Tag: ایم کیو ایم

  • وزیراعلیٰ سندھ کا ایم کیو ایم رہنما اور وفاقی وزیر امین الحق کو ٹیلیفون

    وزیراعلیٰ سندھ کا ایم کیو ایم رہنما اور وفاقی وزیر امین الحق کو ٹیلیفون

    کراچی: شہر قائد کے سیاسی ماحول میں شدید تناؤ کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے ایم کیو ایم قیادت سے رابطہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایم کیو ایم رہنما اور وفاقی وزیر امین الحق کو ٹیلیفون کیا اور وزیراعلیٰ ہاؤس کے روڈ پر ہونے والے واقعےپر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے ٹیلی فونک گفتگو میں کہا کہ سیاسی اختلافات کا حل بات چیت اور سیاسی طریقے سے کیا جائے، اس قسم کے واقعات کسی صورت نہیں ہونےچاہئیں۔

    اس موقع پر دونوں رہنماؤں کی جانب سے لسانیت کے حوالے سے بیانات کی مذمت کی گئی، وفاقی وزیر امین الحق نے ٹنڈوالہ یار واقعے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے احتجاج بھی کیا۔

    بعد ازاں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے متحدہ پاکستان کے زخمی ایم پی اے صداقت حسین کو فون کیا، مراد علی شاہ نے ان طبیعت معلوم کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پولیس کو کل ہی ان کو چھوڑنے کی ہدایات دی تھیں، اس قسم کے واقعات کسی صورت نہیں ہونے چاہئیں۔

    یہ بھی پڑھیں: ایم کیو ایم پاکستان کا واقعے میں ملوث پولیس افسران معطل کرنے کا مطالبہ

    واضح رہے کہ گذشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے بلدیاتی قانون کے خلاف نکالی گئی ریلی نے وزیراعلیٰ ہاؤس جانے کی کوشش کی تو پولیس سے مڈبھیڑ ہوگئی، کارکنان کی جانب سے دھکم پیل اور پولیس کی طرف سے کی گئی شیلنگ کے باعث حالات سخت کشیدہ ہوگئے تھے۔

    پولیس نے اس موقع پر لاٹھی چارج کیا جس کے نتیجے میں ایم پی اے صداقت حسین سمیت کئی کارکنان زخمی بھی ہوئے جبکہ ایم کیو ایم اعلامیہ کے مطابق ان کا اسلم نامی کارکن اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔

    کارکن کی جاں بحق ہونے پر ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے یوم سیاہ منایا جارہا ہے جبکہ متحدہ پاکستان نے وزیراعلیٰ سندھ کے خلاف کارکن کے قتل کا مقدمہ درج کرانے کا اعلان کردیا ہے۔

  • ‘میرے خلاف مقدمہ وہ کرے جسے تکلیف ہوئی، فواد چوہدری کیوں؟’

    ‘میرے خلاف مقدمہ وہ کرے جسے تکلیف ہوئی، فواد چوہدری کیوں؟’

    کراچی: جسٹس ریٹائرڈ وجیہ الدین نے حکومتی اعلان کے بعد رد عمل میں کہا ہے کہ میرے خلاف مقدمہ وہ کرے جسے تکلیف ہوئی ہو، فواد چوہدری کیوں؟

    تفصیلات کے مطابق جسٹس ریٹائرڈ وجیہ آج کراچی میں ایم کیو ایم کی دعوت پر ان کے مرکز آئے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میں نے جو بھی کہا وہ سچ ہے، جسے مقدمہ کرنا ہے کرے، عدالتیں اسی لیے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ جہانگیر ترین اگر تردید نہ کرتے تو کرتے بھی کیا، اس طرح کے اخراجات آؤٹ آف باکس ہوتے ہیں اس لیے آسان تھا تردید کرنا، ویسے بھی جہانگیر ترین کے کون سے برے تعلقات ہیں عمران خان سے۔

