Tag: ایم کیو ایم پاکستان

  • سانحہ 12 مئی میں فاروق ستار بھی ملوث تھے، گرفتار رکن اسمبلی کا انکشاف

    سانحہ 12 مئی میں فاروق ستار بھی ملوث تھے، گرفتار رکن اسمبلی کا انکشاف

    کراچی: ایم کیو ایم کے رکن صوبائی اسمبلی کامران فاروقی نے سانحہ 12 مئی کی تفتیش میں اہم انکشافات کیے ہیں، کہتے ہیں کہ سانحہ 12 مئی کی منصوبہ بندی کے لیے اجلاس ہوا جس میں فاروق ستار بھی شامل تھے۔

    ذرائع کے مطابق سانحہ 12 مئی کے الزام میں گرفتار ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی کامران فاروقی نے سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں، پولیس کے مطابق انہوں نے اعتراف کیا کہ سانحے میں سربراہ ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار بھی ملوث تھے۔

    پولیس کی جانب سے آنے والے کامران فاروقی اعترافی بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’سانحہ 12 مئی کی منصوبہ بندی نائن زیرو پر منعقدہ اجلاس میں کی گئی جس میں فاروق ستار اور حماد صدیقی شریک تھے‘‘۔

    پڑھیں: ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

     رکن سندھ اسمبلی نے تفتیش میں اعتراف کیا کہ قیادت نے ہر صورت شہر بند کرنے کی ہدایت دی تاکہ وکلا سابق چیف جسٹس کے استقبال کے لیے وکلا ائیرپورٹ نہ پہنچ سکیں۔

    سانحہ طاہر پلازہ کا اعتراف کرتے ہوئے کامران فاروقی نے پولیس کو بتایا کہ ’’وکیل نعیم قریشی کو سبق سکھانے کےلیے پلازہ میں آگ لگائی گئی، قیادت کے حکم پر ہی شہر میں چائنا کٹنگ شروع کی اور پلاٹ کارکنوں میں تقسیم کیے‘‘۔

    مزیر پڑھیں: ’’ کامران فاروقی کے اعترافات میڈیا ٹرائل کا حصہ ہیں، ایم کیو ایم پاکستان ‘‘

    پولیس کے مطابق رکن سندھ اسمبلی نے اعتراف کیا ہے کہ ’’ اے این پی،حقیقی،لیاری گینگ کے کارندوں کو قتل کیا،لاشیں بوریوں میں بند کرکے پھینکتے تھے‘‘

    خیال رہے ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی کامران فاروقی کو گزشتہ دنوں نارتھ ناظم آباد سے گرفتار کیا گیا تھا، پولیس کی استدعا پر عدالت نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر دیا ہوا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: ’’ ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی کامران فاروقی گرفتار ‘‘

    قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کامران فاروقی کی گرفتاری کے لیے ڈاکٹر فاروق ستار کی رہائش گاہ پی آئی بی میں بھی چھاپہ مارا تھا تاہم گرفتاری وہاں سے عمل میں نہیں آئی تھی جبکہ متحدہ کی جانب سے چھاپے پر کڑی تنقید کی گئی تھی۔

  • عامر خان کے الزامات بے بنیاد ہیں، ترجمان متحدہ، عوام کی خاطر خاموش ہوں، بابر غوری

    عامر خان کے الزامات بے بنیاد ہیں، ترجمان متحدہ، عوام کی خاطر خاموش ہوں، بابر غوری

    کراچی: ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ عزیز آبادی نے عامر خان کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عامر خان کی وجہ سے ہزاروں کارکنان شہید اور جلاوطن ہوئے جبکہ سابق سینیٹر بابر غوری نے عامر خان کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی خاطر خاموش ہوں ورنہ بولنے کے لیے بہت کچھ ہے۔

    مصطفیٰ عزیزآبادی نے اے آر وائی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم آج بھی تلخی نہیں چاہتے، عامر خان کی جانب سے بے بنیاد اور گھٹیا الزامات لگائے گئے جس کی سختی سے تردید اور مذمت کرتے ہیں‘‘۔

    مصطفیٰ عزیزآبادی نے کہا کہ ’’عامر خان نے ماضی میں حقیقی بنائی جس کی وجہ سے ہزاروں کارکنان شہید ہوئے اور سینکڑوں کو جلا وطنی میں جانا پڑا، عامر خان جھوٹے الزامات لگا کر کارکنان کو ورغلانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں‘‘۔

