت کو۔

    محمد جاوید نے کہا کہ مجھے نہیں پتا مجھے کہاں رکھا ہوا تھا، میرا تعلق ایم کیو ایم پاکستان سے ہے اس لیے اٹھایا گیا تھا، مجھے کچھ نہیں پتا، مجھے 500 روپے دے کر سڑک پر چھوڑ دیا گیا تھا۔

    لاپتا جاوید کی والدہ نے عدالت میں کہا کہ میرا بیٹا چھ سال بعد واپس آ گیا ہے بڑی بات ہے، عدالت کے حکم پر میرے بیٹے کا شناختی کارڈ بلاک کر دیا گیا تھا، کھولنے کا حکم دیا جائے، میرے بیٹے کی واٹر بورڈ میں ملازمت بھی بحال کرنے کا حکم دیا جائے۔

    جس پر عدالت نے نادرا حکام کو بازیاب ہو کر آنے والے محمد جاوید کے شناختی کارڈ بحال کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے کہا کہ واٹر بورڈ محمد جاوید کی ملازمت بحالی سے متعلق قانون کے مطابق جائزہ لے۔

  • ایم کیو ایم پاکستان کی عام انتخابات کی تیاریاں ،  امیدواروں کو ٹکٹ جاری

    ایم کیو ایم پاکستان کی عام انتخابات کی تیاریاں ، امیدواروں کو ٹکٹ جاری

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان نے عام انتخابات کی تیاریاں شروع کرتے ہوئے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے عام انتخابات کی تیاریاں شروع کردی ، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی جانب سے عام انتخابات کے حوالے سے امیدواروں کو ٹکٹ جاری ہونا شروع ہوگئے۔

    پہلے مرحلے میں کراچی کے تین قومی اسمبلی اور ایک صوبائی اسمبلی کی نشست پر ناموں کا اعلان کردیا ، قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 کراچی ویسٹ سے حفیظ الدین ایڈووکیٹ امیدوار ہوں گے۔

    حلقہ این اے 236 کراچی ایسٹ 1 سے محمد اقبال خان کا اعلان کیا گیا ہے ، این اے 243 کیماڑی سے ہمایوں عثمان ایم کیو ایم کے امیدوار ہوں گے

    صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 112 کراچی ویسٹ کیماڑی سے فیاض الحق خان امیدوار ہوں گے، امیدواروں کا اعلان کنونئیر ڈاکٹر خالد مقبول کی توثیق کے بعد کیا گیا۔

    ایم کیو ایم نے امیدواروں کو حلقوں میں انتخابی سرگرمیاں شروع کرنے ، اور عوامی رابطہ مہم کے آغاز کی ہدایت کردی ہے۔

  • اہم فیصلوں پر اعتماد میں نہ لینے پر ایم کیو ایم پاکستان کا وزیراعظم سے شکوہ

    اہم فیصلوں پر اعتماد میں نہ لینے پر ایم کیو ایم پاکستان کا وزیراعظم سے شکوہ

    ایم کیو ایم پاکستان نے وزیراعظم سے دبئی ملاقاتوں، اسمبلیوں کی تحلیل سمیت نگراں حکومتوں پراعتماد میں نہ لینے کا شکوہ کردیا، خالد مقبول کی قیادت میں وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ایم کیو ایم پاکستان کا وفد وزیراعظم سے ملاقات کرنے وزیراعظم ہاؤس پہنچا، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے دبئی میں ہونے والی ملاقاتوں اور اسمبلیوں کی تحلیل سمیت نگراں حکومتوں پراعتماد میں نہ لینے کا شکوہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان بھی ملاقات ہوئی، وفد میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، ڈاکٹر فاروق ستار اور مصطفی کمال بھی شامل ہیں۔

    ایم کیو ایم کے وفد نے مردم شماری اور ووٹر لسٹوں کے حوالے سے بھی تحفظات سے آگاہ کیا، وزیراعظم نے تمام فیصلوں میں ایم کیو ایم کو شامل کرنےکی یقین دہانی کرائی ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام اتحادی جماعتوں کو ہر فیصلے میں شامل کیا جائے گا اور انھیں اعتماد میں لیا جائے گا۔

  • ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کی وزیر اعظم سے ملاقات شیڈول، نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کے لیے نام شارٹ لسٹ

    ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کی وزیر اعظم سے ملاقات شیڈول، نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کے لیے نام شارٹ لسٹ