    وزیراعظم سے متعلق بیان ، حکومت کا جسٹس (ر) وجیہہ الدین کیخلاف ہتک عزت کا کیس دائر کرنے کا فیصلہ

    وجیہ الدین کا کہنا تھا کہ اگر کرمنل مقدمہ داخل کرنا ہے تو فواد چودھری کیوں کریں گے، جسے تکلیف ہوئی یا مسئلہ ہو تو وہ داخل کرتا ہے، میں نے جو بھی کچھ کہا ہے عمران خان کے حوالے وہ بالکل سچ ہے۔

    انھوں نے کہا جو صاحب مجھ ہر ہتک عزت کا مقدمہ کرنا چاہتا ہے شوق سے کرے، عدالتیں کھلی ہیں، سوال یہ ہے کہ حقوق کی خلاف ورزی عمران خان کی ہوئی ہے یا فواد چوہدری کی، مقدمہ وہ کرے جس کے حقوق کی پامالی ہوئی ہے۔

    بنی گالہ کے گھریلو خرچے کیلئے کبھی ایک پائی نہیں دی، جہانگیر ترین

    واضح رہے کہ جہانگیر ترین کے بنی گالہ کے اخراجات اٹھانے کے حوالے سے وجیہ الدین کے بیان پر حکومت نے ان کے خلاف ہتک عزت اور کریمنل کیس دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، اس حوالے سے فواد چوہدری نے پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیر اعظم کی ذات کو جس طرح نشانہ بنایا گیا، وہ قابل مذمت ہے۔

  • نیا بلدیاتی قانون: ایم کیو ایم کا سندھ حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ

    نیا بلدیاتی قانون: ایم کیو ایم کا سندھ حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ اسمبلی میں بلدیاتی نظام سے متعلق ترمیمی بل 2021 کثرت رائےسے منظور ہونے پر ایم کیو ایم نے شدید ردعمل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق سندھ میں نئےبلدیاتی قانون کی منظوری پر ایم کیو ایم نے سخت احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کئی آپشنز پر غور شروع کردیا ہے، جن میں اسمبلی کی طرف مارچ اور گھیراؤ، بھوک ہڑتال اور شہر شہر احتجاج کےآپشنز زیرغور ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم نے ساری صورتحال پر آج کارکنوں کا جنرل ورکرز اجلاس بھی طلب کرلیا ہے، اجلاس میں کارکنان کے سامنےتمام صورتحال اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ گذشتہ روز سندھ اسمبلی میں بلدیاتی نظام سے متعلق ترمیمی بل 2021 کثرت رائےسے منظور کیا گیا تھا، ایم کیو ایم، پی ٹی آئی اور جی ڈی اے ارکان نے ایوان میں احتجاج، شور شرابا اور کارروائی کا بائیکاٹ کیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: سندھ اسمبلی میں بلدیات ترمیم بل 2021 منظور

    لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل2021 کے مطابق کراچی سمیت سندھ کے بڑے شہروں میں کارپوریشنز اور ٹاونز کا نظام ہو گا، یونین کمیٹیز کےوائس چیئرمینز ٹاؤن میونسپل کونسل کےرکن ہوں گے۔

    ٹاؤن میونسپل کونسل کےارکان میں سےمیئر ڈپٹی میئر کا انتخاب ہوگا، پیدائش و اموات اور انفیکشز ڈیزیز کا شعبہ بلدیاتی اداروں سے واپس لے لیا گیا۔ کم از کم 50 لاکھ کی آبادی پر میٹروپولیٹن کارپوریشن ہوگی اور بلدیاتی نمائندوں کی مدت چار سال ہو گی۔

    سندھ کے نئے بلدیاتی نظام کے تحت کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے زیر انتظام میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج سمیت عباسی شہید اسپتال، سوبھراج اسپتال، لیپروسی سینٹر اور سرفراز رفیقی اسپتال کا انتظام سندھ حکومت سنبھالے گی۔

  • ایم کیوایم نے وزیر اعظم کو مشترکہ اجلاس میں مکمل ساتھ دینے کی یقین دہانی کرا دی

