Tag: ایم کیو ایم پاکستان

  • سندھ حکومت نے خالد مقبول صدیقی سے سیکیورٹی واپس لے لی

    سندھ حکومت نے خالد مقبول صدیقی سے سیکیورٹی واپس لے لی

    کراچی: سندھ حکومت نے سابق وفاقی وزیر اور ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی سے سیکیورٹی واپس لے لی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سندھ حکومت نے سابق وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی کی سیکیورٹی واپس لیتے ہوئے پولیس اہلکار واپس بلا لیے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے سیکیورٹی واپس لینے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ  سندھ حکومت کا سیکیورٹی واپس لینا متعصبانہ فیصلہ ہے۔

    رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت سیاسی اختلافات کی آڑ میں متعصبانہ فیصلوں پر اتر آئی ہے، سندھ حکومت کے متعصبانہ اقدام کا نوٹس لیا جائے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا ہے کہ خالد مقبول صدیقی کی جانب سے کراچی کے حقوق کی آواز اور مسائل کے حل کی جدوجہد سندھ حکومت کو ایک آنکھ نہیں بھائی اس لیے سیکیورٹی واپس لی گئی ہے۔

    رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی واپس لینے کے بعد اگر کنوینر ایم کیو ایم پاکستان کو کوئی خطرہ پہنچا تو اس کی براہ راست ذمہ داری سندھ حکومت اور پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت پر ہوگی۔

    ایم کیو ایم پاکستان رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ حکومت کے متعصبانہ اقدام کا نوٹس لیا جائے، وزیراعظم عمران خان، گورنر سندھ عمران اسماعیل فی الفور خالد مقبول صدیقی کی سیکیورٹی کے اقدامات کریں۔

  • ایم کیو ایم پاکستان نے پھر نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ کر دیا

    ایم کیو ایم پاکستان نے پھر نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ کر دیا

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے ایک بار پھر کراچی سمیت ملک بھر میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک طرف سندھ حکومت کی قیادت میں کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کی اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کی گئی ہے، دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینئر عامر خان نے نئے انتظامی یونٹس کے قیام کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    کراچی کے مسائل پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پیغام میں عامر خان نے کہا کہ کراچی کا مسئلہ اس وقت تک حل نہیں ہو سکتا جب تک مقامی افراد کو مکمل اختیار نہ دیا جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مقامی لوگوں کو مکمل اختیار دیا جانا تب ہی ممکن ہے جب ملک بھر میں نئے انتظامی یونٹس کا قیام عمل میں لایا جائے۔

    بڑی خبر، ایک دوسرے کی شدید مخالف جماعتیں کراچی کے لیے ایک ہو گئیں

    واضح رہے گزشتہ رات کراچی میں شہر کی ترقی اور مسائل کے حل کے لیے ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی بڑی بیٹھک لگی تھی، جس میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، ناصر حسین شاہ، سعید غنی، میئر کراچی وسیم اختر، وفاقی وزیر علی زیدی اور اسد عمر نے شرکت کی تھی۔

    اس اہم ملاقات سے یہ امر واضح ہو گیا ہے کہ شہر قائد کی ترقی اور مسائل کے حل کے لیے ایک دوسرے کی شدید مخالف سیاسی جماعتیں ایک ہو گئی ہیں اور کراچی کی بحالی، معاشی ترقی اور مسائل کے حل کے لیے تینوں جماعتوں نے اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے مل کر کام کرنے، مشترکہ حکمت عملی بنا کر آگے بڑھنے اور ساتھ چلنے پر اتفاق کر لیا ہے۔

  • ایم کیو ایم پاکستان کو وفاقی حکومت میں ایک اور اہم عہدہ مل گیا

    ایم کیو ایم پاکستان کو وفاقی حکومت میں ایک اور اہم عہدہ مل گیا

    اسلام آباد: ایم کیو ایم پاکستان کو وفاقی حکومت میں ایک اور اہم عہدے دے دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی صلاح الدین کو وفاقی پارلیمانی سیکریٹری برائے آئی ٹی بنادیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے صلاح الدین حیدرآباد سے منتخب رکن قومی اسمبلی ہیں۔

    مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان سے ایم کیو ایم رکن اسمبلی صلاح الدین کی ملاقات ہوئی جس میں نئی ذمہ داریوں اور موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ڈاکٹر بابر اعوان نے نئی ذمہ داریاں ملنے پر ایم کیو ایم رہنما صلاح الدین کو مبارک باد دی، واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے امین الحق پہلے ہی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر ہیں۔

    یاد رہے کہ چند ماہ قبل امین الحق کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کا قلمدان دیا گیا تھا، یہ قلمدان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہوا تھا، امین الحق کے حلف اٹھانے کے بعد ایم کیو ایم کی دوبارہ وفاقی کابینہ کا حصہ بن گئی تھی۔

    خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی تھیں، فخرامام کو وزارت فوڈ سیکیورٹی اور خسروبختیار کو اکنامک افیئر کا قلمدان سونپا تھا جبکہ حماد اظہر کو وزارت صنعت کا وزیربنا دیا تھا۔

  • ایم کیو ایم رہنما عامر خان نے آفاق احمد سے معافی مانگ لی

    ایم کیو ایم رہنما عامر خان نے آفاق احمد سے معافی مانگ لی

    کراچی: متحدہ قومی موؤمنٹ پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنونیئر عامر خان نے آفاق احمد سے معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ ایم کیو ایم میں شامل ہونا چاہیں تو ہم انہیں خوش آمدید کہیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان  کے رہنما کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز پریس کانفرنس سے پہلے جو دوستوں سے گفتگو کی وہ ریکارڈ ہوگئی، غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پر آفاق احمد سے معذرت کرتا ہوں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’اگر آفاق احمد ایم کیو ایم پاکستان میں آنا چاہتے ہیں تو انہیں خوش آمدید کہیں گے،  شہر کی بہتری کے لیے کام کرنے والی دیگر جماعتیں اور شخصیات بھی اگر ہمارے ساتھ شمولیت اختیار کرنا چاہیں تو ان کے لیے بھی ہمارے دروازے کھلے ہیں‘۔

    عامر خان کا کہنا تھا کہ ’22اگست کے بعد پالیسیاں تبدیل ہوئیں، اب ہم سیاسی اختلاف کے باوجود بھی مخالفین سے ملاقاتیں کرتے ہیں، سیاسی اختلافات ہوسکتے ہیں مگر ہم کسی کے ساتھ سیاسی انتشار نہیں چاہتے‘۔

    مزید پڑھیں: عزیر بلوچ، سانحہ بلدیہ اور نثار مورائی کی جے آئی ٹیز پبلک کر دی گئیں

    عامر خان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم کسی سے بھی ہونے والے اختلافات کو دشمنی کی صورت تبدیل نہیں کرسکتے، کراچی کیلئےآواز اٹھانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے‘۔

    ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ مغرب کی نماز کے بعد جیل بیرک کے دروازے بند ہوجاتے ہیں، رات10 بجے جیل بیرک کا دروازہ کھلے تو اگلے دن سب قیدیوں کو وجہ معلوم ہوجاتی ہے، میں ذوالفقار مرزا اور آفاق احمد کی پیسے کی لین دین کا عینی شاہد تو نہیں ہوں لیکن جیل میں موجود لوگوں کا یہی کہنا تھا کہ دونوں کے درمیان پیسوں کا لین دین ہوا ہے‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’جیل میں لوگوں نےکہا ذوالفقار مرزا آئے اور انہوں نے آفاق احمد سے ملاقات کی،  میرےعلم میں ذوالفقارمرزا اور آفاق احمدکی ایک بار ملاقات ہوئی جبکہ جیل سے ملنے والی معلومات کے مطابق دونوں کے درمیان کئی ملاقاتیں ہوئیں‘۔

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سندھ حکومت نے فشریز کے سابق چیئرمین نثار مورائی کی جے آئی ٹی ریلیز کی جس میں ملزم نے انکشاف کیا تھا کہ سابق وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا نے ایم کیو ایم سے مقابلہ کرنے کے لیے آفاق احمد کی مالی معاونت کی اور جیل میں جاکر ملاقاتیں کیں۔

    یہ بھی پڑھیں: سندھ حکومت نے مخالفین کو ڈرانے کے لیے جے آئی ٹی پبلک کی، آفاق احمد

    اسے بھی پڑھیں: نبیل گبول کا پبلک کی گئی عزیربلوچ کی جے آئی ٹی سے متعلق اہم انکشاف