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے وفد کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات شیڈول ہو گئی، نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کے لیے نام بھی شارٹ لسٹ کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات شیڈول ہو گئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم وفد کی ملاقات آج دوپہر 12 بجے وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگی، جس میں گورنر سندھ، خالد مقبول، امین الحق، مصطفیٰ کمال، فاروق ستار شریک ہوں گے۔

    ذرائع ایم کیو ایم کے مطابق اس ملاقات میں نگراں حکومت اور اسمبلیوں کی تحلیل کے حوالے سے تاریخ سمیت اہم امور پر مشاورت ہوگی، ایم کیو ایم ڈیجیٹل مردم شماری کو نوٹیفائیڈ کر کے الیکشن کرانے کا مطالبہ بھی رکھے گی، وفد نگراں وزیر اعظم کے ناموں سمیت پرانی مردم شماری پر انتخابات اور ووٹر لسٹوں پر اپنے تحفظات بھی وزیر اعظم کے سامنے رکھے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے گورنر سندھ کو بھی اہم ٹاسک دے دیا ہے، بطور وفاقی نمائندے گورنر سندھ ایم کیو ایم کے تحفظات پر وزیر اعظم سے بات کریں گے، وہ نگراں وزیر اعلیٰ سندھ اور اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی سے متعلق بھی اسٹیک ہولڈرز سے بات چیت کریں گے۔

    دوسری طرف رات گئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت ایم کیو ایم کا اسلام آباد میں مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایم کیو ایم نے نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کے لیے نام شارٹ لسٹ کر لیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے مشاورتی اجلاس میں شعیب صدیقی کے نام پر اتفاق رائے کیا گیا ہے، آج ملاقات میں ایم کیو ایم وزیر اعظم کو نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کے لیے شعیب صدیقی کا نام دے گی۔ کہا گیا کہ شعیب صدیقی اچھی شہرت کے حامل ہیں اور سابق کمشنر کراچی سمیت اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔

  • ایم کیو ایم پاکستان کا آج ہی اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کے لیے درخواست دینے کا فیصلہ

    ایم کیو ایم پاکستان کا آج ہی اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کے لیے درخواست دینے کا فیصلہ

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے آج ہی اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کے لیے درخواست دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان آج سہ پہر 3 بجے سیکریٹری اسمبلی کے پاس درخواست جمع کرائے گی، ایم کیو ایم کے رہنما علی خورشیدی نے سیکریٹری سندھ کو آگاہ کر دیا۔

    اسپیکر سندھ اسمبلی کی جانب سے آج ہی اپوزیشن لیڈر کے متعلق فیصلہ متوقع ہے، ایم کیو ایم کی جانب سے جی ڈی اے کی حمایت حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

    درخواست میں ایم کیو ایم کے 21 اراکین سمیت 30 سے زائد اراکین اسمبلی کے دستخط لازمی ہیں، سندھ اسمبلی کی اپوزیشن میں پی ٹی آئی کی 30، ایم کیو ایم پاکستان کی 21، جی ڈی اے کے 14، ٹی ایل پی کے 3 جب کہ جماعت اسلامی کی ایک نشست ہے، ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی اور اپوزیشن لیڈر 9 مئی کے بعد سے اسمبلی سے غیر حاضر ہیں۔

    واضح رہے کہ سندھ اسمبلی کی تاریخ میں پہلی بار اپوزیشن لیڈر کوئی خاتون ہوں گی، ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے رعنا انصار کے نام کو اپوزیشن لیڈر کے لیے فائنل کر لیا گیا ہے، رعنا انصار سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کی پارلیمانی لیڈر ہیں، وہ خواتین کی مخصوص نشست پر رکن سندھ اسمبلی بنی ہیں، ان کا نام طویل مشاورت کے بعد فائنل کیا گیا تھا۔

    علاوہ ازیں، سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کا پارلیمانی لیڈر بھی تبدیل کر دیا گیا ہے، رعنا انصار کے اپوزیشن لیڈر نامزدگی کے بعد نیا پارلیمانی لیڈر مقرر کر دیا گیا ہے، اب سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے نئے پارلیمانی لیڈر علی خورشیدی ہوں گے، یہ فیصلہ ایم کیو ایم بہادر آباد میں رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، جس کی توثیق ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کی۔