Tag: ایم کیو ایم پاکستان

  • چیئرمین سینیٹ معاملہ، بلاول بھٹو زرداری نے جو بویا وہی کاٹا، فاروق ستار

    چیئرمین سینیٹ معاملہ، بلاول بھٹو زرداری نے جو بویا وہی کاٹا، فاروق ستار

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر بلاول بھٹو زرداری نے جو بویا تھا وہی کاٹا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سابق کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے بلاول بھٹو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جیسی کرنی ویسی بھرنی ہے، گزشتہ سال ہارس ٹریڈنگ کی ابتدا پیپلزپارٹی نے کی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ کل اپوزیشن کے سینیٹرز کا ضمیر جاگ گیا تو اس میں چیخنے کی بات نہیں ہے۔

    فاروق ستار کے مطابق گزشتہ برس پیپلزپارٹی نے بھی ایم کیو ایم کے سینیٹرز کے بارے میں یہی کہا تھا، ہارس ٹریڈنگ کی وجہ سے ایم کیو ایم کے چار سینیٹرز کے بجائے ایک جیتا تھا۔

    مزید پڑھیں: عمران خان، صادق سنجرانی ملاقات، وزیر اعظم کی چیئرمین سینیٹ کو مبارک باد

    انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہمارے لوگوں کی وفاداریاں خریدی گئی تھیں اب بلاول بھٹو زرداری سیخ پا ہورہے تھے۔

    خیال رہے کہ کل سینیٹ میں اپوزیشن کی جانب سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی تھی.

    اپوزیشن کی اکثریت کے باوجود تحریک عدم اعتماد ناکام رہی، تحریک کے حق میں فقط 50 ووٹ آئے، جس کے بعد تحریک کو رد کر دیا گیا.

    یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے خلاف پیش کردہ تحریک کو بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس مرحلے پر اپوزیشن جماعتوں‌ کے سینیٹرز نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا تھا۔

  • وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی کی گاڑی ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز سے چوری

    وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی کی گاڑی ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز سے چوری

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سربراہ اور وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی نئی ڈبل کیبن گاڑی چوری ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر اور وفاقی وزیر خالد مقبول کی نئی گاڑی منگل کی صبح 8 بجے ایم کیو ایم پاکستان کے بہادرآباد مرکز سے چوری کی گئی، ایف آئی آر درج کرادی گئی ہے۔

    خالد مقبول صدیقی کی گاڑی بہادر آباد مرکز کے باہر کھڑی تھی یہ گاڑی ایم کیو ایم پاکستان کی فلاحی تنظیم خدمت خلق فاؤنڈیشن کے نام پر رجسٹرڈ ہے اور اسے کچھ عرصے قبل ہی خریدا گیا تھا۔

    [bs-quote quote=”بہادر آباد مرکز کے باہر لگے کیمروں کی فوٹیج حاصل کرتے ہوئے گاڑی کی تلاش شروع کردی گئی” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    پولیس کی جانب سے بہادر آباد مرکز کے باہر لگے کیمروں کی فوٹیج حاصل کرتے ہوئے گاڑی کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے فروری 2018 میں ڈاکٹر فاروق ستار کو پارٹی کنوینر شپ سے ہٹا کر خالد مقبول صدیقی کو نیا سربراہ مقرر کیا تھا۔

    خالد مقبول صدیقی ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر کے ساتھ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی بھی ہیں اور وہ 2018 کے عام انتخابات میں کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ 255 سے کامیاب ہوئے تھے۔

    خیال رہے کہ کراچی میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے، عید یا کوئی تہوار قریب آتے ہی ان وارداتوں میں اضافہ ہوجاتا ہے اور پولیس اسٹریٹ کرائم اور چوری کی وارداتوں میں قابو پانے میں ناکام نظر آتی ہے۔

  • سندھ حکومت نے ملازمتیں فروخت کردیں، خالد مقبول صدیقی

    سندھ حکومت نے ملازمتیں فروخت کردیں، خالد مقبول صدیقی

    کراچی: وفاقی وزیر برائے آئی ٹی خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے ملازمتیں فروخت کردیں، کراچی کے شہریوں کو نوکریوں سے محروم کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے آئی ٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے ملازمتیں فروخت کرکے کراچی کے شہریوں کو نوکریوں سے محروم کردیا ہے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر نے کہا کہ حکومت نے میئر کراچی وسیم اختر اور حیدر آباد کے لیے فنڈز دینے کا وعدہ کیا ہے۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم ہر سال شہدا اردو کی برسی منائے گی، اردو کی حرمت کے لیے جانیں قربان کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: حکومت سندھ نے بلدیاتی اداروں میں ملازمین کی تقرری پر پھر پابندی لگا دی