    ایک روز قبل ایم کیو ایم کے عارضی مرکز بہادرآباد میں پریس کانفرنس سے قبل عامر خان میئر کراچی اور رکن سندھ اسمبلی کنور نوید جمیل سے آف ریکارڈ گفتگو  کررہے تھے جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ خود ذوالفقار مرزا اور آفاق احمد کی ملاقاتوں اور پیسوں کی لین دین کے گواہ ہیں۔

  • ایم کیو ایم کا سندھ حکومت کیخلاف کراچی بھر میں احتجاج کا اعلان

    ایم کیو ایم کا سندھ حکومت کیخلاف کراچی بھر میں احتجاج کا اعلان

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ حکومت کے خلاف کراچی بھر میں احتجاج کا اعلان کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما کنور نوید نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پی پی حکومت کے خلاف پورے کراچی میں احتجاج کا اعلان کردیا۔

    کنور نوید جمیل نے کہا کہ سندھ کے دیگر شہروں میں بھی احتجاج کا دائرہ بڑھا دیا جائے گا، سندھ حکومت کے بجٹ کو مسترد کرتے ہیں، سندھ میں کرونا کی روک تھام کے لیے اقدامات بھی ناکافی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ کے شہروں پر ایک پیسہ خرچ کرتے ہوئے ان کی جان نکلتی ہے، سندھ حکومت کے بجٹ میں کراچی، حیدرآباد کے لیے ایک بھی نیا منصوبہ نہیں، حکومت کراچی سمیت سندھ کے شہری علاقوں سے ٹیکس اکٹھا کرتی ہے۔

    ایم کیو ایم رہنما کے مطابق سندھ کی آبادی کا نصف کراچی میں رہتا ہے، ایم کیو ایم پاکستان نے بجٹ کا بغور جائزہ لیا، اسمبلی میں اپنی تقریر میں بجٹ پر تحفظات کا اظہار کیا اور سندھ حکومت کو بتایا کہ ان کا طرز عمل تفریق اور دوریوں کا سبب بنے گا لیکن سندھ کے بے بس حکمران اور وزیراعلیٰ کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔

    کنور نوید کے مطابق سندھ حکومت نے کراچی کیلئے 233 ارب کے بجٹ میں صرف 11 فیصد رکھا اور آج اپنا بجٹ پاس کرلیا، منظور شدہ سندھ بجٹ میں کراچی، حیدرآباد کے لیے کوئی ترقیاتی منصوبہ نہیں، بجٹ میں کرونا کے سدباب، طبی سہولتوں کو نہیں بڑھایا گیا، مطالبات نہ مانے گئے تو احتجاج کا دائرہ پورے سندھ تک وسیع کردیں گے۔

  • کرونا صورت حال: ایم کیو ایم پاکستان نے بڑا مطالبہ کردیا

    کرونا صورت حال: ایم کیو ایم پاکستان نے بڑا مطالبہ کردیا

    کراچی: کرونا وائرس کی صورت حال کے پیش نظر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان نے صحت کا بجٹ دوگنا کرنے کا مطالبہ کردیا اور اسپتال کے نظام پر تحفاظت کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم نے صحت کا بجٹ دگنا کرنے کے علاوہ وفاقی وصوبائی حکومتوں سے سستے علاج کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے، ایم کیو ایم ارکان قومی اسمبلی نے نجی اسپتالوں میں علاج کے نام پرلوٹ مار کی مذمت کی اور اسے فوری روکنے پر روز دیا۔

    ایم کیو ایم ارکان کا کہنا ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں علاج نہ ہونے پر عوام ٹھوکریں کھارہی ہے، نجی سپتالوں میں مہنگے ترین علاج کے باعث عوام بے بس ہے، اسپتالوں میں حکومتی رٹ نہ ہونے کے برابر ہے۔

    ملک میں کرونا سے مزید 83 افراد کا انتقال، جاں بحق افراد کی تعداد 2,255 ہو گئی

    انہوں نے زور دیا کہ 18ویں ترمیم کے بعد سرکاری اسپتالوں کا نظم ونسق صوبائی ذمہ داری ہے، سندھ حکومت موروثی سیاست کے سبب صحت کے مسائل پر ناکام ہوئی، نجی اسپتال کرونا کے خاتمے کیلئے سستا علاج میسر کریں۔