    بابرغوری نے چائنا کٹنگ کے حوالے سے عامرخان  کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے عوام کےخاطرخاموش ہوں، الزامات درالزامات کی سیاست کوبندہوناچاہئے۔

    بابر غوری نے کہا وہ  بھی بہت کچھ بتاسکتے ہیں لیکن لڑائی نہیں چاہتے، سابق سینیٹر نے کہا کہ اگر وہ اتنے ہی برے ہیں تو ایم کیو ایم پاکستان  کا میئر ان سے امریکا میں کیوں ملاقات کرتاہے۔ انہوں نے ایم کیوایم پاکستان کے رہنماء کو مشورہ دیا کہ الزامات لگانےکےبجائےعوام کےمسائل کوحل کرنے پر توجہ دیں۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے تحت نشتر پارک جلسے میں عامر خان کی جانب سے بابر غوری پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ وہ چائنا کٹنگ سمیت دیگر معاملات میں ملوث تھے اور کٹھن حالات میں ملک سے فرار ہوگئے، جبکہ ایم کیو ایم لندن کے رہنما کارکنوں کو گرفتاری کی ہدایت کرتے ہیں اور خود مزے سے لندن میں بیٹھے ہوئے ہیں۔

  • کراچی میں 25 دسمبر کو جلسہ کریں گے، فاروق ستار

    کراچی میں 25 دسمبر کو جلسہ کریں گے، فاروق ستار

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی کل بھی ایم کیو ایم پاکستان کا تھا اور آج بھی کراچی ایم کیو ایم پاکستان کا ہے۔

    ڈاکٹر فاروق ستار پی آئی بی میں قائم ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز پر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے اعلان کیا ہے کہ 25 دسمبر کو شہر قائد میں تاریخی جلسہ کریں گے اور یہ جلسہ ایم کیو ایم کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا۔

    سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ ہم نے ضروری سمجھا کے عوام کے سامنے سب بتا دیں اس لیے جلسے میں تمام قیاس آرائیوں کا جواب دیں گے جس کے بعد ہمارے متعلق کی جانے والی چہ مہ گوئیاں خود بہ خود دریا برد ہو جائیں گی اسی مقصد کے لیے 25 دسمبر کو جلسہ رکھا گیا ہے۔

    ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ اس جلسے کے ذریعے پاکستان بھر کے عوام کو یہ پیغام دیں گے کہ کراچی کل بھی ایم کیو ایم پاکستان کا قلعہ تھا اور آج بھی ایم کیو ایم پاکستان کا قلعہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم سپریم کورٹ کی شکر گزار ہے جس نے سات سال بعد مقامی حکومتوں کے انتخابات کراوئے اور سپریم کورٹ کے حکم پر ہی توقع ہے کہ مارچ تک مردم شماری بھی ہوجائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی وجہ سے ملک میں بلدیاتی انتخابات ہوئے ورنہ اس ملک کے جاگیر دار اور وڈیرے علامتی طور پر بھی مقامی حکومتوں کو برداشت نہیں کرتے ہیں۔

  • علامتی دھرنا، کارکن کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا، فیصل سبزواری

    علامتی دھرنا، کارکن کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا، فیصل سبزواری

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ کارکن کے ماورائے عدالت قتل پر عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں ملوث پولیس اہلکاروں کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی فیصل سبزواری کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں علامتی دھرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ کارکن وسیم راجہ کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا ہے جس کے خلاف میت کے ہمراہ علامتی دھرنا دیا ہے۔

    میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ وسیم راجہ کو مومن آباد تھانے کی پولیس نے حراست میں لیا تھا لیکن اسے کسی عدالت میں پیش کرنے کے بجائے ماورائے عدالت قتل کردیا گیا اور بہانہ یہ بنایا گیا کہ ملزم نے خودکشی کر لی ہے۔

    انہوں نے عدالتی کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اورنگی ٹاؤن کے دونوں تھانوں کے جو اہلکار اس سفاکانہ جرم میں ملوث ہیں انہیں فی الفور گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے تا کہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔

    فیصل سبزواری نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے دو سو زائد کارکنان کا تین سال میں ماورائے عدالت قتل کیا گیا ہے لیکن کسی ایک کا بھی قاتل گرفتار نہیں ہو سکا ہے۔