    واضح رہے کہ چند روز قبل سندھ حکومت نے بلدیاتی اداروں میں ملازمین کی تقرری پر پھر پابندی لگادی تھی اس سے قبل حکومت سندھ نے 1 سے 4 گریڈ تک ملازمین کی تقرری کی اجازت دی تھی۔

    میئر کراچی وسیم اختر نے سندھ حکومت کے اقدام کو کراچی سے دشمنی قرار دیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ 28 مئی کو حکومت سندھ نے خط کے ذریعے بھرتیوں کی اجازت دی تھی، آسامیاں برسوں سے خالی ہیں، ان آسامیوں کے لیے بجٹ میں خصوصی رقم رکھی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ 9 اپریل کو وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبائی محکموں کو ہدایت کی تھی کہ گریڈ 1 تا 15 کی خالی اسامیوں پر خالصتاً میرٹ اور شفاف طریقۂ کار کے ذریعے 41 ہزار ملازمین کی بھرتی کا عمل شروع کیا جائے۔

  • کراچی کے مسائل کا حل: وزیر اعلیٰ سندھ نے آج اعلیٰ سطح اجلاس طلب کر لیا

    کراچی کے مسائل کا حل: وزیر اعلیٰ سندھ نے آج اعلیٰ سطح اجلاس طلب کر لیا

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے مسائل پر اعلیٰ سطح اجلاس طلب کر لیا، اجلاس نیو سیکریٹریٹ میں آج صبح 10 بجے ہوگا۔

    حکومت سندھ کے ترجمان کے مطابق کراچی کے مسائل کے حل کے لیے ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے، اجلاس میں کراچی کی تمام جماعتیں شرکت کریں گی۔

    ترجمان نے بتایا کہ سول سوسائٹی، تاجر تنظیمیں، این جی اوز کے نمائندے بھی شرکت کریں گے، اجلاس میں کراچی کے مسائل کا حل ڈھونڈا جائے گا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ شہر کے مسائل تمام شیئر ہولڈرز سے مل کر حل کرنا چاہتے ہیں، کراچی کے مسائل اہمیت کے ساتھ حل ہونے چاہئیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  حکومت سندھ نے بلدیاتی اداروں میں ملازمین کی تقرری پر پھر پابندی لگا دی

    ذرایع کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے کراچی کے مسائل پر اسٹیک ہولڈرز کے اجلاس میں پاک سرزمین پارٹی نے شرکت کر کے شہر کے مسائل اجاگر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال اجلاس میں شرکت کریں گے، شہر کے مسائل پر بات چیت کے لیے سندھ حکومت نے مصطفیٰ کمال کو بھی مدعو کیا ہے۔

    ادھر ایم کیو ایم پاکستان نے حکومت سندھ کی پریس کانفرنس پر تحفظات کا اظہار کر دیا ہے، کنور نوید جمیل نے کہا کہ منتخب نمائندوں اور میئر کراچی کو مدعو نہ کرنا باعث حیرت ہے۔

    نوید جمیل کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کا ادراک منتخب بلدیاتی نمائندے بہتر کر سکتے ہیں، سندھ حکومت کا غیر جمہوری رویہ ان کی متعصّبانہ سوچ کا عکاس ہے۔

  • پورا شہر لے کر نکلے تو حکمرانوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی: خالد مقبول صدیقی

    پورا شہر لے کر نکلے تو حکمرانوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی: خالد مقبول صدیقی

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ابھی تو صرف ایم کیو ایم کے کارکنان آئے ہیں، پورا شہر لے کر نکلے تو حکمرانوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کنوینر ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ یہاں 11 سال سے وڈیرے اور جاگیر داروں نے معاشی دہشت گردی مچا رکھی ہے، پاکستان کو بچانے کے لیے کراچی کو بچانا ضروری ہے۔

    ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ہم کچھ نہیں مانگتے، ہم تو اپنا لوٹا ہوا پیسا مانگتے ہیں، ایم کیو ایم کی بلدیاتی حکومت نے پہلا ماس ٹرانزٹ منصوبہ منظور کرایا، بد قسمتی سے تب پیپلز پارٹی کی حکومت تھی اور یہ منصوبہ مکمل نہ ہو سکا۔