    ایم کیوایم نے وزیر اعظم کو مشترکہ اجلاس میں مکمل ساتھ دینے کی یقین دہانی کرا دی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے ایم کیو ایم وفد نے ملاقات کی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم نے وزیر اعظم کو مشترکہ اجلاس میں مکمل ساتھ دینے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملاقات میں ایم کیو ایم نے وزیر اعظم سے اپنے مطالبات پر بھی بات کی، حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کو ترقیاتی منصوبوں کے مطالبات کی جلد حل کی یقینی دہانی کرائی گئی۔

    وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی ملاقات کی، جس میں موجودہ سیاسی صورت حال کا جائزہ لیا گیا، اور مشترکہ پارلیمنٹ اجلاس کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار نے پنجاب میں جاری منصوبوں پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی، وزیر اعلیٰ پنجاب آج ارکان کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے۔

    ادھر پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے قبل حکومت نے ایک اور کامیابی حاصل کر لی ہے، بلوچستان عوامی پارٹی اپنے ناراض سینیٹر کہدہ بابر کو منانے میں کامیاب ہو گئی ہے۔

    بی اے پی سیکریٹری جنرل منظور کاکڑ نے ناراض سینیٹر کہدہ بابر سے ملاقات کی، ذرائع کا کہنا ہے کہ منظور کاکڑ نے کہدہ بابر کو دوبارہ پارٹی میں فعال ہونے کی درخواست کی، منظور کاکڑ نے پارٹی صدر ظہور بلیدی کا پیغام بھی پہنچایا، یاد رہے کہ اس سے قبل عبدالقدوس بزنجو بھی کہدہ بابر کو دراخوست کر چکے ہیں۔

  • قومی سلامتی کمیٹی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس،  ایم کیو ایم  کا دفاتر کھولنے اور  کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ

    قومی سلامتی کمیٹی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس، ایم کیو ایم کا دفاتر کھولنے اور کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ

    اسلام آباد : قومی سلامتی کمیٹی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں ایم کیو ایم نے دفاتر کھولنے اور کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کردیا اور کہا ٹی ایل پی بحال ہو سکتی ہے تو ہمارا کیا قصور ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس جاری ہے ،اجلاس میں آرمی چیف اورڈی جی آئی ایس آئی سمیت عسکری حکام شریک ہیں۔

    اپوزیشن لیڈر، بلاول بھٹو ، وفاقی وزرا اور پارلیمانی لیڈر سمیت وزرائےاعلیٰ بھی اجلاس میں موجود ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ٹی ایل پی سے معاہدے ،ٹی ٹی پی سے مذاکرات کا معاملہ زیر بحث آیا۔

    قومی سلامتی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں ایم کیوایم نے دفاتر کھولنے کا مطالبہ کردیا ، وفاقی وزیر خالدمقبول صدیقی نے کارکنوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا ٹی ایل پی بحال ہو سکتی ہے تو ہمارا کیا قصور ہے، دفترکھولنےکا مطالبہ کرتے رہے مگر اجازت نہیں دی گئی، پولیس والوں کو شہید کرنا بڑی دہشت گردی ہے تالیاں بجانا نہیں۔

    اجلاس کے دوران خالد مقبول صدیقی سے سوال کیا گیا کہ آج وزیراعظم کیوں نہیں آئے ، جس پر خالد مقبول صدیقی نے جواب دیا کہ یہ تو وزیر اعظم سے ہی پوچھنا پڑے گا۔

    اس حوالے سے ایم کیو ایم رہنما وسیم اختر نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں سمجھتاہوں ٹی ایل پی کامعاملہ بڑی خوش اسلوبی سے ختم ہوا، باجوہ صاحب نے بڑی حکمت سے اس معاملے کو حل کرایا۔