    ایم کیوایم کا یہ بھی کہنا تھا کہ عوام کو سرکاری اسپتالوں میں صحت کی بہتر سہولتیں دی جائیں۔

    خیال رہے کہ پاکستان کرونا کیسز کا گراف مزید بلند ہونے کے بعد کیسز کی تعداد کے لحاظ 213 ممالک میں دنیا کا 15 واں ملک بن چکا ہے، اموات اور نئے کیسز کی تعداد میں روز بہ روز اضافہ ہو رہا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 83 اموات ہوئیں۔

  • جعلی ڈومیسائل معاملے پر سندھ حکومت عدالتوں سے بھاگ رہی ہے، خواجہ اظہار

    جعلی ڈومیسائل معاملے پر سندھ حکومت عدالتوں سے بھاگ رہی ہے، خواجہ اظہار

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ جعلی ڈومیسائل معاملے پر سندھ حکومت عدالتوں سے بھاگ رہی ہے، انصاف کے حوالے سے ہمیں عدالتوں پر یقین ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار الحسن نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جعلی ڈومیسائل بنانے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے، کیا جعلی ڈومیسائل پشاور سے بن کر آرہے ہیں، ہم نے انصاف کے لیے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا موقف ہے 1973 کے آئین پر عمل کیا جائے، جو قانون ذوالفقار علی بھٹو نے بنایا اس پر عمل کیا جائے، قانون کے مطابق نوکریاں نہ ملنا وزیراعلیٰ سندھ، بیوروکریسی کے لیے باعث شرم ہے۔

    خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ ایک تا 15 گریڈ کی نوکریاں مقامی لوگوں کا حق ہے مگر یہ نہیں دیا جارہا، سندھ کے عوام کو سندھ کے نام پر بیوقوف بنانا بند کیا جائے۔

    ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ عوام کو سندھ کے حکمرانوں کی پالیسیوں سے خطرہ ہے، سندھ حکومت نے جعلی ڈومیسائل پر کمیٹی بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا، سندھ حکومت کا نوٹیفکیشن عدالتی کارروائی پر اثر انداز ہونے کی سازش ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ پبلک سروس کمیشن شہری دشمن ادارہ ہے، سابق آئی جی سندھ بھرتی کھول کر گئے اس پر عملدرآمد کیوں روک دیا گیا، ہماری بھرتیاں روک کر دیہی علاقوں سے لا کر لوگوں کو بھرتی کیا جارہا ہے، ہم سندھ حکومت کی بنائی گئی کمیٹی کو مسترد کرتے ہیں۔

    خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ نیب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جعلی ڈومیسائل پر تحقیقات کرے، جعلی ڈومیسائل بنانے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔

  • ’’اب اس شہر کو کھلنا ہے‘‘، ایم کیو ایم  نے تاجر برادری کے مطالبات کی حمایت کردی

    ’’اب اس شہر کو کھلنا ہے‘‘، ایم کیو ایم نے تاجر برادری کے مطالبات کی حمایت کردی

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے تاجر برادری کے مطالبات کی حمایت کردی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ تاجر برادری اپنی ایس او پیز خود بنا کر فوری اپنے کاروبار کو بحال کرے۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ لاک ڈاؤن کا کھیل بہت ہوا اب اس شہر کو کھلنا ہے، ملکی معیشت کو زندہ رکھنے کے لیے کراچی میں تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کو بحال ہونا بے حد ضروری ہے۔

    سارے قانون توڑ کر کاروبار کھول دیں گے، عتیق میر

    دوسری جانب آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے کہا کہ سارے قانون توڑ کر کاروبار کھول دیں گے، ہمیں اپنے بچوں کی روٹی چاہئے۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل عتیق میر کا کہنا تھا کہ ہمیں وفاق نہیں بھوک اکسا رہی ہے، اگر لاک ڈاؤن کے معاملے میں سندھ حکومت مایوس کرے گی تو ہم ہر وہ دروازہ کھٹکھٹائیں گے جہاں سے انصاف کی امید ہوگی۔