    ایم کیو ایم کے سربراہ نے کہا کہ ہم نے پاکستان بنایا تھا اور ہم پاکستان کو بچائیں گے، یہ شہر صوبے کو 95 فی صد اور وفاق کو 70 فی صد دیتا ہے، اور اب وفاق کہتا ہے کہ پانی کا منصوبہ کراچی کے لیے قابل عمل نہیں ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی کو سازش کے تحت پانی فراہم نہیں کیا جا رہا: خالد مقبول صدیقی

    وفاقی وزیر برائے آئی ٹی خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی پیسا دیتا ہے تو وفاق پلتا ہے، وزیر اعظم صاحب ہمیں صرف انصاف چاہیے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پریس کلب پر پانی کی عدم فراہمی کے سلسلے میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں خالد مقبول نے کہا کہ کراچی کو سازش کے تحت پانی فراہم نہیں کیا جا رہا، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ تحفظ فراہم کرے، اگر لوگ اپنی جماعت کو چھوڑ کر جا رہے ہیں تو یہ بھی عدم تحفظ کی دلیل ہے۔

  • کراچی کو سازش کے تحت پانی فراہم نہیں کیا جا رہا: خالد مقبول صدیقی

    کراچی کو سازش کے تحت پانی فراہم نہیں کیا جا رہا: خالد مقبول صدیقی

    کراچی: وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پینے کا صاف پانی ہر حکومت کی بنیادی ضرورت ہوتی ہے، کراچی کو سازش کے تحت پانی فراہم نہیں کیا جا رہا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالد مقبول نے کہا کہ ریاست کی دوسری ذمہ داری تحفظ ہے، اپنی جماعت کو چھوڑ کر جانا بھی عدم تحفظ کی دلیل ہے۔

    خالد مقبول صدیقی نے پریس کلب پر پانی کی عدم فراہمی کے سلسلے میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں کہا کہ ایم کیو ایم کا قصور پڑھے لکھے متوسط نوجوانوں کو اسمبلیوں میں بھیجنا تھا۔

    انھوں نے کہا کہ جبر کرنے والے تھک چکے ہیں، اب انھیں آپ کی ضرورت ہے، آئیں سندھ کے شہری علاقوں کے عوام مہاجروں کو ان کا حق دلائیں۔

    مزید تازہ خبریں پڑھیں:  کراچی کے لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں: سراج الحق

    کنوینر ایم کیو ایم پاکستان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کا 70 برس کا قرض اگر کوئی اتار سکتا ہے تو وہ یہی جماعت ہے۔

    خیال رہے کہ دو دن قبل ایم کیو ایم پاکستان نے شہر قائد میں پانی کے بحران کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا تھا، کراچی میں قلت آب کا مسئلہ گمبھیر شکل اختیار کر چکا ہے، ایم کیو ایم پاکستان سندھ حکومت اور واٹر بورڈ کے خلاف میدان میں آ گئی ہے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کا مؤقف ہے کہ کراچی میں پانی کی چوری اور غیر منصفانہ تقسیم کی وجہ سے شہر بوند بوند کو ترس گیا ہے۔

  • ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ کا بجٹ مسترد کردیا

    ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ کا بجٹ مسترد کردیا

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے سندھ حکومت کی جانب سے پیش کردہ بجٹ مسترد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ حکومت کی جانب سے پیش کردہ بجٹ مسترد کردیا، ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ وفاق کے بجٹ میں بھی شہری علاقوں کو نظر انداز کیا گیا ہے۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی نسل پرست حکومت نے کراچی کا انفرا اسٹرکچر تباہ کردیا، ہم سندھ حکومت کے پیش کردہ بجٹ کو مسترد کرتے ہیں، پیپلزپارٹی اپنے اقدامات کے ذریعے سندھ کو تقسیم کرچکی۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کے 65 فیصد اور سندھ کے بجٹ میں 95 فیصد حصہ دیتا ہے، جو ٹیکس کراچی کے لوگ دے رہے ہیں ان پر خرچ نہیں کیا جاتا، پیپلزپارٹی کی نسل پرست حکومت نے صرف 10بسیں چلائیں، پیپلزپارٹی اپنے اقدامات کے ذریعے سندھ کو تقسیم کرچکی ہے۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ شہری علاقوں کا ٹیکس خود جمع کرائیں اور خرچ کریں تو کیسا رہے گا، پی پی 1988 میں گناہ بن کر سندھ پر نازل ہوئی، پیپلزپارٹی نازل نہ ہوتی تو کراچی میں دنیا کا بہترین ماس ٹرانزٹ سسٹم ہوتا۔