    وسیم اختر کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کےکارکنان 5سال سے مقدمات بھگت رہےہیں، ایم کیوایم سیاسی جماعت ہے اور ہمارے دفاتربند ہیں، ایم کیوایم بطور اتحادی پی ٹی آئی کو تین سال سے سہارادیاہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ایم کیوایم کےمعاملے پر بھی وزیراعظم سمری کابینہ لیکر جائیں، ہزاروں کی تعدادمیں کارکنوں پر تالی بجانے کے جھوٹے مقدمات ہیں، ٹی ایل پی سےمتعلق مقدمات واپس ہوسکتےہیں توایم کیوایم کا کیاقصور۔

    ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم قومی دھارے میں اپنا کردار اداکرناچاہتی ہے ،ایم کیوایم اپنے لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئےجدوجہد کررہی ہے، ایم کیوایم پاکستان کے دفاتربند ہونےسے احساس محرومی ہے،ہمارا کا کیس صاف ہے ، بطوراتحادی ایم کیوایم نے ہر اچھے برے میں پی ٹی آئی کا ساتھ دیا۔

  • مردم شماری کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا: وزیر اعظم

    مردم شماری کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے متحدہ قومی موومنٹ کے وفد کی ملاقات ہوئی، وفد نے سندھ میں پبلک ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے وفاقی حکومت کے منصوبوں پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے متحدہ قومی موومنٹ کے وفد کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں امین الحق، خالد مقبول صدیقی، فیصل سبزواری اور اسد عمر شریک تھے۔

    ملاقات میں مردم شماری اور سندھ میں وفاقی ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو ہوئی۔

    وفد کا کہنا تھا کہ حکومت اور اتحادی جماعتیں مل کر سندھ اور کراچی کی ترقی کے لیے کردار ادا کر رہی ہیں۔ وفد نے پبلک ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے وفاقی حکومت کے منصوبوں پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

    اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مردم شماری کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ موجودہ دورحکومت میں ادارے آزاد ہیں، الیکٹرانک ووٹنگ مشین انتخابی عمل میں شفافیت لے کر آئے گی۔ ای وی ایم کے انتخابی عمل پر مثبت اثرات سے آگاہی دینے کی ضرورت ہے۔

  • متحدہ پاکستان کا این اے 249 کے ضمنی الیکشن سے متعلق اہم مطالبہ

    متحدہ پاکستان کا این اے 249 کے ضمنی الیکشن سے متعلق اہم مطالبہ

    کراچی: متحدہ پاکستان نے این اے 249 پر ہونے والے ضمنی الیکشن کو ملتوی کرنے کی درخواست دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل واوڈا کی جانب سے قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفی دینے کے بعد این اے 249 کی سیٹ خالی ہوئی تھی، الیکشن کمیشن نے حلقے میں پولنگ کے لئے 29 اپریل تاریخ مقرر کردی ہے۔

    این اے 249 کے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے والی متحدہ پاکستان نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر حلقے میں ضمنی الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست دے دی ہے، متحدہ پاکستان کی جانب سے دو علیحدہ درخواستیں دی گئیں ہیں۔

    پہلی درخواست ایم کیوایم امیدوار حافظ مرسلین نے ریٹرننگ آفیسر کو دی جبکہ دوسری درخواست ایم کیوایم کے ڈپٹی کنوینر کنور نوید نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کو ارسال کیں، دونوں درخواستوں میں یکساں موقف اختیار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کرونا ایس اوپیز کے ساتھ گھر گھر انتخابی مہم چلانا مشکل ہے، ضمنی الیکشن کی انتخاب میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ممکن نہیں ہے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے دائر درخواستوں میں موقف اپنایاگیا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں کرونا تیسری لہر میں مثبت کیسز کی شرح 12فیصد تک ہے جبکہ حلقے میں این سی او سی کی کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی بھی سامنےآرہی ہے۔