  • پرویز مشرف کا سیاسی سفر تمام ہوا، مولا بخش چانڈیو

    پرویز مشرف کا سیاسی سفر تمام ہوا، مولا بخش چانڈیو

    حیدرآباد : مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا نام لیے بغیر مطالبہ کیا کہ قومی سلامتی سے وابستہ معاملے ہر جو وزارت درست طریقے سے کارکردگی نہ دکھا سکی اس کے نگراں کو ہٹا دینا چاہیے۔

    مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے حیدر آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی سے متعلق خبر کے شائع ہونے کے معاملے کو درست طریقے سے حل نہیں کرپانے پر اُس وزارت کے نگراں کو ہٹا دینا چاہیے۔

    پاکستان تحریک انصاف کے سربرا ہ عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے مشیرِ اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ شادی میں کیا رکھا ہے اب تو عمران خان کے بیٹے بھی جوان ہیں شادی تو اب بچوں کی ہونی چاہیے۔

    ایک سوال کے جواب میں اُن کا کہنا تھا کہ سابق صدر جنرل (ریٹائرڈ) پرویزمشرف کا پاکستان میں کوئی کردار نہیں بنتا لیکن اس ملک میں سب کچھ ممکن ہے۔سابق صدر کو گمان ہے کہ احسان کے بدلے ایم کیو ایم پاکستان انھیں اپنی قیادت سونپ دے گی۔

    مولا بخش چانڈیو نے ایم کیو ایم کا سندھ حکومت میں شمولیت کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ا یم کیو ایم کوپتہ ہے کہ انہیں صرف پیپلز پارٹی منائے گی،وہ اسی لیے ناز نخرے کرتے رہتے ہیں اور اسی لیے ایم کیو ایم پاکستان والے ہم سے لڑتے بھی رہتے ہیں اورساتھ چلتے بھی ہیں۔

  • یاد گارِ شہداء عزیز آباد، ایم کیو ایم لندن کے 7 کارکنان گرفتار

    یاد گارِ شہداء عزیز آباد، ایم کیو ایم لندن کے 7 کارکنان گرفتار

    کراچی : عزیزآباد میں واقع شہدائے یادگار پر ایم کیو ایم پاکستان اور ایم کیو ایم لندن کے کارکنان آمنے سامنے آ گئے شدید نعرے بازی کے بعد پولیس نے قائد ایم کیو ایم کے حق میں نعرے لگانے والے 7 کارکنان کو گرفتار کر لیا ہے جب کہ ایم کیو ایم پاکستان کی ریلی بغیر حاضری دیے پی آئی بی روانہ ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر کو آخری مقدمے میں ضمانت ملنے کے بعد سینٹرل جیل سے رہا کردیا گیا تھا جس کے بعد وہ ایک ریلی کی صورت مزارِ قائد پہنچے اور فاتحہ خوانی کی بعد ازاں وہ عزیز آباد میں واقع ایم کیو ایم کے شہدائے یاد گار حاضری دینے پہنچنا تھا۔

    Five arrested as MQM London, Pakistan workers… by arynews

    ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے سب سے پہلے خواجہ اظہار الحسن شہدائے یادگار پہنچے لیکن وہاں پہلے سے موجود ایم کیو ایم لندن کے کارکنان کی بڑی تعداد نے قائد ایم کیو ایم کے حق میں نعرے لگانا شروع کردیے جس کے بعد خواجہ اظہار الحسن وہاں سے چلے گئے تا ہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر ایم کیو ایم لندن کے 7 کارکنان کو گرفتار کر کے عزیز آباد پولیس تھانے منتقل کردیا۔

    بعد ازاں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے شہدائے یادگار پر حاضری دیے بغیر پی آئی بی میں واقع عارضی دفتر روانہ ہو گئے جہاں وسیم اختر اور دیگر رہنما میڈیا سے بات چیت کریں گے۔

  • وزیراعلیٰ ہمارا ہو تو سندھ حکومت کو جوائن کر سکتے ہیں، خواجہ اظہار الحسن

    وزیراعلیٰ ہمارا ہو تو سندھ حکومت کو جوائن کر سکتے ہیں، خواجہ اظہار الحسن

    کراچی : سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت میں جانے کے لیے بھی تیار ہیں لیکن اس کے لیے شرط ہے کہ وزیر اعلٰی کا عہدہ ایم کیو ایم پاکستان کو دیا جائے۔

    اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن میڈیا سے بات کر رہے تھے انہوں نے دعویٰ کیا کہ بہت جلد کراچی کی قدآور شخصیات ایم کیوایم پاکستان میں شامل ہوں گی۔

    ایک سوال کے جواب میں خواجہ اظہار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان سندھ کابینہ کا حصہ بن سکتی ہے لیکن اس کے لیے شرط یہ ہے کہ وزیر اعلیٰ کا عہدہ ایم کیو ایم پاکستان کو دیا جائے۔

    اس موقع پر خواجہ اظہار نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دینے کا بھی مطالبہ کیا ،ان کا کہنا ہے مرادعلی شاہ ضد چھوڑدیں اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کریں۔

    انہوں نے حکومت سندھ کو متنبہ کیا کہ اگر بلدیاتی نمائندوں کو اخیتارات نہ دیئے گئے تو مجبوراًمحبت میں دھرنے دیں گے ہم سندھ میٰں قائم باہمی ورکنگ ریلیشن شپ کو تباہ اور دیہی و شہری سندھ میں تناؤ نہیں چاہتے۔

    نو منتخب اسیر میئر کراچی وسیم اختر کی رہائی کی خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا اب ٹیم کا کپتان وسیم اختر میدان میں آگیا ہے ترقی کے سفر کو اب کوئی روک نہیں سکتا۔

  • کراچی، پرویز مشرف کے حق میں وال چاکنگ

    کراچی، پرویز مشرف کے حق میں وال چاکنگ

    کراچی : کراچی کے مختلف علاقوں میں سابق صدر پرویز مشرف کے حق میں وال چاکنگ کی گئی ہے،وال چاکنگ میں نعرے درج ہیں اور سابق صدر کی تصاویر بھی چسپاں کی گئی ہیں۔

    کراچی کے ضلع وسطی کے مختلف علاقوں نارتھ کراچی اور ناظم آباد میں رات گئے اچانک سابق صدر پرویز مشرف کے حق میں وال چاکنگ کر دی گئی جس میں پرویز مشرف کو خوش آمدید کہا گیا ہے اور ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے وال چاکنگ میں سابق صدر کی تصاویر بھی آویزاں ہیں۔

    خیال رہے متحدہ قومی موومنٹ اب ایم کیو ایم پاکستان ، پاک سر زمین پارٹی اور لندن گروپ میں منقسم ہو چکی ہے اور کراچی میں کھینچا تانی کی سیاست جاری ہے کبھی مصطفیٰ کمال کے نام کی چاکنگ ہوتی ہے تو کہیں فاروق ستار جلسہ کرتے نظر آتے ہیں تو کہیں بانی ایم کیو ایم کے حق میں نعرے بازی ہوتی نظر آتی ہے۔

    دوسری جانب سابق صدر پرویز مشرف سے دبئی میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے ملاقات کی تھی جب کہ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار اور رکن قومی اسمبلی خالد مقبول صدیقی نے پرویز مشرف سے ملاقات کی تردید کی تھی۔

    اس کے علاوہ میڈیا پر یہ خبریں بھی زیر گردش ہیں کہ پرویز مشرف ایم کیو ایم پاکستان اور پاک سر زمین پارٹی کو یکجا کر کے دونوں جماعتوں کے سربراہ بننے کے لیے ان جماعتوں کے رہنماؤں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

  • ایم کیو ایم پاکستان کو جامعہ کراچی میں مزاحمت کا سامنا

    ایم کیو ایم پاکستان کو جامعہ کراچی میں مزاحمت کا سامنا

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں خواجہ اظہار الحسن اور فیصل سبزواری کو جامعہ کراچی آمد کے موقع پر مخالف دھڑے کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، طالبِ علموں کی جانب سے غداروں استعفی دو کے نعرے بلند کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی میں نئے تعلیمی سال کے لیے داخلوں کا آغاز ہو گیا۔ اس موقع پر مختلف تنظیموں کی جانب سے طالب علموں کی رہنمائی کے لیے استقبالیہ اسٹال لگائے جاتے ہیں اس ایونٹ کی تیاری کے لیے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری اور خواجہ اظہار الحسن جامعہ کراچی پہنچے تھے۔