    کنوینر ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے یقین دہانیاں کرائی گئی ہیں، امید ہے جو یقین دہانیاں کرائی گئی وہ شرمندہ تعبیر ہوں گی، حکومت سے وزارت سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔

    انہوں نے کہا کہ 11 سال سے لوٹ مار کرنے والوں کے استعفوں سے کچھ نہیں ہوگا، 11 سال سے لوٹ مار کرنے والوں کا احتساب ہونا چاہئے۔

    پیپلزپارٹی کے ہر دور میں کراچی کے ساتھ زیادتی ہوئی، وسیم اختر

    میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ ہم نہیں سپریم کورٹ کے جج کہہ رہے ہیں سندھ میں روپیہ نہیں لگا، سینئر جج سپریم کورٹ کہتے ہیں زیادہ کرپشن صرف سندھ میں ہے، پیپلزپارٹی کے ہر دور میں کراچی کے ساتھ زیادتی ہوئی، پیپلزپارٹی نے ٹھیکیداروں کے ساتھ مل کر صرف کمائی کی، کرپشن کے لیے من پسند اسکیمیں بجٹ میں رکھی گئی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ گیارہ سال سے لوٹ مار کرنے والوں کا احتساب ہونا چاہئے، کے ایم سی کو ملنے والا بجٹ صرف تنخواہوں پر خرچ ہوتا ہے، ہر سال تنخواہ بڑھائی جاتی ہے پر کے ایم سی کا فنڈ نہیں بڑھایا جاتا، کراچی کے آدھے سے زیادہ پیسے سندھ حکومت اپنے پاس رکھ لیتی ہے۔

    کراچی پیپلزپارٹی کی شکارگاہ ہے، خواجہ اظہار

    ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے اپنی نااہلی کو تسلیم کیا ہے، کراچی کو پانی ملتا ہے نہ روزگار ملتا ہے، کراچی کے شہری علاقوں کے ساتھ مسلسل ظلم ہورہا ہے، عوام کو پانی کے مسئلے پر جان بوجھ کر ترسایا جارہا ہے، کراچی پیپلزپارٹی کے لیے شکارگاہ ہے۔

    پانچ سال میں کراچی پر کچھ پیسہ نہیں لگایا گیا، کنور نوید جمیل

    ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما کنور نوید جمیل نے کہا کہ اس سال 30 ارب کراچی کے لیے رکھے گئے ہیں، 5 سال میں کراچی پر کچھ پیسہ نہیں لگایا گیا۔

  • مصطفیٰ کمال غدار سے بڑھ کر، فاروق ستار چاہیں بھی تو واپس نہیں آ سکتے: وسیم اختر

    مصطفیٰ کمال غدار سے بڑھ کر، فاروق ستار چاہیں بھی تو واپس نہیں آ سکتے: وسیم اختر

    کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ بانی ایم کیو ایم کی سیاست میں واپسی کا امکان اب نہیں ہے، آئین میں صوبوں کی گنجایش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی کے میئر وسیم اختر نے کہا ہے کہ آئین میں صوبوں کی گنجایش ہے، کراچی ایڈمنسٹریٹو یونٹ بن سکتا ہے۔

    وسیم اختر کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال پارٹی کے لیے غدار سے بھی بڑھ کر ہیں، فاروق ستار واپس آنا بھی چاہیں تو ایم کیو ایم میں نہیں آ سکتے۔

    میئر کراچی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی سے پی ٹی آئی کے اتحادی بن کر رہنا زیادہ بہتر ہے، عمران خان نے اسپتال بنایا ہے وہ کرپٹ نہیں ہیں، ہماری دعا ہے اللہ عمران خان کی مدد کرے۔

    یہ بھی پڑھیں:  شہباز شریف کی سربراہی میں وفد کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات، اے پی سی پر مشاورت

    خیال رہے کہ آج حکومت کے خلاف وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اپوزیشن کی سرگرمیاں عروج پر نظر آئیں۔

    پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شہباز شریف نے ایک وفد کے ساتھ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی، جس میں آل پارٹیز کانفرنس کے سلسلے میں مشاورت کی گئی۔

    اپوزیشن نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ حکومت کو غریب دشمن بجٹ پاس کرنے نہیں دیا جائے گا اور حکومت کو مجبور کیا جائے گا کہ وہ عوام دوست بجٹ لے کر آئیں۔