    اس سے قبل چیئرمین بزنس مین گروپ سراج قاسم تیلی نے سندھ حکومت سے 15 رمضان سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا مطالبہ کیا تھا۔ اُن کا کہنا تھا کہ کرونا کی روک تھام کے حوالے سے سندھ حکومت کی تمام کاوشیں قابل تعریف ہیں مگر کاروبار ہمیشہ بند رکھنے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

    واضح رہے کہ کرونا وائرس کے باعث 22 مارچ سے کراچی سمیت سندھ بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے، چند روز قبل صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن پورے رمضان جاری رہے گا۔

  • ایم کیو ایم رہنما کی سزا کے خلاف اپیل پر 17 سال بعد فیصلہ

    ایم کیو ایم رہنما کی سزا کے خلاف اپیل پر 17 سال بعد فیصلہ

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما عامر خان کی سزا کے خلاف اپیل پر 17 سال بعد فیصلہ سنا دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے عامر خان اور طارق باٹا کی سزا کے خلاف اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے سزا کالعدم قرار دے دی۔

    عدالت نے عامر خان کی سزا بڑھانے کے لیے سندھ حکومت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما اور طارق باٹا کو بری کر دیا۔ یاد رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے عامر خان کو 10 سال اور طارق باٹا کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

    پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے 23 فروری 2003 کو ضمنی الیکشن کے موقع پر ایم کیو ایم کے 2 کارکنوں پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ 2003 میں عامر خان اس وقت ایم کیو ایم حقیقی کے جنرل سیکریٹری تھے۔ پراسیکیوٹر نے کہا کہ اے ٹی سی نے عامر خان کو 10 سال قید جب کہ ملزم طارق کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

    واضح رہے کہ ملزم طارق باٹا 17 سال سے جیل میں ہیں جب کہ عامر خان ضمانت پر رہا ہیں، پولیس نے اس کیس میں شریک ملزم رئیس عرف ٹوپی سمیت 2 ملزمان کو مفرور قرار دیا تھا۔

  • ایم کیو ایم پاکستان نے راشن تقسیم کے معاملے پر سوالات اٹھا دیے

    ایم کیو ایم پاکستان نے راشن تقسیم کے معاملے پر سوالات اٹھا دیے

    کراچی: شہر قائد میں لاک ڈاؤن کے دوران مستحقین میں راشن کی تقسیم کا معاملہ تاحال تنازع کا شکار ہے، ایم کیو ایم پاکستان نے اس سلسلے میں سندھ حکومت کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ سندھ میں راشن کی تقسیم پر بھی سیاست کی جا رہی ہے، کیا یہ وقت اپنے لوگوں کی مدد کا ہے یا سیاست کرنے کا؟

    خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ طے ہوا تھا کہ راشن کی تقسیم یونین کونسل کی سطح پر نمائندگان کے ذریعے ہوگی، لیکن صوبے میں راشن پیپلز پارٹی کے ہارے ہوئے نمائندے تقسیم کر رہے ہیں۔

    کراچی میں غریب افراد میں راشن کی تقسیم کیسے ہوگی؟پلان تیار

    ان کا کہنا تھا کہ کس گھر میں کتنے افراد ہیں، خرچہ کتنا ہے، کون مستحق ہے، یو سی سطح پر نمائندوں کے پاس ہر گھر کی یہ معلومات موجود ہوتی ہے، خدشہ ہے پی پی طرز عمل سے مستحقین میں راشن تقسیم نہیں ہو سکے گا، کرونا فنڈز کے نام پر خورد برد اور سیاست کی جا رہی ہے۔ خالد مقبول نے کہا کہ ایم کیو ایم کے بلدیاتی نمائندے اپنے طور پر شہر میں راشن تقسیم کر رہے ہیں اور خون کے عطیات جمع کر رہے ہیں، یہ کام بہتر طور پر بلدیاتی نمائندے ہی کر سکتے ہیں۔

    خیال رہے کہ سندھ حکومت نے کراچی میں غریب افراد میں راشن کی تقسیم کا نظام وضع کر دیا ہے، کمشنر کراچی کے مطابق راشن یونین کونسل کی سطح پر تقسیم کیا جائے گا اور شام 5 سے 7 بجے یا پھر رات گئے گھروں کی دہلیز پر جا کر تقسیم ہوگا۔