    درخواستوں میں استدعا کی گئی ہے کہ این اے 249 پر ضمنی الیکشن کرونا صورتحال کی بہتر تک ملتوی کئے جائیں اور الیکشن کمیشن جلد اس تناظر میں ایکشن لیتےہوئےفیصلہ کرے۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی، حلقہ این اے 249 میں‌ ووٹرز کی تعداد کتنی ہے؟ اعداد و شمار سامنے آگئے

    گذشتہ روز رکن سندھ اسمبلی و تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کی جانب سے بھی الیکشن کمیشن کو کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کا ضمنی الیکشن جمعرات کے بجائے اتوار کو کروانے کیلئے درخواست جمع کرائی گئی تھی۔

    خرم شیر زمان نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن میں جمعرات کے بجائے اتوار کو الیکشن کروانے کی درخواست جمع کروائی ہے، تاکہ زیادہ تعداد میں لوگ ووٹ ڈال سکیں۔

  • این اے 249 ضمنی انتخاب: پی ٹی آئی، ایم کیو ایم کی الیکشن کمیشن سے تاریخ تبدیل کرنے کی درخواست

    این اے 249 ضمنی انتخاب: پی ٹی آئی، ایم کیو ایم کی الیکشن کمیشن سے تاریخ تبدیل کرنے کی درخواست

    کراچی: شہر قائد کے انتخابی حلقے این اے 249 میں ضمنی انتخاب کے لیے پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم نے الیکشن کمیشن سے تاریخ تبدیل کرنے کی درخواست کر دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ریجنل الیکشن کمشنر سید ندیم حیدر نے صوبائی الیکشن کمیشن کو ایک خط میں لکھا ہے کہ تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی کی جانب سے ہمیں درخواست موصول ہوئی ہے، جس میں خرم شیر زمان نے این اے 249 میں ضمنی انتخاب کی تاریخ تبدیل کرنے کی درخواست کی ہے۔

    اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر نے الیکشن کمیشن سے رائے مانگ لی ہے، واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے این اے 249 ضمنی انتخاب کے لیے 29 اپریل کو پولنگ کا اعلان کیا ہوا ہے۔

    دوسری طرف ایم کیو ایم پاکستان نے بھی سیکریٹری الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر درخواست کی ہے کہ این اے 249 کراچی کی نشست پر ہونے والے ضمنی الیکشن کی تاریخ کو تبدیل کیا جائے۔

    ایم کیو ایم نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی ہے کہ حلقہ 249 کے ضمنی انتخاب کی تاریخ آگے بڑھائی جائے، قمر نوید جمیل کا کہنا تھا کہ جس دن الیکشن ہوگا اس دن 15 یا 16 واں روزہ ہوگا۔

    ڈپٹی کنوینئر قمر نوید جمیل نے خط میں الیکشن کمیشن سے درخواست کی ہے کہ ضمی انتخاب عید الفطر کے بعد رکھا جائے، رمضان کے مہینے میں مہم چلانا مشکل ہو جائے گا۔

    این اے 249: تحریک انصاف کے امیدوار انٹرویو کیلئے طلب

    ادھر بلدیہ ٹاؤن ضمنی انتخاب کے سلسلے میں بلدیہ سے رکن سندھ اسمبلی ملک شہزاد اعوان نے وزیر اعظم کو خط لکھ کر علاقے کی سیاسی صورت حال سے آگاہ کیا ہے۔

    انھوں نے خط میں لکھا کہ NA – 249 کا نمائندہ اگر بلدیہ ٹاؤن کا نہ ہوا اور پاکستان تحریک انصاف یہ نشست ہار گئی تو اس کا ذمہ دار پارلیمانی بورڈ ہوگا، کیوں کہ علاقائی مسائل اور علاقائی سیاست کو علاقائی رہنما ہی سمجھ سکتا ہے۔

    ملک شہزاد اعوان نے خط میں لکھا کہ بلدیہ ٹاؤن (NA – 249) کے تمام ورکرز اس مطالبے پر متفق ہیں کہ امیدوار علاقائی ہی ہو، بلدیہ ٹاؤن کی سیٹ ہمارے لیے بہت بڑا چیلنج ہے، ہمیں یہ سیٹ ہر حال میں جیتنی ہے۔