    وہاں موجود اے پی ایم ایس او سے تعلق رکھنے کچھ کارکنان نے ایم کیو ایم پاکستان کے خلاف شدید نعرے بازی شروع کردی اور دونوں رہنماؤں کو کسی بھی قسم کی سرگرمی سے روک دیا، طالب علم دونوں رہنماؤں کی موجودگی تک غداروں استعفٰی دو کے نعرے بلند کرتے رہے۔

    بعد ازاں ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق رکھنے والے دونوں اراکین اسمبلی پولیس کی بھاری نفری کے ہمرا واپس لوٹ گئے جب کہ ایم کیو ایم پاکستان کی حمایت کرنے والے اے پی ایم ایس او کے کارکنان نے استقبالیہ کیمپوں کا پولیس کی مدد سے انتظام سنبھال لیا۔

    واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ میں ہونے والی ٹوٹ پھوٹ کے نتیجے میں پی ایس پی اور ایم کیو ایم پاکستان نامی دو دھڑے سامنے آچکے ہیں جب کہ بانی ایم کیو ایم سے رابطے برقرار رکھنے والے ایم کیو ایم لندن کہلائے جا رہے ہیں،ایم کیو ایم کے طلبہ ونگ نے اپنا تعلق لندن سے ہی جڑے رکھا تھا۔

    جس کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے چند روز قبل طلبہ ونگ اے پی ایم ایس او کے نئے عہدیداروں کا چناؤ کیا گیا تھا جس کا باقاعدہ اعلان عارضی دفتر پی آئی بی میں منعقد کیے گئے ایک اجلاس میں خود ڈاکٹر فاروق ستار نے کیا تھا۔

  • مسجد و امام بارگاہ کی تلاشی کے دوران حرمت کا پاس نہ رکھنے پر تشویش ہے،ایم کیو ایم پاکستان

    مسجد و امام بارگاہ کی تلاشی کے دوران حرمت کا پاس نہ رکھنے پر تشویش ہے،ایم کیو ایم پاکستان

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے ترجمان نے مسجد و امام بارگاہ شاہِ کربلا میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کی جانب سے تلاشی کے دوران حرمت کا پاس نہ رکھنے پرگہری تشویش کااظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک بیان میں ایم کیوایم (پاکستان ) کے ترجمان نے کہاکہ مسجد و امام بارگاہ کے منتظمین کے مطابق آج صبح قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کچھ اطلاعات کی بنیاد پر وہاں قائم مختلف دفاتر کی تلاشی لی تاہم مسجد و امام بارگاہ میں عبادات کیلئے قائم حصوں کی تلاشی کے دوران وہاں کے تقدس کو پیش نظر نہیں رکھا گیا جس پر اہل تشیع برادری میں شدید غم و غصہ پایاجارہا ہے۔

    اسی سے متعلق : پٹیل پاڑہ قتل کیس: پی پی رہنما فیصل رضا عابدی گرفتار

    ترجمان نے مزید کہاکہ دو روز قبل سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی اور آج صبح علامہ مرزا یوسف حسین کی گرفتاریوں پر بھی اہل تشیع برادری میں شدید اضطراب پایاجارہا ہے اور ایم کیوایم (پاکستان ) بھی ان واقعات پر گہری تشویش رکھتی ہے،اس لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس امرکو یقینی بنائیں کہ فرقہ وارانہ دہشت گردی کے خلاف کی جانیوالی کاروائیوں سے یہ تاثر نہ ابھرے کہ یہ محض ایک فریق کے خلاف کی جارہی ہیں۔

     یہ بھی پڑھیں : قانون نافذ کرنے والےاداروں کی کارروائی،علامہ مرزا یوسف زیرحراست

    ایم کیو ایم (پاکستان) کے ترجمان نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ مسجد وامام بارگاہ شاہ کربلا کی بے حرمتی کی شکایات کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھاجائے اور اس واقعہ کی شفاف تحقیقات میں اہل تشیع برادری کے اطمینان کو بھی پیش نظر رکھاجائے۔

    ترجمان نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی اور علامہ مرزا یوسف حسین کو بھی اپنی بے گناہی ثابت کرنے کا موقع دیاجائے اور اہل تشیع برادری پر ہونے والے حملوں میں ملوث افراد کو بے نقاب کرکے انہیں جلد از جلد قانون کی گرفت میں لایاجائے۔