  • صوبے بنانا غداری نہیں، صوبے نہ بنانا غداری ہے، خالد مقبول صدیقی

    صوبے بنانا غداری نہیں، صوبے نہ بنانا غداری ہے، خالد مقبول صدیقی

    کراچی: وفاقی وزیر اور ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ صوبے بنانا غداری نہیں بلکہ صوبے نہ بنانا غداری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے آئی ٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ہمارا موقف ہے آبادی کے لحاظ سے انتظامی یونٹس بڑھنے چاہئیں، موجودہ صوبوں کا کلیم لسانی بنیادوں پر کیا جاتا رہا ہے۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان میں ضرورت کے مطابق نئے صوبے بنائے جائیں، صوبے بنانا غداری نہیں بلکہ صوبے نہ بنانا غداری ہے، پاکستان کے آئین میں صوبے بنانے کا فارمولا لکھا ہے۔

    ایم کیو ایم کے کنوینر نے کہا کہ سندھ کے مفاد کے خلاف کوئی کام نہیں کریں گے، ایک جماعت نے سندھ کو لسانی بنیاد پر تقسیم کردیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ نئے صوبے سے متعلق وزیراعظم کا موقف ان کی جماعت کی رائے ہوسکتی ہے۔

    مزید پڑھیں: نئے بلدیاتی نظام کے بعد سندھ میں کسی تقسیم کی ضرورت نہیں ہوگی: وزیر اعظم

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی سیاسی حکمت عملی سے قطع نظر شہری سندھ کے عوام جنوبی سندھ صوبے کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے، شہری سندھ کے عوام اپنا مفاد بہتر سمجھتے ہیں۔

    فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ دس سال کے دوران دو ہزار ارب روپے کا فنڈ چوری کرکے سندھ کے شہروں کا استحصال کیا گیا، جعلی ڈومیسائل کے ذریعے روزگار چھینا گیا، ہزاروں نوکریوں پر ڈاکا ڈالا گیا۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سندھ میں ایک اور صوبہ بنانے کے خلاف ہے، پی ٹی آئی کے نئے بلدیاتی نظام کے بعد سندھ میں مزید صوبوں کی ضرورت نہیں رہے گی۔

  • عدالت میں دیر سے آنے پر ایم کیو ایم رہنما کنور نوید جمیل پر جرمانہ

    عدالت میں دیر سے آنے پر ایم کیو ایم رہنما کنور نوید جمیل پر جرمانہ

    کراچی: انسداد دہشت گردی عدالت کے جج نے تاخیر سے پیش ہونے پر ایم کیو ایم رہنما کنور نوید جمیل پر 500 روپے جرمانہ عائد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ایم کیو ایم رہنماؤں کے خلاف 22 اگست کو میڈیا ہاؤسز حملہ کیس میں آئندہ سماعت پر مدعی مقدمہ کو طلب کرلیا، عدالت نے ملزمان کے تاخیر سے آنے پر برہمی کا اظہار کیا اور کنور نوید جمیل پر 500 روپے جرمانہ عائد کردیا۔

    مقدمات کی سماعت کے دوران فاروق ستار، عامر خان، شاہد پاشا، قمر منصور ودیگر ملزمان انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے۔

    تفتیشی افسر نے مدعی مقدمہ کو پیش نہ کرنے کی رپورٹ عدالت میں پیش کی اور عدالت کو بتایا کہ مدعی مقدمہ ایس ایچ او عبدالغفار بیمار ہیں آج پیش نہیں ہوسکتے اگلی تاریخ دے دی جائے۔

    مزید پڑھیں: میڈیا ہاؤسز حملہ کیس ، فاروق ستار اور عامر خان سمیت 60 ملزمان پرفردجرم عائد

    عدالت نے آئندہ سماعت پر مدعی مقدمہ کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 22 جون تک ملتوی کردی، واضح رہے کہ آج مدعی مقدمہ ایس ایچ او عبدالغفار کا بیان قلمبند ہونا تھا۔

    دوران سماعت ملزمان کے تاخیر سے آنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا، عدالت نے کنور نوید جمیل پر 500 روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے رقم ڈیم فنڈ میں جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

    عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر تمام ملزمان وقت پر حاضری یقینی بنائیں، عدالت کیس میں بانی ایم کیو ایم سمیت 9 ملزمان کو اشتہاری قرار دے چکی ہے، ملزمان پر تھانہ آرٹلری میدان میں سرکار کی مدعیت میں دو مقدمات درج ہیں۔