  • ایم کیو ایم نے عوامی طاقت کے مظاہرے کا فیصلہ کر لیا

    ایم کیو ایم نے عوامی طاقت کے مظاہرے کا فیصلہ کر لیا

    کراچی: ایم کیو ایم نے عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کر لیا، 18 مارچ کو نشتر پارک میں جلسہ کیا جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایم کیو ایم کے 37 ویں یوم تاسیس کے موقع پر ایم کیو ایم نے نشتر پارک میں پنڈال لگانے کا اعلان کر دیا ہے، ایم کیو ایم 18 مارچ کو کراچی میں جلسہ کرے گی۔

    اس سلسلے میں آج ایم کیو ایم کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت ذے داران کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں جلسے کے سلسلے میں کمیٹیاں تشکیل دی گئیں اور انتظامات کے حوالے سے ذمے داران کو ٹاسک سونپا گیا۔

    خالد مقبول صدیقی نے اجلاس سے خطاب میں کہا ایم کیو ایم پاکستان کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے کے لیے ہمیں اپنی پوری توانائیاں صرف کرنی ہیں، ہمیں اپنے اتحاد اور نظم و ضبط سے جلسہ عام کو کامیاب بنانا ہے۔

    انھوں نے ہدایت کی کہ کارکنان بھر پور طریقے سے عوام کو متحرک کرنے کی حکمت عملی ترتیب دیں۔

    اجلاس سے خطاب میں ڈپٹی کنوینئر وسیم اختر نے کہا ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد کو برقرار رکھنا ہوگا، اور سازشی عناصر پر نظر رکھنی ہوگی، یونین کونسل کی سطح پر اپنے آپ کو منظم کرنا ہوگا۔

    وسیم اختر کا کہنا تھا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ نیا خون تحریک میں شامل کیا جائے، تمام کارکنان کی ذمہ داری ہے کہ نوجوان طبقے بالخصوص طلبہ و طالبات تک ایم کیو ایم پاکستان کا پیغام پہنچائیں۔

  • کیا فروغ نسیم ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے امیدوار ہیں؟

    کیا فروغ نسیم ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے امیدوار ہیں؟

    اسلام آباد: ذرائع نے وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم سے متعلق اس خبر کی تردید کر دی ہے کہ وہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے امیدوار ہوں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع نے کہا ہے کہ فروغ نسیم کے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ امیدوار بننے سے متعلق خبر درست نہیں، نہ ہی وزیر قانون فروغ نسیم ڈپٹی چیئرمین سینیٹ بننے کی خواہش رکھتے ہیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ ایم کیو ایم نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے، دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان بھی وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

    ادھر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ایم کیو ایم رہنماؤں سے اہم رابطے کیے ہیں، چیئرمین سینیٹ نے ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی، جس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال، امین الحق، خالد مگسی، منظور کاکڑ اور کہدہ بابر بھی شریک تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ملکی مجموعی سیاسی صورت حال اور چیئرمین سینیٹ کے انتخابات پر تبادلہ خیال کیا گیا، چیئرمین سینیٹ نے ملاقات میں حمایت بھی مانگی۔

    قبل ازیں، چیئرمین سینیٹ اور امیدوار حکومتی اتحاد صادق سنجرانی نے وفاقی وزیر امین الحق کو فون کر کے ایم کیو ایم قیادت سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

    دوسری طرف چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لیے سیاسی رابطوں میں تیزی آ چکی ہے، اور اپوزیشن جماعتوں نے بھی اتحادیوں سے رابطہ شروع کر دیا ہے۔

    پی ڈی ایم کے چیئرمین سینیٹ کے امیدوار یوسف رضا گیلانی نے ایم کیو ایم سے حمایت اور ووٹ کے لیے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے رابطہ کیا اور ان سے ملاقات کی درخواست کی۔